مشن کی بُلاہٹیں
باب 11: لوگوں کی وعدے کرنے اور اُن کو نِبھانے میں مدد کریں


”باب 11: لوگوں کی وعدے کرنے اور اُن کو نِبھانے میں مدد کریں،“ میری اِنجِیل کی مُنادی کرو: یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کا اِشتراک کرنے کے لیے ہدایت نامہ (2023)

”باب 11،“ میری اِنجِیل کی مُنادی کرو

مُجھے کمی نہ ہو گی، مِنجانب ینگ سنگ کِم

باب 11

لوگوں کی وعدے کرنے اور اُن کو نِبھانے میں مدد کریں

اِس بارے میں سوچیں

  • وعدوں کو نِبھانے کا رُجُوع لانے سے کیا تعلُق ہے؟

  • وعدوں کو نِبھانے کا عہُود پر عمل کرنے سے کیا تعلُق ہے؟

  • مَیں لوگوں کو رُوحانی طور پر ترقی کرنے اور یِسُوع مسِیح پر اُن کے اِیمان کو مضبُوط کرنے کے لیے دعوتیں کیسے دے سکتا ہُوں؟

  • سچّی گواہی دینا کیوں ضرُوری ہے؟

  • مَیں کِن کِن نعمتوں کا وعدہ کر سکتا ہُوں؟

  • وعدوں کو نِبھانے میں لوگوں کی مدد کیسے کر سکتا ہُوں؟

تَوبہ، عزم، اور رُجُوع لانا

یِسُوع مسِیح کے مُناد اور شاگِرد کی حیثیت سے، آپ جانوں کی نجات کے خواہاں ہوتے ہیں (دیکھیے مضایاہ 28:‏3)۔ نجات دہندہ اُن لوگوں کو ”بچانے میں قادِر“ ہے جو خاص کہانتی رُسُوم کے ذریعے سے باندھے گئے عہُود پر چلتے ہیں، جِن کا آغاز بپتِسما سے ہوتا ہے (دیکھیے 2 نِیفی 31:‏19)۔ دعوتیں دینے اور وعدوں کو نِبھانے میں لوگوں کی مدد کرنا اُنھیں بپتِسما لینے کے لیے تیار کرے گا۔

لوگ تَوبہ کی شرط پر نجات پاتے ہیں (دیکھیے ہیلیمن 5:‏11)۔ تَوبہ پُورے اور سچّے طور سے یِسُوع مسِیح کی طرف لوٹنا ہے۔ وعدہ نِبھانا تَوبہ کا خاص حِصّہ ہے۔ جب آپ لوگوں کو اپنی تعلیم کے جُز کے طور پر وعدے نِبھانے کی دعوت دیتے ہیں، تو آپ اُنھیں تَوبہ کی دعوت دے رہے ہوتے ہیں۔

وعدہ سے مُراد کسی امر کو عملی جامہ پہنانے کا فیصلہ کرنا اور پھر اُس فیصلے کو پایہِ تکمیل تک پُہچانا۔ اِنجِیل کی سچّائیوں پر ثابت قدمی سے عمل کرنا رُجُوع کی طرف لے جاتا ہے۔

رُجُوع لانے سے مُراد کسی شخص کے عقائد، دِل، اور زِندگی کا بدلنا ہے اور خُدا کی مرضی کو قبُول کرنا اور عمل بجا لانا ہے۔ مسِیح کا شاگِرد بننا شعُوری فیصلہ ہے۔ تبدیلی اُس وقت رونما ہوتی ہے جب لوگ مسِیح پر اِیمان کا مُظاہرہ کرتے ہیں، اپنے گُناہوں سے تَوبہ کرتے ہیں، بپتِسما لیتے ہیں، رُوحُ القُدس اِنعام میں پاتے ہیں، اور آخِر تک برداشت کرتے ہیں۔ خُداوند اور اُس کے نبی اِس تبدیلی کو نئے سِرے سے رُوحانی طور پر پِیدا ہونا کہتے ہیں (دیکھیں (یُوحنّا 3:‏3–5؛ مضایاہ 27:‏25–27

نجات دہندہ کا کفّارہ تبدیلی کو مُمکن بناتا ہے، اور رُوحُ القُدس دِل کی بڑی تبدیلی کی طرف راہ نُمائی کرتا ہے (دیکھیے مُضایاہ 5:‏2؛ ایلما 5:‏12–14

رُجُوع لانا سِلسلہِ عمل ہے، صِرف واقعہ نہیں۔ لوگوں کو یِسُوع مسِیح کی طرف رُجُوع لانے میں مدد کرنا آپ کی مُنادی کا مرکزی مقصد ہے۔ رُوح کی راہ نمائی کے مُطابق، آپ لوگوں کو اَیسے وعدے نِبھانے کی دعوت دیتے ہیں جو اُنھیں رُوحانی طور پر بڑھنے اور اپنی زِندگیوں میں رُوحُ القُدس کے اثر کو محسُوس کرنے میں مدد کریں گے۔ پھر آپ لوگوں کو اِن کے وعدوں پر قائم رہنے میں مدد کرتے ہیں۔ آپ اِن کی دیرپا تبدیلی کے لیے اِیمان کے ساتھ کام کرنے میں مدد کرتے ہیں (دیکھیے مضایاہ 6:‏3

جو لوگ بپتِسما لینے سے پہلے وعدوں کو نِبھاتے ہیں بعد میں اُن کا مُقدّس عہُود کو باندھنا اور کاربند رہنا زیادہ امکان رکھتا ہے۔ جب آپ لوگوں کو وعدے نِبھانے کی تعلِیم دیتے ہیں، تو آپ اُنھیں عہُود پر چلنے کی تعلِیم دے رہے ہیں۔ عہُود کو باندھنا اور عمل پیرا ہونا یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل اور اپنے بچّوں کے واسطے خُدا کے منصُوبہ کا اہم جُز ہے۔

اِس باب میں دعوتیں دینے، نعمتوں کا وعدہ کرنے، اپنی گواہی بتانے، اور لوگوں کو اپنے وعدوں کو نِبھانے میں مدد کرنے کے سُنہری اُصُول شامِل ہیں تاکہ وہ نجات دہندہ کے پاس آ سکیں اور نجات پا سکیں۔

مُناد عورت کو تعلیم دیتے ہُوئے

دعوت دیں

یِسُوع مسِیح کے نُمایندہ کی حیثیت سے، آپ لوگوں کو اُس کے پاس آنے اور اُس کی اِنجِیل کی خُوشی پانے کی دعوت دیتے ہیں۔ آپ اُن کو اَیسے کام کرنے کے لِیے خاص دعوت دیتے ہیں جِس سے یِسُوع مسِیح پر اُن کا اِیمان قائم ہوگا۔ پھر آپ اُن کے وعدوں کو نِبھانے میں اُن کی اِعانت کرتے ہیں۔

دعوتیں اور وعدے درج ذیل وجوہات کی بِنا پر ضرُوری ہیں:

  • وہ لوگوں کو اُن سچّائیوں کے مُطابق زِندگی بسر کرنے میں مدد کرتے ہیں جو وہ سِیکھتے ہیں تاکہ وہ رُوح کی مُستنِد گواہی کو محسُوس کریں۔

  • لوگوں کا اپنے وعدوں پر عمل پیرا ہونا اُن کی تَوبہ کے عملی اِظہار کا ایک طریقہ ہے (دیکھیے عقائد اور عہُود 20:‏37

  • تَوبہ لوگوں کو خُدا کی بخشش کی خُوشی اور اِطمِینان کا احساس پانے میں مدد دیتی ہے۔ اُنھیں اپنے مسائل سے نِمٹنے کے واسطے خُدا کی طرف سے مزید مدد بھی مُیّسر ہوگی۔

  • وعدوں کو نِبھانا لوگوں کو مُقدّس عہُود باندھنے اور اُن پر عمل پیرا ہونے کے لِیے تیار کرتا ہے۔

  • لوگوں کو اُن کے وعدے نِبھانے میں مدد کرنے سے آپ لوگوں کے لیے اپنی محبّت اور خُدا کے وعدوں پر اپنے اِیمان کو ظاہر کر سکتے ہیں۔

رُوح کی ہدایت کے مُطابق دعوت دیں

رُوح کی ہدایت کے خواہاں ہوں کہ اُنھیں کون کون سی دعوتیں دینی ہیں اور اُنھیں کب کب دعوتیں دینی ہیں۔ غَور کریں کہ کون سی تدرِیس یا تعلِیم، جو صحیح طور پر سمجھی گئی ہے، کسی شخص کو آپ کی دعوت قبُول کرنے میں مدد دے گی۔ صحیح وقت پر صحیح دعوت لوگوں کو اُن کاموں کو کرنے کی ترغیب دے سکتی ہے جو اُن کے اِیمان کو بڑھائے گی۔ یہ اعمال دِل کی بڑی تبدیلی کی طرف راہ نُمائی کر سکتے ہیں (دیکھیے مُضایاہ 5:‏2؛ ایلما 5:‏12–14

آپ جو دعوتیں دیتے ہیں وہ معمُولی نوعیت کی ہو سکتی ہیں، مثلاً پاک کلام کا کوئی باب پڑھنا یا عِشائے ربانی کی عِبادت میں شامِل ہونا۔ یا وہ بڑی اہم ہو سکتی ہیں مثلاً بپتِسما پانا۔ دعوتیں مناسب ہونی چاہئیں جہاں کہیں کوئی شخص اپنے رُوحانی سفر پر ہے۔

کسی شخص کی رُوحانی ترقی میں مدد کرنے کے لیے دعوتیں رُوح کے زیرِ اثر ایک دُوسرے پر قائم ہُوتی ہیں (دیکھیے 2 نِیفی 28:‏30؛ عقائد اور عہُود 93:‏12–13)۔ اپنے آپ سے پُوچھیں ”کون سے وعدے وہ شخص نِبھا رہا ہے؟ اُس کو ترقی کے لِیے اَگلا قدم کون سا اُٹھانا ہے؟“

جِن کو آپ سِکھا رہے ہیں یا جِن سے بات چِیت کر رہے ہیں اُن کو غَور سے سُنیں۔ جو کُچھ آپ سُنتے اور محسُوس کرتے ہیں، اِس کی بابت رُوح سے ہدایت مانگیں کہ کون سی دعوتیں ہر شخص کو مُقدّس عہُود باندھنے کی طرف بڑھنے میں مدد کریں گی۔

دعوتیں دینے کے اُصُول

دعوت نامے دینے کے لِیے مسِیح پر اِیمان کا ہونا لازِم ہے۔ اعتقاد رکھیں کہ وہ لوگوں کو برکت دے گا جب وہ آپ کی دعوتوں کو قبُول کریں گے اور اِس پر عمل کریں گے۔

لوگوں کے تبدِیل ہونے کا زیادہ امکان بڑھ جاتا ہے جب آپ اُنھیں اِنجِیل کی سچّائی پر عمل کرنے کی دعوت دیتے ہیں اور یہ دیکھنے میں اُن کی مدد کرتے ہیں کہ تبدیلی اُنھیں کیسے برکت دے گی۔ وہ اِس حد تک تبدِیل ہوں گے کہ وہ رُوح کو محسُوس کریں گے اور یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل پر زِندگی بسر کرنے کی خُوشی کا تجربہ پائیں گے۔

جب بھی آپ لوگوں کے ساتھ، رُوبہ رُو یا آن لائن تعلُق بناتے ہیں، تو غَور کریں کہ مسِیح پر اُن کے اِیمان کو مضبُوط کرنے اور رُوح کو محسُوس کرنے میں کون سی دعوت مدد اُنھیں دے سکتی ہے۔ کبھی کبھی یہ اِتنا آسان ہو سکتا ہے جتنا آپ سے دوبارہ مُلاقات کرنا یا کلِیسیا کی کسی تقریب میں شامِل ہونا۔

جب آپ سِکھانے کی تیاری کریں، تو ہر شخص کی ضرُورتوں اور پیش رفت کو مدِنظر رکھیں۔ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے سبق کی تیاری میں ایک یا زیادہ دعوت نامے شامِل ہیں جو اِس شخص کی آگے بڑھنے میں مدد کریں گے۔

مُحتاط رہیں کہ ایک ساتھ بہت زیادہ دعوتیں نہ دیں۔ ہر کسی شخص کو ہر دعوت پر عمل کرنے، آگے بڑھنے اور سِیکھنے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے۔

جب آپ لوگوں کو وعدے نِبھانے کی دعوت دیتے ہیں تو دلیر بنیں مگر دبنگ نہیں (دیکھیے ایلما 38:‏12)۔ لوگوں کی رضامندی کا احترام کریں۔

مُطالعہِ صحائف

وعدے نِبھانا کیوں ضرُوری ہیں؟

شفِیق اور واضح اَلفاظ کے ساتھ دعوت دیں۔

دعوت نامہ اکثر ”کیا آپ“ سوال کی صُورت اِختیار کر لیتا ہے، جِس کے لیے ہاں یا نہ میں جواب درکار ہوتا ہے۔ اپنے دعوت ناموں کو پُرشفِیق، صاف و شِفاف اور خاص نوعیت کے بنائیں۔ اُنھیں یِسُوع مسِیح پر اِیمان کے ساتھ عمل کرنے کے وعدہ کے لِیے دعوت دیں یا راہ نُمائی کریں۔

اگرچہ آپ کے دعوت نامے ہر فرد کے لیے مُنفرد ہوں گے، تو بھی درج ذیل مثالوں پر غَور کریں:

  • گرجا گھر میں جانا آپ کو خُدا کی عِبادت کرنے اور اُس کے رُوح کو محسُوس کرنے کے لیے وقت اور جگہ فراہم کرتا ہے۔ یہ آپ کو مدد گار کمیونٹی کا حِصّہ بننے میں بھی مدد دے سکتا ہے جب آپ نجات دہندہ کے قریب آنے کے لیے تبدیلیاں کرتے ہیں۔ کیا آپ اِس اِتوار کو عِشائے ربانی کی عِبادت میں ہمارے ساتھ آئیں گے؟

  • اب جب کہ ہم نے صحائف کے مُطالعہ کی اہمیت پر بات کی ہے، کیا آپ [صحیفہ کا یہ مخصُوص حوالہ] پڑھیں گے؟ کیا آپ اپنے تاثرات یا سوالات کو لکھیں گے؟ اگلی بار جب ہم ملیں گے تو ہم آپ کے خیالات پر تبادلہِ خیال کر سکتے ہیں۔

  • ہم نجات دہندہ کی زِندگی اور اُس کے حُکموں پر گُفت گُو کرتے رہے ہیں۔ کیا آپ اُس کی کلِیسیا میں بپتِسما لے کر اور اُس کے ساتھ وعدے کر کے اُس کے نمُونہ کی تقلِید کریں گے؟ (دیکھیے ”بپتِسما لینے اور اِستحکام پانے کی دعوت“ باب 3 میں۔)

  • آپ نے اپنی زِندگی میں خُدا کے ساتھ مزید وابستہ ہونے میں دِل چسپی ظاہر کی۔ کیا آپ اگلے چند دِنوں میں اِیمان کے ساتھ دعا کریں گے تاکہ آپ دُعا کی برکات کو محسُوس کر سکیں؟

  • ہمارے پاس ایک ویڈیو ہے جو ہمیں لگتا ہے کہ آپ کے لِیے مددگار ثابت ہوگی۔ کیا ہم آپ کو دِکھا سکتے ہیں یا آپ کو اِس کا لِنک بھیج سکتے ہیں؟ کیا آپ اِس کو دیکھیں گے؟ کیا ہم کل آپ کے ساتھ مِل کر یہ جان سکتے ہیں کہ آپ کیا سوچتے ہیں؟

رُوحُ القُدس کی ترغیبات کے خواہاں ہوں جب آپ پُرشفِیق، خاص، اور واضح دعوت ناموں کو دینے کے قُدرتی طریقوں پر غَور کرتے ہیں۔

ذاتی–یا–ساتھی کے ساتھ مُطالعہ

اپنی مُطالعاتی ڈائری میں، ایک ایسا دعوت نامہ لکھیں جو سبق کی ہر دعوت کے لِیے واضح، آسان، اور صریح ہو۔ اگر آپ نے یہ سرگرمی پہلے کی ہے، تو اِس کو دہرائیں اور اپنے نئے دعوت ناموں کا سابق​دعوت ناموں سے موازنہ کریں۔

اِن دعوت ناموں کا جائزہ لیں جو آپ نے اپنے ہم خِدمت ساتھی کے ساتھ لکھے ہیں۔ پھر درج ذیل سوالات پر بات چیت کریں:

  • ہم لوگوں کی اِس دعوت سے جُڑی خُداوند کی موعودہ نعمتوں کو سمجھنے میں کس طرح مدد کر سکتے ہیں؟

  • یہ دعوت ذاتی طور پر میرے لیے کیوں اہم ہے؟

  • جب مَیں دعوت نامے دیتا ہُوں تو مَیں لوگوں میں خُدا کی محبّت کا احساس پانے کے لِیے کس طرح مدد کر سکتا ہُوں؟

  • مَیں جو دعوت نامے دیتا ہُوں اُن کو کس طرح بہتر بنا سکتا ہُوں تاکہ اُن پر عمل کرانے میں دُوسروں کی مدد ہو سکے؟

کسی اَیسے شخص کے بارے میں سوچیں جِس کو آپ تعلِیم دے رہے ہیں۔ اِن دعوت ناموں کو پیش کرنے کی مشق کریں گویا آپ اُس شخص سے مُخاطب ہیں۔ حسبِ ضرُورت اپنے دعوت ناموں پر نظر ثانی کریں۔

لوگوں سے برکات کا وعدہ کریں

خُدا ہمیں برکت دینے کا وعدہ کرتا ہے اگر ہم اُس کے حُکموں کو مانتے ہیں (دیکھیے عقائد اور عہُود 130:‏20–21)۔ وہ لوگ جو حُکموں پر چلتے اور بااِیمان رہتے ہیں ”ساری باتوں میں مُبارک ہیں“ اور ”وہ کبھی نہ ختم ہونے والی اِقبال مندی کی حالت میں خُدا کے ساتھ قیام کریں گے“ (مضایاہ 2:‏41

جب آپ لوگوں کو وعدے نِبھانے کی تعلِیم دیتے ہیں، تو آپ اُنھیں عہُود پر عمل پیرا ہونے کے لِیے برکات کا وعدہ کرتے ہیں۔ آپ صحائف، آخِری زمانے کے نبیوں کی تعلیمات، اور باب 3 کے اسباق کا مُطالعہ کرکے اِن میں سے بُہت سی برکات کی پہچان کر سکتے ہیں۔ اپنی زِندگی میں برکات کی بابت بھی سوچیں۔ دُعا کے ساتھ فیصلہ کریں کہ جب آپ دعوتیں دیتے ہیں تو ہر فرد کو کن کن نعمتوں کا وعدہ کرنا ہے۔

جب کسی شخص کو کسی حُکم پر عمل کی دعوت دیں تو درج ذیل باتیں سِکھائیں:

  • حُکموں کی فرمان برداری آسمانی باپ اور اُس کے بیٹے یِسُوع مسِیح کے لیے ہماری محبّت کو ظاہر کرتی ہے (دیکھیے یُوحنّا 14:‏15

  • حُکموں کی فرمان برداری خُدا کو ظاہر کرتی ہے کہ ہم اُس پر توکل کرتے ہیں (دیکھیے امثال 3:‏5–6

  • خُدا کی برکات رُوحانی اور دُنیاوی دونوں ہیں (دیکھیے مضایاہ 2:‏41

  • خُدا کی سب سے بڑی افضل نعمت اَبَدی زِندگی ہے (دیکھیے عقائد اور عہُود 14:‏7

  • جب ہم خُلوصِ دِل سے دُعا کرتے ہیں اور اِیمان کے ساتھ عمل کرتے ہیں، خُدا ہمیں اُن کاموں کو پُورا کرنے میں مدد کرے گا جِن کا اُس نے ہمیں حُکم دِیا ہے (دیکھیے 1 نِیفی 3:‏7

  • خُدا اپنے طریقے اور وقت کے مُطابق ہمیں برکت دینے کے لِیے اپنے وعدوں کو پُورا کرتا ہے (دیکھیے عقائد اور عہُود 88:‏68

لوگوں کو اکثر حُکموں کی فرمان برداری کرنے میں مُخالفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ آپ جِن کو تعلِیم دیتے ہیں اُن کی حمایت کریں، اور اُنھیں یقین دِلائیں کہ جب وہ اُس کی مرضی پُوری کرنے کی کوشش کریں گے تو خُدا اُنھیں برکت دے گا۔ اُنھیں یہ سمجھنے میں مدد کریں کہ جب مسِیح کی تقلید کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو مُخالفت آگے بڑھنے کا موقع ہے یہاں تک کہ جب یہ اِنتہائی مُشکل ہی کیوں نہ ہو (دیکھیے 2 نِیفی 2:‏11، 13–16

ایلڈر جیفری آر ہالینڈ نے سِکھایا: ”بعض نَعمتیں فوراً مِل جاتی ہیں، بعض دیر بعد، اور بعض آسمان پر جا کر مِلتی ہیں؛ لیکن جو لوگ یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کو خُوشی سے قبُول کرتے ہیں اُنھیں، وہ ضرُور مِلتی ہیں“ (”آنے والی اچھی چیزوں کا عظیم کاہن،“ انزائن، نومبر 1999، 38)۔

مُطالعہِ صحائف

درج ذیل صحائف ہمیں برکت دینے کے لِیے خُداوند کے اِرادہ کی بابت کیا سکھاتے ہیں؟

ذاتی مُطالعہ

دیکھیں عقائد اور عہُود 82:‏10 اور 130:‏20–21۔ پھر درج ذیل صحائف کا مُطالعہ کریں: اپنی مُطالعہ کی ڈائیری دو کالم بنائیں۔ ایک طرف، وہ حُکم لِکھیں جِس کا ذِکر ہر حوالہ میں مِلتا ہے۔ دُوسری طرف، اُس حُکم کو ماننے کا وعدہ لِکھیں۔

اپنی گواہی دیں

جب بھی آپ دعوت دیں اور برکت کا وعدہ کریں تو اپنی گواہی ضرُور دیں۔ یہ بتائیں کہ آپ نے جِس اُصُول کی تعلیم دی ہے اِس پر عمل کرتے ہُوئے آپ کو کیسے برکت مِلی۔ اپنی گواہی کے بارے میں بتائیں کہ اِس اُصُول پر اگر کوئی شخص عمل کرے گا تو وہ برکت پائے گا۔

آپ کی مخلصانہ گواہی لوگوں کے لیے رُوحُ القُدس کی تصدیق کی سچّائی کو محسُوس کرنے کا ماحول پَیدا کرنے میں مدد کرے گی۔ یہ اُن کی حوصلہ افزائی کرے گا کہ وہ اُن دعوتوں کو قبُول کریں جو آپ پیش کریں گے۔

مزید معلومات کے لیے، دیکھیں ”اپنی گواہی دیں“ باب 10 میں۔

گُروپ دُعا کرتے ہُوئے

لوگوں کو اپنے وعدے نِبھانے میں مدد کریں

جب لوگ کُچھ کرنے کے لیے آپ کی دعوتیں قبُول کرتے ہیں، تو اپنے وعدوں کو نِبھانے میں اُن کی مدد کرنے کے لیے رابطہ کریں۔ آپ لوگوں کو مسِیح پر اِیمان بڑھانے میں مدد کر رہے ہیں۔ آپ کا کِردار اُن کے اِیمان کو مضبُوط کرنے اور مکمل تبدیلی کی طرف بڑھنے کے اُن کے عزم کو مضبُوط کرنے میں اُن کی مدد کرنا ہے۔ لوگوں کو صرف تبدیلی کی دعوت نہ دیں، بلکہ اَیسا کرنے میں اُن کا ساتھ دیں۔

لوگوں کو رُوح کی گواہی ملے گی جب وہ وعدوں پر عمل کرتے ہُوئے تَوبہ کے لیے اِیمان کا مُظاہرہ کریں گے۔ اَیسی گواہی ”[اُن کے] اِیمان کے آزمائے جانے کے بعد“ مِلتی ہے (عیتر 12:‏6)۔ جب مُخالفت سر اُٹھائے تو پریشان نہ ہوں۔ منصُوبہ بنائیں کہ آپ آزمایش میں اُن کی کس طرح مدد کریں گے تاکہ وہ رُوح کی گواہی پائیں۔ کلِیسیا کے دیگر اَرکان بھی مدد فراہم کر سکتے ہیں۔

لوگ اکثر رُوح کے اثر کو محسُوس کرتے ہیں جب آپ اُن کے ساتھ ہوتے ہیں۔ دُعا کرنے، صحائف کو پڑھنے، اور اپنے دعوت ناموں پر عمل کرنے کی اہمیت پر زور دیں تاکہ جب وہ خُود یہ کریں گے تو وہ یہ احساسات اُن میں ہوں گے۔

وعدوں کو نِبھانا لوگوں کو عمر بھر کی تبدیلی کے راستے پر رُسُوم اور عہُود پانے کے لیے تیار کرتا ہے۔ آپ کی کوششیں یِسُوع مسِیح کی پیروی کرنے کی اُن کی آرزُو کو ”اپنے کاموں سے ظاہر“ کرنے میں اُن کی مدد کر سکتی ہیں (عقائد اور عہُود 20:‏37

خواتین گلے مِلتے ہُوئے

روزانہ مُختصر رابطے کے لیے منصُوبہ بنائیں

وعدوں کو نِبھانے میں لوگوں کی مدد کرنا اُس وقت شروع ہوتا ہے جب آپ پہلی بار تشریف لاتے ہیں اور اُنھیں سِکھاتے ہیں۔ اُن سے کہیں کہ وہ اپنے فون، کیلنڈر یا کسی ایسی چیز پر اپنا وعدہ لِکھ لیں جو آپ نے اُنھیں پُورا کرنے کے لِیے کہا ہے۔

پوچھیں کہ کیا آپ، یا کوئی رُکن جو شریک ہو رہا ہے، تدریسی مُلاقاتوں کے درمیان روزانہ مُختصر رابطہ کر سکتا ہے۔ وضاحت کریں کہ اِن رابطوں کا مقصد اُن کی مدد کرنا ہے، اور کُچھ طریقے بیان کریں جِن سے آپ ایسا کر سکتے ہیں۔ یہ رابطے عقائد اور عہُود 84:‏106 کے اُصُول کو لاگو کرنے کا ایک طریقہ ہیں۔

رابطے کا وہ طریقہ طے کریں جو سب سے زیادہ موّثر ہو، مثلاً چھوٹی سی مُلاقات، فون کال، ٹیکسٹ، یا سوشل میڈیا پیغام۔ ٹیکنالوجی مزید یاد دہانیوں اور مدد کے لیے بُہت سے مُتبادل پیش کرتی ہے۔

اپنے روزانہ رابطے میں لوگوں کی حوصلہ افزائی اور مدد کریں۔

آپ کی طرف سے دی گئی ہر دعوت کے لیے، میری اِنجِیل کی مُنادی کرو ایپ میں نوٹس لِکھیں تاکہ اگلے دِن کیسے رابطہ کرنا ہے۔ جب آپ اگلے دِن کی منصُوبہ بندی کرتے ہیں تو رُوح کی ہدایت کے طلب گار ہوں جب آپ اِس نُکتہ پر بات کرتے ہیں کہ لوگوں کو اُن کے وعدوں کو نِبھانے میں کس طرح مدد کی جائے۔

لوگوں کے ساتھ اپنے روزمرہ کے روابط کو مثبت اور حوصلہ افزا بنائیں۔ اُن کے لیے دُعا مانگیں۔ محبّت اور سمجھ داری کا مُظاہرہ کریں جب آپ اُن کے وعدوں کو نِبھانے میں اُن کی مدد کریں۔ سوالات کے جوابات دیں اور مسائل و مُشکلات پر قابُو پانے میں اُن کی مدد کریں۔ اگر وقت ہو تو مورمن کی کِتاب سے مِل کر پڑھیں۔ مُتعلقہ کلِیسیائی میڈیا کا تذکرہ کریں، بشمول کلِیسیا کی طرف سے تیار کردہ موسیقی جو اُنھیں تسلّی دے سکتی ہے۔ اُن کے وقت اور خواہشات کا احترام کریں۔

کلِیسیا کے دیگر اَرکان سے اُن کا تعارف کرائیں۔ جب مُناسب ہو، اَرکان سے اپنے وعدوں کو نِبھانے میں لوگوں کی مدد کرنے کے لیے کہیں (دیکھیے باب 10

اِن لوگوں کو سراہیں جو اپنے وعدوں کو نِبھانے کے لِیے کام کر رہے ہیں۔ اِن کی یہ سمجھنے میں مدد کریں کہ خُداوند اُن کی کوششوں سے کیسے خُوش ہے۔ یہ لوگ اپنی زِندگیوں کو بدل رہے ہیں، جِس میں بُہت محنت اور صبر کی ضرُورت ہوتی ہے۔ اُن کو اُن نعمتوں کو پہچاننے میں مدد کریں جو وہ حاصل کر رہے ہیں۔ اعتماد کا اِظہار کریں کہ وہ کام یاب ہو سکتے ہیں۔

اگر لوگوں نے اپنے وعدوں پر عمل نہیں کِیا ہو تو بھی محبّت ظاہر کریں۔ اپنے روزانہ رابطے کے دوران میں اُن کی مدد کرنے کی پیش کش کریں۔ مثال کے طور پر، اگر کسی نے مورمن کی کِتاب کا کوئی باب پڑھنے کی دعوت قبُول کی ہے لیکن ابھی تک نہیں پڑھا ہے، تو اُس کو ایک ساتھ مِل کر پڑھنے کی دعوت دیں۔ اِس شخص کو تجربے سے دریافت کرنے میں مدد کریں کہ کس طرح وعدوں کو نِبھانا اُس کی زِندگی کو برکت دے سکتا ہے۔

لوگوں کو وعدہ کو نِبھانے کے لیے بُہت سی کوششیں کرنا پڑ سکتی ہیں، اور آپ کو اُن کی مدد کے لیے کئی مُلاقاتیں کرنے کی ضرُورت پڑ سکتی ہے۔ بات چیت کریں کہ وہ وعدوں کو نِبھانے کے مسائل پر کیسے قابُو پا سکتے ہیں۔ صبر اور معاون و مددگار بنیں، نقاد یا قاضی نہ بنیں۔

اپنے روزمرہ کے رابطے میں رُوحُ القُدس کی ہدایت پائیں

جب آپ لوگوں کے ساتھ رابطہ کرتے ہیں، تو اُن سے وعدوں کو نِبھانے کے ساتھ اپنے تجربے کا بتانے کا کہیں۔ پوچھیں کہ اُنھوں نے کیا سِیکھا اور محسُوس کیا۔ اِس سے اُنھیں اپنی زِندگیوں میں رُوح کے اثر کو پہچاننے میں مدد ملے گی اور اگلے مرحلے کی شناخت میں مدد ملے گی۔

جب آپ ہر روز لوگوں سے رابطہ کرتے ہیں، تو آپ کے مقصد کا ایک اہم حِصّہ اُن کی زِندگیوں میں رُوحُ القُدس کے اثر کو مدعو کرنا ہے۔ اُن کو یہ سِکھائیں کہ جب آپ موجُود نہ ہوں تو رُوح کو کیسے محسُوس کِیا جائے۔ آپ کے روزمرہ کے رابطے سے اُن رُوحانی کیفیت کو تقویت ملنی چاہیے جو وہ محسُوس کرتے تھے جب آپ نے اُنھیں سِکھایا تھا۔ وہ تبدیل ہو جائیں گے جب وہ رُوحُ القُدس کی قُدرت اور تاثِیر کو محسُوس کرتے ہیں۔

محبّت کا مُظاہرہ کریں

تبدیلی کا عمل مسِیح جیسی محبّت میں مرکوز ہے (دیکھیے 4 نِیفی 1:‏15)۔ محبّت کی نعمت کے خواہاں ہوں۔ سچّی محبّت دِکھانے سے لوگوں کو اپنی زِندگیوں میں رُوح کو محسُوس کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ آپ کی محبّت کے اِظہار سے اُنھیں دعوتیں قبُول کرنے اور اُن وعدوں کو نِبھانے میں بھی مدد مل سکتی ہے جو تبدیلی کا باعث بنتے ہیں۔

جب آپ دُوسروں سے محبّت کرتے اور سِکھاتے ہیں، نجات دہندہ میں آپ کی اپنی تبدیلی گہری ہوتی جائے گی۔

کسی دُوسرے شخص کی تبدیلی میں مدد کرنا مُقدّس فریضہ ہے۔ جب آپ اپنے آپ کو اِس فرض اور دُوسروں کی خِدمت کے لیے وقف کریں گے تو آپ کو دائمی خُوشی ملے گی (دیکھیے متّی 10:‏39؛ مضایاہ 2:‏17؛ ایلما 27:‏17–18؛ عقائد اور عہُود 18:‏10–16

ذاتی یا ساتھی کے ساتھ مُطالعہ

میری اِنجِیل کی مُنادی کرو ایپ میں ہر اُس شخص کے ساتھ روزانہ رابطے کے اپنے منصُوبوں کے حوالے سے لِکھیں جِنھیں آپ تعلِیم دے رہے ہیں۔ کئی روز پہلے سے منصُوبہ سازی کریں کہ آپ ہر فرد کے ساتھ دوبارہ رابطہ کرنے کے لیے کیا کریں گے۔

کسی ایک دعوت نامہ کا انتخاب کریں جب آپ ہر فرد کو پڑھائیں گے تو آپ اُس میں پیش کریں گے۔ پھر مُختلف خدشات کی نِشان دہی کریں جو کسی کو اَیسے وعدہ کو قبُول کرنے یا نِبھانے سے روک سکتے ہیں۔ بات چِیت کریں اور عملی مشق کریں کہ آپ کس طرح لوگوں کی بہترین مدد کر سکتے ہیں جب وہ اپنے خدشات کو حل کرنے کے لیے کام کرتے ہیں۔

خُداوند چاہتا ہے کہ لوگ آئیں اور ٹھہریں

مُنادی کا کام سب سے زیادہ موّثر ہوتا ہے جب لوگ اِنجِیل کے مُطابق زِندگی بسر کرتے اور کلِیسیا میں زِندگی بھر فعال رہنے کا وعدہ کرتے ہیں اور نِبھاتے ہیں۔ اُن کے لیے صرف چرچ میں آنا کافی نہیں ہے۔ خُداوند چاہتا ہے کہ وہ آئیں تاکہ ٹھہریں (دیکھیے یُوحنّا 15:‏16)۔ اپنی ساری تعلیمات اور دعوتیں اِسی مقصد کی طرف لے جائیں۔ وہ سب برکات پانے کے لیے جو آسمانی باپ کے پاس اُن کے لیے ہیں، اَرکان کو کلِیسیا میں فعال رہنے کے ساتھ ساتھ حُکموں کو ماننے اور اپنے کِیے گئے عہُود پر چلتے ہُوئے اِنجِیل کے مُطابق زِندگی بسر کریں۔

نِیفی نے سِکھایا: ”جب تُم تنگ اور سُکڑے راستے پر آ گئے ہو، مَیں تُم سے پُوچھتا ہُوں آیا سب کُچھ مُکَمَّل ہو گیا ہے؟ دیکھو، مَیں تُم سے کہتا ہُوں، نہیں؛ … تُم ضرُور مسِیح میں ثابت قدمی کے ساتھ آگے بڑھو، … اور [اگر تُم] آخِر تک برداشت کرو،تو دیکھو باپ یُوں فرماتا ہے: تُم اَبَدی زِندگی پاؤ گے“ (2 نیفی 31:‏19–20

لوگوں کو ”اَبَدی زِندگی اور،خُدا کی سب نعمتوں میں سے اعلیٰ و اَرفع نعمت پانے“ کے لائق بنانے کے لِیے اپنی بہترین کوششیں کریں (عقائد اور عہُود 14:‏7


تجاویز برائے مُطالعہ اور اِطلاق

ذاتی مُطالعہ

  • کسی حُکم کی سبق 4 سے نِشان دہی کریں۔ آخِری ایّام کے نبیوں کے اُن صحیفائی حوالہ جات اور فرمودات تلاش کریں اور لِکھیں جو اِس حُکم سے وابستہ موعودہ برکات کو بیان کرتے ہیں۔ اِس حُکم کی فرمان برداری کرنے سے آپ کو جو نعمتیں مِلی ہیں اُن کے مُتعلق سوچیں اور اُنھیں اپنی ڈائری میں لِکھیں۔

  • جب آپ اپنے خاندان یا دُوسروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہیں، تو پوچھیں کہ اُنھیں کسی ایک مخصُوص حُکم کی فرمان برداری کرنے سے کیسے برکت مِلی ہے (مثال کے طور پر، سبت کے دِن کو پاک ماننا، دہ یکی کے قانُون پر عمل کرنا، یا کسی اَیسے حُکم پر عمل کرنا مُشکل لگ رہا ہو جو آپ سِکھا رہے ہیں)۔

  • اُن پہلوؤں کی نِشان دہی کرنے میں مدد کے لیے درج ذیل سوالات کے جواب دیں جہاں آپ دعوت نامے میں پیش کرتے وقت بہتری لا سکتے ہیں۔ بہتری لانے کے لیے منصُوبے بنائیں۔

    • کیا لوگ جانتے ہیں کہ مَیں اُن سے محبّت کرتا ہُوں؟

    • کیا مُجھے یقین ہے کہ وہ ہماری دعوتوں پر عمل کر کے برکت پائیں گے؟

    • کیا مَیں لوگوں کے ساتھ روزمرہ رابطہ قائم کرنے کے لیے مُناسب وقت اور توجہ دیتا ہُوں تاکہ وہ اپنے وعدوں کو نِبھانے میں اُن کی مدد کر سکیں؟

    • کیا ہمارے سبق کے منصُوبوں میں عمل کرنے کے لیے خاص دعوتیں شامِل ہیں؟

ساتھی کے ساتھ مُطالعہ اور تبادلہِ خیال

  • کسی ایک مُنادی کے سبق میں اِن دعوت ناموں کا جائزہ لیں۔ ہر دعوت کے لیے، درج ذیل سوالات کے جواب دیں:

    • اِس وعدے کو نِبھانے والوں سے خُداوند نے کن برکتوں کا وعدہ کیا ہے؟

    • اِس اُصُول پر عمل کرنے سے لوگوں کے اِیمان اور گواہی کو بڑھانے میں کیسے مدد ملے گی؟

    • یہ وعدہ لوگوں کو توبہ کرنے اور رُوح کے لیے زیادہ حساس ہونے میں کس طرح مدد کرے گا؟

  • اپنے منصُوبہ سازی کے وسائل سے، اِن لوگوں کی فہرست بنائیں جِن سے آپ نے پچھلے دو دِنوں میں رابطہ کیا ہے۔ اَرکان اور اُن لوگوں کو شامِل کریں جِنھیں آپ پڑھا رہے ہیں۔

    • ہر فرد کے لیے، آپ کی طرف سے دیے گئے دعوت نامے اور اُن کی طرف سے کیے گئے وعدے لِکھیں۔

    • غَور کریں کہ آپ اور کون سے دعوت نامے پیش کر سکتے ہیں۔

    • گُفت گُو کریں کہ آپ اِن میں سے بعض لوگوں سے وعدے کیوں پا سکے لیکن دُوسروں سے نہیں۔

    • آپ اِن دعوت ناموں کی پیش رفت پر عمل کرنے کے لیے کیا کریں گے؟

ضِلع کی مجلس، زون کی مجالس، اور مُنادی کی قیادت کی مجالس

  • جِن لوگوں کو آپ تعلیم دے رہے ہیں اُن سے روزانہ رابطے کے لیے موّثر اور تخلیقی خیالات پر تبادلہِ خیال کریں۔ مُنادوں نے اَرکان کے ساتھ موّثر طریقے سے کیسے کام کیا ہے؟ کون سا پرنٹ یا ڈیجیٹل میڈیا مُفید ہے؟ جب لوگ گھر پر نہ مِلیں یا آپ سے مُلاقات کے لیے بُہت زیادہ مصرُوف ہوں تو آپ کیا کر سکتے ہیں؟

  • اِن طریقوں پر بات چِیت کریں جِن سے مُنادوں نے سبق 4 میں حُکموں کو موّثر طریقے سے سِکھایا ہے۔

مِشن کے راہ نُما اور صدرِ مِشن کے مُشِیران

  • جب مُمکن ہو، مُنادوں کے ساتھ جائیں جب وہ تعلِیم دیتے ہیں۔ لوگوں کی مدد کرنے اور وعدوں کو نِبھانے پر توجہ مرکوز کرنے میں اُن کی مدد کریں۔

  • علاقہ کے کہانتی راہ نماؤں، تنظیم کے راہ نماؤں، اور اَرکان کو اُن لوگوں کے ساتھ روزانہ رابطہ قائم کرنے کی ترغیب دیں جِنھیں مُناد صاحبان تعلیم دے رہے ہیں—اگر لوگ اِس رابطے کے لیے راضی ہیں۔