باب ۳
بِنیامِین بادِشاہ اپنا خطاب جاری رکھتا ہے—قادرِ مُطلق خُداوند مٹی کے مقدس میں لوگوں کے درمیان خِدمت کرے گا—اُس کے ہر مسام سے خُون نِکلے گا جب وہ دُنیا کے گُناہوں کا کَفارہ دے گا—اُسی کا واحد نام ہے جِس سے نجات ملتی ہے—اِنسان کَفارہ کے وسِیلے نفسانی آدمی کو اُتار پھینک کر مُقدّسِین بن سکتے ہیں—بدکاروں کا عذاب آگ اور گندھک کی جھِیل کی مِثل ہو گا۔ قریباً ۱۲۴ ق۔م۔
۱ اور میرے بھائیو مَیں پھر تُمھاری توجہ چاہتا ہُوں، کیوں کہ مَیں تُم سے مزید چند اور باتیں کہنا چاہتا ہُوں؛ پَس دیکھو، مَیں آیندہ رُونما ہونے والی باتوں کی بابت تُمھیں بتانا چاہتا ہُوں۔
۲ اور وہ باتیں جو مَیں تُمھیں بتاؤں گا خُدا کے فرِشتہ کے وسِیلے سے مُجھ پر آشکارہ کی گئیں۔ اور اُس نے مُجھ سے کہا: جاگ اور مَیں جاگا، اور دیکھو وہ میرے سامنے کھڑا ہو گیا۔
۳ اور اُس نے مُجھ سے کہا: جاگ اور وہ باتیں سُن جو مَیں تُجھے بتاؤں گا؛ پَس دیکھ مَیں تیرے واسطے بڑی خُوشی کی بشارت کا اِعلان کرنے آیا ہُوں۔
۴ پَس خُداوند نے تیری دُعائیں سُنی ہیں اور تیری راست بازی کو جانچا ہے اور مُجھے تیرے واسطے یہ اِعلان کرنے بھیجا ہے تاکہ تُو شادمان ہو؛ اور کہ تُو اپنی اُمت میں اِعلان کر تاکہ وہ بھی خُوشی سے معمُور ہو۔
۵ پَس دیکھو وقت آتا ہے، اور یہ زیادہ دُور نہیں ہے کہ خُداوند قادرِ مُطلق جو قُدرت کے ساتھ حُکُومت کرتا ہے، جو تھا اور جو تمام اَبَدیت سے اَبَدیت تک ہے، آسمان سے بنی آدم کے درمیان آئے گا، اور مٹی کے مَقدّس میں قیام کرے گا اور لوگوں میں جا کر بڑے بڑے مُعجزے کرے گا، جَیسے کہ بِیماروں کو شِفا دینا، مُردوں کو زِندہ کرنا، لنگڑوں کو چلانا، اَندھوں کو بِینائی دینا، بہروں کو سماعت دینا اور ہر قسم کی بِیماریوں سے شِفا دینا۔
۶ اور وہ شیاطین یا بدرُوحوں کو جو بنی آدم کے دِلوں میں رہتی ہیں نِکال ڈالے گا۔
۷ اور دیکھو وہ اِس قدر آزمایشوں کو برداشت کرے گا، اور جِسمانی اَذیت، بُھوک، پیاس، اور ماندگی، جو کہ کوئی اِنسان برداشت نہیں کر سکتا، سِوا اِس کے کہ وہ مر جائے؛ پَس دیکھو وہ اپنے لوگوں کی بدکاریوں اور مکرُوہات کے باعث اِس قدر جانکنی میں ہو گا کہ اِس کے ہر مسام سے خُون بہہ نِکلے گا۔
۸ اور وہ یِسُوع مسِیح کہلائے گا، خُدا کا بیٹا، آسمان اور زمِین کا باپ، اِبتدا سے تمام چیزوں کا خالق؛ اور اُس کی ماں کا نام مریم ہو گا۔
۹ اور دیکھو، وہ اپنوں کے پاس آتا ہے تاکہ نجات بنی آدم تک پُہنچ سکے حتیٰ کہ اُس کے نام پر اِیمان کی بدولت؛ اور حتیٰ کہ اِس سب کے باوجُود وہ اُسے فقط اِنسان سمجھیں گے اور کہیں گے اُس میں رُوحِ بد ہے اور وہ اُسے کوڑے ماریں گے اور مصلُوب کریں گے۔
۱۰ اور وہ تِیسرے روز مُردوں میں سے جی اُٹھے گا؛ اور دیکھو وہ دُنیا کی عدالت کرنے کے لِیے کھڑا ہوتا ہے؛ اور دیکھو یہ سب باتیں اِس لِیے انجام پائِیں کہ بنی آدم کی راست عدالت ہو۔
۱۱ پَس دیکھو اُس کا خُون اُن کا کَفارہ بھی ادا کرتا ہے جو آدم کی خطا سے زوال پذیر ہُوئے اور جو اپنی بابت خُدا کی مرضی جانے بغیر مر گئے یا جِنھوں نے نادانی میں گُناہ کِیا۔
۱۲ لیکن اَفسوس اَفسوس اُس پر جو جانتا ہے کہ وہ خُدا کے خِلاف بغاوت کرتا ہے! پَس اَیسوں کے لِیے نجات نہیں، سِوا اِس کے کہ وہ خُداوند یِسُوع مسِیح پر اِیمان لائیں اور تَوبہ کریں۔
۱۳ اور خُداوند خُدا اِن باتوں کے اِعلان کے لِیے ہر قَوم اور قبِیلہ اور اُمّت اور اہلِ زُبان میں کُل بنی آدم کے درمیان اپنے پاک نبی بھیجتا ہے، تاکہ اِس کے وسِیلے سے جو کوئی اِیمان لائے گا کہ مسِیح آئے گا وہی اپنے گُناہوں کی مُعافی پا سکتا ہے اور نہایت خُوشی کے ساتھ شادمان ہو گا حتیٰ کہ جَیسے وہ اُن کے درمیان آ چُکا ہو۔
۱۴ اِس کے باوجُود خُداوند خُدا نے دیکھا کہ اُس کی اُمت سرکش اُمت ہے، اور اُس نے اُن کے لِیے شریعت یعنی مُوسیٰ کی شریعت مُقرّر کر دی۔
۱۵ اور اُس نے اُنھیں اُس کی آمد کی بابت بُہت سے نِشان اور عجائب اور علامتیں اور شبِیہیں دِکھائیں؛ اور پاک نبِیوں نے بھی اُس کی آمد سے متعلق اُن سے کلام کِیا؛ اور پھر بھی اُنھوں نے اپنے دِلوں کو سخت کِیا اور نہ سمجھا کہ اُس کے خُون کے کَفارہ کے سِوا مُوسیٰ کی شریعت کا کُچھ حاصل نہیں۔
۱۶ اور حتیٰ کہ اگر یہ ممکن بھی ہوتاکہ چھوٹے بچے گُناہ کرتے تو وہ بچائے نہ جا سکتے؛ بلکہ مَیں تُم سے کہتا ہُوں کہ وہ مُبارک ہیں؛ پَس دیکھو جَیسے آدم میں یا فطرت کے اعتبار سے وہ زوال پذیر ہوتے ہیں ویسے ہی مسِیح کا خُون اُن کے گُناہوں کا فِدّیہ دیتا ہے۔
۱۷ اور مزید مَیں تُم سے کہتا ہُوں کہ کوئی اور نام یا راہ یا وسِیلہ نہیں ہو گا جِس سے بنی آدم میں نجات آ سکے، صِرف مسِیح خُداوند قادرِ مُطلق کے نام پر اور اُسی کے وسِیلہ سے ہے۔
۱۸ پَس دیکھو وہ اِنصاف کرتا ہے اور اُس کی عدالت راست ہے؛ اور شِیر خوار جو اپنی شِیر خواری میں مر جاتا ہے وہ ہلاک نہیں ہوتا، لیکن اِنسان اپنی جان کے لِیے عذاب پیتے ہیں، سِوا اِس کے کہ وہ خُود کو فروتن کریں اور چھوٹے بچّوں کی مانِند بنیں اور اِیمان لائیں کہ نجات مسِیح خُداوند قادِرِ مُطلق کے کَفّارہ بخش خُون میں اور وسِیلے سے تھی اور ہے اور ہو گی۔
۱۹ پَس نفسانی اِنسان خُدا کا دُشمن ہے، اور آدم کی زوال پذیری کے وقت سے رہا ہے، اور ہمیشہ سے ہمیشہ تک، رہے گا، سِوا اِس کے کہ وہ پاک رُوح کی ترغیبات کے حوالے ہو جائے، اور نفسانی آدمی کو ترک کر دے، اور مسِیح خُداوند کے کَفارہ کے وسِیلے سے مُقدّس بن جائے، اور بچّے کی مانِند مُنکسر، حلیم، فروتن، صابر، محبّت سے معمُور، خُود کو اُن تمام چیزوں کے حوالے کرنے کے لِیے رضامند جو خُداوند اُس پر لانا واجب سمجھتا ہے، یعنی جَیسے کوئی بچّہ خُود کو باپ کے حوالے کرتا ہے۔
۲۰ اور مَیں مزید تُم سے کہتا ہُوں کہ وقت آئے گا جب نجات دہندہ کا علم ہر ایک قَوم اور قبِیلہ اور اُمّت اور اہلِ زُبان میں پھیلے گا۔
۲۱ اور دیکھو وہ وقت آئے گا، جب صِرف تَوبہ کرنے اور خُداوند خُدا قادرِ مُطلق کے نام پر اِیمان لانے کے علاوہ کوئی بھی، سِوا چھوٹے بچّوں کے، خُدا کے حُضُور بے گُناہ نہ پایا جائے گا۔
۲۲ اور حتیٰ کہ اِس وقت جب تُم اپنے لوگوں کو اِن باتوں کی تعلِیم دے چُکو جِن کا خُداوند تُمھارے خُدا نے تُمھیں حُکم دِیا، تب بھی وہ خُدا کی نظر میں بے قُصور نہ ہوں گے، صِرف اِن باتوں کے مُوافِق جو مَیں نے تُم سے کہی ہیں۔
۲۳ اور اب مَیں نے وہ باتیں کہی ہیں جِن کا خُداوند خُدا نے مُجھے حُکم دِیا۔
۲۴ اور خُداوند یُوں فرماتا ہے: یومِ عدالت وہ اِس اُمت کے خِلاف ٹھوس گواہی کے طور پر کھڑی ہوں گی، پَس اُن کی عدالت ہوگی؛ ہر اِنسان کی اُس کے کاموں کے مُطابق، خواہ وہ اچّھے ہوں یا بد۔
۲۵ اور اگر وہ بد ہُوئے تو اُنھیں اُن کے احساسِ گُناہ اور مکرُوہات کے ہولناک منظر کے سپُرد کِیا جائے گا جو اُنھیں خُداوند کی حُضُوری سے خَوف زدہ کرے گا، بدحالی اور دائمی عذاب کی حالت میں لے جانے کا سبب ہو گا، جہاں سے وہ واپس نہیں آ سکتے؛ کیوں کہ اُنھوں نے اپنی جانوں کے لِیے دائمی سزا پی ہے۔
۲۶ پَس اُنھوں نے خُدا کے غضب کے پیالے میں سے پیا ہے جِس سبب سے اِنصاف اُن کے واسطے اِس سے زیادہ دست بردار نہیں کِیا جا سکتا جِتنا کہ آدم کو مُمنوعہ پھل کھانے کے سبب سے زوال پذیر ہونا پڑا، پَس رحم کا اُن پر ہمیشہ کے لِیے کوئی دعویٰ نہیں رہ سکتا۔
۲۷ اور اُن کا عذاب آگ اور گندھک کی جھِیل کی ماننِد ہے جِس کے شُعلے بُھجنے کے نہیں اور جِس کا دُھواں ہمیشہ سے ہمیشہ تک اُوپر اُٹھتا رہتا ہے۔ خُداوند نے مُجھے یُوں حُکم دِیا ہے۔ آمین۔