”نومبر ۳–۹: ’زِندوں اور مرحُوموں کے واسطے مُسرت کی صدا‘: عقائد اور عہُود ۱۲۵–۱۲۸،“ آ، میرے پِیچھے ہو لے—برائے گھر اور کلِیسیا: عقائد اور عہُود ۲۰۲۵ (۲۰۲۵)
”عقائد اور عہُود ۱۲۵–۱۲۸،“ آ، میرے پِیچھے ہو لے—برائے گھر اور کلِیسیا: ۲۰۲۵
نومبر ۳–۹: ”زِندوں اور مرحُوموں کے واسطے مُسرت کی صدا“
عقائد اور عہُود ۱۲۵–۱۲۸
اگست ۱۸۴۰ میں، غم زدہ جین نیمن نے اپنے دوست سیمور برنسن کے جنازے میں نبی جوزف کی بات سُنی۔ جین کا اپنا نوعمر بیٹا سائرس بھی حال ہی میں اِنتقال کر گیا تھا۔ اِس کے غم میں اِضافہ یہ حقیقت تھی کہ سائرس نے کبھی بپتِسما نہیں لیا تھا، اور جین کو فکر تھی کہ اُس کی اَبَدی رُوح کے لیے اِس کا کیا مطلب ہوگا۔ جوزف نے اپنے پیارے بھائی ایلون کے حوالے سے بھی یہی سوچا تھا، جو بپتِسما لینے سے پہلے وفات پا گیا تھا۔ چُناں چہ نبی نے جنازے میں سب بتانے کا فیصلہ کِیا جو خُداوند نے اُن لوگوں کے واسطے نازِل کیا تھا جو اِنجِیل کی رُسُوم کو پائے بغیر اِنتقال کر جاتے ہیں—اور ہم اُن کی مدد کے لیے کیا کر سکتے ہیں۔
مرحُومین کے لیے بپتِسما کے اِلہام نے مُقدّسِین کو پُرجوش بنا دِیا؛ اُن کے خیالات فوری طور پر رحلت پانے والے خاندان کے اَرکان کی طرف مُتوجہ ہُوئے۔ اب اُن کے واسطے آس تھی! جوزف نے اُن کی شادمانی کا اِظہار کیا، اور اِس اِلہام کی تعلیم دیتے ہُوئے خط میں، اُس نے پُرمُسرت، پُرجوش زبان کا اِستعمال کیا تاکہ یہ بیان کِیا جا سکے کہ خُداوند نے اُسے مُردوں کی نجات کے بارے میں کیا سِکھایا: ”پہاڑ خُوشی سے چِلائیں، اور تُم اَے وادیو بُلند آواز سے پُکارو؛ اور تُم سب سَمُندرو اور سرزمینو اپنے اَبَدی بادِشاہ کے عجائب بتاؤ!“ (عقائد اور عہُود ۱۲۸:۲۳)۔
مزید دیکھیں مُقدّسین، ۱:۴۱۵–۲۷؛ ”مرحُومین کے واسطے بپتِسما پر خطُوط،“ سیاق و سباق میں مُکاشفے، ۲۷۲–۷۶۔
گھر اور کلِیسیا میں سیکھنے کے لیے تجاویز
خُداوند چاہتا ہے کہ مَیں اپنے خاندان کی دیکھ بھال کرُوں۔
بُہت سے مشنوں میں سے ایک جس میں اُس نے خدمات انجام دیں—اِنگلستان میں مُنادی کی خِدمت سے واپس آنے کے بعد—بریگھم ینگ نے خُداوند کی طرف سے ایک اور اہم بُلاہٹ پائی تھی۔ اُس کو کہا گیا تھا کہ ”[اپنے] خاندان کی خاص دیکھ بھال کرے“ (آیت ۳)، جِنھوں نے اُس کی غیر موجودگی میں بڑی تکلیف اُٹھائی تھی۔ جب آپ اِس حِصّہ کا مُطالعہ کرتے ہیں، تو غَور کریں کہ بعض اوقات خُداوند ہماری خِدمت میں قُربانی کا تقاضا کیوں کرتا ہے۔ آپ اپنے خاندان کی دیکھ بھال کے لیے کیا کر سکتے ہیں؟
مزید دیکھیں ”اپنے خاندان کا خاص خیال رکھیں،“ سیاق و سباق میں مُکاشفے، ۲۴۲–۴۹ میں۔
مَیں مشکل وقت میں خُداوند پر توّکُل کر سکتا ہُوں۔
جُھوٹے اِلزامات اور گرفتاری کی دھمکی نے دوبارہ اگست ۱۸۴۲ میں جوزف سمِتھ کو نامعلُوم مقام پر پناہ لینے پر مجبور کر دِیا۔ اور پھر بھی اِس عرصہ کے دوران میں اُس نے مُقدّسِین کو جو باتیں لِکھیں (اب عقائد اور عہُود ۱۲۷) وہ مُسرت اور اُمِّید سے بھری ہیں۔ آیات ۲–۴ آپ کو خُدا کی بابت کیا سِکھاتی ہیں؟ ذلت یا مُخالفت کا سامنا کرنے کے حوالے سے؟ اِن آیات کے کون سے فقرے آپ کی مدد کر سکتے ہیں جب آپ کو اذیت محسُوس ہوتی ہے؟ قلم بند کرنے پر غَور کریں کہ خُداوند آپ کی زِندگی کے ”گہرے پانی“ میں آپ کو کیسے سہارا دیتا ہے۔
عقائد اور عہُود ۱۲۷:۵–۸؛ ۱۲۸:۱–۸
”جو کُچھ بھی تُم زمِین پر درج کرتے ہو، آسمان پر درج کِیا جائے گا۔“
جب آپ عقائد اور عہُود ۱۲۷:۵–۸؛ ۱۲۸:۱–۸ پڑھتے ہیں، تو اُن وجوہات کی نِشان دہی کریں کہ کیوں خُداوند نے جوزف سمتھ کو مرحوموں کے بپتِسما کے اندراج کی بابت اَیسی خاص ہدایات دیں۔ یہ آپ کو خُداوند اور اُس کے کارِ اِلہاہی کے بارے میں کیا سِکھاتا ہے؟ آپ کو کیسا لگتا ہے کہ اِس ہدایت کا اِطلاق آپ کے اپنے خاندانی اندراج، مثلاً ذاتی ڈائری پر ہو سکتا ہے؟
میرے آباواجداد کی نجات میری نجات کے واسطے بڑی ضرُوری ہے۔
جوزف سمِتھ کے وسِیلے سے خُدا نے جو مُکاشفہ بھیجا اِس سے یہ واضح ہے کہ ہمارے آباواجداد جِنھوں نے اِس زِندگی میں بپتِسما نہیں لیا تھا اُنھیں ہماری ضرُورت کیوں ہے: ہم اُن کی طرف سے بپتِسما پاتے ہیں تاکہ وہ اِس رسم کو قبُول یا مُسترد کرنے کا فیصلہ کر سکیں۔ بلکہ نبی نے یہ بھی سِکھایا کہ ہمارے باپ دادا کی نجات ”ہماری نجات کے لیے ضرُوری اور اَہم ہے۔“ جب آپ عقائد اور عہُود ۱۲۸:۱۵–۱۸ پڑھتے ہیں، تو سوچیں کہ اَیسا کیوں ہے۔
آیت ۵ سِکھاتی ہے کہ مرحُومین کے واسطے بپتِسما کی رسم ”بِنائے عالم سے بیشتر تیار کی گئی تھی۔“ یہ سچّائی آپ کو خُدا اور اُس کے منصُوبہ کے بارے میں کیا سِکھاتی ہے؟ ایلڈر ڈیل جی رینلنڈ کا پیغام ” خاندانی تاریخ اور ہَیکل کی عِبادت : مُہر بندی اور شِفایابی“ ہماری سمجھ بُوجھ میں کیا اِضافہ کرتا ہے؟ (لیحونا، مئی ۲۰۱۸، ۴۶–۴۹)۔
جوزف سمِتھ نے کہانت کی رُسُوم اور مرحُومین کے واسطے بپتِسما کی بابت تعلیم دیتے وقت ”باندھنے کی قُدرت،“ ”اِکٹھا جُڑنا،“ اور ”مکمل ملاپ“ جَیسے فقرے اِستعمال کِیے۔ جب آپ عقائد اور عہُود ۱۲۸:۵–۲۵ کو پڑھتے ہیں اِن فقروں اور اِن سے مِلتے جُلتے فقروں کی نِشان دہی کریں۔ کیا آپ اُن چیزوں کے بارے میں سوچ سکتے ہیں جنھیں آپ اِن فقروں کو بیان کرنے کے لیے اِستعمال کر سکتے ہیں، مثلاً زنجیر یا رسی؟ اِس تعلِیم کو بیان کرنے کے لیے یہ جُملے مؤثر کیوں ہیں؟
درج ذیل سوالات پر غَور کرنے سے آپ کو اِن آیات کے مُطالعہ میں بھی مدد مِل سکتی ہے:
-
آپ کی رائے میں، مرحُومین کے واسطے بپتِسما کو ”اَبَدی اِنجِیل کے مُتعلّق تمام موضُوعات میں سے سب سے بڑا جلالی موضوع“ کیوں سمجھا جا سکتا ہے؟ (آیت ۱۷)۔ کِن تجربات نے آپ کی اِس طرح محسُوس کرنے میں مدد کی ہے؟
-
اگر ”بچّوں اور والدوں کے درمیان … کسی قسم کا مضبُوط رابطہ “ نہ ہو تو زمِین کِن معنوں میں ملعُون ہو سکتی ہے؟ (آیت ۱۸)۔
-
آیات ۱۹–۲۵ میں جوزف سمِتھ کی باتوں کے حوالے سے کون سی چِیز آپ کو مُتاثر کرتی ہے؟ یہ آیات یِسُوع مسِیح کی بابت آپ کے احساس کو کیسے مُتاثر کرتی ہیں؟ اپنے آباواجداد کے لیے ہَیکل میں رُسُوم ادا کرنے کی بابت؟ (مزید دیکھیے ”آؤ، خُوشی مناؤ،“ گِیت، نمبر ۹)۔
اِن آیات کو پڑھنے کے بعد، آپ اپنے آباؤ اجداد کے لیے کچھ کرنے کی تحریک محسوس کر سکتے ہیں۔ FamilySearch.org پر تجاویز مدد دے سکتی ہیں۔
گاسپل لائبریری کے ”پُر اثر ویڈیوز“ میں ”ہَیکل اور خاندانی تارِیخ“ کا ذخیرہ آپ کو عملی مدد فراہم کر سکتا ہے، قائدین کی طرف سے خاندانی تارِیخ کی بابت اثر انگیز کہانیاں، اور پیغامات۔
مزید دیکھیں کیون آر ڈنکن، ”صدائے مُسرت،“ لیحونا، مئی ۲۰۲۳، ۹۵–۹۷۔
”شان دار اور حیرت خیز آسرا۔“
صدر گورڈن بی ہنکلی نے فرمایا:
”سب کی طرف سے یِسُوع کا کَفارہ عظیم اُلشان نیابتی قُربانی کی نمایندگی کرتا ہے۔ اُس نے وہ نظیر قائم کی جِس کے تحت وہ کُل بنی نوع اِنسان کے لیے نیابتی بن گیا۔ یہ نظیر جِس کے تحت کوئی ایک آدمی دُوسرے شخص کے عوض رسم ادا کر سکتا ہے جِس سے خُداوند کے گھر کی رُسُوم کو آگے بڑھایا جاتا ہے۔ یہاں ہم اُن لوگوں کی خدمت کرتے ہیں جو اِنجِیل کے عِلم کے بغیر وفات پا گئے ہیں۔ اِن رُسُوم کو قبُول یا مُسترد کرنے کا اِختیار اُن کے پاس ہے۔ اُنھیں زِندہ لوگوں کے مُقابلہ میں مُساوی مقام حاصل ہیں۔ مرحُومین کو بھی وہی موقع دیا جاتا ہے جو زِندہ لوگوں کو دِیا جاتا ہے۔ ایک بار پھر، قادِرِ مُطلق نے اپنے نبی پر اپنے مُکاشفہ کے وسِیلے سے کس قدر شان دار اور حیرت انگیز آسرا فراہم کِیا ہے“ (”عظِیم اُلشان باتیں جو خُدا نے ظاہر کی ہیں،“ لیحونا، مئی ۲۰۰۵، ۸۲–۸۳)۔
بچّوں کی تدریس کے لیے تجاویز
مَیں اپنے خاندان کی دیکھ بھال میں مدد کر سکتا ہُوں۔
-
اپنے بچّوں کی اپنے خاندان کے افراد کی خدمت کرنا سِیکھنے میں مدد کرنے کے لیے، ”باب ۵۰: ناووہ میں مُقدّسین“ میں (بمطابق عقائد اور عہُود کی کہانیوں، ۱۸۴، یا گاسپل لائبریری میں مُتعلقہ ویڈیو) میں بریگھم ینگ کے بارے میں معلُومات کو بیان کریں یا عقائد اور عہُود ۱۲۶ کا خلاصہ اپنے اَلفاظ میں بیان کریں۔ آپ اِس فقرے پر زور دے سکتے ہیں ”اپنے خاندان کا خاص خیال رکھیں“ (آیت ۳) اور اپنے بچّوں سے بات کریں کہ ہمارے خاندانوں کا خاص خیال رکھنے کا کیا مطلب ہے۔
-
آپ اور آپ کے بچّوں کے لیے خاندانی تصویریں دیکھنا (یا تصویریں کھینچنا) دِل چسپ ہو سکتا ہے جب آپ اُن طریقوں کے بارے میں بات کرتے ہیں جن سے ہم خاندان کے اَرکان کی ”دیکھ بھال“ میں مدد کر سکتے ہیں۔ مُتجوزہ گیت: ”گھر زمین پر جنت بن سکتا ہے،“ (گیت، نمبر ۲۹۸)۔
خُدا کے سب بچّوں کو بپتِسما پانے کے لیے موقع درکار ہے۔
-
اپنے بچّوں کو عقائد اور عہُود ۱۲۸:۱ میں اُس موضُوع کی نِشان دہی کرنے کی دعوت دیں جو جوزف کے ذہن میں تھا۔ وہ آیت ۱۷ پر بھی تحقیق کر سکتے تھے تاکہ یہ معلُوم کِیا جا سکے کہ وہ کِس موضوع کو ”سب سے زیادہ پُرجلال“ سمجھتا تھا۔ وہ جو کُچھ تلاش کرتے ہیں اُس کا ذِکر کرنے دیں اور اُس پُرجوش موضوع پر بات کرنے دیں۔
-
اپنے بچّوں کو اُن کے اپنے بپتِسما کے عہُود کی تیاری (اور عمل پیرا ہونے) میں مدد کرنے کے علاوہ، آپ اُن کی یہ جاننے میں مدد کر سکتے ہیں کہ اُن لوگوں کی مدد کیسے کی جائے جِنھوں نے اپنی زِندگی کے دوران میں یہ عہُود نہیں باندھے تھے۔ اپنے بچّوں کو کسی اَیسے شخص کے بارے میں بتانے پر غور کریں جسے آپ جانتے ہیں جو بپتِسما لیے بغیر وفات پا گیا۔ آپ عقائد اور عہُود ۱۲۸:۵ کو ایک ساتھ پڑھ سکتے ہیں اور ہَیکل کے بپتِسما کے حوض کی تصویر دیکھ سکتے ہیں (جَیسا کہ اِس خاکہ کے آخِر میں ہے)۔ اپنے بچّوں کو بتائیں کہ آپ کو ہَیکلوں میں مرحُومین کی طرف سے بپتِسما لینے کے بارے میں کیسا لگتا ہے تاکہ ہر ایک کو آسمانی باپ کے ساتھ عہُود باندھنے کا موقع ملے۔
آسمانی باپ چاہتا ہے کہ مَیں اپنی خاندانی تارِیخ کے بارے میں جانُوں۔
-
آپ کے اور آپ کے بچّوں کے لیے والدین، دادا دادی، نانا نانی، پَردادا پَردادی، پَرنانا پَرنانی اور اِسی طرح کے ناموں کے ساتھ کاغذی زنجیر بنانا دِل چسپ ہو سکتا ہے (اِس ہفتہ کا عملی سرگرمی کا صفحہ دیکھیں)۔ پھر آپ ایک دُوسرے کے ساتھ ذِکر کر سکتے ہیں جو آپ اِن آباواجداد کے بارے میں جانتے ہیں۔ عقائد اور عہُود ۱۲۸:۱۸ کو مِل کر پڑھیں تاکہ یہ معلُوم کریں کہ ”مضبُوط رابطہ“ کیا ہے جو ہماری خاندانی تاریخ کو ”پُورا اور مُکمل“ بناتا ہے۔ آپ ”جُراَت: مُجھے لگتا ہے کہ مَیں اُس سے پاتا ہُوں“ ویڈیو بھی دیکھ سکتے ہیں (گاسپل لائبریری)۔
-
آپ کے بچّوں کی خاندانی تاریخ میں حِصّہ لینے میں مدد کرنے کے لیے یا ”ہَیکل اور خُوشی کا منصُوبہ“ مزید سرگرمیاں ضمیمہ بی میں یا FamilySearch.org پر دیکھ سکتے ہیں۔