فصل ۸۹
۲۷ فروری ۱۸۳۳، کرٹ لینڈ، اوہائیو میں، نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے دیا گیا مُکاشفہ۔ اِبتدائی بھائیوں کے اپنے اِجلاس میں تمباکو کے اِستعمال کے نتیجے میں، نبی کو اِس مُعاملے پر غَور و خَوص کی ہدایت فرمائی گئی؛ چُناں چہ اُس نے خُداوند سے اِس کے بارے میں دریافت کِیا۔ یہ مُکاشفہ، جو حِکمت کا کلام جانا جاتا ہے، اُس کا نتیجہ تھا۔
۱–۹، مَے، شراب، تمباکو، اور گرم مشروبات ممنوع ہیں؛ ۱۰–۱۷، جڑی بُوٹیاں، پھل، گوشت اور اَناج اِنسان اور جانوروں کے اِستعمال کے لیے مُقرّر کیے گئے ہیں؛ ۱۸–۲۱، اِنجِیل کے آئین کی پابندی، بشمول حِکمت کا کلام، دُنیاوی اور رُوحانی برکات لے کر آتا ہے۔
۱ اعلیٰ کاہنوں کی جماعت کی بھلائی کے لیے، جو کرٹ لینڈ میں جمع ہیں، اور کلِیسیا، اور صِیُّون کے مُقَدَّسین کے لیے بھی، حِکمت کا کلام—
۲ فضل کے واسطے بھیجا جائے، بوجہِ حُکم یا پابندی نہیں، بلکہ مُکاشفے سے اور حِکمت کے کلمہ سے، جو آخِری دِنوں میں سب مُقَدَّسین کی دُنیاوی نجات کے لیے خُدا کا منصُوبہ ظاہر کرتا ہے—
۳ بمعہ وعدے کے دیا گیا اُصُول، کم زوروں اور مُقَدَّسین میں کم زور ترین کی صلاحیت کے مُطابق، جو مُقَدَّسین ہیں یا ہونے کے لیے بُلائے جا سکتے ہیں۔
۴ دیکھو، سچّ، خُداوند تُم سے یُوں فرماتا ہے: اُن بدیوں اور منصُوبوں کے نتیجے میں جو آخِری دِنوں میں سازشی آدمیوں کے دِلوں میں ہیں اور ہوں گے، مَیں تُمھیں خبردار کر چُکا ہُوں، اور مُکاشفے سے یہ حِکمت کا کلام دے کر پیشگی خبردار کرتا ہُوں—
۵ کہ جب تُمھارے درمیان میں کوئی شخص مَے یا شراب پیتا ہے، دیکھو یہ اچّھا نہیں، نہ تُمھارے باپ کی نظر میں پسندیدہ، سِوا اِس کے جب تُم اُس کے سامنے اپنی نذریں گُزراننے کے لیے اِکٹھے ہوتے ہو۔
۶ اور، دیکھو، یہ مَے ہو، ہاں، تازہ انگُور کی خالص مَے، جو تُم نے خُود بنائی ہو۔
۷ اور، پھِر، شراب پیٹ کے لیے نہیں، بلکہ تُمھارے جِسموں کو دھونے کے لیے ہے۔
۸ اور پھِر، تمباکو جِسم کے لیے نہیں، نہ ہی پیٹ کے لیے، اور آدمی کے لیے اچّھا نہیں، بلکہ زخموں اور بیمار مویشیوں کے لیے مرہم ہے، جِسے سمجھ داری اور مہارت سے اِستعمال کرنا چاہیے۔
۹ اور پھِر، گرم مشروبات جِسم یا پیٹ کے لیے نہیں ہیں۔
۱۰ اور پھِر، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، سب صحت بخش جڑی بُوٹیاں خُدا نے اِنسان کی طبیعت، مزاج، اور فائدہ کے لیے مُقرّر کی ہیں—
۱۱ ہر جڑی بُوٹی اپنے موسم میں، اور ہر پھل اپنے موسم میں؛ یہ سب ہوش مندی اور شُکر گُزاری سے اِستعمال کرنے کے لیے ہیں۔
۱۲ ہاں، جان داروں اور ہَوا کے پرندوں کا گوشت بھی، مُجھ خُداوند نے اِنسان کے اِستعمال کرنے کے لیے مُقرّر کِیا ہے کہ وہ شُکر گُزار ہُوں؛ تاہم اُن کا اِستعمال کفایت شعاری سے کرنا ہے؛
۱۳ اور میرے لیے یہ خُوش کن بات ہے کہ اُن کا اِستعمال صرف سردیوں کے وقت، یا ٹھنڈ، یا کال کے علاوہ نہ ہو۔
۱۴ ہر قسم کا اَناج اِنسان اور جان داروں کے اِستعمال کے لیے مُقرّر کِیا گیا ہے، کہ غذا ہو، صرف اِنسان کے لیے ہی نہیں بلکہ میدان کے جانوروں، اور آسمان کے پرندوں، اور کل دشتی جانوروں کے لیے، جو زمِین پر دوڑتے یا رینگتے ہیں؛
۱۵ اور یہ خُدا نے صرف قحط اور بےحد بُھوک کے وقتوں میں اِستعمال کے لیے بنائے ہیں۔
۱۶ ہر قسم کا اَناج اِنسان کے لیے مفید ہے؛ اور جَیسا کہ تازہ پھل بھی، وہ پھل، چاہے زمِین میں یا زمِین کے اُوپر اُگتا ہے—
۱۷ تو بھی، گندم اِنسان کے لیے اچّھی ہے، اور مکئی بیل کے لیے، اور جئی گھوڑے کے لیے، اور رئی پرندوں اور سُؤر کے لیے، اور میدان کے تمام جانوروں کے لیے، اور جؤ اور دُوسرا اَناج تمام مفید جانوروں کے لیے، اور ہلکے مشروبات کے لیے اچّھا ہے۔
۱۸ اور تمام مُقَدَّسین جو اِن باتوں کو یاد رکھتے ہیں اور اِن پر عمل پیرا ہوتے ہیں، اَحکام پر فرماں برداری سے چلتے ہیں، ناف کی صحت اور ہڈیوں میں تازگی پائیں گے؛
۱۹ اور حِکمت پائیں گے اور عِلم کے بڑے بڑے خزانے، حتیٰ کہ چُھپے ہُوئے خزانے؛
۲۰ وہ دوڑیں گے اور نہ تھکیں گے، اور چلیں گے اور ماندہ نہ ہوں گے۔
۲۱ اور مَیں، خُداوند، اُنھیں وعدہ دیتا ہُوں، کہ تباہ و برباد کرنے والا فرِشتہ اُنھیں چھوڑ کر گُزر جائے گا، جَیسا کہ بنی اِسرائیل کو، اور اُنھیں نہ مارے گا۔ آمین۔