صحائف
عقائد اور عہُود ۱۰۵


فصل ۱۰۵

۲۲ جُون ۱۸۳۴ کو میزوری، دریائے فشنگ پر بنی جوزف سمِتھ کے ذریعے دیا گیا مُکاشفہ۔ نبی کی قیادت میں مُقَدَّسین اوہائیو اور دیگر علاقوں سے خاص مقصد کے لیے میزوری کی طرف روانہ ہُوئے بعد میں صِیُّون کے گروہ کی حیثیت سے مشہُور ہُوا۔ اُن کا مقصد میزوری سے نِکالے گئے مُقَدَّسین کو بحفاظت جیکسن کاؤنٹی میں واپس اُن کے گھروں تک پُہنچانا تھا۔ میزوری کے وہ باشِندے جِنھوں نے ماضی میں مُقَدَّسین پر ظُلم ڈھائے تھے، صِیُّون کے گروہ کی اِنتقامی کارروائی کے خَوف کی وجہ سے پہلے سے کلے کاؤنٹی، میزوری میں بسنے والے مُقَدَّسین پر حملہ کر دیا۔ جب میزوری کا گورنر مُقَدَّسین کی حفاظت کرنے کے وعدہ سے پھِر گیا تب جوزف سمِتھ پر یہ مُکاشفہ نازِل ہُوا۔

۱–۵، صِیُّون کی تعمیر سیلیسٹیئل قانون سے مُطابقت کے ذریعے ہو گی؛ ۶–۱۳، صِیُّون کی مُخلصی کُچھ دیر کے لیے التوا میں ہے؛ ۱۴–۱۹، خُداوند صِیُّون کی لڑائیاں لڑے گا؛ ۲۰–۲۶، مُقَدَّسین کو، جَیسے وہ اِکٹھے ہوتے ہیں دانا بننا ہے اور عظیم کاموں کی شیخی نہیں بِگھارنی ہے؛ ۲۷–۳۰، جیکسن اور ملحق کاؤنٹیوں میں اراضی خریدنی ہیں؛ ۳۱–۳۴، بُزرگوں کو کرٹ لینڈ میں خُداوند کے گھر میں ودیعت پانی ہے؛ ۳۵–۳۷، مُقَدَّسین جو ہر دو، بُلائے اور چنے گئے ہیں، مُقَدَّس ٹھہرائے جائیں گے؛ ۳۸–۴۱، مُقَدَّسین کو دُنیا کے لیے امن کا عَلم اُٹھانا ہے۔

۱ مَیں تُم سے، جِنھوں نے خُود کو اِکٹھا کِیا ہے کہ تُم میرے مُصِیبت زدہ لوگوں کی مُخلصی کے بارے میں میری مرضی جانو، سچّ کہتا ہُوں—

۲ دیکھو مَیں تُم سے کہتا ہُوں، اگر میرے لوگوں کی خطائیں نہ ہوتیں، افراد کی نہیں بلکہ کلِیسیا کی بابت بات کرتے ہُوئے، اب بھی شاید مُمکِن تھا کہ وہ مُخلصی پا گئے ہوتے۔

۳ بلکہ دیکھو، اُنھوں نے اُن باتوں میں فرماں بردار ہونا نہیں سیکھا جِن کی بازپُرس اُن سے کرنا تھی، بلکہ وہ ہر قسم کی بدی سے بھرے پڑے ہیں، اور اپنے درمیان میں غربا اور مُصِیبت زدوں کو اپنے مال میں سے نہیں دیتے، جَیسا مُقَدَّسین کو کرنا چاہیے،

۴ اور اِس طرح مُتحد نہیں ہیں جَیسا سیلیسٹیئل بادِشاہی کے اِتحاد کا قانون مُطالبہ کرتا ہے؛

۵ اور صِیُّون کی تعمیر نہیں ہو سکتی سِوا اس کے کہ سیلیسٹیئل بادِشاہی کے قانون کے اُصُولوں کے مُطابق ہو؛ بصُورتِ دیگر مَیں اسے اپنے لیے قَبُول نہیں کر سکتا۔

۶ اور ضرور ہے کہ میرے لوگ تنبیہ پائیں جب تک وہ فرماں برداری نہ سِیکھ لیں، اور اگر ضروری ہو تو اُن باتوں کے ذریعے سے جو اُنھیں جھیلنی پڑیں۔

۷ مَیں اُن کے بارے میں نہیں کہتا جو میرے لوگوں کی راہ نمائی کرنے کے لیے مُقرّر کیے گئے ہیں، جو میری کلِیسیا کے پہلے بُزرگ ہیں، کیوں کہ وہ سب اِس سزا کے تحت نہیں ہیں؛

۸ بلکہ مَیں پردیس میں اپنی کلِیسیاؤں کے بارے میں کہتا ہُوں—بہتیرے ہیں جو یہ کہیں گے: اُن کا خُدا کہاں ہے؟ دیکھو کیا وہ اُنھیں مُصِیبت کے وقت میں رہائی بخشے گا، ورنہ ہم صِیُّون کو نہیں جائیں گے، اور اپنی رُقُوم اپنے پاس رکھیں گے۔

۹ پَس، میرے لوگوں کی خطاکاری کے سبب سے، میری دانِست میں یہ واجب ہے کہ میرے بُزرگ صِیُّون کی مُخلصی کے لیے کُچھ دیر اِنتظار کریں—

۱۰ کہ وہ خُود بھی تیار ہوں، اور کہ میرے لوگوں کو زیادہ کامِل طریقے سے سِکھایا جا سکے، اور وہ معرفت پائیں، اور زیادہ تمام و کمال سے اپنے فرض کے بارے میں جانیں، اور اُن باتوں کے بارے میں جِن کی مَیں اُن سے باز پُرس کرتا ہُوں۔

۱۱ اور یہ تب تک نہیں ہو سکتا جب تک میرے بُزرگوں کو عالمِ بالا سے قُدرت عطا نہ کی جائے۔

۱۲ پَس دیکھو، مَیں نے ودیعتِ کبیرہ تیار کی ہے اور اُن پر اُنڈیلنے کے لیے برکت، بشرطیکہ وہ اِیمان دار ہوتے اور میرے حُضُور حلیمی کے ساتھ قائم رہتے ہیں۔

۱۳ پَس میری دانِست میں یہ واجب ہے کہ میرے بُزرگ صِیُّون کی مُخلصی کے لیے کُچھ عرصہ اِنتظار کریں۔

۱۴ پَس دیکھو، مَیں صِیُّون کی لڑائیاں لڑنے کی بازپُرس اُن سے نہیں کرتا؛ چُناں چہ، جَیسا مَیں نے پچھلے حُکم میں کہا ہے، وَیسے ہی مَیں پُورا کرُوں گا—مَیں تُمھاری لڑائیاں لڑُوں گا۔

۱۵ دیکھو، مَیں نے تباہ کرنے والا بھیجا ہے کہ میرے دُشمنوں کو تباہ و برباد اور وِیران کرے؛ اور اِس کے بعد زیادہ برس نہیں کہ وہ میری مِیراث کو آلودہ کرنے اور اُن سرزمینوں پر جو مَیں نے اپنے مُقَدَّسین کے لیے اِکٹھا ہونے لے لیے مخصُوص کیں ہیں میرے نام کی توہین کرنے کے لیے چھوڑے نہ جائیں گے۔

۱۶ دیکھو، مَیں نے اپنے خادِم جوزف سمِتھ جُونئیر کو حُکم دیا ہے کہ میرے گھرانے کی قُوّت، یعنی میرے جنگجوؤں، میرے نوجوان لڑکوں اور متوسط عُمر کے مردوں سے کہے، کہ میرے لوگوں کی مُخلصی کے لیے اِکٹھے ہوں اور میرے دُشمنوں کے بُرج ڈھا دیں، اور اُن کے پہرے داروں کو پراگندہ کر دیں؛

۱۷ اَلبتہ میرے گھر کی قُوّت نے میرے کلام پر توجہ نہیں دی۔

۱۸ اگرچہ اُن میں سے بعض اَیسے ہیں جِنھوں نے میرے کلام پر توجہ دی ہے، اگر وہ پیہم وفادار رہیں، تو مَیں نے اُن کے لیے ودیعتِ کبیرہ اور برکت تیار کی ہے۔

۱۹ مَیں نے اُن کی دُعاؤں کو سُنا، اور اُن کی نذر کو قَبُول کرُوں گا؛ اور میری دانِست میں یہ واجب ہے کہ وہ اپنے اِیمان کی آزمایش کے لیے اِتنی دُور لائے جائیں۔

۲۰ اور اب، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، یہ حُکم مَیں تُمھیں دیتا ہُوں، کہ جِتنے بھی یہاں تک آئے ہیں، جو گردونواح کے علاقے میں رہ سکتے ہیں، وہ رہیں؛

۲۱ اور وہ جو ٹھہر نہیں سکتے، جِن کے خاندان مشرِق میں ہیں، کُچھ عرصے کے لیے اُنھیں وہیں رہنے دیں، جَیسے جَیسے میرا خادِم جوزف اُن کے لیے طے کرے گا؛

۲۲ پَس مَیں اُسے اِس مُعاملے کے بارے میں مشورت دُوں گا، اور ساری چِیزیں جو کُچھ بھی وہ اُن کے لیے طے کرے گا پُوری ہوں گی۔

۲۳ اور میرے سارے لوگ جو اِردگِرد کے علاقوں میں رہتے ہیں بُہت اِیمان دار، اور دُعا سے بھرپُور، اور میرے حُضُور حلیم ہوں، اور وہ باتیں ظاہر نہ کریں جو اُن پر آشکارا کی گئی ہیں، جب تک مَیں یہ مناسب نہ جانوں کہ وہ ظاہر کی جائیں۔

۲۴ خُدا کی عدالتوں کی بات نہ کرو، نہ ہی اِیمان اور عظیم کاموں کی شیخی بِگھارو، بلکہ جتنا مُمکِن ہو خُود کو، لوگوں کے رُجحانات کے مُطابق، ایک علاقے میں اِکٹھا کرو؛

۲۵ اور دیکھو، مَیں تُمھیں اُن کی نظروں میں مَقبُولیت اور عزت بخشُوں گا، کہ تُم امن اور سلامتی کے ساتھ قیام کرو، جب کہ تُم لوگوں سے یہ کہہ رہے ہو: قانون کے مُطابق ہمارے ساتھ عدالت اور اِنصاف کرو، اور ہمارے ساتھ بُرائی کی تلافی کرو۔

۲۶ اب، دیکھو، مَیں تُم سے کہتا ہُوں، میرے دوستو، اِس طرح تُم لوگوں کی نظر میں مَقبُول ہو گے، جب تک اِسرائیل کی فَوج بُہت مضبُوط نہ ہو جائے۔

۲۷ اور مَیں وقتاً فوقتاً لوگوں کے دِل نرم کرُوں گا جَیسا مَیں نے فِرعون کے دِل کو کِیا، جب تک میرے خادِم جوزف سمِتھ جُونیئر اور میرے بُزرگوں کے پاس، جِنھیں مَیں نے مُقرّر کِیا ہے میرے گھر کی قُوّت جمع کرنے کا وقت نہیں ہوتا،

۲۸ اور دانا آدمیوں کو بھیجو، کہ وہ جیکسن کاؤنٹی میں، اور اُس سے مُلَحَق ارد گرد کی کاؤنٹیوں میں جو بھی اراضی خریدی جا سکتی ہے خرید کر میرا حُکم پُورا کرو۔

۲۹ پَس یہ میری مرضی ہے کہ یہ اَراضی خریدی جائے؛ اور جب خرید لی جائیں تو مُقَدَّسین اُنھیں تخصیص کے قانون کے مُطابق تحویل میں لیں جو مَیں نے اُنھیں دیا ہے۔

۳۰ اور یہ اراضی خرید نے کے بعد، مَیں اِسرائیل کی فوجوں کو اُن کی اپنی زمینوں کی ملکیت لینے، جو اُنھوں نے ماضی میں اپنی رُقُوم سے خریدی ہیں، اور میرے دُشمنوں کے بُرج جو اُن پر ہیں ڈھانے، اور اُن کے پہرے داروں کو پراگندہ کرنے، اور میرے دُشمنوں سے، اُن کی تِیسری اور چوتھی نسل تک جو مُجھ سے نفرت کرتے ہیں، میرا انتقام لینے پر، بےگُناہ سمجُھوں گا۔

۳۱ اَلبتہ پہلے میری فَوج کو بُہت مضبُوط ہو لینے دو اور یہ میرے حُضُور مُقَدَّس ٹھہرائی جائے، کہ وہ سُورج کی مانِند صاف، اور چاند کی مانِند شِفاف ہو جائے، اور اُس کے جھنڈے تمام قَوموں کے لیے غضب ناک ہو جائیں؛

۳۲ کہ اِس دُنیا کی بادِشاہتیں اِقرار کرنے پر مجبُور ہو جائیں کہ صِیُّون کی بادِشاہت درحقیقت ہمارے خُدا اور اُس کے مسِیح کی بادِشاہت ہے؛ پَس، آؤ ہم اُس کے قوانین کے ماتحت ہو جائیں۔

۳۳ مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، میرے لیے واجب ہے کہ میری کلِیسیا کے پہلے بُزرگ بالا سے اپنی ودیعت میرے گھر میں پائیں، جِس کا مَیں نے اپنے نام پر کرٹ لینڈ کی سرزمِین میں تعمیر کرنے کا حُکم دیا ہے۔

۳۴ اور وہ اَحکام جو مَیں نے صِیُّون کی بابت دیے ہیں اور اُس کا قانون اِس کی مُخلصی کے بعد عمل میں لایا اور پُورا کِیا جائے۔

۳۵ بُلاہٹ کا دِن گُزر گیا ہے، لیکن اب چُناؤ کے دِن کا وقت آ گیا ہے؛ اور وہ جو راست ہیں چُنے جائیں۔

۳۶ اور میرے خادِم پر یہ رُوح کی آواز کے وسِیلے سے آشکار کِیا جائے گا، کہ وہ جو چُنیدہ ہیں، مُقَدَّس ٹھہرائے جائیں گے؛

۳۷ اور جِس قدر وہ اُس مشورت کی تقلِید کرتے ہیں جو وہ پاتے ہیں، وہ تھوڑے عرصے بعد اِختیار پائیں گے کہ صِیُّون سے مُتعلّق تمام اُمور کو سر انجام دیں۔

۳۸ اور پھِر مَیں تُم سے کہتا ہُوں، امن کے لیے اِلتجا کرو، نہ صرف اِن لوگوں سے جِنھوں نے تُمھیں مارا ہے، بلکہ تمام لوگوں سے بھی؛

۳۹ اور امن کا عَلم اُٹھاؤ، اور زمِین کی اِنتہاؤں تک امن کا اِعلان کرو؛

۴۰ اور اُنھیں جِنھوں نے تُمھیں مارا ہے امن کی تجاویز دو، اِس رُوح کی آواز کے مُطابق جو تُم میں ہے، اور تمام چِیزیں تُمھاری بھلائی کے لیے باہم کام کریں گی۔

۴۱ پَس، اِیمان دار بنو؛ اور دیکھو، اور نظر کرو، مَیں حتیٰ کہ آخِر تک تُمھارے ساتھ ہُوں۔ آمین۔