لیحونا
یِسُوع مسِیح ”زندہ،“ ”خاص،“ اور ”بہترین اُمید“ کا منبع ہے
دسمبر 2024


”یِسُوع مسِیح ’زندہ،‘ ’خاص،‘ اور ’بہترین‘ کا منبع ہے،“ لیحونا، دسمبر 2024۔

ماہانہ لیحونا پیغام، دسمبر 2024

یِسُوع مسِیح ”زندہ،“ ”خاص،“ اور ”زیادہ افضل اُمید“ کا منبع ہے

بیت الحم میں بچّے کی پیدائش کی خُوشی منانے کے اِس خاص تہوار پر، ہم ہمیشہ یاد رکھیں کہ یِسُوع مسِیح ہمارا نجات دہندہ اور مُخلصی دینے والا بن کر دُنیا میں آیا تھا۔

مریم اور یُوسّف بچّے یِسُوع کے ساتھ

مسِیح کی ولادت ، از شارلٹ انڈروس

پطرس رسُول اور مورمن کی کتاب کے نبی یعقوب اور مرونی مسِیح پر اُمید کی رُوحانی نعمت پر اُسی طرح سبق آموز طریقے سے زور دیتے ہیں۔

مثال کے طور پر، پطرس نے اعلان کیا، ”ہمارے خُداوند یِسُوعؔ مسِیح کے خُدا اور باپ کی حمد ہو جِس نے یِسُوعؔ مسِیح کے مُردوں میں سے جی اُٹھنے کے باعِث اپنی بڑی رحمت سے ہمیں زِندہ اُمّید کے لِئے نئے سِرے سے پَیدا کِیا“ (1 پطرس 1:‏3؛ تاکید شامل کی گئی ہے)۔ براہِ کرم ”اُمید“ کو بیان کرنے کے لیے لفظ ”زندہ“ کے استعمال پر غور کریں۔

یعقوب نے اعلان کیا، ”پَس، پیارے بھائیو، خُدا کے ساتھ، اُس کے اِکلوتے بیٹے، مسِیح کے کَفّارے کے وسِیلے سے میل ملاپ کرو، اور قیامت کی اُس قُدرت کی بدولت جو مسِیح میں ہے، تُم زِندہ کِیے جاؤ، اور خُدا کے حُضُور مسِیح کے پہلے پھل کی حیثیت سے پیش کِیے جاؤ، اپنے اِیمان کی بدولت، اور اُس میں جلال کی خاص اُمِید پا کر جب وہ مُجسّم ہو کر اپنے آپ کو ظاہر کرے“ (یعقوب 4:‏11؛ تاکید شامل ہے)۔ براہِ کرم ”اُمید“ کو بیان کرنے کے لیے لفظ ”خاص اُمید“ کے استعمال پر غور کریں۔

اور مرونی نے بیان کیا، ”اور پھر مُجھے یاد ہے کہ تُو نے فرمایا کہ تُو نے آدمی کے لیے مکان تیار کیے ہیں، ہاں، یعنی اپنے باپ کے اُن مکانوں میں، جس کی آدمی بہترین اُمید رکھ سکتا ہے؛ اِس لیے آدمی کو لازمی اُمید رکھنی ہو گی، ورنہ وہ اُس مقام کی وراثت نہیں پا سکتا جو تُو نے تیار کیا ہے“ (عیتر 12:‏32؛ تاکید شامل ہے)۔ براہِ کرم ”اُمید“ کو بیان کرنے کے لیے لفظ ”بہترین“ کے استعمال پر غور کریں۔

مسِیح پر اُمید کیا ہے؟

مسِیح پر اُمید کی رُوحانی نعمت ”مُقدّس ممسُوح کی مہربانیوں، اور رحم، اور فضل“ (2 نیفی 2:‏8) کے وسیلے سے اور ابدی زندگی کی پُر مسرُور توقع اور راست بازی کی موعودہ برکات کی قوی خواہش ہے۔ اِن آیات میں ”زندہ“ ”خاص“ اور”بہترین“ صفات یِسُوع مسِیح پر اِیمان کے وسیلے سے جی اُٹھنے اور ابدی زندگی کی توسیع اور متحرک اعتقاد کی نشان دہی کرتی ہیں۔

مورمن نبی نے وضاحت فرمائی:

”اور پھر، میرے پیارے بھائیو، مَیں اب اُمید کے مُتعلق تُم سے کلام کروں گا۔ یہ کیسے ہو کہ تُم بغیر اُمید رکھے اِیمان پاؤ؟

”اور یہ کیا ہے جس کی تُمھیں اُمید رکھنا ہے؟ دیکھو مَیں تُم سے کہتا ہُوں کہ اَبَدی زِندگی کے واسطے جی اُٹھنے کے لیے تُمہیں مسِیح کے کَفّارہ اور اُس کی قیامت کی قُدرت کے وسیلے اُمید حاصل ہو گی اور یہ وعدہ کے مطابق تُمھارے اُس پر اِیمان کی بدولت ہے۔

”سو، اگر کوئی آدمی اِیمان لاتا ہے تو اُسے یقیناً اُمید بھی ہونی چاہیے؛ کیوں کہ اِیمان کے بغیر اُمِید نہیں ہے“ (مرونی 7:‏40–42

باپ کا خُوشی کا منصوبہ

مسِیح پر اُمید جو زندہ، خاص، اور بہترین ہے اِس علم سے شروع ہوتی ہے کہ خُدا اَبَدی باپ زندہ ہے۔ خُدا ہمارا آسمانی باپ ہے، اور ہم اُس کے بچّے ہیں۔ ہم حقیقتاً خُدا کے بیٹے اور بیٹیاں ہیں اور اُس کی طرف سے ہم نے الہٰی صفات وراثت میں پائی ہیں۔

باپ خُوشی کے منصوبے کا مُصنّف ہے (دیکھیے ابرہام 3:‏22–28)۔ خُدا کے رُوحانی بیٹوں اور بیٹیوں کی صُورت میں، ہم نے ”اُس کے منصوبے کو قبول کیا جس کی بدولت اُس کے بچّے جسمانی بدن اور کاملیت کی طرف ترقی کا دُنیاوی تجربہ پاتےاور بالآخر اَبَدی زندگی کے وارث کی صُورت میں اپنی الہٰی منزل کا فہم و ادراک پاتے ہیں۔“ صحائف میں، ہم سیکھتے ہیں: ”باپ کا جِسم گوشت اور ہڈیوں کا ہے اَیسا ٹھوس جَیسا اِنسان کا؛ بیٹے کا بھی“ (عقائد اور عہُود 130:‏22)۔ پس، ہماری الہٰی منزل کی جانب ترقی کے عمل میں جسمانی بدنوں کا حصُول ضروری ہے۔

ہم دوہری ہستیاں ہیں۔ ہماری رُوحیں، ہمارا اَبَدی حصّہ، جسمانی بدنوں میں ملبوس ہیں جو فانی خواہشات اور بُھوک کے تابع ہیں۔ باپ کا خُوشی کا منصوبہ اپنی اُمت کو ہدایت مہیا کرنے کے لیے تیار کیا گیا، تاکہ اُنھیں بحفاظت اُس کے پاس دوبارہ جی اُٹھے، سرفراز بدنوں کے ساتھ گھر واپس آنے اور اَبَدی خُوشی کی برکات اور شادمانی پانے میں مدد کرے۔

مریم بچّے یِسُوع کے ساتھ

مسِیح بچّہ ، از شارلٹ اینڈروس

باپ کے منصوبے میں یِسُوع مسِیح کا نجات کا کارِ منصب

یِسُوع مسِیح اَبَدی باپ کا اکلوتا بیٹا ہے۔ وہ اپنے باپ کی مرضی کو پُورا کرنے کے لیے دُنیا میں آیا (دیکھیے 3 نیفی 27:‏13)۔ یِسُوع مسِیح باپ کا وہ ممسُوح ہے جسے باپ نے بنی نوع اِنسان کی نجات سے متعلق تمام چیزوں میں اپنا ذاتی نمایندہ مقرر کیا ہے۔ وہ ہمارا مُنجی اور مُخلصی دینے والا ہے کیوں کہ وہ موت اور گُناہ دونوں پر غالب آیا۔

ایلما نے جدون کے لوگوں کو مسِیح کے نجات کے کام کے بارے میں پیشین گوئی کی:

”اور وہ ہر قسم کے، دُکھوں اور مُصِیبتوں اور آزمایشوں کو برداشت کرے گا؛ اور یہ کہ جو کہا گیا ہے پُورا ہو کہ وہ اپنے لوگوں کے دُکھوں اور بیماریوں کو اپنے تئیں اُٹھا لے گا۔

”اور وہ اپنے تئیں موت کو اُٹھا لے گا، تاکہ موت کے بندھن کھولے جو اِس کے لوگوں کو جکڑے ہُوئے ہیں؛ اور وہ اُن کی کم زوریاں خُود پر لے لے گا، تاکہ بشریت کے اعتبار سے اِس کا دِل رحم سے لبریز ہو، تاکہ وہ بشریت کے اعتبار سے جانے، کہ اُن کی کم زوریوں میں اُن کی مدد کیسے کرے۔

”اب رُوح تمام باتیں جانتا ہے؛ پَس خُدا کا بیٹا مُجسّم ہو کر دُکھ اُٹھاتا ہے تاکہ وہ اپنے لوگوں کے گُناہوں کو اپنے تئیں اُٹھا لے، کہ وہ اپنی رہائی دینے کی قُدرت کے مُطابق اُن کی خطاؤں کو مِٹا دے، اور اب دیکھو، یہ وہ گواہی ہے جو مُجھ میں ہے“ (ایلما 7:‏11–13

خُداوند یِسُوع مسِیح پر اِیمان لانا اِنجِیل کا پہلا اُصُول ہے۔ حقیقی اِیمان نجات دہندہ پر اور اُس پر توجہ مرکوز کرتا ہے اور ہمیں اِس قابل بناتا ہے کہ موت سے بچانے، ہمیں گُناہ سے پاک کرنے، اور ہمیں اپنی طاقت سے کہیں زیادہ برکت دینے کے لیے ہم اُس پر بھروسا رکھیں اور اُس کی قدرت پر مکمل اعتماد رکھیں۔

مرونی نے گواہی دی، ”اور انسان کی مُخلصی کے باعث جو یِسُوع مسِیح کے وسیلے سے حاصل ہوئی، وہ پھر خُداوند کی حُضُوری میں واپس لائے گئے، ہاں اِسی میں تمام انسان مُخلصی پاتے ہیں، کیوں کہ مسِیح کی موت سے قیامت وقوع ہوتی ہے جو کہ اُس ابدی نیند سے چُھٹکارا ہے، جس نیند سے تمام اِنسان خُدا کی قُدرت سے اُس وقت بیدار کیے جائیں گے، جب نرسنگا پھُونکا جائے گا اور چھوٹے بڑے دونوں سب آگے آئیں گے اور مُخلصی پا کر اور موت کے اُس اَبَدی بندھن سے رہائی پا کر جو کہ جسمانی موت ہے، سب اُس کے تخت کے سامنے کھڑے ہوں گے“ (مورمن 9‏:13

مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ نجات دہندہ نے موت کے بندھن کو توڑا۔ وہ جی اُٹھا تھا، وہ زندہ ہے، اور وہ زندہ، خاص، اور بہترین اُمید کا واحد وسیلہ ہے۔

جان کا لنگر

عیتر نبی نے گواہی دی، ”سو، جو کوئی یقینی اُمید کے ساتھ بہتر دُنیا کی اُمید کے لیے خُدا پر اِیمان رکھتا ہے، ہاں، یعنی خُدا کے دہنے ہاتھ کے مُقام کی، وہ اُمید جو اِیمان کے وسیلے سے ملتی ہے، آدمی کی جان کا لنگر بنتی ہے، جو کہ اُنھیں پُر یقین اور ثابت قدم بناتی ہے، خُدا کی تمجید کی طرف لا کر ہمیشہ کثرت سے نیک کام کراتی ہے“ (عتیر 12:‏4؛ تاکید شامل ہے)۔

بیت الحم میں بچّے کی پیدائش کی خُوشی منانے کے اِس خاص تہوار پر، ہم ہمیشہ یاد رکھیں کہ یِسُوع مسِیح ہمارا نجات دہندہ اور مُخلصی دینے والا بن کر دُنیا میں آیا تھا۔ وہ ہمیں زندگی کی انمول رُوحانی نعمتیں، نُور، تجدید، محبّت، اطمینان، تناظر، خُوشی، اور اُمید پیش کرتا ہے۔

میں آپ کو دعوت دیتا ہُوں کہ نجات دہندہ میں اُمید کی رُوحانی نعمت کے لیے مناسب طریقے سے اُس کی کَفّارہ بخش قربانی اورحقیقتاً جی اُٹھنے سے متعلق قدیم اور جدید نبیوں کی گواہیوں کا مطالعہ کریں۔ جب آپ ایسا کرتے ہیں، مَیں وعدہ کرتا ہُوں کہ نجات دہندہ کی الوہیت کی آپ کی گواہی مضبوط ہو جائے گی، اُس کے لیے آپ کی تبدیلی گہری ہو جائے گی، اُس کے لیے بحیثیت دلیر گواہ کھڑے ہونے کی آپ کی خواہش اور عزم میں اضافہ ہوگا، اور آپ اپنی جان کے لنگر سے بابرکت ہوں گے—یعنی زندہ، خاص، اور بہترین اُمید۔

اُن رسُولوں کے ساتھ جنھوں نے زمانوں سے اُس کی گواہی دی ہے، مَیں خُوشی سے اپنی گواہی کا اعلان کرتا ہُوں کہ یِسُوع مسِیح زندہ خُدا کا زندہ بیٹا ہے۔ وہ گوشت اور ہڈیوں کے جلالی، ٹھوس بدن کے ساتھ دوبارہ زندہ ہونے والا ہمارا نجات دہندہ ہے۔ اور خُدا کے ساتھ مُخلصی اور صُلح کی بدولت جو خُداوند تمام بنی نوع اِنسان کے لیے ممکن بناتا ہے، ہم رُوحانی اعتقاد اور زندہ، خاص، اور بہترین اُمید پا سکتے ہیں کہ ”مسیح میں سب زندہ کیے جائیں گے“ (1 کرنتھیوں 15:‏22

حوالہ جات

  1. خاندان: دُنیا کے لیے اعلان،“ گاسپل لائبریری۔