فصل ۱۷
جُون ۱۸۲۹، کو فےایٹ، نیویارک میں، نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے اولیور کاؤڈری، ڈیوڈ وِٹمر، اور مارٹن ہیرس کو دیا گیا مُکاشفہ، اَوراق پر کُندہ مورمن کی کِتاب کے نوِشتوں کے دیدار سے پہلے دیا گیا۔ جوزف اور اُس کے کاتب، اولیور کاؤڈری مورمن کی کِتاب کے اَوراق کے ترجمے سے سیکھ چُکے تھے کہ تین خاص گواہ مُقرّر کیے جائیں گے (دیکھیے عیتر ۵:۲–۴؛ ۲ نیفی ۱۱:۳؛ ۲۷:۱۲)۔ اولیور کاؤڈری، ڈیوڈ وِٹمر، اور مارٹن ہیرس نے تین خاص گواہ بننے کے لیے اِلہامی جذبے سے ترغیب پائی۔ نبی نے خُداوند سے رُجُوع کِیا، اور یہ مُکاشفہ جواباً اوریم اور تمیم کے وسیلے سے دیا گیا۔
۱–۴، اِیمان کے سبب تین گواہ اَوراق اور دیگر مُقَدَّس چِیزیں دیکھیں گے؛ ۵–۹، مسِیح مورمن کی کِتاب کی اَلوہیت کی شہادت دیتا ہے۔
۱ دیکھو، مَیں تُم سے کہتا ہُوں، ضرور ہے کہ تُم میرے کلام پر اعتقاد رکھو، جو کہ اگر تُم دِل کے کامِل اِرادے سے کرتے ہو تو اَوراق کا دیدار کرو گے، اور سِینہ بند، لابن کی تلوار، اوریم اور تمیم کا بھی، جو یارد کے بھائی کو پہاڑ پر سونپے گئے تھے، جب اُس نے خُداوند کے ساتھ رُوبرو باتیں کیں، اور مُعجِزاتی قطب نما جو لحی کو بیابان میں بحرِ قُلزم کی سرحدوں پر دیے گئے۔
۲ اور یہ تُمھارے اِیمان کے سبب سے ہے کہ تُم اُن کا دیدار کرو گے، اَیسے ہی اِیمان کے سبب سے جَیسے قدِیم کے نبیوں کا تھا۔
۳ اور تُمھارے اِیمان پانے، اور اپنی آنکھوں سے دیکھنے کے بعد، خُدا کی قُدرت سے، تُم اُن کی گواہی دو گے؛
۴ اور تُم یہ اِس لیے کرو گے کہ میرا خادِم جوزف سمِتھ جُونیئر برباد نہ کِیا جائے، تاکہ مَیں اپنے راست مقاصد اِس کام کے وسیلے سے بنی آدم تک لاؤں۔
۵ اور تُم گواہی دو گے کہ تُم نے اِنھیں دیکھ لیا ہے، بالکل اُسی طرح جِس طرح میرا خادِم جوزف سمِتھ جُونیئر اُنھیں دیکھ چُکا ہے۔ کیوں کہ یہ میری قُدرت کے وسِیلے سے ہے کہ اُس نے اِن کو دیکھا ہے، اور یہ اِس لیے ہُوا کہ وہ با اِیمان تھا۔
۶ اور وہ کِتاب کا ترجمہ کر چُکا ہے، حتٰی کہ اُس حِصّے کا جِس کا مَیں نے اُسے حُکم دیا ہے، اور یہ سچّ ہے جِس طرح تُمھارا خُداوند اور تُمھارا خُدا زِندہ ہے۔
۷ پَس، تُم نے وہی قُدرت، اور وہی اِیمان، اور وہی نعمت پائی ہے جَیسی اُس کے پاس ہے۔
۸ اور اگر تُم میرے اِن آخِری اَحکام پر عمل کرتے ہو، جو مَیں نے تُمھیں دیے ہیں تو، جہنم کے دروازے تُم پر غالِب نہ آئیں گے؛ کیوں کہ میرا فضل تُمھارے لیے کافی ہے، اور تُم یومِ آخِر کو اِقبال مند کیے جاؤ گے۔
۹ اور مُجھ، یِسُوع مسِیح، تُمھارے خُداوند اور تُمھارے خُدا نے، تُم سے کلام کِیا ہے تاکہ مَیں اپنے راست مقاصد بنی آدم پر لاؤں۔ آمین۔