کہانتی کُنجیوں کی نعمت سے شادمان ہوں
کہانتی کُنجیاں اِس بات کی نگہبانی کرتی ہیں کہ کیسے خُدا کی کہانت کو خُداوند کے اِرادوں کو پُورا کرنے کے لِیے اِستعمال کِیا جائے اور اُن تمام لوگوں کو برکت دی جائے جو بحال شُدہ اِنجِیل کو قبُول کرتے ہیں۔
عزیز بھائیو اور بہنو، آج صدر ڈیلن ایچ اوکس اور میرے لِیے تارِیخی دِن ہے۔ 40 برس پہلے، 7 اپریل، 1984 کا دِن تھا، جب ہم نے بارہ رَسُولوں کی جماعت میں بُلاہٹ پائی تھی۔ ہم نے تب سے لے کر ہر ایک مجلِسِ عامہ میں شادمانی پائی ہے، جِس میں یہ مجلِس بھی شامِل ہے۔ ہمیں ایک بار پھر رُوح کی پاکیزگی سے نوازا گیا ہے۔ مُجھے اُمِّید ہے کہ آپ آنے والے مہینوں میں اِس مجلِس کے پیغامات کا بار بار مُطالعہ کریں گے۔
جب مَیں پیدا ہُوا تھا، اُس وقت چھے ہَیکلیں مصرُوفِ عمل تھیں—سینٹ جارج، لوگن، مانٹئی، اور سالٹ لیک سٹی، یُوٹاہ میں ایک ایک؛ اِس کے ساتھ ساتھ کارڈسن، البرٹا، کینیڈا، اور لائیی، ہَوائی میں ایک ایک تھی۔ اِس سے پہلے کی دو ہَیکلوں نے کرٹ لینڈ، اوہائیو، اور ناوؤہ، ایلانوئے میں تھوڑے عرصہ کے لیے فرائض ادا کِیے تھے۔ جب کلِیسیا نے مغرب کی طرف ہجرت کی، تو مُقدّسِین دو ہَیکلیں پِیچھے چھوڑنے پر مجبُور ہو گئے تھے۔
ناوؤہ کی ہَیکل کو نذرِ آتش کر دِیا گیا تھا۔ اِس کی تعمیرِ نو کی گئی اور پِھر صدر گورڈن بی ہِنکلی نے اِس کی تخصِیص کی تھی۔ کلِیسیا کے دُشمنوں نے کرٹ لینڈ ہَیکل کی بےحُرمتی کی تھی۔ بعد میں کرٹ لینڈ ہَیکل کمیونٹی آف کرائسٹ کے حِصّہ میں آئی، جو کئی برسوں سے اِسی کی ملکیت رہی ہے۔
پِچھلے مہینے ہم نے اِعلان کِیا کہ کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخِری ایّام نے کرٹ لینڈ ہَیکل کے ساتھ ساتھ ناوؤہ کے کئی اہم تارِیخی مقامات کو خرید لِیا ہے۔ ہم کمیونٹی آف کرائسٹ کے راہ نُماؤں کے ساتھ ہونے والی خُوش گوار اور باہمی طور پر فائدہ مند بات چِیت کے لِیے احسان مند ہیں جِن کی وجہ سے یہ مُعاہدہ طے پایا۔
یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی بحالی میں کرٹ لینڈ ہَیکل غیر معمُولی قدر کی حامِل ہے۔ وہاں رُونما ہونے والے کئی واقعات کی ہزار برس سے پیشین گوئی کی جاتی رہی تھی اور یہ خُداوند کی بحال شُدہ کلِیسیا کے لیے اُس کے آخِری ایّام کے مقصد کو پُورا کرنے کے لِیے ضرُوری تھے۔
اِن واقعات میں سے سب سے زیادہ اہم واقعہ اِیسٹر کے اِتوار، 3 اپریل، 1836 کو پیش آیا۔ اُس دِن، جوزف سمِتھ اور اولیور کاؤڈری نے قابلِ ذِکر زیارتوں کے سِلسلوں کا تجربہ پایا۔ سب سے پہلے، خُداوند یِسُوع مسِیح ظاہر ہُوا۔ نبی نے لِکھا ہے کہ نجات دہندہ کی ”آنکھیں آگ کے شُعلے کی سی تھیں؛ اور اُس کے سر کے بال خالِص برف کی مانِند سفید تھے؛ اُس کی صُورت سُورج کی چمک سے زیادہ مُنوّر تھی؛ اور اُس کی آواز بہتے ہُوئے بڑے پانیوں کی آواز کی سی تھی۔“
اِس زیارت کے دوران میں، خُداوند نے اپنی پہچان کا اِقرار کِیا۔ اُس نے فرمایا، ”مَیں اَوّل اور آخِر ہُوں؛ مَیں وہ ہُوں جو زِندہ ہے، مَیں وہ ہُوں جو مارا گیا تھا؛ مَیں باپ کے ساتھ تُمھارا وکیل ہُوں۔“
یِسُوع مسِیح نے پِھر فرمایا کہ اُس نے اِس ہَیکل کو اپنے گھر کے طور پر قبُول کِیا ہے، اور یہ حیرت انگیز وعدہ کِیا: ”مَیں رحم کے ساتھ خُود کو اپنے لوگوں پر اِس گھر میں ظاہر کرُوں گا۔“
آج اِس افضل وعدہ کا اِطلاق ہر تخصِیص شُدہ ہَیکل پر ہوتا ہے۔ مَیں آپ کو غَور کرنے کی دعوت دیتا ہُوں کہ خُداوند کا وعدہ آپ کے لیے ذاتی طور پر کیا معنی رکھتا ہے۔
نجات دہندہ کی زیارت کے بعد، مُوسیٰ ظاہر ہُوا۔ مُوسیٰ نے جوزف سمِتھ کو اِسرائیل کو جمع کرنے اور دس قبیلوں کو واپس لانے کی کُنجیاں عطا کیں۔
جب یہ رویا تمام ہُوئی تو، ”اِلیاس ظاہر ہُوا، اور اَبرہام کی اِنجِیل کا زمانہ“ جوزف کے سپُرد کِیا۔
پِھر ایلیّاہ نبی ظاہر ہُوا۔ اُس کے ظہُور نے ملاکی کے اِس وعدہ کو پُورا کِیا کہ دُوسری آمد سے پہلے، خُداوند ایلیّاہ کو بھیجے گا کہ ”والدوں کے دِل بچّوں کی طرف، اور بچّوں کے والِدوں کی طرف پھیرے۔“ ایلیّاہ نے پِھر مُہر بندی کی قُدرت کی کُنجیاں جوزف کو عطا کی تھیں۔
خُداوند کی ہدایت پر تین آسمانی پیام بروں کے وسِیلے سے زمِین پر اِن کنجیوں کے نزُول کی اہمیت کو مُناسب طور پر بیان نہیں کِیا جا سکتا۔ کہانتی کُنجیاں صدارت کو اِختیار اور اِقتدار سونپتی ہیں۔ کہانتی کُنجیاں اِس بات پر حُکمرانی کرتی ہیں کہ خُدا کی کہانت کو کس طرح خُداوند کے اِرادوں کو پُورا کرنے کے لِیے اِستعمال کِیا جا سکتا ہے اور اُن تمام لوگوں کو برکت دی جاتی ہے جو یِسُوع مسِیح کی بحال شُدہ اِنجِیل کو قبُول کرتے ہیں۔
اِس بات پر غَور کرنا ضرُوری ہے کہ کلِیسیا کی تنظیم سے پہلے، آسمانی پیام بر نبی جوزف کو ہارُونی اور ملکِ صِدق کی کہانتیں عطا کر چُکے تھے اور اُس کو دونوں کہانتوں کی کُنجیاں دی گئی تھیں۔ اِن کُنجیوں نے جوزف سمِتھ کو 1830 میں کلِیسیا کو مُنظم کرنے کا اِختیار بخشا۔
پھر 1836 میں کرٹ لینڈ ہَیکل میں، اِن تین مزید کہانتی کُنجیوں کو عطا کِیا گیا—یعنی، اِسرائیل کو اِکٹھا کرنے کی کُنجیاں، اَبرہام کی اِنجِیل کی کُنجیاں، اور مُہر بندی کے اِختیار کی کُنجیاں—جو اِنتہائی اہم تھیں۔ اِن کُنجیوں نے جوزف سمِتھ—اور خُداوند کی کلِیسیا کے بعد میں آنے والے تمام صدُور—کو اِسرائیل کو پردے کے دونوں طرف اِکٹھا کرنے، عہد کے سب فرزندوں کو اَبرہام کی برکتوں سے نوازنے، کہانتی رُسُوم اور عہُود پر مُہر لگانے کی تصدِیق، اور خاندانوں کو اَبَدی طور پر مُہر بند کرنے کا اِختیار دِیا۔ کہانت کی اِن کُنجیوں کی قُدرت لامحدُود اور پُرجلال ہے۔
غَور کریں کہ آپ کی زِندگی کیسے مُختلف ہوتی اگر دُنیا میں کہانت کی کُنجیاں بحال نہ کی جاتیں۔ کہانت کی کُنجیوں کے بغیر، خُدا کی قُدرت کے ساتھ آپ کو ودیعت عطا نہیں ہو سکتی تھی۔ کہانت کی کُنجیوں کے بغیر، کلِیسیا صِرف شان دار درس و تدریس اور اِنسانی فلاح و بہبُود کی تنظیم کے طور پر کام کر سکتی تھی لیکن اِس سے زیادہ نہیں۔ کہانت کی کُنجیوں کے بغیر، ہم میں سے کسی کو بھی نہایت ضرُوری رُسُوم اور عہُود تک رسائی حاصل نہ ہو پاتی جو ہمیں اپنے پیاروں سے ہمیشہ کے لیے باندھ دیتے ہیں اور بالآخِر ہم خُدا کے ساتھ قیام کرنے کے لائق ہوتے ہیں۔
کہانتی کُنجیاں کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخِری ایّام کو دُنیا کی کسی بھی اور تنظیم سے مُمتاز کرتی ہیں۔ بُہت سی دُوسری تنظیمیں اِس فانی جہان میں آپ کی زِندگی کو بہتر بنا سکتی ہیں اور بناتی ہیں۔ اَلبتہ کوئی اور تنظیم موت کے بعد آپ کی زِندگی پر اثر انداز نہیں ہو سکتی اور نہ ہو گی۔
کہانت کی کُنجیاں ہمیں عہد کی پاس داری کرنے والے ہر مرد اور عورت کو اَبرہام سے وعدہ کی گئی ساری برکتوں کو عطا کرنے کا اِختیار دیتی ہیں۔ فریضہِ ہَیکل اِن لازوال برکتوں کو خُدا کی ساری اُمّتوں کے لِیے مُہیا کرتا ہے، اِس سے قطعِ نظر کہ وہ کہاں اور کب رہتے تھے، یا اب حیات ہیں۔ آئیے ہم خُوشی منائیں کہ کہانت کی کُنجیاں ایک بار پھر زمِین پر ہیں!
مَیں آپ کو درج ذیل تین باتوں پر غَور کرنے کی دعوت دیتا ہُوں:
-
اِسرائیل کو اِکٹھا کرنا اِس بات کا ثبوت ہے کہ ہر جگہ خُدا اپنی ساری اُمّتوں سے محبّت کرتا ہے۔
-
اَبرہام کی اِنجِیل اِس بات کا مزید ثبُوت ہے کہ ہر جگہ خُدا اپنی ساری اُمّتوں سے محبّت کرتا ہے۔ وہ سب کو اپنے پاس آنے کی دعوت دیتا ہے—”کالا ہے یا گورا، غُلام ہے یا آزاد، مرد ہے یا عورت؛ … خُدا کی نظر میں سب ایک جیسے ہیں۔“
-
مُہر بندی کی قُدرت اِس بات کا اعلیٰ و افضل ثبُوت ہے کہ خُدا اپنی ساری اُمّتوں سے کتنا پیار کرتا ہے اور چاہتا ہے کہ اُن میں سے ہر ایک اُس کے پاس گھر واپس آنے کا فیصلہ کرے۔
نبی جوزف سمتھ کے ذریعے سے بحال کی گئی کہانت کی کُنجیاں عہد کی پاس داری کرنے والے ہر مرد اور عورت کے لیے ناقابلِ یقِین ذاتی رُوحانی رحمتوں سے شادمان ہونا مُمکن بناتی ہیں۔ ایک بار پھر، کرٹ لینڈ ہَیکل کی مُقدّس تارِیخ سے ہم بُہت کُچھ سِیکھ سکتے ہیں۔
کرٹ لینڈ ہَیکل تخصِیص و تقدِیس کے لِیے جوزف سمتھ کی دُعا اِس کے مُتعلق ایک سبق ہے کہ کس طرح ہَیکل آپ کو اور مُجھے اِن آخِری ایّام میں زِندگی کے مُصائب و مسائل کا مُقابلہ کرنے کے لیے رُوحانی طور پر تقویت دیتی ہے۔ مَیں آپ کو اِس دُعا کا مُطالعہ کرنے کی ترغیب دیتا ہُوں جو عقائد اور عہُود فصل ۱۰۹ میں درج ہے۔ یہ تخصِیصی دُعا، جو مُکاشفہ کے وسِیلہ سے نازِل ہُوئی تھی، سِکھاتی ہے کہ ہَیکل ”دُعا کا گھر، روزے کا گھر، اِیمان کا گھر، عِلم کا گھر، جلال کا گھر، نظم و نسق کا گھر، خُدا کا گھر ہے۔“
صفات کی یہ فہرست ہَیکل کی تعریف سے کہیں زیادہ ہے۔ یہ اُس وعدہ کی بابت ہے کہ اُن لوگوں کا مُقدر کِیسا ہوگا جو خُداوند کے گھر میں خِدمت اور پرستِش کرتے ہیں۔ وہ دُعاؤں کا جواب، ذاتی مُکاشفہ، زیادہ اِیمان، تقوِیّت، اِطمِینان، مزید عِلم، اور مزید ہمت پانے کی اُمِّید رکھ سکتے ہیں۔
ہَیکل میں گُزارا ہُوا وقت آپ کو سوچ آسمانی رکھنے میں مدد دے گا اور تصوّر پانے میں مدد کرے گا کہ آپ واقعی کون ہیں، آپ کون بن سکتے ہیں، اور آپ ہمیشہ کے لیے کس قِسم کی زِندگی گُزار سکتے ہیں۔ ہَیکل کی باقاعدہ عِبادت خُود کو دیکھنے کے طریقہ میں وُسعت پیدا کرتی ہے اور خُدا کے عظِیم اُلشان منصُوبہ کے آپ کیسے لائق ہوتے ہیں۔ مَیں آپ سے وعدہ کرتا ہُوں۔
ہم سے یہ بھی وعدہ کِیا گیا ہے کہ ہَیکل میں ہم ”رُوحُ القُدس کی معمُوری پاتے ہیں۔“ تصُّور کیجیے کہ اِس وعدے کا کیا مطلب ہے اِن تناظُر میں کہ اَبَدی سچّائی کے ہر ایک مُخلص مُتلاشی کے لیے آسمان کھلا ہے۔
ہمیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سب لوگ جو ہَیکل میں عِبادت کرتے ہیں وہ خُدا کی قُدرت پائیں گے اور فرِشتوں ”کی نگہبانی اُن پر ہوتی ہے۔“ یہ جان کر آپ کے اعتماد میں کس قدر اِضافہ ہوتا ہے کہ خُدا کی قُدرت کی ودیعت سے ملبُوس عورت یا مرد کی حیثیت سے، آپ کو تنہا زِندگی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا؟ یہ جان کر آپ کو کیا ہمت مِلتی ہے کہ فرِشتے واقعی آپ کی مدد کریں گے؟
آخِر میں، ہم سے وعدہ کِیا گیا ہے کہ ”بدکاری کی کوئی بھی سازِش“ اُن لوگوں پر غالب نہ آئے گی جو خُداوند کے گھر میں عِبادت گُزرانتے ہیں۔
اُن رُوحانی نعمتوں کا فہم پانا جو ہَیکل میں مُمکن ہُوئیں آج ہم میں سے ہر ایک کے لیے بُہت ضرُوری ہے۔
میرے عزیز بھائیو اور بہنو، میرا وعدہ یہ ہے۔ اپنے حالات کے مُطابق ہَیکل میں عِبادت گُزراننے کے علاوہ اِس سے بڑھ کر کوئی اور شَے مدد نہیں کرے گی سِوا اِس کے کہ لوہے کی سَلاخ کو تھامیں۔ اِس سے بڑھ کر کوئی اور شَے آپ کی حِفاظت نہیں کرے گی جب آپ کو دُنیا کی تارِیک کُہر کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یِسُوع مسِیح اور اُس کے کفّارہ کے لِیے آپ کی گواہی کو کوئی اور شَے اِس سے بڑھ کر تقوِیّت نہیں دے گی یا خُدا کے عظِیم اُلشان منصُوبہ کو سمجھنے میں اِس سے زیادہ مدد نہیں دے گی۔ دُکھوں کے موسموں کے دوران میں اِس سے بڑھ کر کوئی اور شَے آپ کی رُوح کو تسلّی نہیں دے گی۔ اِس سے بڑھ کر کوئی اور شَے اَفلاک کو نہیں کھولے گی۔ کوئی شَے نہیں!
ہَیکل وہ دروازہ ہے جو خُدا کی افضل ترین نعمتوں کی طرف لے کر جاتا ہے جو اُس نے ہم میں سے ہر ایک کے واسطے رکھی ہیں، چُوں کہ ہَیکل دُنیا میں اَیسا واحد مقام ہے جہاں ہمیں وہ ساری برکتیں ملتی ہیں جِن کا اَبرہام سے وعدہ کِیا گیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ، کلِیسیا کے اَرکان کے لیے ہَیکل کی برکتوں کو اور زیادہ قابلِ رسائی بنانے کے لِیے، خُداوند کی ہدایت کے مُطابق، ہم وہ سب کُچھ کر رہے ہیں جو ہمارے بس میں ہے۔ اِس طرح، ہمیں یہ اِعلان کرتے ہُوئے خُوشی ہو رہی ہے کہ ہم نئی ہَیکلیں اِن حسبِ ذیل 15 علاقوں میں بنانے کا اِرادہ رکھتے ہیں:
-
اُوٹوروا، فرینچ پولی نیشیا
-
چی ہُواہُوا، میکسیکو
-
فلوریانپولس، برازیل
-
روزاریو، ارجنٹائن
-
ایڈن برگ، سکاٹ لینڈ
-
برسبین، آسٹریلیا کا جنوبی علاقہ
-
وِکٹوریا، برٹش کولمبیا
-
یُوما، ایری زونا
-
ہیوسٹن، ٹیکساس کا جنوبی علاقہ
-
ڈیس موئنز، آئیووا
-
سِنسِناٹی، اوہائیو
-
ہونولولو، ہَوائی
-
مغربی جورڈن، یُوٹاہ
-
لِحی، یُوٹاہ
-
ماراکائیبو، وینزویلا
بھائیو اور بہنو، مَیں گواہی دیتا ہُوں، کہ یہ کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدسینِ آخِری ایّام ہے۔ وہ اِس کا سرچشمہ ہے۔ ہم اُس کے شاگِرد ہیں۔
آئیے کہانتی کُنجیوں کی بحالی سے شادمان ہوں جِنھوں نے آپ کے اور میرے لِیے یہ مُمکن بنایا ہے کہ ہر اُس رُوحانی نعمت کو پا کر خُوش ہوں جِس کو پانے لِیے ہم تیار اور لائق ہوتے ہیں۔ پَس مَیں یہ گواہی یِسُوع مسِیح کے مُقدّس نام پر دیتا ہُوں، آمین۔