فصل ۸۷
۲۵ دسمبر ۱۸۳۲ کو کرٹ لینڈ، اوہائیو، یا اِس کے قُرب و جوار میں، نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے، جنگ کے بارے میں دیا گیا مُکاشفہ اور نبُوّت۔ اِس وقت متحدہ ریاستہائے میں غُلامی اور جنُوبی کیرولینا میں وفاقی محصُولات کی نافرمانی پر اِختلافات عرُوج پر تھے۔ جوزف سمِتھ کی تارِیخ بیان کرتی ہے کہ ”جب سے کلِیسیا نے گُم نامی سے نِکل کر اپنے سفر کا آغاز کِیا ہے“ نبی پر ”دُنیا کی اَقواَم کے درمیان میں رُونما ہونے والے مسائل پہلے کی نسبت زیادہ واضح“ ہونے لگے۔
۱–۴، شمالی ریاستوں اور جنُوبی ریاستوں کے درمیان میں جنگ کی پیش گوئی کی گئی ہے؛ ۵–۸، زمِین کے باشِندوں پر بڑی مُصِیبتیں آ گریں گی۔
۱ سچّ، خُداوند اُن جنگوں کے بارے میں یُوں فرماتا ہے جو جلد ہونے والی ہیں، جو جنُوبی کیرولینا کی سرکشی سے شُروع ہوں گی، جِس کا آخِر کار نتیجہ بُہت سی جانوں کی موت اور بدحالی ہو گا۔
۲ اور وقت آئے گا کہ اِس جگہ سے شُروع ہو کر، جنگ تمام قَوموں پر اُنڈیلی جائے گی۔
۳ پَس دیکھو، جنُوبی ریاستیں شمالی ریاستوں کے خِلاف مُنقسم ہوں گی، اور جنُوبی ریاستیں دُوسری قَوموں کو مدد کے لیے پُکاریں گی، یعنی اُس قَوم کو جو برطانیہ کہلاتی ہے، اور وہ دُوسری قَوموں کو مدد کے لیے پُکاریں گے، تاکہ دُوسری قَوموں کے خِلاف اپنا دفاع کر سکیں، اور پھِر جنگ تمام قَوموں پر اُنڈیلی جائے گی۔
۴ اور اَیسا ہوگا، کہ بُہت دِنوں بعد، غُلام اپنے آقاؤں کے خِلاف اُٹھ کھڑے ہوں گے، جو جنگ کے لیے مُنَظّم کیے جائیں گے اور تربیت پائیں گے۔
۵ اور اَیسا ہو گا کہ سر زمِین کے ماندہ جو بچ گئے ہیں خُود کو مُنَظّم کریں گے، اور شدِید غُصّے ہوں گے، اور غیر قَوموں کو بڑی تکلیف سے اَذِیت دیں گے۔
۶ اور یُوں، تلوار سے اور کشت و خُون کے سبب زمِین کے باشِندے ماتم کریں گے؛ اور کال، اور آفت، اور زلزلے، اور آسمان سے گرج، اور شدِید اور کڑکتی بجلی کی کوند سے، زمِین کے باشِندے قادرِ مُطلق خُدا کے قہر، اور غضب، اور دستِ تنبیہ محسوس کریں گے، جب تک مُقرّرہ تباہی ساری قَوموں کو نیست و نابُود نہ کر دے؛
۷ تاکہ مُقَدَّسین کی پُکار، اور مُقَدَّسین کے خُون کی پُکار، زمِین سے، اپنے دُشمنوں سے بدلہ لینے کے لیے سابوتھ کے خُداوند کے کانوں تک آنا بند کر دے۔
۸ پَس، مُقَدَّس جگہوں پر کھڑے رہو، اور جُنبِش نہ کھاؤ، جب تک خُداوند کا دِن نہ آئے، پَس دیکھو، وہ جلد آتا ہے، خُداوند فرماتا ہے۔ آمین۔