باب ۵
مورمن دوبارہ خُون ریزی اور قتل و غارت کی لڑائیوں میں نِیفی کی فَوجوں کی کمان سنبھالتا ہے—مورمن کی کِتاب کُل اِسرائیل کو یہ قائل کرنے کے لیے ظاہر ہو گی کہ یِسُوع اَلمسِیح ہے—اپنی بے اعتقادی کے سبب سے بنی لامن پراگندہ ہوں گے اور رُوح اُن کے ساتھ مُزاحمت کرنا چھوڑ دے گا—وہ آخِری ایّام میں غیر قَوموں کے وسِیلے سے اِنجِیل پائیں گے۔ قریباً ۳۷۵–۸۴ سالِ خُداوند۔
۱ اور اَیسا ہُوا کہ مَیں بنی نِیفی کے پاس گیا، اور اُس قَسم سے تَوبہ کی جو مَیں نے کھائی تھی کہ مَیں اُن کی مزید مدد نہیں کرُوں گا؛ اور اُنھوں نے مُجھے اپنی فَوجوں کی دوبارہ کمان سونپی، پَس اُنھوں نے مُجھے اَیسے دیکھا جَیسے مَیں اُنھیں اُن کی مُصِیبتوں سے نجات دُوں گا۔
۲ لیکن دیکھو، مَیں نااُمید تھا، پَس مُجھے خُداوند کی سزاؤں کا عِلم تھا جو اُن پر نازِل ہونے والی تھیں؛ چُوں کہ اُنھوں نے اپنی بدیوں سے تَوبہ نہ کی تھی، بلکہ اُس ہستی کو پُکارے بغیر اپنی جانوں کی خاطر لڑتے تھے، جِس نے اُنھیں خلق کِیا تھا۔
۳ اور اَیسا ہُوا کہ جب ہم یردن کے شہر میں بھاگ کر آ گئے تھے تو بنی لامن نے ہم پر حملہ کر دِیا تھا؛ لیکن دیکھو، اُنھیں پسپا کر دِیا گیا تھا اِس وجہ سے اُس وقت وہ شہر پر قبضہ نہ کر پائے۔
۴ اور اَیسا ہُوا کہ اُنھوں نے ہم پر دوبارہ حملہ کر دِیا، اور ہم نے شہر کو سنبھالے رکھا۔ اور دُوسرے شہر بھی تھے جِن کو بنی نِیفی نے سنبھالے رکھا تھا، جِن کی مضبُوط قلعہ بندیوں نے اُنھیں روک کر رکھا چُناں چہ وہ ہمارے اُن عِلاقوں میں داخل نہ ہو سکے جو ہمارے سامنے تھے، تاکہ وہ ہمارے مُلک کے باشِندوں کو ہلاک نہ کریں۔
۵ اِلبتہ اَیسا ہُوا کہ جِس بھی عِلاقہ سے ہم گُزرے تھے، اور جن کے باشندے ہمارے ساتھ شامِل نہ ہُوئے تھے، بنی لامن نے اُنھیں نیست و نابُود کر دِیا تھا، اور اُن کے قصبوں، اور دیہاتوں، اور شہروں کو نذرِ آتِش کر دِیا تھا؛ اور یُوں تین سَو اُناسی برس گُزر گئے تھے۔
۶ اور اَیسا ہُوا کہ تین سَو اَسیویں برس میں بنی لامن نے دوبارہ ہمارے ساتھ جنگ کرنے کے لِیے چڑھائی کر دی تھی، اور ہم نے جُراَت مندی سے اُن کا مُقابلہ کِیا تھا؛ لیکن یہ سب بے کار تھا پَس اُن کی تعداد اِتنی زیادہ تھی کہ اُنھوں نے بنی نِیفی کے لوگوں کو اپنے پاؤں تلے روند ڈالا تھا۔
۷ اور اَیسا ہُوا کہ ہمیں دوبارہ فرار ہونے پر مجبُور ہونا پڑا تھا، اور جِن کے فرار کی رفتار لامنوں سے زیادہ تیز تھی وہ بچ نِکلے، اور جِن کے فرار کی رفتار لامنوں سے زیادہ تیز نہ تھی اُنھیں ہلاک کر دِیا گیا اور تباہ و برباد ہو گئے۔
۸ اور اب دیکھو مَیں، مورمن، یہ نہیں چاہتا کہ کشت و خُون اور قتل و غارت کا اَیسا ہولناک کھیل جو میری آنکھوں کے سامنے کھیلا گیا اُس کو بیان کر کے اِنسانوں کی جانوں کو عذاب میں ڈالُوں؛ اَلبتہ مَیں جانتا تھا کہ یہ باتیں یقِیناً ظاہر کی جائیں گی، اور وہ ساری باتیں جِن کو پوشیدہ رکھا گیا ہے، لازِم ہے کہ اُن کو گھروں کی چھتوں پر آشکار کِیا جائے—
۹ اور یہ بھی کہ اِن باتوں کا فہم اِن اُمّتوں کے بقیہ پر، اور غیر قَوموں پر بھی لازِم طور پر نازِل ہو، جن کی بابت خُداوند نے فرمایا ہے کہ وہ اِن اُمّتوں کو پراگندہ کریں گے، اور اِن اُمّتوں کو اُن قَوموں میں حقِیر جانا جائے گا—پَس مَیں مُختصِر خلاصہ لِکھتا ہُوں، اُن واقعات کی پُوری داستان بیان کرنے کی جُراَت نہیں کرتا جِنھیں میری آنکھیں دیکھ چُکی ہیں، اُس حُکم کی بدولت بھی جو مَیں نے پایا ہے، اور یہ بھی کہ کہیں اِن اُمّتوں کی بدکاری کے سبب سے تُم اِنتہائی شدِید رنج و الم میں مُبتلا نہ ہو جاؤ۔
۱۰ اور اب دیکھو، مَیں یہ بات اُن کی نسلوں سے کہتا ہُوں، اور غیر قَوموں سے بھی جو اِسرائیل کے گھرانے کی بھلائی چاہتے ہیں، جِنھیں احساس ہو گیا ہے اور اُنھوں نے جان لِیا ہے کہ اُن کی رحمتیں کہاں سے آتی ہیں۔
۱۱ پَس مُجھے عِلم ہے کہ وہ اِسرائِیل کے گھرانے کی آفت پر ماتم کریں گے؛ ہاں، وہ اِس اُمّت کی بربادی پر ماتم کریں گے؛ وہ ماتم کریں گے چُوں کہ یہ قَوم تائب نہ ہُوئی تھی وگرنہ وہ یِسُوع کے بازُوؤں میں پناہ لے چُکی ہوتی۔
۱۲ اب یہ نوِشتہ یعقوب کے گھرانے کے بقیہ کے لیے لِکھے گئے ہیں؛ اور اُنھیں اِسی واسطے لِکھا گیا ہے، چُوں کہ خُدا جانتا ہے کہ بدکاری اِن نوِشتوں کو اُن پر ظاہر نہ ہونے دے گی؛ اور کہ اُنھیں خُداوند کے حِفظ و اَمان میں محفُوظ کِیا جائے گا تاکہ اُنھیں اپنے مُقرّرہ وقت پر ظاہر کرے۔
۱۳ اور یہ وہ حُکم ہے، جو مَیں نے پایا ہے؛ اور دیکھو، خُداوند کے حُکم کے مُطابق وہ ظاہر ہوں گے، جب وہ اپنی حِکمت کے مُوافِق واجب جانے گا۔
۱۴ اور دیکھو یہ اُن بے اعتقاد، یہودیوں کے پاس جائیں گے؛ اور یہ اُن میں اِس اِرادہ سے ظاہر کِیے جائیں گے—تاکہ وہ قائل ہوں کہ یِسُوع اَلمسِیح، زِندہ خُدا کا بیٹا ہے؛ تاکہ باپ اپنا عظیم اُلشان اور اَبَدی اِرادہ، اپنے اَلمحبُوب بیٹے کے وسیلے سے ظاہر کرے، تاکہ یہُودی قَوم بحال ہو، یعنی بنی اِسرائِیل کا سارا گھرانا اپنی وِراثت کی سرزمِین پائے، جِس کو خُداوند اُن کے خُدا نے اُنھیں عطا کِیا ہے، تاکہ اُس کے عہد کی تکمِیل ہو؛
۱۵ اور اِس کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہ اِس اُمّت کی نسل پُورے طور سے اُس کی اِنجِیل پر اِیمان لے آئے گی، جو غیر قَوموں سے اُن تک پُہنچے گی، پَس یہ اُمّت پراگندہ کر دی جائے گی، اور یہ تارِیک، غلِیظ اور نفرت انگیز قَوم بن جائے گی، اِس قدر ناقابلِ ذِکر کہ ہمارے بِیچ میں کبھی اَیسی تھی ہی نہیں، ہاں، یعنی بنی لامن میں بھی اَیسی کبھی نہ تھی، اور اَیسا اُن کی بے اعتقادی اور بُت پرستی کے باعث ہُوا ہے۔
۱۶ پَس دیکھو، خُداوند کے رُوح نے اُن کے باپ دادا سے مُزاحمت کرنا پہلے ہی ترک کر دِیا ہے؛ اور وہ دُنیا میں مسِیح اور خُدا کے بغیر ہیں؛ اور وہ اَیسے پھٹکے جاتے ہیں جَیسے ہَوا کے آگے بُھوسا۔
۱۷ وہ کبھی پسندِیدہ اُمّت تھی، اور وہ اپنا چوپان مسِیح کو مانتی تھی؛ ہاں، یہاں تک کہ خُدا باپ سے وہ ہدایت پاتی تھی۔
۱۸ بلکہ اب، دیکھو، وہ شیطان کے پِیچھے بھٹکتی پِھرتی ہے، یعنی جِس طرح ہَوا کے آگے بُھوسا اُڑتا ہے، یا جَیسے کوئی ناؤ لہروں پر ہچکولے کھاتی ہے، باد بان یا لنگر کے بغیر، یا اُس شَے کے بغیر جِس سے اِس کو کھینا جاتا ہے؛ اور جِس طرح یہ ہے، بالکُل اُسی طرح وہ ہے۔
۱۹ اور دیکھو، خُداوند نے اُن کی برکتوں کو، جو اُنھیں اِس مُلک میں عطا کی جا چُکی ہوتیں، اُن غیر قَوموں کے واسطے ذخِیرہ کر رکھا ہے جو اِس مُلک کی مالِک ہوں گی۔
۲۰ بلکہ دیکھو، اَیسا ہو گا کہ غیر قَومیں اُنھیں ہانکیں اور پراگندہ کریں گی؛ اور غیر قَوموں کے ذریعے سے ہانکے اور پراگندہ کِیے جانے کے بعد، دیکھو، پِھر خُداوند اُس عہد کو یاد کرے گا جو اُس نے ابرہام کے ساتھ اور اِسرائیل کے سارے گھرانے کے ساتھ باندھا تھا۔
۲۱ اور خُداوند راست بازوں کی اُن دعاؤں کو بھی یاد رکھے گا، جو اُن کے واسطے اُس سے مانگی جاتی رہی ہیں۔
۲۲ اور پِھر، اے غیر قَومو، تُم خُدا کی قدرت کے سامنے کیسے ٹھہرو گی، سِوا اِس کے کہ تم تَوبہ کرو اور اپنی بُری رَوِشوں سے باز آؤ؟
۲۳ کیا تُم نہیں جانتے کہ تُم خُدا کے ہاتھ میں ہو؟ کیا تُم نہیں جانتے کہ وہ قادِرِ مُطلق ہے، اور اُس کے حُکمِ عظِیم پر زمِین طُومار کی مانِند لپیٹ دی جائے گی؟
۲۴ پَس، تُم تَوبہ کرو، اور اُس کے حُضُور اپنے آپ کو فروتن کرو، کہیں اَیسا نہ ہو کہ وہ تُمھیں سزاوار ٹھہرائے—کہیں اَیسا نہ ہو کہ یعقُوب کی نسل کا بقیہ تُمھارے درمیان میں شیر ببر کی مانِند آئے، اور تُمھارے ٹُکڑے ٹُکڑے کر دے، اور چُھڑانے والا بھی کوئی نہ ہو۔