مشن کی بُلاہٹیں
باب 12: لوگوں کی بپتِسما اور اِستحکام پانے کی تیاری کرنے میں مدد کریں


”باب 12: لوگوں کی بپتِسما اور اِستحکام پانے کی تیاری کرنے میں مدد کریں،“ میری اِنجِیل کی مُنادی کرو: یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کا اِشتراک کرنے کے لیے ہدایت نامہ (2023)

”باب 12،“ میری اِنجِیل کی مُنادی کرو

یُوحنّا بپتِسما دینے والا یِسُوع کو بپتِسما دیتا ہے، از گریگ کے اولسن

باب 12

لوگوں کی بپتِسما اور اِستحکام پانے کی تیاری کرنے میں مدد کریں

اِس پر غَور کریں

  • مَیں لوگوں کو بپتِسما اور اِستحکام پانے کی تیاری میں لوگوں کی کیسے مدد کرُوں؟

  • مَیں بپتِسما کا اِنٹرویو کیسے کرُوں؟

  • حوصلہ بخش بپتِسما کی عِبادت کی منصُوبہ بندی اور انعقاد کیسے کِیا جاتا ہے؟

  • بپتِسما اور اِستحکام کا فارم پُر کرنا اور جمع کرانا کیوں ضروری ہے؟

  • مَیں نئے ارکان کی مدد کیسے کر سکتا ہُوں؟

بپتِسما اُمید کی پُرمُسرت رسم ہے جو کسی شخص کی زِندگی میں خُدا کی قُدرت لاتا ہے۔ اَیسی قُدرت رُوحُ القُدس کی نعمت پانے سے عطا کی جاتی ہے۔ جب کوئی شخص بپتِسما کا عہد نِبھانے میں آخِر تک برداشت کرے تو یہ اُس کے ساتھ جاری و ساری رہے گا۔

آپ کی تعلیم کا مقصد دُوسروں کی مدد کرنا ہے کہ وہ یِسُوع مسِیح پر اپنے اِیمان کو پُختہ کریں، اپنے گُناہوں سے تَوبہ کریں، اور مسِیح کی پیروی کرنے کی مُخلصانہ خواہش سے بپتِسما لیں۔ جیسا کہ مورمن نے سِکھایا، ”تَوبہ کا پہلا پھل بپتِسما ہے“ (مرونی 8:‏25)۔ جن لوگوں کو آپ تعلیم دیتے ہیں اُنھیں وعدے پُورا کرنے کی دعوت دیں، تو وہ خُدا کے ساتھ عہد کرنے اور اُن پر عمل کرنے کے لِیے تیار اور وعدہ کی برکات سے مسرُور ہوں گے۔

بپتِسما اور اِستحکام آخِری منزل نہیں ہیں۔ بلکہ، یہ رُسُوم وہ دروازہ ہیں جِس سے خُدا کے بچّے عہد کے راستے پر داخل ہوتے ہیں۔ یہ راستا ہیکل کی رُسُوم، عہُود، اور پُرمُسرت نعمتوں—اور بالآخِر اَبَدی زِندگی کی طرف لے جاتا ہے (دیکھیے 3 نِیفی 11:‏20–40

بپتِسما اور اِستحکام کے لیے شرائط

خُدا اپنے بچّوں کو بپتِسما اور اِستحکام کے ذریعہ سے اپنے پاس آنے کی دعوت دیتا ہے (دیکھیے 2 نِیفی 26:‏33؛ 3 نِیفی 27:‏20)۔ بپتِسما کی مطلوبہ شرائط سب کے لیے یکساں ہیں۔

بمُطابق عقائد اور عہُود 20:‏37:

  • اپنے آپ کو خُدا کے حضور فروتن کریں۔

  • بپتِسما پانے کے آرزُو مند رہیں۔

  • شِکستہ دِل اور پشیمان رُوح کے ساتھ آگے بڑھیں۔

  • اپنے سارے گُناہوں سے تَوبہ کریں اور مُعافی کے لیے دُعا کریں۔

  • مسِیح کا نام اپنے تیئں لینے کے لیے رضامند ہوں۔

  • آخِر تک مسِیح کی خِدمت کرنے کا مصمم اِرادہ کریں۔

  • اپنے کاموں سے ظاہر کریں کہ آپ کو اپنے گُناہوں کی مُعافی کے لیے مسِیح کا رُوح عطا ہُوا ہے۔

صدارتِ اوّل اور بارہ رسولوں کی جماعت کی طرف سے:

  • بپتِسما کے انٹرویو کے سوالات کے مناسب جواب دیں۔

  • سارے مشنری اسباق حاصل کریں۔

  • ایلڈرز کی جماعت کے صدر، اَنجُمنِ خواتین کی صدر، اور بشپ سے مُلاقات کریں۔

  • عِشائے ربانی کی مُتعدد عِبادات میں شرکت کریں۔

یہ شرائط رجُوع لانے کے رُوحانی عمل کے اِشارے ہیں۔ جب لوگ اِن شرائط کو پُورا کرتے ہیں، تو وہ بپتِسما اور اِستحکام کی مُقدس رُسُوم کے لیے تیار ہوتے ہیں۔

جب کوئی شخص بپتِسما کی ٹھوس تاریخ طے کرتا/کرتی ہے:

  • میری اِنجِیل کی مُنادی کرو ایپ میں اُس کے اندراج کا بغور جائزہ لیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ آپ نے ضرُوری تعلیم اور حُکم سِکھائے ہیں۔

  • اُن مواقعوں کے لیے شیڈول بنائیں جو بپتِسما اور اِستحکام کی تیاری کے لیے درکار ہیں۔ اُس شخص کے ساتھ اِس شیڈول کا جائزہ لیں۔

  • اگر مُمکن ہو تو، اُس شخص کو بپتِسما سے پہلے بپتِسما کی عِبادت میں شرکت کی دعوت دیں۔

مُطالعہِ صحائف

درج ذیل صحائف کا مُطالعہ کریں۔ آپ اُن لوگوں کی مدد کیسے کر سکتے ہیں جِنھیں آپ بپتِسما اور اِستحکام کے لیے تیار کرتے ہیں؟ اپنے مُطالعے سے جو کُچھ آپ سیکھتے ہیں اُسے درج کریں۔

نیک شافی، از گریگ کے اولسن

لوگوں کو اُن کے بپتِسما کے اِنٹرویو کی تیاری میں مدد دیں

بپتِسما کا اِنٹرویو اِس بات کو یقینی بنانے کے لیے اہم مرحلہ ہے کہ آیا وہ شخص بپتِسما لینے کے لیے خُداوند کی شرائط پر پُورا اُترتا ہے۔ بپتِسما کے اِنٹرویو کا شیڈول صرف اُسی وقت بنائیں جب کوئی شخص تیار ہو۔

اِس اِنٹرویو کی تیاری میں لوگوں کی مدد کریں تاکہ وہ اِس کے بارے میں اِطمینان محسوس کریں۔ وضاحت کریں کہ یہ کیسا ہوگا۔ اُنھیں بتائیں کہ وہ آپ جیسے کسی اور مُناد سے ملیں گے۔

اِنٹرویو کا مقصد بیان کریں۔ یہ اُن کے لیے گواہی کا موقع ہے کہ اُنھوں نے ”اپنے تمام گُناہوں سے توبہ کی ہے [اور] اُنھوں نے اپنے گُناہوں کی مُعافی کے سبب سے مسِیح کا رُوح پایا ہے“ (عقائد اور عہُود 20:‏37

وہ سوالات بتائیں جو اِنٹرویو لینے والا پوچھے گا (ذیل میں دیکھیے)۔ اِس سے کسی شخص کو اُن کا جواب دینے کی تیاری میں مدد ملتی ہے۔

اِس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ نے جو کُچھ سِکھایا ہے اور وہ عہد جو وہ بپتِسما پر کرے گا وہ شخص سمجھتا ہے۔ یہ عہد کِیا جاتا ہے:

  • یِسُوع مسِیح کا نام اپنے تئیں لینے کے لیے رضا مند ہوں۔

  • خُدا کے حُکموں پر عمل کریں۔

  • خُدا اور دُوسروں کی خِدمت کریں۔

  • آخِر تک برداشت کریں۔ (دیکھیں سبق 4۔)

اُن افضل برکات کے بارے میں گواہی دیں جو بپتِسما لینے اور اِستحکام پانے اور بپتِسما کے عہد کو برقرار رکھنے سے بخشی جاتی ہیں۔ اِن نعمتوں میں گُناہوں کی مُعافی اور رُوحُ القُدس کی نعمت شامِل ہیں۔

بپتِسما کا اِنٹرویو لینا

ہر وہ شخص جو بپتِسما لینے کا خواہاں ہے اُس کا انٹرویو کسی بااِختیار کہانتی راہ نُما کے ذریعہ سے لیا جاتا ہے۔ کسی مشن میں، وہ شخص ضلع یا زون کا راہ نُما ہوتا ہے۔ وہ اِس لیے اِنٹرویو لیتا ہے:

  • 9 سال اور اُس سے زائد عُمر کے افراد جنھوں نے کبھی بپتِسما نہیں لیا اور اِستحکام نہیں پایا۔

  • 8 سال اور اُس سے زائد عُمر کے بچّے جن کے والدین کلِیسیا کے رُکن نہیں ہیں۔

  • 8 سال اور اُس سے زائد عُمر کے بچّے جن کے والدین ہیں جِنھوں نے بپتِسما بھی لیا اور اِستحکام بھی پایا ہے۔

ذیل میں اِنٹرویو لینے والے کے لیے ہدایات فراہم کی گئی ہیں۔

  • اِنٹرویو کسی پُرسکون، پرائیویٹ جگہ پر کریں جہاں رُوح کو محسُوس کیا جا سکے۔

  • جب کسی بچّے، نوجوان یا خاتون کا اِنٹرویو کریں، تو اِنٹرویو لینے والے کا رفیق ملحقہ کمرے، صحن یا ہال میں قریب ہی ہونا چاہیے۔ اگر وہ شخص چاہے تو کسی اور بالغ کو اِنٹرویو میں شرکت کے لیے بُلا سکتا/سکتی ہے۔ مُنادوں کو ایسے تمام حالات سے گریز کرنا چاہیے جو غلط فہمی کا سبب ہو سکتے ہیں۔

  • دُعا سے شروع کریں۔

  • اُس شخص کو پُراطمینان ہونے میں مدد کریں۔

  • اِنٹرویو کو رُوحانی اِصلاح کا تجربہ بنائیں۔

  • یقینی بنائیں کہ وہ شخص اِنٹرویو کے مقصد کو سمجھتا ہے۔

  • ذیل میں دیے گئے بپتِسما کے اِنٹرویو کے سوالات پُوچھیں۔ سوالات کو فرد کی عُمر، پُختگی اور صُورتِ حال کے مُطابق ڈھال لیں۔

  • شخص کے سوالات کا جواب دیں۔

  • بپتِسما اور اِستحکام کے فارم پر دُرست معلُومات کا جائزہ لیں۔ اگر وہ شخص نابالغ ہو تو، والدین یا سرپرست کو بپتِسما سے پہلے فارم پر دستخط کرنا لازم ہے (اِس باب میں ”بپتِسما اور اِستحکام: سوالات اور جوابات“ والا حِصّہ دیکھیے)۔

  • اُس شخص کو اپنی گواہی یا اپنے تاثرات بیان کرنے کے لیے دعوت دیں۔

  • اُس شخص سے ملنے کے لیے خُوش نُودی کا اِظہار کریں۔

بپتِسما کے اِنٹرویو کے سوال

بپتِسما کے اِنٹرویو کے سوال درج ذیل ہیں:

  1. کیا آپ اِیمان لاتے ہیں کہ خُدا ہمارا اَبَدی باپ ہے؟ کیا آپ اِیمان لاتے ہیں کہ یِسُوع مسِیح خُدا کا بیٹا اور دُنیا کا نجات دہندہ اور مُخلصی دینے والا ہے؟

  2. کیا آپ اِیمان لاتے ہیں کہ یِسُوع مسِیح کی کلِیسیا اور اِنجِیل کو نبی جوزف سمتھ کے وسیلہ سے بحال کِیا گیا ہے؟ کیا آپ اِیمان لاتے ہیں کہ [کلِیسیا کا موجُودہ صدر] خُدا کا نبی ہے؟ آپ کے لیے اِس بات کا کیا مطلب ہے؟

  3. آپ کے نزدیک تَوبہ کرنے سے کیا مراد ہے؟ کیا آپ کو لگتا ہے کہ آپ نے اپنے ماضی کے گُناہوں سے تَوبہ کر لی ہے؟

  4. آپ کو سِکھایا گیا ہے کہ کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخری ایّام کی رُکنیت میں اِنجِیل کے موافق معیارِ زندگی شامِل ہیں۔ درج ذیل معیارات کے بارے میں آپ کیا فہم رکھتے ہیں؟ کیا آپ اِن کو ماننے کے لیے تیار ہیں؟

    • پاک دامنی کا قانون، جو مرد اور عورت کے درمیان قانونی بیاہ کے بندھن سے باہر کسی بھی جِنسی تعلُق کو منع کرتا ہے

    • دہ یکی کا قانون

    • حکمت کا کلام

    • سبت کے دِن کو پاک ماننا، بشمُول ہفتہ وار عِشائے ربانی کی عِبادت میں شرکت کرنا اور دُوسروں کی خِدمت کرنا

  5. کیا آپ نے کبھی کوئی سنگین جُرم کِیا ہے؟ اگر ایسا ہے تو کیا آپ اب پروبیشن یا پیرول پر ہیں؟

  6. کیا آپ نے کبھی اِسقاطِ حمل میں حِصّہ لیا ہے؟ (دیکھیے عمومی راہ نماے کِتاب، 38.6.1۔)

  7. جب آپ بپتِسما لیتے ہیں، تو آپ خُدا کے ساتھ عہد باندھتے ہیں کہ آپ مسِیح کا نام اپنے تئیں لینے، دُوسروں کی خدمت کرنے، ہر وقت خُدا کے گواہ ہونے، اور اپنی زِندگی بھر اُس کے حُکموں کو ماننے کے لیے تیار ہیں۔ کیا آپ یہ عہد باندھنے کے لیے تیار ہیں اور اُس کے وفادار رہنے کی کوشش کرتے ہیں؟

ہدایات کے لیے اگر شخص سوال 5 یا 6 کا اثبات میں جواب دیتا ہے، تو دیکھیے عمومی راہ نماے کِتاب، 38.2.8.7 اور 38.2.8.8۔

عمُومی راہ نُمائے کِتاب، 38.2.8 میں بپتِسما اور اِستحکام سے متعلق پالیسیوں اور راہ نُما اُصُولوں سے واقف ہوں۔ اِن میں سے بعض پالیسیوں میں ایسی خاص صُورتِیں شامل ہیں جو آپ کو درپیش ہو سکتی ہیں۔

اِنٹرویو کے بعد، مُناد اور اُمیدوار دُوسرے مُنادوں کے ساتھ دوبارہ مُلاقات کرتے ہیں۔ اگر وہ شخص بپتِسما لینے کے لیے تیار ہے، تو مُناد وضاحت سے بتاتے ہیں کہ بپتِسما کی عِبادت میں کیا ہوگا۔ وہ یہ بھی وضاحت کرتے ہیں کہ اِستحکام عام طور پر اُس وارڈ کی عِشائے ربّانی عِبادت میں ہوتا ہے جہاں وہ شخص رہتا ہے۔

جب بپتِسما مُلتوی کرنے کی ضرُورت ہوتی ہے۔

بعض اوقات گواہی یا اہلیت پر شک و شُبہ کی بِنا پر بپتِسما مُلتوی کرنے کی ضرُورت پڑ جاتی ہے۔ جب ایسا ہوتا ہے، تو صورتِ حال کو حساس طریقے سے اور رازداری سے سنبھالیں۔ اُس شخص کو یہ سمجھنے میں مدد کریں کہ مُستقبل کی تارِیخ میں بپتِسما لینے کی تیاری کیسے کی جائے۔

اُس شخص کی حوصلہ افزائی کریں اور مسِیح اور اُس کے کفّارہ پر اُمید دِلائیں۔ وارڈ کے اَرکان کو رفاقت و شراکت مُہیا کرنے کو کہیں۔ اِنجِیل کے بُنیادی اُصُولوں کی تعلیم تب تک جاری رکھیں جب تک کہ وہ شخص بپتِسما لینے اور اِستحکام پانے کے لیے تیار نہیں ہو جاتا۔ اُس وقت تک بپتِسما کی نئی تاریخ طے کرنے کے لیے اِنتظار کریں۔

بپتِسما اور اِستحکام: سوال و جواب

کیا مُجھے کسی نابالغ کو بپتِسما دینے کے لیے اِجازت لینا ضروری ہے؟ کلِیسیا بچّوں کی بہبُود اور اُن کے گھر کے ماحول کی ہم آہنگی کے لیے فکر مند ہے۔ کسی نابالغ، جیسا کہ مقامی قوانین میں بیان کِیا گیا ہے، کہ جب درج ذیل دونوں شرائط پُوری ہو جائیں تو بپتِسما لیا جا سکتا ہے:

  1. نگہبان والدین یا قانونی سرپرست تحریری اجازت نامہ دیتے ہیں۔ اُن کے بچّے کو کلِیسیا کے رُکن ہوتے ہُوئے جو تعلیم دی جائے گا اُنھیں اِس تعلیم کی عام سمجھ ہونی چاہیے۔ اُنھیں اپنے بچے کو بپتِسما کے عہد باندھنے اور اُس کو نِبھانے میں مدد کرنے کے لیے بھی تیار ہونا چاہیے۔

  2. جو شخص اِنٹرویو لیتا ہے اُسے عِلم ہو کہ بچّہ کو بپتِسما کے عہد سے واقفیت ہے۔ اُسے اعتماد ہونا چاہیے کہ بچّہ کلیسیائی مجالس میں شرکت کے ساتھ ساتھ حُکموں کی تعمیل کرتے ہُوئے اِس عہد کو نِبھانے کی کوشش کرے گا۔

کیا مُجھے کسی بھی شوہر یا بیوی کو بپتِسما دینے کے لیے اُس کے جیون ساتھی کی رضامندی کی ضرُورت ہے؟ جی ہاں۔ کسی بھی شادی شُدہ شخص کو بپتِسما لینے سے پہلے اپنے شریکِ حیات کی رضامندی حاصل کرنا ضرُوری ہے۔

اگر کسی خاندان میں والدین بپتِسما لینے کے لیے تیار نہیں ہیں، تو کیا مُجھے خاندان کے دیگر افراد کو بپتِسما دینا یا والدین کے تیار ہونے تک اِنتظار کرنا چاہیے؟ یہ قابلِ ترجیح بات ہے کہ خاندان کے افراد ایک ساتھ بپتِسما لیں۔ تاہم، اگر بعض تیار نہیں ہیں، تو خاندان کے انفرادی افراد بپتِسما لے سکتے ہیں جب کہ رضامندی کی ضرُورت ہوتی ہے۔

کیا خاندان کے افراد کے بپتِسما میں تب تک تاخیر کی جانی چاہیے جب تک کہ باپ کو ہارُونی کہانت عطا نہ کی جائے اور وہ خُود بپتِسما نہ دے پائے؟ نہیں۔ نئے بپتِسما یافتہ بھائیوں کو اُسی دِن ہارُونی کہانت عطا نہیں ہوتی جِس دِن وہ بپتِسما لیتے ہیں۔ سب سے پہلے بشپ سے اُن کا اِنٹرویو ہو اور وارڈ کے ارکان کو اُن کی تائید کرنا ضروری ہے۔

کیا مَیں ایسے شخص کو تعلیم اور بپتِسما دے سکتا ہُوں جو کلِیسیا کی رُکنیت سے دست بردار ہو گیا/گئی ہو یا جِس کی رُکنیت واپس لے لی گئی ہو؟ وہ لوگ جو کلِیسیا کی رُکنیت سے دست بردار ہو گئے یا جِن کی رُکنیت واپس لے لی گئی تھی اُنھیں بپتِسما اور اِستحکام سے دوبارہ شامِل کِیا جا سکتا ہے۔ اگر وہ تعلیم پانا چاہتے ہیں تو آپ اِس میں اپنے کسی بھی کردار کی حوالے سے مقامی کہانتی راہ نُماؤں اور اپنے مشن کے صدر سے مشورہ کریں۔

کسی بھی سٹیک میں، بپتِسما کے ذریعے سے دوبارہ شمولیت بشپ یا سٹیک کے صدر کی ہدایت کے تحت ہوتی ہے۔ کسی مشن میں، دوبارہ شمولیت مشن کے صدر کی ہدایت کے تحت ہوتی ہے۔ یہ راہ نُما ضرُورت کے مُطابق صدارتِ اوّل سے ہدایت پائیں گے۔ مُناد صاحبان بپتِسما کے یہ اِنٹرویو نہیں لیتے ہیں یا بپتِسما اور اِستحکام کا فارم نہیں بھرتے ہیں۔ بہرکیف، کسی مُناد کو بپتِسما دینے کے لیے کہا جا سکتا ہے۔

کلِیسیا کے سابق ارکان جو دوبارہ شامِل ہوتے ہیں وہ نئے رجُوع لانے والے نہیں ہوتے ہیں۔ بہر حال، بعض اوقات کلِیسیا کی رُکنیت کی برکات سے لُطف اندوز ہونے کے لیے مُناد اُن کی مدد کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اگر کسی شخص کے بپتِسما کی تاریخ طے ہو گئی ہے مگر وہ تمام وعدوں کو نِبھا نہیں پا رہا ہے تو کیا ہو گا؟ جب تک کہ وہ شخص وعدوں کو نِبھا نہیں پاتا اور بپتِسما کی شرائط پر پُورا نہیں اُترتا ہے تو بپتِسما کے اِنٹرویو کے شیڈول کا اِنتظار کریں۔ اِس باب میں ”بپتِسما مُلتوی کرنے کی کب ضرُورت ہوتی ہے“ دیکھیے۔

اگر کوئی جوڑا بپتِسما لینا چاہتا ہے مگر وہ بِن بیاہے ایک ساتھ رہ رہا ہے تو کیا ہو گا؟ قانونی نِکاح کے بغیر رہنے والا مرد اور عورت کا جوڑا اِس وقت تک بپتِسما نہیں لے سکتا جب تک وہ پاک دامنی کے قانون کے مُطابق زندگی بسر نہیں کرتے۔ اِس کا مطلب ہے کہ—مُخالف جِنس کے جوڑے یا ہم جِنس جوڑے کی حیثیت سے اِکٹھے نہیں رہنا—یا، مرد اور عورت کے لیے، اِس کا مطلب بیاہ کرنا ہے۔ اِس میں تَوبہ کے لیے اِیمان کا اِظہار بھی شامِل ہے جیسا کہ عقائد اور عہُود 20:‏37 میں بیان کِیا گیا ہے۔ مرد اور عورت کے درمیان بیاہ خُدا کے منصُوبے کا اہم حِصّہ ہے۔

بپتِسما کے اِنٹرویو میں سوالات 5 اور 6 کہتے ہیں کہ کیا کسی شخص نے کبھی سنگین جُرم کِیا ہے یا اسقاطِ حمل کِیا ہے۔ اگر کوئی اِن سوالوں میں سے کسی کا جواب ”ہاں“ میں دے تو مُجھے کیا کرنا چاہیے؟ اگر آپ بپتِسما کے اِنٹرویو کے دوران میں اِن میں سے کسی ایک صُورتِ حال سے واقف ہو جائیں، تو تفصیلات کے بارے میں مت پُوچھیں۔ وعدہ نہ کریں کہ اُس شخص کو بپتِسما کے لیے منظُوری دے دی جائے گی۔ اِس کے بجائے، اپنی محبّت کا اِظہار کریں اور شفقت سے سمجھائیں کہ کوئی زیادہ پُختہ اور تجربہ کار شخص اِس شخص سے بات چیت اور مدد کرے گا۔

اپنے مشن کے صدر کو بپتِسما کے اِنٹرویو کی درخواست بھیجیں۔ وہ یا اُس کا کوئی مُشیر اُس شخص سے ملے گا۔ دیکھیں عمومی راہ نُمائے کِتاب، 38.2.8.7 اور 38.2.8.8۔

اگر مَیں نے بپتِسما اور اِستحکام فارم جمع کرانے سے پہلے رُکنیت کا ریکارڈ بنا لِیا ہے تو مُجھے کیا کرنا چاہیے؟ ہدایات کے لیے اپنے مشن کے صدر سے رابطہ کریں۔

ذاتی مُطالعہ

اگر آپ کا اِنٹرویو لِیا جا رہا تھا تو آپ کیا محسُوس کرتے ہیں اِس بارے میں غور کریں۔ درج ذیل سوالات پر غور کریں اور اپنے تاثرات درج کریں۔

  • آپ کو اِنٹرویو کیسے ناگوار لگ سکتا ہے؟ انٹرویو لینے والا آپ کی تسکین کے لیے کیا کر سکتا ہے یا کہہ سکتا ہے؟

  • آپ کس طرح چاہیں گے کہ اِنٹرویو لینے والا آپ کے ساتھ بات چیت کرے؟

  • اگر آپ نے شکوک و شبہات یا غلط فہمیوں کا اِظہار کِیا یا اگر آپ سنگین گُناہوں کا اعتراف کرتے ہیں تو آپ اِنٹرویو لینے والے سے کیسے ردِعمل کی توقع کریں گے؟

بپتِسما

بپتِسما کی عِبادت

نئے رُکن کے لیے بپتِسما کی عِبادت اور اِستحکام یادگار رُوحانی موقع ہونا چاہیے۔ جُوں ہی کوئی شخص بپتِسما لینے کی شرائط پر پُورا اُترتا ہے، تو بپتِسما کی عِبادت کا شیڈول طے کرنا چاہیے۔ وضاحت کریں کہ کیا منصوبہ بنایا گیا ہے اور کیوں۔ مُناسب لِباس پر تبادلہ خیال کریں، بشمول بپتِسما کے لیے اُس شخص کو پہننے کے لیے سفید لبِاس کیسے دِیا جائے گا۔

رجُوع لانے والوں کے لیے بپتِسما کی عِبادات بشپ کی راہ نمائی کے تحت کی جاتی ہیں۔ وارڈ مشن لیڈر (اگر کسی کو بُلاہٹ دی گئی ہے) یا ایلڈر کورم کی صدارت کا رُکن جو مُنادی کے کاموں کی منصُوبہ بندی کرتا اور اِن عِبادات کی نگرانی کرتا ہے۔ وہ کُل وقتی مُنادوں کے ساتھ رابطہ کرتا ہے۔ بپتِسما کی عِبادات سادہ، مُختصر، اور رُوحانی بڑھوتی پر مبنی ہونی چاہئیں۔

بپتِسما کی عِبادت میں شرکت کے لیے بشپ صاحبان کی مجلس کا رُکن، انجمنِ خواتین کی صدارت کی رُکن، اور ایلڈر کورم صدارت کے رُکن (اگر وہ قیادت نہیں کر رہا) کو مدعو کریں۔ جب مُناسب ہو، تو تنظیم کے دیگر راہ نُما، نوجوانوں کے راہ نُما، اور خدمت گُزار بھائی اور بہن (اگر تفویض کِیے جائیں) کو مدعو کریں۔ بپتِسما لینے والے شخص کے ساتھ مل کر دوستوں اور رشتہ داروں کو بپتِسما کی عِبادت اور اِستحکام میں شرکت کی دعوت دیں۔

دیگر لوگ جن کو آپ تعلیم دے رہے ہیں دعوت دینے پر غَور کریں۔ یہ تجربات اُنھیں رُوح کو محسُوس کرنے اور اِنجِیل کے بارے میں مزید فہم پانے میں مدد کریں گے۔ عِبادت کے بعد، اُن کے تجربے پر تبادلہِ خیال کرنے کے لیے پیروی کریں اور اُنھیں سِکھانے کے لیے دعوت دیں۔

بپتِسما کی عِبادت میں درج ذیل نکات شامل ہو سکتے ہیں:

  1. اِبتدائی حمدوثنا

  2. عِبادت کی قیادت کرنے والے کہانتی راہ نُما کی طرف سے مُختصر خیر مقدم (اگر ممکن ہو تو صدارتِ بشپ کے رُکن کو قیادت کرنی چاہیے)

  3. اِبتدائی گیت اور دُعا

  4. اِنجِیل کے موضوعات پر ایک یا دو مُختصر پیغامات، مثلاً بپتِسما اور رُوحُ القُدس کی نعمت

  5. حمد و ثنا کا اِنتخاب

  6. بپتِسما

  7. تعظیم کا وقت جب کہ بپتِسما میں حِصّہ لینے والے کپڑے تبدیل کرنے کے لیے جاتے ہیں۔ (اِس وقت کے دوران میں گیت یا پرائمری کے گیت بجائے یا گائے جائیں۔ یا مُناد کوئی مُختصر اِنجِیل سے تمثیل بتا سکتے ہیں۔)

  8. اگر چاہیں تو نئے ارکان گواہی دیں

  9. اِختتامی گیت اور دُعا

  10. اِختتامی حمدوثنا

اگر آپ سبت کے دِن بپتِسما لینے کا شیڈول طے کرتے ہیں، تو ایسے وقت کا چُناؤ کریں جو سبت کی باقاعدہ عِبادتوں کے ساتھ مُمکنہ حد تک کم رُکاوٹ کا باعث ہو۔

اِستحکام

اِستحکام

شخص کو بپتِسما لینے کے بعد اِستحکام کی رسم عطا ہوتی ہے (دیکھیے عقائد اور عہُود 20:‏41)۔ بپتِسما اور اِستحکام کی رسُوم مکمل اور صحیح طور پر درج کی جانے کے بعد نئے رجُوع لانے کو کلِیسیا کا رُکن مانا جاتا ہے۔

اِستحکام بشپ کی ہدایت کے تحت ہوتے ہیں۔ بہرکیف، وہ اِستحکام کے لیے الگ سے انٹرویو نہیں لیتے۔

بشپ اور وارڈ مشن لیڈر (اگر کسی کو بُلاہٹ دی گئی ہو) کے ساتھ مل کر یہ یقینی بنایا جائے کہ نئے رُجُوع لانے والوں کا اِستحکام ہو گیا ہے۔ بپتِسما کے بعد جتنی جلدی ہو اِستحکام عطا کِیا جائے، ترجیحاً اگلے اِتوار کو ہونا چاہیے۔ بہرکیف، بشپ بپتِسما کی عِبادت میں اِستِثنا کے طور پر اِستحکام کی اِجازت دے سکتا ہے (دیکھیے عمومی راہ نماے کتِاب، 18.8

عام طور پر رُجُوع لانے والوں کا اِستحکام اُس وارڈ میں جہاں وہ رہتے ہیں عِشائے ربّانی کی عِبادت میں عطا کِیا جاتا ہے۔ عام طور پر بشپ وارڈ میں خدمت کرنے والے مُناد ایلڈرز کو اِستحکام میں شرکت کے لیے مدعو کرتا ہے۔ اگر کوئی مُناد اِستحکام کی رسم ادا کرتا ہے، تو اُسے مشن کے صدر سے بھی منظُوری لینا ضرُوری ہوتا ہے (دیکھیے عمُومی راہ نُماے کِتاب، 18.8.1)۔ صدارتِ بشپ کا کم از کم ایک رُکن حِصّہ لیتا ہے۔

بپتِسما اور اِستحکام کا فارم بھریں۔

یہ اِنتہائی اہم ہے کہ کسی شخص کے بپتِسما اور اِستحکام کے فوری بعد رُکنیت کا اندراج کِیا جائے۔ اپنے زمانے میں ایسے نوِشتہ کے بارے میں، مرونی نے لکھا کہ نئے ارکان ”مسِیح کی کلِیسیا کے لوگوں میں شُمار کیے گئے تھے؛ اور اُن کے نام لیے گئے، تاکہ اُن کو یاد رکھا جائے اور خُدا کے نیک کلام سے اُن کی نشوونما ہو، تاکہ اُنھیں صحیح راہ پر لایا جا سکے“ (مرونی 6:‏4

جب آپ کسی ایسے شخص کو تعلیم دیتے ہیں جو بپتِسما لینے کی تیاری کر رہا ہے، میری اِنجِیل کی مُنادی کرو ایپ میں بپتِسما اور اِستحکام فارم کو پُر کرنا شروع کریں۔ واضح کریں کہ یہ فارم رُکنیت کے دستاویز تیار کرنے کے لیے اِستعمال کِیا جائے گا۔ اِس دستاویزمیں اُس شخص کو عطا کی گئی رُسُوم کے بارے میں اہم معلُومات ہوں گی۔ جب کلِیسیا کے ارکان مُنتقل ہوتے ہیں، تو اُن کی رُکنیت کے دستاویز اُن کی نئی وارڈ میں بھیج دیے جاتے ہیں تاکہ مقامی راہ نُما اور اَرکان اُن کی حمایت کر سکیں۔

جُوں ہی نیا رُکن بپتِسما پا لیتا ہے اور اُس کو اِستحکام عطا ہو جاتا ہے، تو فارم پر ہر ایک رسم کے بارے میں معلُومات کی تجدید کریں، بشمول یہ کس نے ادا کی تھی۔ جب آپ فارم مکمل کر لیں، تو معلومات کو میری اِنجِیل کی مُنادی کرو ایپ میں درج کریں اور اِسے الیکٹرانک طور پر وارڈ کلرک کے پاس جمع کرا دیں۔ جُوں ہی کلرک کو فارم موصُول ہوتا ہے، تو وہ اِس کا جائزہ لیتا اور رُکنیت کی دستاویز تیار کرتا ہے۔

رُکنیت کی دستاویز تیار کرنے کے بعد، کلرک بپتِسما اور اِستحکام کا سرٹیفکیٹ تیار کرتا ہے۔ اِس سرٹیفکیٹ پر بشپ کے دستخط ہوتے ہیں اور اُس شخص کو دیا جاتا ہے۔

اُس شخص کی رُکنیت کے دستاویز اور سرٹیفکیٹ پر نام اور جنس اُس کے برتھ سرٹیفکیٹ، سول برتھ رجسٹری، یا موجُودہ قانونی نام سے مُطابقت ہونی چاہیے۔

ذاتی یا ساتھی کے ساتھ مُطالعہ

مُطالعہ کریں مضایاہ 6:‏1–3 اور مرونی 6:‏1–4۔ یہ حوالہ جات بپتِسما اور اِستحکام کے دُرست اندراج کرنے کے لیے کیسے ربط بناتے ہیں؟

بپتِسما اور اِستحکام کے بعد

خدمت گُزاری جاری رکھیں

نئے ارکان کا بپتِسما اور اِستحکام پانے کے بعد اُن کے ساتھ رفاقت اور معاونت کو جاری رکھیں۔ اُن کو چرچ جانے اور اَرکان کے ساتھ تعلقات اُستوار کرنے میں مدد کریں۔ اُن کے ساتھ مورمن کی کِتاب کا مُطالعہ کریں اور اُن کی مدد کریں کہ وہ خاندان کے اَرکان اور دوستوں کے ساتھ اِنجِیل کا تذکرہ کریں۔ اُنھیں میرا عہد کا راستا کا کِتابچہ مُتعارف کرائیں۔ اُن کی پیش رفت کو میری اِنجِیل کی مُنادی کرو ایپ میں درج کرتے رہیں، مثلاً عِشائے ربّانی میں اُن کی شِرکت اور جو اسباق اُنھیں نے سِیکھیں ہیں۔

آدمی بغل گیر ہوتے ہُوئے

اِستحکام کے بعد، دوبارہ مشنری اسباق پڑھائیں۔ آپ تعلیم دینے میں پیش پیش رہیں۔ بہرحال، وارڈ کے راہ نُماؤں کے ساتھ رابطہ قائم کریں تاکہ وارڈ مشنری یا دیگر ارکان شرکت کریں۔ جب آپ پڑھائیں، تو نئے ارکان کی ہمت افزائی کریں تاکہ وہ اسباق کے سارے وعدوں کو نِبھا پائیں۔

ہفتہ وار کوآرڈینیشن میٹنگز میں، اِس بارے میں مشورہ کریں کہ ارکان نئے رجُوع لانے والوں کی معاونت اور چرچ میں سرگرمی سے شرکت کرنے میں کیسے اُن کی مدد کر سکتے ہیں۔ منصوبہ بنائیں کہ کورم یا تنظیم کے راہ نُماؤں سے اُنھیں کون مُتعارف کرائے گا۔ جب آپ دوبارہ سبق پڑھائیں تو دیگر اَرکان کی شرکت کو مربوط کریں۔ خدمت گُزار بھائیوں کو تفویض کرنے کے لیے کہیں (اور بہنیں خواتین کی خدمت گُزاری کے لیے)۔

کسی مرد کے اِستحکام کے بعد، وہ ہارُونی کہانت پانے کا اہل ہے اگر وہ سال کے آخِر تک کم از کم 12 سال کا ہو جائے گا۔ ہارُونی کہانت کی تخصیص بشپ کی ہدایت کے تحت ہوتی ہیں (دیکھیے عمومی راہ نُماے کِتاب، 38.2.9.1

جب بھی مُناسب ہو، اپنی زِندگی بھر اُن لوگوں کے ساتھ بات چیت کرتے رہیں جِنھیں آپ نے تعلیم دی ہے۔ یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی ساری برکات پانے میں اُن کی معاونت کریں۔

ایلڈر گیریٹ ڈبلیو گانگ

”جب ہم شِکستہ دِل اور پشیمان رُوح کے ساتھ آتے ہیں، تو ہم یِسُوع مسِیح کی آواز سُنتے ہیں اور اُس کے فہمیدہ بازوؤں میں تحفظ پاتے ہیں۔ مُقدّس رُسُوم باطنی نِیت اور ظاہری اعمال کی تقدیس کے لیے عہُود سے وابستگی اور ’دین داری کی قُدرت‘ عطا کرتے ہیں [عقائد اور عہُود 84:‏20]۔ اُس کی محبُت بھری شفقت اور تحمل کے ساتھ، اُس کی کلِیسیا ہماری سرائے بن جاتی ہے“ (گیرٹ ڈبلیو گانگ، ”سرائے میں جگہ،“ لیحونا، مئی 2021، 27)۔

نئے اَرکان کو ہیکل کی برکتوں میں حِصّہ لینے میں مدد دیں۔

مناسب عُمر کے نئے رُکن ہیکل کا اِجازت نامہ موصُول کر سکتے ہیں جس سے وہ اپنے مرحُوم خاندانی افراد کے لیے بپتِسما کی پاتے ہیں (دیکھیے عمُومی راہ نُماے کِتاب، 26.4.2)۔ وہ بشپ سے یہ اِجازت نامہ پاتے ہیں۔ نئے ارکان کی حوصلہ افزائی کریں اور جتنی جلدی مناسب ہو ہَیکل کا اِجازت نامہ پانے میں مدد کریں۔ اگر کوئی ہَیکل قریب ہے تو، نئے ارکان کو مرحُوم آباواَجداد کے لیے بپتِسما لینے کے لیے کوئی مخصُوص وقت کے لیے دعوت دینے پر غَور کریں۔

ہفتہ وار کوآرڈینیشن میٹنگز میں، منصُوبہ بنائیں کہ نئے ارکان کو وارڈ کی ہَیکل اور خاندانی تاریخ کے راہ نُما سے کون مُتعارف کرائے گا۔ یہ راہ نُما اُن کو ہَیکل کی برکتیں پانے کے لیے اُنھیں ہَیکل میں اپنے عہُود باندھنے کی تیاری کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔


تجاویز برائے مُطالعہ اور اِطلاق

ذاتی مُطالعہ

  • اُن مُشکلات کی فہرست بنائیں جن کا سامنا بپتِسما لینے والے اُمیدوار کو پیش آ سکتی ہیں۔ یہ کیوں ضرُوری ہے کہ کوئی شخص کلِیسیا کے اَرکان کی محبّت اور دوستی کو محسُوس کرے؟

  • مُطالعہ کریں مرونی 6 اور عقائد اور عہُود 20:‏68–69۔ لوگوں کو بپتِسما لینے اور اِستحکام پانے کی تیاری میں مدد کرنے کے مُتعلق آپ اِن آیات سے کیا سیکھتے ہیں؟ آپ جو کُچھ سیکھتے ہیں اُسے قلم بند کریں۔ باہمی مُطالعہ کے دوران میں اپنے ساتھی سے اپنے خیالات کا اِظہار کریں۔

ساتھی کے ساتھ مُطالعہ اور تبادلہِ ساتھی

  • صدر ہنری بی آئرنگ نے وضاحت کی کہ اِنجِیل کے معیارات کیوں اہم ہیں۔ درج ذیل نصِیحت پر تبادلہ خیال کریں۔ آپ لوگوں کو اِن معیارات پر پُورا اُترنے کی خواہش کی ترغیب کیسے دے سکتے ہیں؟

    ”خُداوند اپنے معیارات قائم کرتا ہے تاکہ وہ ہمیں نواز سکے۔ اُن نعمتوں کے بارے میں غور کریں: وہ اُن لوگوں سے وعدہ کرتا ہے جو رُوحُ القُدس کی مدد سے معیارات پر پُورا اُترتے ہیں۔ وہ شخصی اِطمِینان کا وعدہ کرتا ہے۔ وہ اپنے گھر میں مُقدّس رُسُوم پانے کے موقع کا وعدہ کرتا ہے۔ اور وہ اُن لوگوں سے وعدہ کرتا ہے جو اُس کے معیارات پر قائم رہتے ہیں تاکہ وہ اَبَدی زندگی پائیں گے۔ …

    ”چُوں کہ جن لوگوں کی ہم خدمت کرتے ہیں ہم اُن سے محبّت کرتے ہیں، ہم سب آسمانی باپ کے بچّوں کی پیش رفت کے لیے وفاداری اور پاکیزگی کی جانب بہتر کام کرنا چاہتے ہیں جِس کی اُنھیں خُداوند کی ساری نعمتیں پانے کے لیے ضرُورت ہے۔ …

    ”… آپ خُداوند کے معیارات کو واضح اور بغیر مُعذرت کے اپنانے سے شُروع کرتے ہیں۔ اور دُنیا جتنی زیادہ اُن سے دُور ہوتی اور اُن کا مذاق اُڑاتی ہے، تو ہمیں اُتنا ہی دلیری سے اُن پر عمل کرنا ہے“ (”قابلیت کے معیارات،“ پہلی عالمی قیادت کی تربیتی میٹنگ، جنوری 2003، 10–11)۔

  • بپتِسما کے انٹرویو کے سوالوں کا جائزہ لیں۔ غور کریں کہ آپ درج ذیل حالات کو کس طرح سنبھالیں گے:

    • اُس شخص نے آپ کو یہ نہیں بتایا کہ وہ کسی جُرم کے لیے زیرِ نگرانی ہے۔

    • اُس شخص کو اپنی دُعا کا جواب نہیں ملا کہ جوزف سمتھ نبی تھا۔

    • اُس شخص نے دو دِن پہلے سگریٹ پیا تھا۔

    • اُس شخص کو یقین نہیں ہے کہ اُس نے اپنی دُعاؤں کا جواب پا لِیا ہے۔

    • خاندان نے دوستوں کی طرف سے دباؤ محسُوس کِیا اور اُنھیں یقین نہیں کہ وہ بپتِسما لینے کے لیے تیار ہیں۔

  • بپتِسما اور اِستحکام کے فارم کا جائزہ لیں۔ آپ کی فراہم کردہ معلُومات دُرست اور مکمل کیوں ہونی چاہئیں؟

ضِلع کی مجلس، زون کی مجالس، اور مشن کی قیادتی مجالس

  • بپتِسما کے اِنٹرویو کی اہمیت کا جائزہ لیں۔ بات چیت کریں کہ مُناد صاحبان لوگوں کو اِنٹرویو کی تیاری میں کس طرح مدد کر سکتے ہیں۔

  • بات چیت کریں کہ بپتِسما کی عِبادات اور اِستحکام کو فہم و اِدراک کے مواقع کیسے بنائے جائیں۔

مشن کے راہ نُما اور مشن کے مُشِیران

  • مقامی کاہن اور تنظیم کے راہ نُماؤں کے ساتھ مل کر یقینی بنائیں کہ وہ عہد کے راستا کی رپورٹ کو موّثر طور پر اِستعمال کرتے ہیں۔

  • ضلعی راہ نُماؤں، زون کے راہ نُماؤں، اور بہنوں کی تربیتی راہ نُماؤں کو سِکھائیں کہ لوگوں کو بپتِسما کے اِنٹرویو کے لیے کیسے تیار کیا جائے۔ اِس اِنٹرویو کے لیے لوگوں کو تیار کرنے کے لیے اُنھیں دُوسرے مُنادوں کو تربیت دینے کی دعوت دیں۔

  • ضلع اور زون کے راہ نُماؤں کو بپتِسما کا اِنٹرویو لینے کا طریقہِ کار سِکھائیں۔

  • بپتِسما کے اِنٹرویو میں جب کوئی شخص اِظہار کرتا ہے کہ اُس نے سنگین گُناہ کیا ہے تو سِکھائیں کہ کیسے ردِ عمل دِکھانا ہے۔

  • جب مُمکن ہو، نئے ارکان کے واسطے بپتِسما کی عِبادات میں شرکت کریں۔ نئے ارکان سے بات چیت کریں اور اُن کی تبدیلی کے تجربات کے بارے میں جانیں۔ جو کُچھ آپ سیکھتے ہیں اپنے ساتھی اور مُنادوں کو بتائیں۔