مجلسِ عامہ
ایّام جو کبھی بھی بُھلائے نہیں جا سکتے
اکتوبر 2024 کی مجلسِ عامہ


14:19

ایّام جو کبھی بھی بُھلائے نہیں جا سکتے

آنے والے لمحات کلِیسیائی ارکان کو ہر جگہ یِسُوع مسِیح کی انجیل کی خُوشی کی بشارت بانٹنے کے بڑھتے ہوئے مواقع فراہم کریں گے۔

تعارف

میرے پیارے بھائیو اور بہنو، اِس زمانے میں کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسینِ آخِری ایّام کی تارِیخ تجرباتِ اِلٰہی سے روشن ہے جو ظاہر کرتی ہے کہ کیسے خُداوند نے اپنی کلِیسیا کی ہدایت و راہ نُمائی فرمائی ہے۔ ہماری تاریخ میں ایک دہائی ہے، بہرحال، جو سب سے زیادہ افضل ہے—وہ دہائی 1820 سے 1830 کی دہائی ہے۔ جو 1820 کے موسم بہار میں مُقدّس جھُنڈ میں نبی جوزف سمتھ کے تجربے سے شُروع ہُوئی، جب اُس نے خُدا باپ اور اُس کے بیٹے، یِسُوع مسِیح کو دیکھا، اور 6 اپریل 1830 تک جاری رہی، اِس دہائی کی کوئی ثانی نہیں ہے۔

مرونی سونے کے اَوراق سونپ رہا ہے۔
ملکِ صدق کہانت کی بحالی۔
اولیور کاؤڈری۔

اِن شان دار واقعات پر غَور کریں! نوعُمر نبی نے مرونی فرِشتہ سے کلام کِیا، سونے کے اَوراق کا ترجمہ کِیا، اور مورمن کی کِتاب کو شائع کِیا! وہ اَیسا وسِیلہ تھا جِس کے ذریعے سے ہارُونی اور ملکِ صِدق کہانتوں کو بحال کِیا گیا، اور پھر اُس نے کلِیسیا کو مُنظم کِیا! اولیور کاؤڈری نے اُس دَور کو خُوب بیان کِیا: ”یہ اَیسے ایّام تھے جِن کو کبھی بُھلایا نہیں جاسکتا۔“ آج کے دِن تک اَیسے حیرت انگیز واقعات جاری و ساری ہیں۔

کیا میں اتنی جرات مندی سے یہ تجویز کر سکتا ہوں کہ اِس سال ہم نے ایک ایسی دہائی شروع کی ہے جو اتنی ہی اہم ثابت ہو سکتی ہے جتنی کہ تقریباً دو صدیاں قبل وہ اِس دور کی بے مثال ابتدائی دہائی تھی۔

ہماری دہائی

مُجھے وضاحت کرنے دیں۔ اب 2024، اور 2034 کے دوران میں، ہم اَیسے اہم واقعات و مُعاملات کا تجربہ کریں گے جِن کے نتیجے میں خدمت کرنے، اَرکان اور دوستوں کے ساتھ مُتحد ہونے، اور کلِیسیائے یِسُوع مسِیح کو پہلے سے کہیں زیادہ لوگوں سے مُتعارف کرانے کے بے مثال مواقع مُیسر ہوں گے۔

صدر نیلسن کی 100ویں سال گِرہ کی تقریب۔

ہم نے ابھی ابھی واقعی تاریخی لمحے کی قُدرت کا مُشاہدہ کِیا جب ہم نے صدر رسل ایم نیلسن کی 100 ویں سالگِرہ لاکھوں لوگوں کے ساتھ منائی۔

صدر نیلسن کی سالگِرہ کے حوالے سے خبر دیتے ہُوئے، نیوز ویک نے شہ سُرخی لگائی جِس میں لکھا تھا، ”دُنیا کے مُعمر ترین مذہبی راہ نُما 100 برس کے ہو گئے۔“ اِس کے بعد اُنھوں نے دُنیا کے 10 مُعمر ترین مذہبی راہ نُماؤں کی فہرست بتائی—صدر نیلسن اِس فہرست میں پہلے تھے اور پھر اِس میں پوپ فرانِسس اور دلائی لامہ شامِل تھے۔

نیویارک ٹائمز کے مضمون کا یہ بیان زیادہ تر بین الاقوامی کوریج کے رویے کی نمایندگی کرتا ہے: ”[ریاست ہائے مُتحدہ] کے صدارتی اِنتخاب کے حلقہ میں جِس نے عُمر رسیدگی اور قیادت کے بارے میں باطنی سوچ بچار کو فروغ دِیا ہے، مسٹر نیلسن کے سنگِ میل سے معلُوم ہوتا ہے کہ، کم از کم اُس کی کلِیسیا میں، تین ہندسوں کی سالگِرہ مایوسی کا سبب نہیں ہے۔ وہ کلِیسیائی اَرکان میں مقبُول شخصیت ہیں، جو اپنے صدر کو نہ صرف ایگزیکٹو کے طور پر دیکھتے ہیں بلکہ ایک ’نبی، رویا بین، اور مُکاشفہ بین‘ کی حیثیت سے دیکھتے ہیں۔“

ہم کتنے شُکر گُزار ہیں کہ صدر نیلسن کی تاریخی سالگِرہ نے ہمیں عالمی سامعین کو خُدا کے نبی سے مُتعارف کرانے کا موقع فراہم کِیا، ایسا جشن جو کبھی بُھلایا نہیں جاسکتا۔

دوبارہ سے تعمِیر کردہ چرچ آفس بلڈنگ پلازہ۔

اِس موسمِ بہار کے شُروع میں، ٹمپل سکوائر پر پلازا—جِس میں بین الاقوامی جھنڈوں کی نمایش کی گئی تھی جو اُن مُمالک کی نمایندگی کرتے ہیں جہاں کلِیسیا کو تسلیم کِیا گیا ہے—کا اِفتتاح ہُوا تھا۔ پلازہ کے داخلی دروازے پر گرینائٹ کی یادگار بنائی گئی ہے جس پر یہ پیشین گوئی کے اَلفاظ کُندہ ہیں: ”آخِری دِنوں میں یُوں ہو گا کہ خُداوند کے گھر کا پہاڑ پہاڑوں کی چوٹی پر قائم کیا جائے گا، اور وہ ٹِیلوں سے بُلند ہو گا؛ اور سب قَومیں وہاں پُہنچیں گی۔“

یقیناً، اگلے 10 برسوں کے دوران میں رُونما ہونے والے یادگار واقعات میں سے یسعیاہ کی یہ پیشین گوئی پوری ہونے کا ایک مظہر ہے۔

سالٹ لیک کی ہَیکل۔

ہَیکلوں کی زیارتوں اور تقدیس کی حیران کُن تعداد پر غَور کریں جو مُمکنہ طور پر اگلی دہائی میں ہوں گی، 164 ہَیکلوں کی لاجواب افادیت اور تعداد۔ تصُّور کریں کہ آپ اور آپ کے لاکھوں دوست خُداوند کے گھر کی زیارت کے لِیے جا رہے ہیں۔ اِن تقریبات کا علامتی مرکز سالٹ لیک ہَیکل اور اِس سے منسلک سرگرمیاں ہوں گی۔ یہ ایّام یقیناً کبھی نہ بھولے جائیں گے۔

کلِیسیائی تنظیم۔

سن 2030 کلِیسیا کی تنظیم کی دو صد سالہ یادگار منانے کے لیے دُنیا بھر میں مواقع لائے گا۔ اگرچہ یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ کلِیسیا اِس سنگِ میل کو کس طرح تسلیم کرے گی، لیکن یہ یقینی طور پر ہمیں خاندان، دوستوں، ساتھیوں اور معزز مہمانوں کو دعوت دینے کا موقع دے گی کہ وہ ”آئیں اور دیکھیں“ اور کلِیسیا کے اَرکان کی زِندگیوں پر کلِیسیا کے پُرزور اَثرات کو سمجھیں۔

سالٹ لیک سٹی میں 2002 کے موسمِ سرما کی اولمپکس۔

2034 میں، دُنیا بھر سے ہزاروں معززین، زائرین، اور ایتھلیٹس سالٹ لیک سٹی کی سڑکوں پر بھر جائیں گے، کیوں کہ موسمِ سرما کی اولمپک کھیلوں کا اِنعقاد یہاں ہوگا۔ اولمپک گیمز کے عِلاوہ اِس سے بڑا عالمی اِتحاد کا غالباً کوئی مظاہرہ نہیں ہو سکتا۔ دُنیا کی نظریں کلِیسیا اور اِس کے اَرکان پر ہوں گی، یہ بے لوث خِدمت، اور شفیق اعمال کی بدولت خُوشی کی بشارت پھیلانے کے بے شُمار مواقع فراہم کرے گا—اَیسا واقعہ کبھی بھی بُھلایا نہیں جا سکتا۔

یقیناً یہ آنے والے لمحات کلِیسیا کے اَرکان کو ہر جگہ یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی خُوشی کی بشارت کو قول و فعل کے ذریعے پھیلانے کے بے شُمار مواقع فراہم کریں گے، ایک دہائی جِس کو کبھی بُھلایا نہیں سکتا۔

خُوشی کی بشارت

اپنی سالگِرہ سے چند ہفتے پہلے میٹنگ میں، صدر نیلسن نے ”خُوشی کی بشارت“ کے فقرے کو پسند کرنے کی وجہ بتائی۔ ظاہری سطح پر، اُنھوں نے بیان کِیا، یہ فقرہ خُوشی اور شادمانی کا مفہُوم دیتا ہے۔ اَلبتہ ”خُوشی کی بشارت“ کا مطلب اِس سے کہیں بڑھ کر ہے۔ اُنھوں نے واضح کِیا کہ یہ جملہ اصل یونانی لفظ euangelion سے ماخُوذ ہے، جِس کے لفظی معنی ”خُوش خبری“ یا ”اِنجِیل“ کے ہیں۔ اِس زِندگی میں اور اگلی زِندگی میں خُوشی اور شادمانی ہمیشہ یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل سے جُڑی ہیں۔ اِس طرح فقرہ ”خُوشی کی بشارت“ اِس کے دوہرے معنی کو بڑے عُمدہ اسلُوب سے پکڑتا ہے۔

”اِنسان ہیں، تاکہ وہ شادمانی پائیں۔“ آسمانی باپ نے خُوشی کا منصُوبہ فراہم کِیا ہے جو اُس کی رحمتوں کے وسِیلے سے شادمانی کو مُمکن بناتا ہے۔ اِن میں خاندانوں کی صُورت میں ہمیشہ کے لِیے اُس کی حُضُوری میں رہنا شامِل ہے۔ یِسُوع مسِیح کا کفّارہ ہماری مُخلصی کے لِیے خُدا کے منصُوبہ میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ اَبَدی زِندگی پانے کے لیے، ہمیں ضرور مسِیح کی طرف رُجُوع لانا ہے۔ جب ہم اَیسا کرتے ہیں ”اور دُوسروں کو بھی ایسا کرنے میں مدد دیتے ہیں، ہم خُدا کے کارِ نجات اور سرفرازی میں حِصّہ لیتے ہیں۔“

خُوشی کی بشارت کا یہ پیغام یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کا سب سے زیادہ اہم پیغام ہے۔ اور یہ وہ جگہ ہے جہاں کلِیسیا کے نوجوانوں اور نوجوان بالغوں نے کِردار ادا کرنا ہے۔

برائے مضبُوطیِ نوجوانان

اب، جب کہ یہ آنے والی دہائی کلِیسیا کے ہر رُکن کے لیے اُن ایّام سے بھری ہو سکتی ہے جِن کو کبھی بُھلایا نہیں جا سکتا، یہ خاص طور پر آپ کے لِیے جو اُبھرتی ہُوئی نسل کے ہیں، کے لیے سچّ ثابت ہو سکتی ہے۔ آپ اب یہاں دُنیا میں ہیں کیوں کہ آپ کو اب یہاں آنے کے لیے چُنا گیا تھا۔ آپ کے پاس لاجواب انداز سے مسِیح کے شاگِرد بننے کی قُوت اور صلاحیت موجود ہے۔

صدر جارج کیو کینن نے سِکھایا: ”خُدا نے اِس زمانہ کے لیے ایسی رُوحوں کو محفوظ رکھا ہے جو دُنیا اور شیطان کی ساری، دیدہ اور نا دیدہ طاقتوں کے نتائج سے بلاخوف سامنا کرنے [اور] … ہمارے خُدا کے صِیُّہون کو تعمیر کرنے کا حوصلہ اور عزم رکھتی ہیں۔“

اِسی واسطے، مَیں آپ سے اُبھرتی ہُوئی نسل کے حوالے سے بات کرنا چاہتا ہُوں، آپ کو یہ سوچنے کے لِیے آپ کو دعوت دینا چاہتا ہُوں کہ یہ اگلی دہائی، جِس کو کبھی بُھلایا نہیں جا سکتا، آپ کے لِیے کس قدر دِلچسپ ہو سکتی ہے۔ مَیں ہدایت اور ہمت کے لِیے چند آسان باتیں بھی بیان کرتا ہُوں جو اِس آنے والی دہائی کے دوران میں آپ کو بااِختیار بنا سکتی ہیں۔

آپ میں سے کئی لوگوں کی طرح، میرے پاس بھی سمارٹ فون ہے جو، بعض اوقات اور بغیر کسی اشارے کے، تصاویر کی ریل کو اکٹھا کرتا ہے جِس میں یہ دِکھایا جاتا ہے کہ مَیں فلاں دِن کِیا کر رہا تھا۔ یہ دیکھ کر ہمیشہ حیرت ہوتی ہے کہ صرف چند برسوں میں میرے اور میرے خاندان کے لیے کتنی چیزیں بدل گئی ہیں۔

ذرا تصُّور کریں کہ آپ کا فون اب سے 10 برس تک اِن تصاویر کو دِکھائے گا! آپ اپنے آپ کو ہائی سکول یا کالج سے فارغ اُلتحصیل ہوتے، اپنی ودیعت پاتے، کسی مشن پر جاتے، بیاہ کرتے، اور اپنے پہلے بچّے کی پیدایش دیکھ سکتے ہیں۔ ذاتی طور پر آپ کے لیے یہ دہائی ہوگی جِس کو کبھی بھی بُھلایا نہیں جا سکتا۔ اَلبتہ یہ دُگنی ہو جائے گی اگر آپ گرم جوشی سے دُنیا کے لیے نُور بننے کی کوشش کرتے ہیں کہ کس طرح یِسوع مسیح کی اِنجِیل کی خُوشی کی بشارت نہ صرف آپ کی بلکہ آپ کے خاندان، دوستوں، اور سوشل میڈیا کے پیروکاروں کی زِندگیوں کو بھی تقویت بخش سکتی ہے۔

آپ سوچ رہے ہوں گے کہ یہ کیسے کریں۔

خُدا کے نبیوں نے ہمیں سِکھایا ہے کہ یہ چار سادہ سرگرمیوں کے ذریعے سے کیا جاتا ہے، جِنھیں خُدا کی طرف سے مُقرّر کردہ ذِمہ داریاں کہا جاتا ہے: پہلی، یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کے مُطابق زِندگی گُزارنا؛ دُوسری، ضرُورت مندوں کی دیکھ بھال کرنا؛ تیِسری، سب کو اِنجِیل قبُول کرنے کی دعوت دینا؛ اور چَوتھی، خاندانوں کو اَبَدیت کے لیے مُتحد کرنا۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ، ہر ایک کو اِنتہائی عام اور قدرتی طریقوں سے انجام دِیا جا سکتا ہے۔

خُدا کی طرف سے مُقرّر کردہ ذمہ داریاں

مَیں آپ سے وعدہ کرتا ہُوں کہ اگر آپ اِن چار خُدا داد ذِمہ داریوں کو قبُول کرتے ہیں تو آپ اِس دہائی کو کبھی بھی بُھلا نہ سکیں گے۔ آئیے غَور کرتے ہیں کہ اِس میں کیا کیا شامِل ہوسکتا ہے۔

چار خُداداد ذمہ داریاں۔
نوجوان خاتون دُعا کرتے ہُوئے۔

پہلی، یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کے مُطابق زِندگی گُزاریں۔ نبیوں کے کلام کا مُطالعہ کریں، اور اپنے آسمانی باپ سے محبّت کرنا سِیکھیں۔ اپنے دِل اُس کی طرف مائل کریں، اور اُسی کے راستے پر چلنے کی کوشش کریں۔ اُس ”عہد کے اعتماد“ کا سہارا لیں جِس کو ایلڈر سوارز نے بیان کِیا ہے۔ یہ اعتماد یِسُوع مسِیح کی تقلِید کرنے کے لیے عہد باندھنے سے حاصل ہوتا ہے، یہ جانتے ہُوئے کہ نجات دہندہ بدلے میں آپ کو مضبُوطی اور مدد عطا کرے گا۔

اپنے دوستوں کو وہ شادمانی دیکھنے دیں جو آپ اِنجِیل کے مُطابق زِندگی بسر کرنے سے محسُوس کرتے ہیں اور آپ اُن کے واسطے اعلیٰ اِنجِیل کا پیغام بن جائیں جو اُنھیں مِلے گا۔

دُوسری، ضرُورت مندوں کی بڑی ہمدردی کے ساتھ دیکھ بھال کریں۔ آپ کی نسل غیر معمولی طور پر مسکِینوں کے بارے میں سوچتی ہے۔ جب بھی کوئی آفت آتی ہے اور کلِیسیا کے اَرکان ملبے کو ہٹانے اور مُصیبت زدہوں کو تسلی دینے کے لیے دوڑتے ہیں، تو ایسا لگتا ہے کہ ”مدد کرنے والے ہاتھ“ والی ٹی شرٹس پہنے ہُوئے اکثریت نوعمر جوانوں کی ہوتی ہے۔ یہ آپ کی فطرت میں ہے کہ ”ایک دُوسرے کا بوجھ اُٹھانا“ اور ”اُنھیں تسلی دینا جنھیں تسلی کی ضرُورت ہے۔“ اَیسا کرنے سے ہم ”مسِیح کی شَرِیعَت کو پُورا کرتے ہیں۔“

بچّے ضرُورت مندوں کے لیے جام جمع کر رہے ہیں۔

اِیون، پرائمری کی عُمر کے لڑکے، نے اپنے سکول کی گرمیوں کی چُھٹیاں مونگ پھلی کے مکھن اور جیلی سینڈویچ کے لیے سامان اِکٹھا کرنے کے لیے اپنے مقامی فوڈ بینک کو عطیہ کرنے کا فیصلہ کِیا۔ اُس نے پروجیکٹ کو JustServe ویب سائٹ پر تلاش کِیا تھا۔ چھوٹے اِیون نے جیلی کے 700 سے زیادہ مرتبان جمع کرنے میں مدد کے لیے اپنی پوری سکول کی کلاس کو شامِل کر لِیا! جِن لوگوں کی آپ خِدمت کرتے ہیں اُن کو بتائیں کہ اُن کے لیے آپ کی فکر خُدا سے آپ کی محبّت اور اپنے پڑوسی کے ساتھ اپنے جیسا برتاؤ کرنے کی آرزُو میں ہے۔

برازِیل میں مُناد

تِیسری، سب کو اِنجِیل قبُول کرنے کی دعوت دیں۔ اِس سال ہم نے دُنیا بھر میں 36 نئے مشن کھولے ہیں تاکہ اُن تمام لوگوں کو ذِمہ داری دی جا سکے جو کُل وقتی مشن کی خِدمت کرنا چاہتے ہیں۔ ایک ایسے دَور میں جہاں بُہت سے نوجوان باقاعدہ مذہبی سرگرمیوں سے مُکمل طور پر کِنارہ کشی کر رہے ہیں، یہ قابلِ ذِکر بات ہے اور آپ کی گواہیوں کی اعلیٰ ظرفی کو ظاہر کرتا ہے۔ چاہے کُل وقتی خِدمت کر رہے ہوں یا نہیں، براہِ کرم اپنے ساتھیوں پر اثر انداز ہونے کی اپنی بے پناہ صلاحیت کو محسُوس کریں اور اُنھیں یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کو دریافت کرنے کی دعوت دیں۔

پریسٹن اِنگلِینڈ کی ہَیکل میں نوجوانان۔

چَوتھی، خاندانوں کو ابدیت کے لیے مُتحد کریں۔ جب مَیں دُنیا بھر کی ہیَکلوں کا دَورہ کرتا ہُوں، مَیں بپتِسما کے اِنتظار میں کھڑے نوجوانوں کے ہجوم اور رُسُوم ادا کرنے والے خادموں کے طور پر کام کرنے والے نوجوانوں کی بڑھتی ہُوئی تعداد کو دیکھ کر حیران رہ جاتا ہُوں۔ حال ہی میں سکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کے 600 سے زیادہ نوجوانوں کا ایک گروپ پریسٹن انگلینڈ ہَیکل گیا، 4,000 سے زیادہ رُسُوم ادا کیں، جِن میں سے اکثر اُن کے اپنے اِنفرادی مرحُوم اَباواجداد کے لیے تھیں! مَیں آپ کو تلقین کرتا ہُوں کہ خاندانی تاریخ میں مشغول ہو جائیں، ہَیکل میں وقت گُزاریں، اور احتیاط سے اپنے آپ کو اِس قسم کے مرد یا عورت بننے کے لیے تیار کریں جو ہَیکل میں کسی لائق ساتھی سے بیاہ کرنے کے لیے تیار ہو۔ ہَیکل کو اپنی زِندگی کا باقاعدہ حِصّہ بنانے کے لیے ابھی سے اپنی زِندگی میں کوئی نمونہ تیار کریں۔

نتیجہ

میرے عزیز بھائیو اور بہنو، میرے پیارے نوجوان دوستو، آنے والے دِنوں میں ہم میں سے ہر ایک کو مُشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ بہرحال، جب ہم بے مثال لمحات کی اِس آنے والی دہائی میں داخل ہو رہے ہیں، تو کیا ہم زِندگی گُزارنے، دیکھ بھال کرنے، دعوت دینے اور متحد ہونے کی سادہ سرگرمیوں کے ذریعے سے خُوشی کی بشارت بانٹ سکتے ہیں۔ جب ہم ایسا کرتے ہیں، تو خُداوند آپ کو ایسے ایسے تجربات سے نوازے گا جنھیں کبھی بھی بُھلایا نہیں جا سکتا۔

مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ وہ لوگ جو سچّے دِل اور خلُوصِ نِیت کے ساتھ خُداوند کے پاس آتے ہیں، جن کے لبوں پر نجات دہندہ کا نام ہے اور اُن کی رُوحوں میں رُوحُ القُدس بسا ہے، اُن لوگوں کے لیے جو اِس اَرفع اور اعلیٰ زیارت پر نکلتے ہیں، مَیں آپ کو برکت دیتا ہُوں ایسی برکت جِس سے آپ آسمانی نعمتوں کو دریافت اور تجربہ کریں گے اور گواہی پائیں گے کہ خُدا آپ کی سُنتا ہے، آپ کو جانتا ہے اور آپ سے محبّت کرتا ہے۔ آپ ایسے دِنوں کا تجربہ کریں گے جِن کو کبھی بھی بُھلایا نہیں جا سکتا۔ یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔