”جنوری ۱۳–۱۹: ’مَیں نے نُور کا مِنارہ دیکھا‘: جوزف سمتھ—تاریخ ۱:۱–۲۶،“ آ، میرے پِیچھے ہو لے—برائے گھر اور کلِیسیا: عقائد اور عہُود ۲۰۲۵ (۲۰۲۵)
”جوزف سمتھ—تاریخ ۱:۱–۲۶،“ آ، میرے پِیچھے ہو لے—برائے گھر اور کلِیسیا: ۲۰۲۵
جنوری ۱۳–۱۹: ”مَیں نے نُور کا مِنارہ دیکھا“
جوزف سمتھ—تاریخ ۱:۱–۲۶
آپ کہہ سکتے ہیں کہ عقائد اور عہُود دُعاؤں کے جوابات کی کتاب ہے: اِس کتاب میں بہت سے مُقدّس مُکاشفے سوالات کے جواب میں آئے ہیں۔ وہ سوال جس نے یہ سب شروع کیا—وہ سوال جس نے آخری دن میں مُکاشفہ کو جنم دیا—جو ایک ۱۴ سالہ لڑکے نے پوچھا تھا۔ ”لفظوں کی اِس جنگ اور نظریات کے ہنگامے“ (جوزف سمتھ—تاریخ ۱:۱۰) نے جوزف سمتھ کو مذہب اور خُدا کے ساتھ اپنے تعلق کے بارے میں اُلجھن میں ڈال دیا تھا۔ شاید آپ اِس سے ہم ربط محسوس کر سکتے ہیں۔ ہمیں اپنے دور میں بہت سے متضاد خیالات اور قائل کرنے والی آوازیں ملتی ہیں۔ جب ہم اِن پیغامات کو چھانٹنا چاہتے ہیں اور سچائی تلاش کرنا چاہتے ہیں، تو ہم بھی وہی کر سکتے ہیں جو جوزف نے کیا تھا۔ ہم سوال پوچھ سکتے ہیں، صحائف کا مطالعہ کر سکتے ہیں، غور و فکر کر سکتے ہیں اور آخر کار خُدا سے پوچھ سکتے ہیں۔ جوزف کی دُعا کے جواب میں، نُور کا ایک مِنارہ آسمان سے اُترا۔ خُدا باپ اور یِسُوع مسِیح جوزف سمِتھ پر ظاہر ہوئے اور اُس کے سوالوں کا جواب دیا۔ اُس معجزانہ تجربے کی جوزف کی گواہی دلیری کے ساتھ اعلان کرتی ہے کہ کوئی بھی ”جس کے پاس حکمت کی [کمی] ہے وہ خُدا سے مانگے اور حاصل کرے“ (جوزف سمتھ—تاریخ ۱:۲۶)۔ ہم سب حاصل کر سکتے ہیں، اگر آسمانی رُویا نہیں، تو کم از کم آسمانی نُور سے مُنوّر، ایک واضح رُویا۔
گھر اور کلِیسیا میں سیکھنے کے لیے تجاویز
جوزف سمِتھ بحالی کا نبی ہے۔
جوزف سمِتھ کی تاریخ کا ہمارا مقصد ”حقائق کو تحویل میں“ رکھنا تھا کیونکہ جوزف کے بارے میں سچائی کو اکثر مسخ کیا جاتا رہا ہے (جوزف سمتھ—تاریخ ۱:۱)۔ جوزف سمتھ—تاریخ ۱:۱–۲۶ پڑھتے ہوئے، کون سی چیز اُس کی الہٰی بُلاہٹ کی آپ کی گواہی کو تقویت بخشتی ہے؟
مزید دیکھیں مقدسین، ۱:۳–۱۹۔
میں اپنی دعاؤں کا جواب کیسے حاصل کر سکتا ہوں؟
کیا آپ کو کبھی ”حکمت کی کمی“ یا کسی ایسے فیصلے کے بارے میں اُلجھن محسوس ہوئی ہے جو آپ کو لینے کی ضرورت تھی؟ (جوزف سمتھ—تاریخ ۱:۱۳)۔ جوزف سمتھ کو ۱۸۲۰ میں جو تجربہ ہوا وہ آپ کے اپنے ذاتی مُکاشفہ کے لیے ایک اچھا نمونہ بن سکتا ہے۔ مثال کے طور پر، جب آپ جوزف سمتھ—تاریخ ۱:۵–۲۵ میں سے تلاش کرتے ہیں، تو اُن تجربات کی تلاش کریں جو آپ سے مطابقت رکھتے ہیں۔ آپ درج ذیل کے بارے کیا سیکھتے ہیں:
-
جوزف نے دُعا میں ایک مُقدّس تجربے کے لیے کیسے تیاری کی؟ (دیکھیں آیات ۸، ۱۱، ۱۴–۱۵)۔
-
مُکاشفہ کی تلاش میں صحائف کے مُطالعہ کا کردار؟ (دیکھیں آیات ۱۱–۱۲)۔
-
مخالفت کا سامنا کرتے وقت کیا کِیا جائے؟ (دیکھیں آیات ۱۵–۱۶، ۲۱–۲۶)۔
-
آپ کو حاصل ہونے والے جوابات کو قبول کرنا اور اُن پر عمل کرنا؟ (دیکھیں آیات ۱۸–۲۵)۔
صدر ہنری بی آئرنگ کے مضمون ”پہلی رویا: ذاتی مُکاشفہ کے لیے ایک نمونہ“ سے آپ کیا اضافی بصیرت حاصل کر سکتے ہیں؟ (لیحونا،، فروری ۲۰۲۰، ۱۲–۱۷)۔
آپ خُدا کے ساتھ بات چیت کرنے والے لوگوں کی صحائف میں دوسری مثالیں بھی تلاش کر سکتے ہیں۔ اِنجیلی آرٹ کی کتاب میں تصاویر یا دیگر آ، میرے پِیچھے ہو لے کتابیں آپ کو تجاویز دے سکتی ہیں۔ آپ کو ملنے والی ہر مثال کے لیے پہلے درج بالا سوالات کے جواب دینے کی کوشش کریں۔ دُعا کے جوابات پانے میں آپ کو کون سے تجربات حاصل ہوئے ہیں؟ آپ دوسروں کو بھی اچھے تجربات پانے میں مدد کرنے کے لیے کیا کر سکتے ہیں؟
مزید دیکھیں رسل ایم نیلسن، ”اُس کی سُنو،“ لیحونا، مئی ۲۰۲۰، ۸۸–۹۲؛ عنوانات اور سوالات ”ذاتی مُکاشفہ،“ گاسپل لائبریری۔
جوزف سمتھ نے خُدا باپ اور اُس کے بیٹے یِسُوع مسِیح کو دیکھا۔
جوزف سمتھ کو بھروسا تھا کہ خُدا اُس کی دُعا کا جواب دے گا، لیکن اُسے اندازہ نہیں تھا کہ یہ جواب اُس کی زندگی اور—دُنیا کو کیسے بدل دے گا۔ جیسا کہ آپ جوزف کے تجربے کے بارے میں پڑھتے ہیں، غور کریں کہ پہلی رویا کے نتائج نے آپ کی زِندگی کو کس طرح بدل دیا ہے۔
مثال کے طور پر، پہلی رویا نے خُدا باپ اور اُس کے بیٹے، یِسُوع مسِیح کے بارے میں بہت سی سچائیاں ظاہر کیں، جو جوزف کے زمانے کے بہت سے لوگوں کے اعتقاد سے مختلف تھیں۔ جب آپ جوزف سمتھ—تاریخ ۱:۱۵–۲۰ پڑھتے ہیں، تو اِس طرح کے بیان کو مکمل کرنے کے مختلف طریقے لکھنے پر غور کریں: ”چونکہ پہلی رویا رُونما ہوئی، میں جانتا/جانتی ہوں …“
جوزف کے تجربے اور اُس سے حاصل ہونے والی ہر چیز پر غور کرتے وقت آپ کیا احساسات پاتے ہیں؟
مزید دیکھیں ”خُدا سے پوچھیں: جوزف سمتھ کی پہلی رویا“ (ویڈیو) گاسپل لائبریری؛ ”جوزف سمتھ کی پہلی رویا،“ گیت، نمبر ۲۶۔
پہلی رویا کے مختلف بیانات کیوں ہیں؟
اپنی زندگی کے دوران، جوزف سمتھ نے مُقدس جُھنڈ میں اپنے تجربے کو اکثر محرّر کا استعمال کرتے ہوئے، کم از کم چار بار تحریر کروایا۔ اِس کے علاوہ، بہت سے بیانات دوسرے لوگوں کے ذریعہ لکھے گئے جنہوں نے جوزف کو اُس کی پہلی رویا کے بارے میں بات کرتے ہوئے سُنا۔ اگرچہ یہ بیانات کچھ تفصیلات میں مختلف ہیں، مصنف، سامعین اور ترتیب کے لحاظ سے، وہ بصورت دیگر مطابقت رکھتے ہیں۔ اور ہر بیانات میں ایسی تفصیلات شامل کی جاتی ہیں جو جوزف سمتھ کے تجربے کو بہتر طور پر سمجھنے میں ہماری مدد کرتی ہیں، بالکل اُسی طرح جیسے نئے عہد نامے کی چار اِنجیلوں میں سے ہر ایک نجات دہندہ کی خدمت کو بہتر طور پر سمجھنے میں ہماری مدد کرتی ہے۔
مزید عنوانات اور سوالات، ”پہلی رُویا کے بیانات،“ گاسپل لائبریری میں دیکھیں۔
میں جو کچھ جانتا ہوں اُس پر صادق رہ سکتا ہوں، چاہے دوسرے مجھے مسترد کر دیں۔
اپنی نمایاں پہلی رُویا کے بعد، جوزف سمتھ فطری طور پر اپنا تجربہ دوسروں کے ساتھ بانٹنا چاہتا تھا۔ اِس کے نتیجے میں اُسے حیران کُن مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ جب آپ اُس کے بیانات کو پڑھتے ہیں، تو آپ کو اپنی گواہی پر سچے رہنے کی کیا ترغیب ملتی ہے؟ صحائف، کسی آباؤ اجداد، یا ایسے لوگوں سے جنہیں آپ جانتے ہیں—اور کون سی مثالیں—آپ کو اپنے حاصل کردہ رُوحانی تجربات سے صادق رہنے کا حوصلہ بخشتی ہیں۔
مزید دیکھیں گیری ای سٹِیون سن، ”اپنی گواہی کی پرورش کرنا اور بانٹنا،“ لیحونا، نومبر ۲۰۲۲، ۱۱۱–۱۴۔
بچّوں کی تدریس کے لیے تجاویز
جوزف سمتھ خُدا کا نبی بننے کے لیے تیار تھا۔
-
جوزف سمتھ کی جوانی کے بارے میں سیکھنے سے آپ کے بچوں کو اِن کے تجربات سے سیکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔ ہو سکتا ہے کہ وہ جوزف سمتھ کی تصویر پکڑیں اور اُس کے بارے میں جو کچھ جانتے ہوں اُسے بیان کریں۔ اگر ضرورت ہو تو، آپ جوزف سمِتھ—تاریخ ۱: ۳–۱۴ سے اُس کے بارے میں کچھ حقائق شامل کر سکتے ہیں (مزید دیکھیں ”باب ۱: جوزف سمِتھ اور اُس کا خاندان،“ عقائد اور عہُود کی کہانیاں، ۶–۸، یا گاسپل لائبریری میں مُتعلقہ ویڈیو)۔ جوزف کو کیا تجربہ حاصل ہوا جس نے اُسے نبی بننے کے لیے تیاری کرنے میں مدد کی؟ خُدا ہمیں کیا کرنے کے لیے تیار کر رہا ہے؟
خُدا میرے سوالات کا جواب صحائف میں سے دے سکتا ہے۔
-
اپنے بچوں کو مختلف کتابیں دکھانے پر غور کریں جن میں صحائف بھی شامل ہوں۔ اُن سوالات کے بارے میں سوچنے میں اِن کی مدد کریں جن کے جواب یہ کتابیں دے سکتی ہیں۔ پھر آپ یہ جاننے کے لیے جوزف سمتھ—تاریخ ۱۰:۱–۱۱ کو ایک ساتھ پڑھ سکتے ہیں کہ جوزف سمتھ کے پاس کون سے سوالات تھے اور اُس نے صحائف میں کیا جوابات پائے تھے۔
-
آپ کے بچے آیت ۱۲ میں ایسے الفاظ تلاش کرنے کے قابل ہو سکتے ہیں جو بیان کرتے ہیں کہ یعقُوب ۵:۱ کو پڑھنے سے جوزف پر کیا اثر پڑا۔ پھر آپ ایک دُوسرے کے ساتھ ایسے تجربات بیان کر سکتے ہیں جس میں صحائف کے ایک حوالے نے آپ پر زبردست اثر ڈالا تھا۔ آپ صحائف کو پڑھنے کے بارے میں ایک ساتھ مِل کر گیت بھی گا سکتے ہیں، جیسے کہ ”تلاش، غور، اور دُعا کرو“ (بچّوں کے گیتوں کی کتاب، ۱۰۹)۔ یہ گیت اِس بارے میں کیا سِکھاتا ہے کہ ہم صحائف کیوں پڑھتے ہیں؟
آسمانی باپ میری دُعاؤں کو سُنتا اور جواب دیتا ہے۔
-
آسمانی باپ کے ساتھ ہم کس طرح بات چیت کرتے ہیں اِس کے بارے میں گفتگو شروع کرنے کے لیے، شاید آپ اور آپ کے بچّے رابطوں کے مختلف طریقوں، جیسے کہ ٹیکسٹ میسج، فون کال، یا ہاتھ سے لکھا ہوا نوٹ استعمال کرتے ہوئے ایک دوسرے سے سوالات پوچھ سکتے ہیں۔ ہم آسمانی باپ سے سوال کیسے پوچھ سکتے ہیں؟ ہم اُسے کیسے دکھاتے ہیں کہ ہم اپنی دعاؤں میں اُس سے محبت رکھتے اور اُس کی تعظیم کرتے ہیں؟ ایک ساتھ جوزف سمتھ—تاریخ ۱:۱۶–۱۹ پڑھیں اور گفتگو کریں کہ آسمانی باپ نے جوزف سمتھ کی دُعا کا جواب کیسے دیا۔ تب آپ اور آپ کے بچّے ایسے تجربات بیان کر سکتے ہیں کہ کب آپ نے خُدا سے مدد مانگی اور جواب حاصل کیا۔
جوزف سمتھ نے آسمانی باپ اور اُس کے بیٹے، یسُوع مسِیح کو دیکھا۔
-
جب آپ پہلی رُویا کے بارے میں بتاتے ہیں تو چھوٹے بچے درختوں کی مُقدس جُھنڈ میں ہونے کا دکھاوا کرتے ہوئے بازو پھیلا کر کھڑے ہونے سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ جب آپ جوزف کی دُعا کے بارے میں بات کرتے ہیں تو بچوں سے اِس طرح جھومنے کو کہیں جیسے وہ ہوا سے اُڑ رہے ہوں۔ پھر اُن سے کہیں کہ وہ بالکل ساکن اور خاموش کھڑے رہیں جب آپ اُنہیں آسمانی باپ اور یِسُوع کے جوزف کے سامنے ظاہر ہونے کے بارے میں بتائیں گے۔
-
بڑے بچے اِس خاکہ میں ایک یا زیادہ تصویروں کا استعمال کرنے سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں تاکہ آپ کو یہ بتا سکیں کہ وہ پہلی رُویا کے بارے میں کیا جانتے ہیں۔ اُن کی حوصلہ افزائی کریں کہ وہ جوزف سمتھ—تاریخ ۱:۱۴–۱۷ کا حوالہ دیں اور جوزف کے تجربے کے بارے میں اپنے خیالات اور احساسات کو بیان کریں (مزید دیکھیں ”باب ۲: جوزف سمتھ کی پہلی رویا،“ عقائد اور عہُود کی کہانیاں، ۹–۱۲، یا گاسپل لائبریری میں مُتعلقہ ویڈیو)۔