”باب 1: اپنے مُنادی کے مقصد کو پُورا کریں،“ میری اِنجِیل کی مُنادی کرو: یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کا اِشتراک کرنے کے لیے ہدایت نامہ (2023)
”باب 1،“ میری اِنجِیل کی مُنادی کرو
باب 1
اپنے مُنادی کے مقصد کو پُورا کریں
آپ کا مقصد: دُوسروں کو یِسُوع مسِیح اور اُس کے کفّارہ پر اِیمان، توبہ، بپتِسما، رُوحُ القُدس کی نعمت پانے، اور آخر تک برداشت کرنے کی بدولت بحال شُدّہ اِنجِیل کو قبول کرنے میں مدد کرنے کے باعث مسِیح کی طرف رُجُوع لانے کی دعوت دینا ہے۔
یِسُوع مسِیح کی بحال شُدّہ اِنجِیل کی تعلیم دینے کا آپ کا فرض
آپ لوگوں میں گھرے ہُوئے ہیں۔ آپ گلی میں اُن کے پاس سے گُزرتے اور اُن کے ساتھ سفر کرتے ہیں۔ آپ اُن سے سڑک پر ملتے اور اُن سے آن لائن رابطہ کرتے ہیں۔ وہ تمام خُدا کے بچّے ہیں—آپ کے بھائی اور بہنیں۔ خُدا اُن سے محبّت کرتا ہے جیسے وہ آپ سے محبّت کرتا ہے۔
اِن میں سے بُہت سے لوگ زندگی کا مقصد تلاش کر رہے ہیں۔ اُنھیں اپنے اور اپنے خاندان کے مُستقبل کی فِکر ہے۔ اُنھیں احساسِ وابستگی کی ضرورت ہے جو اِس علم سے حاصل ہوتی ہے کہ وہ خُدا کے فرزند اور اُس کے اَبَدی خاندان کے اَرکان۔ وہ بدلتی ہُوئی اِقدار کی دُنیا میں خُود کو محفُوظ محسُوس کرنا چاہتے ہیں۔ وہ ”اِس دُنیا میں تسلّی، اور اَگلے جہان میں اَبَدی زِندگی پانا چاہتے ہیں“(عقائد اور عہُود 59:23)۔
بُہت سے”صرف سچّائی سے اِس لیے دُور رکھے گئے ہیں کیوں کہ وہ جانتے نہیں کہ اُسے کہاں ڈُھونڈا جائے“ (عقائد اور عہُود 123:12)۔ یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل جِسے نجات دہندہ نے نبی جوزف سمِتھ کے وسیلے سے بحال کِیا، اَبَدی سچّائی فراہم کرتی ہے۔ یہ سچّائی لوگوں کی رُوحانی ضروریات کو پُورا کرتی ہے اور اُن کی گہری خواہشات کو پُورا کرنے میں اُن کی مدد کرتی ہے۔
یِسُوع مسِیح کے ایک با اِختیار نُمائندے کے طور پر، آپ لوگوں کو سِکھا سکتے ہیں کہ ”مُخلصی پاک ممسُوح میں اور اُس کے وسیلے سے آتی ہے“ (2 نیفی 2:6)۔ آپ لوگوں کو مسِیح کے پاس آنے کی دعوت دیتے ہیں تاکہ وہ اُس میں اور اُس کی بحال شُدّہ اِنجِیل میں تبدیل ہو جائیں۔ جیسے ہی وہ آپ کی دعوت کو قبُول کریں گے، اُنھیں زیادہ خُوشی، اُمید، اطمینان اور مقصد حاصل ہوگا۔
نجات دہندہ کے پاس آنے کے لیے، لوگوں کو اُس پر ایمان رکھنے کی ضرورت ہے۔ آپ اِس عقیدے کو فروغ دینے میں اُن کی مدد کر سکتے ہیں جیسا کہ آپ:
-
اُنھیں یِسُوع مسِیح کی بحال شُدّہ اِنجِیل سکھائیں اور اُس کی سچّائی کی گواہی دیں۔
-
اُس کی تعلیمات کے مُطابق زِندگی گزارنے کا عزم کرنے کی دعوت دیں۔
-
اُن سے پُوچھیں اور اُن کے وعدوں پر عمل کرنے میں اُن کی مدد کریں۔
-
اُنھیں اِیسے تجربات کرنے میں مدد کریں جس میں وہ رُوح القدس کے اثر کو محسُوس کرتے ہیں (دیکھیں 1 نیفی10:17–19)۔
یِسُوع مسِیح پر ایمان لوگوں کو توبہ کرنے کی طرف لے جاتا ہے۔ ہمارے گُناہوں کا کفّارہ دے کر، یِسُوع توبہ کو مُمکن بناتا ہے۔ جیسے جیسے لوگ تُوبہ کریں گے، وہ گُناہ سے پاک ہو جائیں گے اور آسمانی باپ اور یِسُوع مسِیح کے قریب ہو جائیں گے۔ وہ مُعافی حاصل کر کے خُوشی اور سکون کا تجربہ کریں گے۔
توبہ لوگوں کو بپتِسما اور رُوحُ القُدس کے تحفے کے لیے تیار کرتی ہے۔ ”میرے پاس آؤ،“ نجات دہندہ نے کہا، ”میرے نام میں بپتِسما لو، تاکہ رُوحُ القُدس پا کر پاک ہو تاکہ آخری دن تُم میرے سامنے بے عیب ٹھہرائے جاؤ“ (3 نیفی 27:20)۔
جیسے جیسے نجات دہندہ اور اُس کے کفّارہ کے بارے میں آپ کی سمجھ اور گواہی بڑھتی جائے گی، آپ کی اِنجِیل کا اشتراک کرنے کی خواہش بڑھتی جائے گی۔ آپ لحی کی طرح محسُوس کریں گے ”پس زمین کے باشندوں کے علم میں اِن باتوں کو لانا کتنا زیادہ … اہم ہے“ (2 نیفی 2:8)۔
آپ کی بُلاہٹ کا اِختیار اور قُدرت
آپ کو بُلایا اور مخصُوص کیا جاتا ہے کہ وہ ”بڑی خُوشی کی خبر، یعنی اَبَدی اِنجِیل، کی [بشارت] دیں“ (عقائد اور عہُود 1:79)۔ مضایاہ کے بیٹوں کی مانند، آپ خُدا کی قُدرت اور اِختیار کے ساتھ تعلیم دے سکتے ہیں (دیکھیں ایلما 17:2–3)۔
مسِیح کی ہدایت کے تحت، اِنجِیل کی مُنادی کا اِختیار نبی جوزف سمتھ کے ذریعے بحال ہُوا۔ جب آپ کو مُناد کے طور پر مخصُوص کِیا گیا تو آپ کو یہ اِختیار ملا۔ اِس کے ساتھ خُداوند کی نُمائندگی کرنے اور اُس کی اِنجِیل سکھانے کا حق، استحقاق اور ذمہ داری آتی ہے۔
اِس اِختیار میں آپ کی بُلاہٹ کے لائق زندگی گُزارنے کی ذمہ داری شامل ہے۔ اِس مخصُوصیت کو حقیقی طور پر لیں۔ گُناہ سے اور ہر اِیسی چیز سے دور رہیں جو بے ہودہ ہو۔ دُنیا کے طریقوں اور سوچوں سے دور رہیں۔ یِسُوع مسِیح کے شاگردوں کے لیے مُنادی کے معیّارات پر عمل کریں۔ خُداوند کے نُمائندے کے طور پر، آپ کو ”اِیمانداروں کے لِئے نمُونہ“ بننا ہے (1 تیمتھیس 4:12)۔ اپنے اعمال اور الفاظ سے یِسُوع مسِیح کے نام کی تعظیم کریں۔
اِختیار کے علاوہ، آپ کو اپنی بُلاہٹ کو پورا کرنے کے لیے رُوحانی قوت کی ضرورت ہے۔ جب آپ یِسُوع مسِیح، اور اُس کی اِنجِیل کی سچّائیوں کو جو آپ سِکھاتے ہیں، اور اپنی گواہی کو مضبُوط کرنے کے لیے مسلسل کام کرتے ہیں تو خُدا رُوحانی قوت دیتا ہے۔ جب آپ دُعا کرتے ہیں، صحائف کا مُطالعہ کرتے ہیں، اپنے مُنادی کے مقصد کو پُورا کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو وہ رُوحانی طاقت عطا کرتا ہے۔ وہ رُوحانی قوت عطا کرتا ہے جب آپ اُس کے احکام اور اُن عہُود کو برقرار رکھنے کی کوشش کرتے ہیں جو آپ نے نجات کی رُسومات حاصل کرنے پر کِیے تھے (دیکھیں عقائد اور عہُود 35:24۔)
رُوحانی قوت ظاہر ہو سکتی ہے جب آپ:
-
لوگوں کو سکھانے کے لیے صحائف کا استعمال کریں، اِنجِیل کی سچّائیوں کے بارے میں اُن کی سمجھ کو گہرا کرنے، اور یہ دیکھنے میں اُن کی مدد کریں کہ یہ سچّائیاں اُن کی زندگیوں پر کیسے لاگو ہوتی ہیں (دیکھیں 1 نیفی 19:23؛ ایلما 26:13؛ 31:5۔)
-
رُوح کی رہنمائی حاصل کرنا کہ خُداوند آپ سے کیا کہلوانا چاہ رہا ہے (دیکھیں عقائد اور عہُود 85:84)۔
-
اِس بارے ہدایت پانا کہ کہاں جانا ہے یا کیا کرنا ہے (دیکھیں عقائد اور عہُود 28:15؛ 31:11؛ 75:26–27)۔
-
اپنی گواہی کی تصدیق رُوح کی گواہی سے پانا (دیکھیں 2 نیفی 33:1؛ عقائد اور عہُود 100:5–8)۔
-
نجات بخش رُسُوم میں حِصّہ لینا (دیکھیں عقائد اور عہُود 84:19–20)۔
-
ایلڈر ہونے کے ناطے کہانتی برکات بخشنا (دیکھیں یعقُوب 5:14–15)۔
-
جن لوگوں کے ساتھ آپ کام کرتے ہیں اُن کے ساتھ اور اُن کے لیے دُعا کرنا (دیکھیں ایلما 6:6؛ 8:18–22؛ 10:7–11؛ 31:26–35؛ عقائد اور عہُود 75:19)۔
-
خُداوند، اپنے خاندان، دیگر مشنریوں، اور جن لوگوں کی آپ خِدمت کرتے ہیں اُن سے محبّت اور شُکرگزاری کا اِظہار کرنا (دیکھیں عقائد اور عہُود 59:7؛ 78:19)۔
رُوحُ القُدس کو اپنے ساتھ رکھنے کی کوشش کریں
جب آپ اِستحکام پاتے ہیں تو آپ رُوحُ القُدس کا تحفہ حاصِل کرتے ہیں۔ ایک مُناد کی حیثیت سے—اور زندگی بھر—آپ کی سب سے بڑی ضرورتوں میں سے ایک آپ کے ساتھ رُوحُ القُدس کا ہونا ہو گا (دیکھیں 1 نِیفی 10:17؛ 3 نِیفی 19:9)۔ رُوحُ القُدس خُدائی اَراکین کا تیسرا رُکن ہے۔
رُوحُ القُدس آپ کی راہ نُمائی کرتا ہے، سِکھاتا ہے اور تسلی دیتا ہے۔ وہ آپ کو پاک اور مُقدّس کرتا ہے۔ وہ سچّائی کی اور باپ اور بیٹے کی گواہی دیتا ہے۔ وہ آپ میں تبدیلی اور اُن میں تبدیلی لاتا ہے جنھیں آپ سِکھاتے ہیں۔ (دیکھیں 3 نِیفی 27:20؛ 28:11؛ عیتر 12:41؛ مرونی 8:26؛ 10:5؛ یوُحنّا 15:26۔)
رُوحُ القُدس ”تُم پر وہ سب باتیں ظاہر کرے گا جو تُمھیں کرنی ہیں“ (2 نِیفی 32:5)۔ وہ آپ کی صلاحیتوں اور خِدمت کو اِس سے کہیں زیادہ بڑھوتری دے گا جو آپ خُود کر سکتے ہیں۔
اپنے ساتھ رُوحُ القُدس کو رکھنا آپ کی سَرگَرم خواہشات میں سے ایک ہونا چاہیے۔ آپ اُس کی رفَاقت کو محسُوس کریں گے جب آپ:
-
دُعا کرتے ہیں (دیکھیں عقائد اور عہُود 42 :14)۔
-
خُدا کے کلام کو ذخیرہ کرتے ہیں (دیکھیں عقائد اور عہُود 11 21؛ 84:85)۔
-
اپنے دُل کو صاف کرتے ہیں (دیکھیں عقائد اور عہُود 112:28)۔
-
احکام کی فرماں برداری کرتے ہیں (دیکھیں عقائد اور عہُود 130:20–21)۔
-
ہر ہفتے اکٹھے عِشائے ربانی میں شریک ہوتے ہیں (دیکھیں مرونی 4–5؛ عقائد اور عہُود 20:77، 79)۔
”مَیں آپ سے اِلتجا کرتا ہُوں کہ مُکاشفہ پانے کے واسطے آپ اپنی رُوحانی صلاحیت میں اِضافہ کریں۔ … رُوحُ القُدس کی نعمت سے لُطف اندوز ہونے اور روح کی آواز کو زیادہ کثرت سے اور زیادہ واضح طور پر سُننے کے لئے ضروری رُوحانی کام کرنے کا اِنتخاب کریں“ (رسل ایم نیلسن، ”کلِیسیا کے لیے مُکاشفہ، ہماری زندگیوں کے لیے مُکاشفہ،“ لیحونا، مئی 2018، 96)۔
رُوح کو پہچاننا سیکھیں
آپ اپنے مشنری مقصد کو بہتر طریقے سے پورا کریں گے جب آپ رُوحُ القُدس کی راہ نُمائی کو پہچاننا اور اُس پر عمل کرنا سیکھیں گے۔ رُوح آپ سے عام طور پر احساسات اور خیالات کے ذریعے خاموشی سے ہمکلام ہوتا ہے۔ اِن لطیف اشاروں کو تلاش کرنے، پہچاننے اور اُن پر عمل کرنے کے لیے خُود کو وقف کریں۔ وہ کئی طریقوں سے آتے ہیں (دیکھیں باب 4؛ مزید دیکھیں عقائد اور عہُود 8:2–3؛ 11:12–14؛ گلتیوں5:22–23)۔
رُوح کے وسِیلے سے تعلیم دیں
یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل ”ہر ایمان لانے والے کے واسطے نجات کے لئے خُدا کی قدرت ہے“ (رومیوں 1:16)۔ اِس وجہ سے، اِنجِیل کی بحالی کے پیغام کو الٰہی طاقت یعنی—رُوحُ القُدس کی طاقت سے سِکھائے جانے کی ضرورت ہے۔
خُداوند فرماتا ہے، ”رُوح تُمھیں اِیمان سے مانگی ہُوئی دُعا کے وسِیلے سے دیا جائے گا؛ اور اگر تُم رُوح نہ پاؤ تو تعلیم نہ دینا“ (عقائد اور عہُود 14:42؛ مزید دیکھیں 50:13–14، 17–22)۔ جیسا کہ آپ رُوحُ القُدس کی طاقت سے تعلیم دیتے ہیں، تو وہ:
-
آپ کو سچّائی کی تعلیم دے گا اور جس نظریے کا آپ نے مُطالعہ کِیا ہے اُسے یاد دلائے گا (دیکھیں یُوحنّا 14:26)۔
-
جب آپ کو ضرورت ہو تو بولنے کے لیے الفاظ دے گا (دیکھیں عقائد اور عہُود 84:85)۔
-
آپ کے پیغام کو اُن لوگوں کے دِلوں تک پہنچائے گا جنھیں آپ سِکھاتے ہیں (دیکھیں 2 نیفی 33:1)۔
-
ایک دُوسرے کو سمجھنے اور ترقی پانے اور خُوشی منانے کے لیے آپ کی—اور جن کو آپ رُوح سے حاصل کرتے ہیں—اُن کی مدد کرے گا (دیکھیں عقائد اور عہُود 50:17–22)۔
-
اپنے پیغام کی سچّائی کی گواہی دے گا اور جو آپ کو قبول کرتے ہیں اُن سے آپ کے الفاظ کی تصدیق کرے گا (دیکھیں عقائد اور عہُود 100:5–8)۔
خُداوند آپ کو کثرت سے برکت دے گا جب آپ رُوحُ القُدس کے ذریعے تلاش کریں گے، بھروسہ کریں گے اور تعلیم دیں گے (دیکھیں باب 4 اور 10)۔
مسِیح کی اِنجِیل اور مسِیح کی تعلیم
یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل آپ کے پیغام اور آپ کے مقصد دُونوں کی وضاحت کرتی ہے۔ یہ آپ کی مشنری خِدمت کا ”کیا“ اور ”کیوں“ دونوں فراہم کرتا ہے۔ اُس کی اِنجِیل میں نجات اور سرفرازی کے لیے تمام ضروری عقائد، اُصُول، قوانین، احکام، رُسُوم، اور عہُود شامِل ہیں۔
اِنجِیل کا پیغام یہ ہے کہ ہم اُس پر ایمان کی مشق کرنے، توبہ کرنے، بپتِسما پانے، رُوحُ القُدس کی نعمت پانے، اور آخر تک برداشت کرنے سے یِسُوع مسِیح کی بچّانے والی، مُخلصی بخش قُدرت تک رسائی پا سکتے ہیں (دیکھیں 3 نِیفی 27:13–22)۔
یہ مسِیح کی تعلیم بھی کہلاتی ہے۔ اِس تعلیم پر عمل پیرا ہوتے ہُوئے ہم مسِیح کی طرف رجُوع لاتے اور نجات پاتے ہیں (دیکھیں 1 نیفی 15:14)۔ یہ طاقتور تعلیم مورمن کی کِتاب میں سِکھائی جاتی ہے (دیکھیں 2 نیفی 31؛ 32:1–6؛ 3 نیفی 11:31–40)۔ آپ کا مقصد لوگوں کو مسِیح کی طرف رُجُوع لانے میں اور اُس کی تعلیم پر عمل کرنے کے لیے مدد فراہم کرنا ہے۔
”اِنجِیل کے پہلے اُصولوں کی مُنادی کریں—دُوبارہ اُن کی مُنادی کریں؛ آپ جانیں گے کہ اُن سے متعلق دن بہ دن نئے خیالات اور اضافی نُور آپ پر ظاہر کیا جائے گا۔ اُن کو واضح طور پر سمجھنے کے لیے آپ اُن سے متعلق وسعت پا سکتے ہیں پھر آپ اُن کو صاف صاف سمجھانے کے قابل ہو جائیں گے جنھیں آپ تعلیم دیتے ہیں“ (حائرم سمِتھ، تاریخ میں، 1838–1856، جلد E-1 [1 جولائی 1843–30 اپریل 1844]، 1994، josephsmithpapers.org)۔
یِسُوع مسِیح پر ایمان
اِنجِیل کے دیگر اُصُولوں کی بُنیادِ ایمان ہے۔ یہ عمل اور قُدرت کا اُصُول ہے۔
ہمیں ایمان کو یِسُوع مسِیح میں مرکوز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ یہ ہمیں نجات کی طرف لے جائے۔ نجات دہندہ نے سِکھایا ”کیوں کہ خُدا نے دُنیا سے اَیسی محبّت رکھّی کہ اُس نے اپنا اِکلَوتا بیٹا بخش دِیا تاکہ جو کوئی اُس پر اِیمان لائے ہلاک نہ ہو بلکہ ہمیشہ کی زِندگی پائے“ (یُوحنّا 3:16)۔
یِسُوع مسِیح پر ایمان میں یہ اعتماد بھی شامل ہے کہ وہ خُدا کا اِکلَوتا بیٹا ہے۔ یہ نجات دہندہ اور مُخلصی دینے والے کے طور پر بھروسا کرنا ہے (دیکھیں مُضایاہ 3:17؛ 4:6–10؛ ایلما 5:7–15)۔ یہ اُس پر اور اُس کے کلام، تعلیمات اور وُعدوں پر پورا بھروسا رکھنا ہے۔ مسِیح میں ہمارا ایمان بڑھتا ہے جب ہم اُس کی تعلیمات اور مثال پر پورے دِل سے عمل کرتے ہیں (دیکھیں 2 نیفی 31:6–13؛ 3 نیفی27:21–22)۔
ایک مُناد کے طور پر، لوگوں کی ایسے وعدے کرنے اور برقرار رکھنے میں مدد کریں جو یِسُوع مسِیح میں اُن کے ایمان کو مضبُوط کریں۔ یہ وعدے اُنھیں رُسُوم حاصل کرنے اور خُدا کے ساتھ مُقدّس عہُود باندھنے اور پورا کرنے کے لیے تیار کرتے ہیں۔
توبہ
یِسُوع مسِیح پر ایمان ہمیں توبہ کرنے کی طرف لے جاتا ہے (دیکھیں ہیلیمن 14:13)۔ توبہ خُدا کی طرف رُجُوع لانے اور گُناہ سے منہ موڑنے کا عمل ہے۔ جب ہم توبہ کرتے ہیں، تو ہمارے اعمال، خواہشات، اور خیالات خُدا کی مرضی کے ساتھ زیادہ ہم آہنگ ہونے کے لیے تبدیل ہو جاتے ہیں۔
نجات دہندہ نے اپنی کفّارہ بخش قُربانی کے ذریعے، ہمارے گُناہوں کی قیمت ادا کی (دیکھیں مُضایاہ 15:9؛ ایلما 34:15–17)۔ جب ہم توبہ کرتے ہیں، ہمیں یِسُوع مسِیح اور اُس کی قربانی کی وجہ سے مُعاف کیا جا سکتا ہے، کیونکہ وہ توبہ کرنے والوں کے لیے رحم کے حقُوق کا دعویٰ کرے گا (دیکھیں مرونی 7:27–28)۔ لحی نبی کے الفاظ میں، ”مُقدّس مَمسُوح کی مہربانیوں، اور رحم، اور فضل کے وسیلہ سے … ہماری مُخلصی آتی ہے“ 2 نیفی 2:6، 8)۔
توبہ کِسی رویے کو تبدیل کرنے یا کمزوری پر غالب آنے کے لیے قُوتِ ارادی کی مشق کرنے سے کہیں زیادہ ہے۔ توبہ خلُوصِ دِل سے مسِیح کی طرف مُڑنا ہے، جو ہمیں اپنے دِلوں میں ”بڑی تبدیلی“ کا تجربہ حاصِل کرنے کی قُدرت بخشتا ہے (ایلما 5:12–14)۔ اِس میں عاجزی سے رُوح کے سامنے جھُکنا اور خُدا کی مرضی کے تابع ہونا شامل ہے۔ جب ہم توبہ کرتے ہیں، ہم خُدا کی خِدمت کرنے اور اُس کے احکام کی تعمیل کرنے کے لیے اپنے عزم کو بڑھاتے ہیں۔ ہم رُوحانی طور پر مسِیح میں دوبارہ پیدا ہُوئے ہیں۔
توبہ ایک مثبت اُصُول ہے جو خُوشی اور اطمینان لاتا ہے۔ ”توبہ ہمارے مُخلصی دینے والے، یِسُوع مسِیح، کی قُوت کو [ہماری] زندگیوں میں لاتی ہے“ (ہیلمن 5:11)۔
لوگوں کی دلیری اور پیار سے یہ سمجھنے میں مدد کریں کہ اُنھیں کیوں توبہ کرنی چاہیے۔ جن لوگوں کو آپ عہد کرنے کی تعلیم دیتے ہیں اُن کو مدعو کرکے، آپ اُنھیں توبہ کی دعوت اور اُنھیں اُمید دیتے ہیں۔
بپتِسما
یِسُوع مسِیح پر ایمان اور توبہ ہمیں بپتِسما کی رُسُوم کے لیے تیار کرتے ہیں۔ ”توبہ کا پہلا پھل بپتِسما ہے“ (مرونی 8:25)۔ ہم اَبَدی زندگی کے دروازے میں داخل ہوتے ہیں جب ہم کسی اِیسے شخص کے ذریعے بپتِسما لیتے ہیں جسے خُدا کی طرف سے اِختیار حاصل ہوتا ہے۔
جب ہم بپتِسما لیتے ہیں، تو ہم خُدا کے ساتھ عہد باندھتے ہیں۔ جیسا کہ ہم اِس عہد کو برقرار رکھتے ہیں، خُدا ہمیں رُوحُ القُدس بطورِ ساتھی، ہمارے گُناہوں کو مُعاف کرنے، اور یِسُوع مسِیح کی کلِیسیا میں رُکنیت دینے کا وعدہ کرتا ہے (دیکھیں عقائد اور عہُود 20:77، 79؛ مرونی 6:4)۔ ہم خُداوند کے پاس جمع ہُوتے ہیں اور رُوحانی طور پر اُس خُوش کُن اور پُرامید رسم کے ذریعے دوبارہ جنم لیتے ہیں۔
جن لوگوں کو آپ تعلیم دیتے ہیں اُن کا بپتِسما اور اِستحکام آپ کے مقصد کا مرکزی حِصّہ ہے۔ اُن کی یہ سمجھنے میں مدد کریں کہ بپتِسما کے لیے اہل ہونے کے لیے، اُنھیں عقائد اور عہُود 20:37 کی شرائط کو پورا کرنے کی ضرورت ہے۔
اِستحکام اور رُوحُ القُدس کی نعمت
بپتِسما کے دو حِصّے ہوتے ہیں: پانی سے بپتِسما اور رُوح سے بپتِسما۔ پانی سے بپتِسما لینے کے بعد، بپتِسما اُس وقت مُکمل ہوتا ہے جب ہمیں خُدا کی طرف سے اِختیار رکھنے والے کے ہاتھ رکھنے سے اِستحکام حاصل ہوتا ہے۔ اِستحکام کے ذریعے ہم رُوحُ القُدس کا تحفہ اور اپنے گُناہوں کی مُعافی حاصل کر سکتے ہیں۔
جوزف سمِتھ نے سِکھایا، ”پانی سے بپتِسما آدھا بپتِسما ہے، اور دُوسرے نصِف حِصّے—یعنی، رُوحُ القُدس کے بپتِسما کے بغیر بے سود ہے“ (کلِیسیا کے صدُور کی تعلیمات: جوزف سمِتھ [2007]، 95)۔
ایلما نے سِکھایا، ”تمام بنی نوع انسان … ضرُور ہے کہ نئے سِرے سے پَیدا ہوں؛ ہاں، خُدا سے پَیدا ہوں، اپنی نفسانی اور زوال پذیری کی حالت سے تبدیل ہو کر، راست بازی کی حالت اپنا کر، خُدا سے مُخلصی پا کر، اُس کے بیٹے اور بیٹیاں بن کر اور یُوں وہ نئی خلق بن جاتے ہیں“ (مضایاہ 27:25–26)۔
توبہ کرنے والوں کے لیے، پانی اور رُوح کا بپتِسما رُوحانی پَیدایش ہے۔
آخر تک برداشت
یِسُوع مسِیح کی پیروی زندگی بھر کا عہد ہے۔ ہم آخر تک برداشت کرتے ہیں جب ہم پوری زندگی مسِیح میں ایمان کا مظاہرہ کرتے رہتے ہیں، روزانہ توبہ کرتے ہیں، اِنجِیل کے تمام احکام اور رُسُوم کو حاصل کرتے ہیں، اُن عہدوں کو برقرار رکھتے ہیں، اور رُوحُ القُدس کو بطور ساتھی رکھتے ہیں۔ اِس میں اُن عہدوں کی تجدید بھی شامل ہے جو ہم نے عِشائے ربانی میں حِصّہ لے کر کیے ہیں۔
اِنجِیل—ہمارے آسمانی باپ کا اُس کی طرف واپسی کا راستہ
یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل بدل سکتی ہے کہ ہم کیسے رہتے ہیں اور ہم کون بنتے ہیں۔ اِس کے اُصُول صرف وہ اقدامات نہیں ہیں جن کا تجربہ ہم اپنی زندگی میں ایک بار کرتے ہیں۔ جب ہم اِنھیں زندگی بھر دہراتے ہیں، تو وہ ہمیں خُدا کے قریب لاتے ہیں اور زندگی گزارنے کا ایک بڑھتا ہُوا فائدہ مند نمونہ بن جاتے ہیں۔ وہ امن، شفا، اور مُعافی لاتے ہیں۔ وہ اُس راستے کی بھی وضاحت کرتے ہیں جو ہمارے آسمانی باپ نے ہمیں اپنے ساتھ اَبَدی زندگی پانے کے لیے دیا ہے۔
یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل رہنمائی کرتی ہے کہ آپ بطور منُاد کیسے کام کرتے ہیں۔ یہ آپ کی کوششوں پر بھی توجہ مرکوز کرتی ہے۔ لوگوں کو توبہ کرنے کے لیے یِسُوع مسِیح پر ایمان لانے میں مدد کریں (دیکھیں ایلما 34:15–17)۔ تعلیم اور گواہی دیں کہ یِسُوع مسِیح کی مَعمُوریِ اِنجِیل اور کہانت کا اِختیار بحال ہو گیا ہے۔ لوگوں کو بپتِسما لینے اور نجات دہندہ کی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کی طرف مَدعُو کریں۔
یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل خُدا کے سارے بچّوں کو برکت دیتی ہے
یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل خُدا کے سب بچّوں کے لیے ہے۔ صحائف سِکھاتے ہیں کہ خُدا کے نزدیک ”سب ایک جیسے ہیں“۔ وہ ہم سب کو دعوت دیتا ہے کہ ”اُس کے پاس آئیں اور اُس کی اچھائی میں شریک ہوں؛ اور وہ اپنے پاس آنے والوں کا اِنکار نہیں کرتا“ (2 نیفی 26:33)۔
اِنجِیل ساری فانی زندگی میں اور اَبَدیت تک ہمیں برکت دیتی ہے۔ جب ہم یِسُوع مسِیح کی تعلیمات کے مُطابق زندگی گُزارتے ہیں تو ہم—بحیثیت افراد اور خاندان—زیادہ خُوش رہیں گے (دیکھیں مُضایاہ 2:41؛ ”خاندان: دُنیا کے لیے ایک اعلان ،“ ChurchofJesusChrist.org)۔ اِنجِیل کے مُطابق زندگی گُزارنا ہماری خُوشیوں کو بڑھاتا ہے، ہمارے اعمال کو تحریک بخشتا ہے، اور ہمارے تعلقات کو نکھارتا ہے۔
بحال شُدّہ اِنجِیل کے عظیم پیغامات میں سے ایک یہ ہے کہ ہم سب خُدا کے خاندان کا حِصّہ ہیں۔ ہم اُس کے پیارے بیٹے اور بیٹیاں ہیں۔ ہمارے زمینی خاندانی حالات سے قطع نظر، ہم میں سے ہر ایک خُدا کے خاندان کا رُکن ہے۔
ہمارے عظیم پیغام کا ایک حِصّہ یہ بھی ہے کہ خاندان اَبدیت کے لیے اکٹھے ہو سکتے ہیں۔ خاندان خُدا کی طرف سے مُقرر کیے گئے ہیں۔ آخری زمانے کے نبیوں نے سکھایا ہے:
”[آسمانی باپ کا] خُوشی کا اِلٰہی منصُوبہ خاندانی رشتوں کو قبر سے آگے تک قائم رکھنے کے قابل بناتا ہے۔ مُقدّس ہیکلوں میں دستیاب مُقدّس رُسُومات اور عہُود افراد کے لیے خُدا کی حضوری میں واپس لوٹنا اور خاندانوں کے لیے اَبَدی طور پر مُتحد ہونا مُمکن بناتے ہیں“ (”خاندان: دُنیا کے لیے ایک اعلان“)۔
بُہت سے لوگوں کے پاس شادی کے یا پیار بھرے خاندانی تعلُقات کے محدُود مواقع ہوتے ہیں۔ بہتیروں نے طلاق اور دیگر مُشکل خاندانی حالات کا تجربہ کِیا ہے۔ تاہم، ہمارے خاندانی حالات سے قطع نظر اِنجِیل ہمیں اِنفرادی طور پر برکت دیتی ہے۔ اگر ہم وفادار رہیں گے، تو خُدا ہمارے لیے محبّت کرنے والے خاندانوں کی برکت پانے کا راستہ فراہم کرے گا، چاہے وہ اِس زندگی میں ہوں یا آنے والی زندگی میں (دیکھیں ُمُضایاہ 2:41)۔
بحالی کا پیغام: اِیمان کی بُنیاد
اِس سے قطعِ نظر کہ آپ کہاں خِدمت کرتے ہیں یا کس کو تعلیم دیتے ہیں، آپ کی تدریس کا مرکز یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی بحالی ہونا چاہیے۔ جب آپ مُنادی کے اسباق کے عقائد کا مُطالعہ کرتے ہیں، تو آپ دیکھیں گے کہ ہم ایک پیغام کے حامل ہیں: یِسُوع مسِیح، ہمارا نجات دہندہ اور مُخلصی دینے والا ہے۔ ایک جدید نبی کے وسیلے سے، خُدا نے نجات کے منصُوبے سے مُتعلق علم کو بحال کیا ہے۔ یہ منصُوبہ یِسُوع مسِیح پر مرکُوز ہے۔ نجات دہندہ نے کفّارہ بخش قُربانی کے ذریعے ہم سب کے لیے گُناہ اور موت سے نجات پانے اور آسمانی باپ کے پاس واپس جانا مُمکن بنایا ہے۔
درج ذیل کو سمجھنے میں اُن لوگوں کی مدد کریں جنھیں آپ پڑھاتے ہیں:
-
خُدا ہمارا حقیقی آسمانی باپ ہے وہ ہم سے کامل محبّت کرتا ہے۔ زمین پر ہر شخص طفلِ خُدا اور خُدا کے خاندان کا رُکن ہے۔
-
آسمانی باپ نے ہمارے لیے لافانی اور اَبَدی زندگی حاصل کرنے کے لیے ایک منصُوبہ فراہم کیا، جو اُس کی سب سے بڑی نعمتیں ہیں (دیکھیں موسٰی 1:39)۔ ہم اُس کی نعمتوں کی تکمیل کے لیے سیکھنے، بڑھنے اور تیاری کے لیے زمین پر آئے ہیں۔
-
اپنے منصُوبے کے ایک حِصّے کے طور پر، آسمانی باپ نے اِس زندگی کے دوران ہماری رہنمائی کرنے اور اُس کی طرف لوٹنے میں ہماری مدد کرنے کے لیے احکام دیے ہیں (مثال کے طور پر، دیکھیں خروج 20:3–17)۔
-
اِس زندگی میں، ہم سب نے گُناہ کِیا، اور ہم سب مریں گے۔ کیوں کہ آسمانی باپ ہم سے پیار کرتا ہے، اُس نے ہمیں گُناہ اور موت سے مُخلصی دینے کے لیے اپنے بیٹے، یِسُوع مسِیح کو بھیجا۔
-
یِسُوع کی کفّارہ بخش قُربانی کی بدولت، جب ہم توبہ کرتے اور بپتِسما اور اِستحکام لیتے ہیں تو ہم اپنے گُناہوں سے پاک ہو سکتے ہیں۔ اِس سے ہمیں اِطمینان مِلتا ہے اور یہ ہمارے لیے خُدا کی حضوری میں واپس لوٹنا اور کامِل شادمانی کو حاصل کرنا مُمکن بناتا ہے۔
-
یِسُوع کی قیامت کی بدولت، ہم سب مرنے کے بعد دوبارہ زندہ کیے جائیں گے۔ اِس کا مطلب ہے کہ ہر شخص کے رُوح اور جِسم کا پھر سے ملاپ ہو گا اور ہمیشہ تک زندہ رہے گا۔
-
خُداوند نے بائبل کی پوری تاریخ میں، اپنی اِنجِیل منکشف کی اور اپنی کلِیسیا کو نبیوں کے ذریعے منظم کیا۔ بار بار، اکثر لوگوں نے اِسے رد کیا۔ اِنجِیل سے دُور ہونے کا نمونہ اور اِسے بحال کرنے کی ضرورت پرانے عہد نامہ کے زمانے میں شُروع ہُوئی۔
-
نجات دہندہ کی موت اور قیامت کے بعد، اُس کے رُسولوں نے ایک وقت کے لیے کلِیسیا کی قیادت کی۔ بالآخر، وہ مر گئے، کہانت کا اِختیار ختم ہو گیا، اور وہ نجات دہندہ کی تعلیمات کا دُوسرا زوال تھا۔ لوگوں نے تعلیمات اور رُسُومات کو بدل ڈالا۔
-
آسمانی باپ نے جوزف سمِتھ کے ذریعے یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل بحال کی۔ آسمانی باپ اور یِسُوع مسِیح جوزف سمِتھ پر 1820 کے موسمِ بہار میں ظاہر ہُوئے۔ جوزف سمِتھ کو بعد میں کہانت کا اِختیار ملا اور ہدایت دی گئی کہ وہ کلِیسیائے یِسُوع مسِیح کو دوبارہ زمین پر مُنظم کرے۔
سِکھائیں کہ کلِیسیائے یِسُوع مسِیح محض ایک اور مذہب نہیں ہے۔ نہ ہی یہ کوئی امریکی کلِیسیا ہے۔ بلکہ، یہ یِسُوع مسِیح کی ”اِنجِیل کی مَعمُوری“ کی بحالی ہے (عقائد اور عہُود 1:23)۔ اِسے پھر کبھی زمین سے اُٹھایا نہیں جائے گا۔
مورمن کی کِتاب: یِسُوع مسِیح کا ایک اور عہد نامہ یِسُوع مسِیح اور دُنیا کے نجات دہندہ کے طور پر اُس کے الٰہی مقصد کی گواہی دیتا ہے۔ یہ بھی ایک طاقتور گواہ ہے کہ یِسُوع مسِیح نے نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے اپنی اِنجِیل اور کلِیسیا کو بحال کِیا۔ لوگوں کو مورمن کی کِتاب پڑھنے اور اِس پیغام کے بارے میں دُعا کرنے کی دعوت دیں اور اُن کی مدد کریں۔
مرونی 10:3–5 میں قابل ذکر وعدے پر بھروسہ کریں۔ لوگوں کی حوصلہ افزائی کریں کہ وہ خلوص اور حقیقی ارادے کے ساتھ خُدا سے پوچھیں کہ آیا مورمن کی کِتاب خُدا کا کلام ہے۔ حقیقی ارادے کے ساتھ دُعا کرنے کا مطلب ہے کہ رُوحُ القُدس کی گواہی سے ملنے والے جواب پر عمل کرنے کے لیے تیار ہونا۔ یہ گواہی کسی شخص کے ایمان کی بُنیاد بن جاتی ہے کہ مسِیح نے اپنی کلِیسیا کو بحال کِیا ہے۔ جنھیں آپ سِکھاتے ہیں اُس رُوحانی اِستحکام کو پانے میں اُن کی مدد کریں۔
کلِیسیا کو قائم و تعمیر کریں
جب یِسُوع مسِیح نے اپنی کلِیسیا کو بحال کِیا، تو اُس نے نبی جوزف سمِتھ اور دُوسروں کو ہدایت کی کہ وہ اسے ”قائم “ اور ”تعمیر کریں“ (عقائد اور عہُود 31:7؛ 39:13)۔ کلِیسیا اُس وقت قائم اور تعمیر ہوتی ہے جب گواہی رکھنے والے لوگ بپتِسما لیتے ہیں اور اِستحکام کو پاتے ہیں، اپنے عہد کو برقرار رکھتے ہیں، ہیکل میں جانے کی تیاری کرتے ہیں، اور اپنی وارڈ یا برانچ کو مضبُوط کرنے میں مدد کرتے ہیں۔
ایک مُناد کے طور پر، آپ نجات دہندہ کی کلِیسیا کو قائم کرنے اور اِس کی تعمیر میں مدد کرتے ہیں۔ بُہت سے طریقے ہیں جن سے آپ یہ کر سکتے ہیں۔ آپ اَراکین کی مدد کر سکتے ہیں جب وہ محبّت، بانٹنے، اور دعوت دینے کے اُصُولوں کے ذریعے اِنجِیل کا اشتراک کرتے ہیں (دیکھیں عمُومی راہ نما کتاب؛ 23.1)۔ آپ لوگوں کی بپتِسما لینے اور اُن کے ایمان میں بڑھنے میں مدد کر سکتے ہیں۔ آپ نئے اَراکین کی اُن کی نئی زندگی میں ڈھلنے اور رُوحانی طور پر بڑھنے میں مدد کر سکتے ہیں۔ آپ واپس لوٹنے والے اَراکین کی یِسُوع مسِیح میں اُن کے ایمان کو مضبوط کرنے میں بھی مدد کر سکتے ہیں۔
نئے اور واپس لوٹنے والے اَراکین گواہی اور ایمان میں بڑھتے ہیں جب وہ اپنی زندگی میں اِنجِیل کے کام کا تجربہ کرتے ہیں۔ ایسا رونما ہونے میں مدد کے لیے، یہ ضروری ہے کہ وہ:
-
اِیسے دوست بنائیں جو کلِیسیا کے رُکن ہوں۔
-
کلِیسیا میں ذمہ داری پائیں۔
-
خُدا کے کلام سے پرورش پائیں۔
(دیکھیں گورڈن بی ہنکلی، ”رُجُوع لانے والے اور انجمنِ فرزندان،“ انزائن، مئی 1997، 47)۔
مُنادوں، مقامی رہنماؤں، اور کلِیسیا کے دیگر اَراکین کو نئے اور واپس لوٹنے والے اَراکین کی پرورش اور تقویت کا موقع خوشی سے قبول کرنا چاہیے۔ یہ خِدمت ”اُنھیں صحیح راستے پر رہنے“ میں مدد کرتی ہے (مرونی 6:4)۔
بھلائی کرتے جاؤ
اپنی فانی خِدمت کے دوران، نجات دہندہ نے دُوسروں کی خِدمت کی۔ وہ ”بھلائی کرتا“ اور ”اِنجِیل کی مُنادی کرنے کے لیے چلا گیا“ (اعمال 10:38؛ متّی 4:23)۔ جب آپ اِس مثال کی پیروی کرتے ہیں تو، آپ کو ایسے لوگ ملیں گے جن کی آپ خِدمت کر سکتے ہیں اور جو آپ کو قبول کریں گے۔
خِدمت کے ذریعے، آپ خُدا اور اپنے پڑوسی سے محبّت رکھنے والے دو عظیم حُکموں کو پورا کرتے ہیں (دیکھیں متّی 22:36–40؛ 25:40؛ مُضایاہ 2:17)۔ خِدمت کے ذریعے، آپ اور دُوسرے ایک قوی، اِلہامی انداز میں اکٹھے ہو سکتے ہیں۔
بطورِ مُناد، آپ ہر ہفتے منصُوبہ بندی کے تحت خِدمت کرتے ہیں (دیکھیں مشنری معیارات، 2.7 اور 7.2، معلُومات اور رہنمائی کے لیے)۔ اپنے مشن کے صدر کی زیرِ ہدایت، آپ کو JustServe (جہاں اِس کی منظُوری دی گئی ہے) اور کلِیسیا کی انسانی ہمدردی اور آفات سے نمٹنے کی کوششوں کے ذریعے معاشرے میں خِدمت کرنے کے مواقع مل سکتے ہیں۔
ہر دن، دُعا کریں اور اچھے کام کرنے کے غیر منصُوبہ بندی والے مواقع تلاش کریں۔ اِس قسم کی خِدمت میں رُوح کی سُننا شامل ہے تاکہ آپ شفقت کے اُن چھوٹے کاموں کے مواقعوں کو پہچانیں۔
”کیا آپ خُوش رہنا چاہتے ہیں؟ اپنے آپ کو بھول جائیں اور اِس عظیم مقصد میں کھو جائیں۔ لوگوں کی مدد کے لیے اپنی کوششیں پیش کریں۔ … اونچے کھڑے ہوں، ڈھیلے ہاتھوں اور سُست گھُٹنوں کو درُست کریں۔ یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کے مُطابق زِندگی گُزاریں“ (گورڈن بی ہنکلی، کلِیسیائی صدُور کی تعلیمات: گورڈن بی ہنکلی [2016]، 209)۔
ایک کامیاب مُناد
بطورِ مُناد آپ کی کامیابی کا اندازہ بُنیادی طور پر لوگوں کو ڈھونڈنے، سِکھانے، بپتِسما دینے اور اِستحکام بخشنے اور کلِیسیا کے وفادار اَرکان بننے میں مدد کرنے کے آپ کے عزم سے ہوتا ہے (دیکھیں ایلما 41:3)۔
آپ کی کامیابی کا تعین اِس بات سے نہیں ہوتا کہ آپ کتنے لوگوں کو سِکھاتے ہیں یا بپتِسما لینے میں مدد کرتے ہیں۔ نہ ہی اِس کا تعین قیادت کے عہدوں پر فائز ہونے سے ہوتا ہے۔
آپ کی کامیابی کا اِنحصار اِس بات پر نہیں ہے کہ دُوسرے آپ کو، آپ کی دعوتوں، یا آپ کی مُخلصانہ مہربانیوں کا جواب کیسے دیتے ہیں۔ لوگوں کے پاس یہ اِنتخاب کرنے کی آزاد مرضی ہے کہ آیا اِنجِیل کے پیغام کو قبول کرنا ہے یا نہیں۔ آپ کی ذمہ داری واضح اور طاقتور طریقے سے سِکھانا ہے تاکہ وہ باخبر اِنتخاب کر سکیں جو اُنھیں برکت دے گا۔
متّی 25:14–28 میں نجات دہندہ کی توڑوں کی تمثیل کے بارے میں سوچیں۔ مالِک، جو خُداوند کی نمائندگی کرتا ہے، اپنے دونوں وفادار نَوکروں کی تعریف کرتا ہے حالانکہ اُن کی پیشکش میں فرق تھا (دیکھیں متّی 25:21، 23)۔ اُس نے اُن دونوں کو ایک ہی انعام بھی دیا، اُنھیں ”اپنے مالِک کی خُوشی میں“ شرِیک ہونے کی دعوت دی کیونکہ اُنھوں نے اُن چیزوں کو بڑھایا جو اُنھیں دیا گیا تھا۔
خُدا نے ہمیں صلاحیتیں اور تحفے اُس کی خِدمت میں استعمال کرنے کے لئے دیئے ہیں۔ آپ کی صلاحیتیں اور تحائف دُوسروں سے مُختلف ہیں۔ تسلیم کریں کہ یہ سب اہم ہیں، بشمُول وہ جو کم نظر آتے ہیں۔ جیسا کہ آپ اپنی صلاحیتوں اور تحائف کو اُس کے لیے وقف کرتے ہیں، وہ اُن کو عظمت بخشے گا اور آپ جو کُچھ پیش کرتے ہیں اُس میں معجزات رُونما کرے گا۔
اپنے آپ کو دُوسرے مُنادوں سے موازنہ کرنے سے اور اپنی کوششوں کے ظاہری نتائج کو اُن کے ساتھ ماپنے سے گریز کریں۔ موازنہ کرنا عام طور پر منفی نتائج کی طرف لے جاتا ہے، جیسے کہ حوصلہ شکنی یا فخر۔ موازنہ کرنا اکثر گمراہ کُن ہوتا ہے۔ جو خُداوند چاہتا ہے وہ آپ کی اپنی پوری کوشش ہے—”تُم اپنے سارے دِل، ساری جان، ساری عقل، اور ساری طاقت سے اُس کی خِدمت کرو“ (عقائد اور عہُود 4:2؛ تاکید اضافی ہے)۔
اگر لوگ ابھی تک اِنجِیل کو قبول نہیں کرتے ہیں تو آپ کو دُکھ ہو سکتا ہے۔ کبھی کبھی آپ حوصلہ شکنی محسُوس کر سکتے ہیں۔ یہاں تک کہ صحائف میں عظیم مُناد اور انبیاء نے بھی کبھی کبھی حوصلہ شکنی محسُوس کی ہے (دیکھیں 2 نیفی 4:17–19؛ ایلما 26:27)۔ ایسے وقتوں میں، نیفی کی مثال پر عمل کرتے ہُوئے خُداوند کی طرف رُجُوع لائیں، اُس پر اپنا بھروسہ رکھیں، طاقت کے لیے دُعا کریں، اور اُن اچھے کاموں کو یاد رکھیں جو اُس نے آپ کے لیے کی ہیں (دیکھیں 2 نیفی 4:16–35)۔
جب آپ مُشکل وقت میں خُداوند کی طرف رُجُوع لاتے ہیں، اُس نے وعدہ کیا ہے، ”مَیں تُجھے زور بخشُوں گا، مَیں یقِیناً تیری مدد کرُوں گا؛ ہاں، میں تمھیں سنبھالوں گا“ (یسعیاہ 41:10)۔ مسِیح میں ایمان لانے کے ذریعے، آپ اپنی کوششوں کے بارے میں سکون اور یقین دہانی حاصل کر سکتے ہیں۔ ایمان آپ کو آگے بڑھنے اور نیک خواہشات کو جاری رکھنے میں مدد کرے گا۔
مسِیح کے ساتھ اپنی وابستگی اور اپنے مُنادی کے مقصد پر توجہ مرکوز رکھیں—ظاہری نتائج پر نہیں۔ یہ نتائج اکثر فوری طور پر ظاہر نہیں ہوتے ہیں۔ بیک وقت، آپ درپیش چنوتیوں میں اپنی توقعات بلند رکھیں۔ زیادہ توقعات آپ کی تاثیر، آپ کی خواہش، اور رُوح کی پیروی کرنے کی آپ کی صلاحیت میں اضافہ کریں گی۔
کُچھ طریقے جن سے آپ خُداوند سے اپنی وابستگی اور کامیاب مُناد بننے کی آپ کی کوشش کا اندازہ لگا سکتے ہیں، ذیل میں بیان کیے گئے ہیں۔
-
یِسُوع مسِیح کا شاگرد بننا، اُس کے بارے میں سیکھنا اور آہستہ آہستہ بہتری لانے کی پوری کوشش کرنا (دیکھیں یُوحنّا 8:31؛ 2 نیفی 28:30)۔
-
مثلِ مسِیح صفات اپنانا (دیکھیں 2 پطرس 1:2–9؛ عقائد اور عہُود 4:5–6)۔
-
لوگوں سے خلُوص دِل سے محبّت کرنا اور رُوحوں کو مسِیح تک لانے کے لیے ہر روز اپنی پوری کوشش کرنا (دیکھیں 1 کرنتھیوں 13؛ مرونی 7:45–48)۔
-
لوگوں کی وعدے کرنے اور اُن کو برقرار رکھنے میں مدد کرنا جو نجات دہندہ میں اُن کے ایمان کو مضبُوط کرتے ہیں۔
-
صحائف کا مُطالعہ کرنا، اور شکر گزاری کا اظہار کرنے کے واسطے دِل سے دُعا کرنا اور الٰہی مدد کے طالب ہونا (دیکھیں یُوحنّا 5:39؛ 2 نیفی 32:3؛ انوس 1:4؛ ایلما 37:37؛ عقائداور عہُود 26:1)۔
-
خُدا کے احکام کی تعمیل کرنا اور مُنادی کے معیارات پر عمل کرنا (دیکھیں عقائد اور عہُود 35:24)۔
-
ایسے رہنا کہ رُوح آپ کی رہنمائی کر سکے کہ کہاں جانا ہے، کیا کرنا ہے، اور کیا کہنا ہے (دیکھیں عقائد اور عہُود 18:18؛ 42:14)۔
-
دُعا کے ساتھ اہداف کا تعین کرنا، منصُوبے بنانا، اور اُنھیں پورا کرنے کے لیے کام کرنا (دیکھیں لُوقا 14:28؛ عقائد اور عہُود 88:119)۔
-
جہاں آپ کو تفویض کیا گیا ہے اُس وارڈ یا برانچ کی تعمیر کرنا اور اُسے مضبُوط بنانا (دیکھیں عقائد اور عہُود 18:5)۔
-
ہر موقع پر نیکی کرنا اور لوگوں کی خِدمت کرتے رہنا، چاہے وہ آپ کا پیغام قبول کریں یا نہ کریں (دیکھیں اعمال 10:38)۔
جب آپ اپنی پوری کوشش کر چُکیں، تب بھی آپ کو مایوسی ہو سکتی ہے، لیکن آپ اپنے آپ میں مایوس نہیں ہوں گے۔ آپ یقین رکھ سکتے ہیں کہ جب رُوح آپ کے ذریعے کام کر رہا ہوتا ہے تو خُداوند خوش ہوتا ہے۔
تجاویز برائے مُطالعہ اور اِطلاق
ذاتی مُطالعہ
-
غور کریں کہ انتباہ کی آواز بلند کرنے کا کیا مطلب ہے (دیکھیں یعقُوب 3:12؛ عقائداور عہُود 1:4؛ 38:41؛ 63:57–58؛ 88:81؛ 112:5؛ حِزقی ایل 3:17–21؛ 33:1–12)۔ اپنے الفاظ میں لکھیں کہ اِس کا کیا مطلب ہے اور آپ اِسے کیسے کر سکتے ہیں۔
-
اپنی زندگی کے اُن واقعات پر غور کریں جنھوں نے جوزف سمِتھ اور بحالی کے بارے میں آپ کی گواہی کو مضبُوط کِیا ہے۔ اپنے تاثرات کو قلم بند کریں۔
ساتھی کے ہمراہ مُطالعہ اور تبادلہِ ساتھی
-
درج ذیل عظیم مُنادوں میں سے ایک کو مُنتخب کریں، اور درج کردہ صحائف کو پڑھیں۔ جیسا کہ آپ پڑھتے ہیں، اِس بات پر گُفتگُو کریں کہ اُس مُناد نے کس طرح (1) اپنی بُلاہٹ کو سمجھا اور اپنے آپ کو اُس کے لیے پابند کِیا، (2) کام کے لیے اپنے رویے اور خواہش کا مظاہرہ کِیا، اور (3) دُوسروں کی اِنجِیل کو قبول کرنے میں مدد کی۔
-
ایلما (مُضایاہ 18)
-
عمون، ہارون اور مُضایاہ کے دُوسرے بیٹے (ایلما 17–22؛ 23:1–6؛ 26)
-
نیفی اور لحی (ہیلیمن 5)
-
پطرس (اعمال 2)
-
پَولُس (اعمال 16)
-
-
اِنجِیل کی بحالی کے بارے میں دو گیِت مُنتخب کریں۔ گیت کو گائیں یا پڑھیں۔ الفاظ کے معنی پر گُفتگُو کریں۔
ڈسٹرکٹ کونسل، زون مجالس، اور مُنادی کی قیادتی مجالس
-
دو یا تین حالیہ نئے آنے والوں کو اپنے تبادلوں کے تجربات کا اِشتراک کرنے کے لیے مدعو کریں۔ وہ مُنادوں کے بارے میں کیسا محسُوس کرتے تھے؟ مُنادوں کی تعلیم کے بارے میں وہ کیسا محسُوس کرتے تھے؟ کِس چیز نے اُنھیں عہُود قائم رکھنے میں مدد کی؟ کِس چیز نے اُن کی تبدیلی کو سب سے زیادہ مُتاثر کِیا؟
-
مُلاقات سے کئی دن پہلے، باب کے آغاز میں ”اِس پر غور کریں“ مُنتخب سوالات پر غور کرنے کے لیے کئی مُنادوں کو تفویض کریں۔ ہر مُناد کو تفویض کردہ سوال پر دو- سے تین-منٹ کا پیغام تیار کرنے کو کہیں۔ ڈسٹرکٹ کونسل، زون مجالس کے دوران، مُنادوں کو اپنے پیغامات دینے کے لیے مدعو کریں۔ پیغامات کے بعد، اِس بات پر گُفتگُو کریں کہ کیا سیکھا اور اِسے کارِ مُنادی میں کیسے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
-
مُنادوں کو چار گروہوں میں تقسیم کریں۔ ہر گروپ سے کہیں کہ وہ زیادہ سے زیادہ سچّائیوں، عہُود اور رُسُومات کی فہرست بنائیں جو کہ نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے بحال اور ظاہر کی گئی تھیں۔ ہر گروپ کو اپنی فہرست کا اشتراک کرنے دیں۔ مُنادوں کو یہ بتانے کے لیے مدعو کریں کہ بحالی کے ذریعے سامنے آنے والی کسی بھی سچّائی نے اُن کی زندگیوں کو کیسے مُتاثر کِیا ہے۔
-
گُفتگُو کریں کہ ایک کامیاب مُناد ہونے کا کیا مطلب ہے۔ مُنادوں کو مخصُوص مثالیں دینے کے لیے مدعو کریں۔
مشن لیڈرز اور مشن کونسلرز
-
انٹرویوز کے دوران یا مُنادوں کے ساتھ بات چیت میں، وقتاً فوقتاً آپ کے ساتھ اشتراک کرنے کو کہیں:
-
یِسُوع مسِیح میں اُن کی گواہی۔
-
بحال شُدّہ اِنجِیل اور جوزف سمِتھ کے مشن کی اُن کی گواہی۔
-
مورمن کی کِتاب کی اُن کی گواہی۔
-
ایک مُناد کے طور پر اپنے مقصد کے بارے میں اُن کے خیالات۔
-
-
مُنادوں کو اپنے مُطالعہ کے روزنامچہ میں اُن کے مشن کے کُچھ مقاصد درج کرنے کے لیے مدعو کریں جو وہ محسُوس کرتے ہیں۔ انٹرویو کے دوران یا بات چیت میں، اُن سے کہیں کہ وہ جو کُچھ لکھا ہے اُس کا اشتراک کریں۔
-
نئے اَراکین کو مبارکباد کا خط ارسال کریں۔