۲۰۲۱
ایک لڑکے نے گاؤں کو بچایا
اپریل ۲۰۲۱


”ایک لڑکے نے گاؤں کو بچایا،“ برائے مضبوطیِ نوجوانان، اپریل ۲۰۲۱، ۱۰–۱۱۔

ماہانہ برائے مضبوطیِ نوجوانان پیغام، اپریل ۲۰۲۱

ایک لڑکے نے گاؤں کو بچایا

ٹام فانین صرف ۱۲ سال کا تھا، لیکن جب سموآ میں واقع اس کے گاؤں پر ایک تباہ کن بیماری نے حملہ کر دیا تو اُسے عظیم کام کے لئے بُلایا گیا۔

سموآ کا جزیرہ، لڑکا بیمار دیہاتی کی مدد کرتے ہوئے

خاکہ از جیمز میڈسن؛ تصویر مِنجانِب گیٹی امیجز

جیسا کہ اِس سال کے نوجوانان کا مرکزی موضوع کہتا ہے، آپ ”ایک عظیم کام کی بنیاد رکھ رہے“ ہیں (عقائد اور عہود ۳۳:۶۴)۔ کلیسیا کی تاریخ کے دوران، نوجوانوں نے خُدا کی بادشاہت کو قائم کرنے میں نازک مواقع پر اکثر بہت ضروری کردار ادا کیا ہے۔ اُس کی ایک مثال یہ ہے۔

جزیرے کی وبا

۱۰۰ سال سے زیادہ عرصہ قبل، بحر الکاہل کے جزائر سموآ میں، ٹام فانین نامی ایک نوجوان نے کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسینِ آخِری ایّام کے اراکین کے لیے زندگی اور موت کی صورتحال میں اہم مددگار کے طور پر کام کیا۔

ٹام سونیاٹو نامی گاؤں میں رہتا تھا جس کی بنیاد مُقدّسینِ آخِری ایّام نے اس علاقے میں اپنے جمع ہونے اور ایک کمیونٹی بنانے کی غرض سے رکھی تھی۔ دوسرے وقتوں اور مقامات کے خُدا کے مُقدّسین کی طرح، انہیں خُدا کی بادشاہت قائم کرنے میں آزمائشوں نیز معجزات کا تجربہ ہوا۔ ایک آزمائش ۱۹۱۸ میں آئی جب گاؤں انفلوئنزا کی وبا کا شکار ہو گیا۔

بیماری اپنی آمد کے ساتھ ہی، تباہ کن ثابت ہوئی، اور تیزی سے پھیل گئی۔ گاؤں کی تقریباً ۴۰۰ کی آبادی میں سے قریب قریب ہر کوئی اِس بیماری کا شکار ہو کر بستر پر پڑ گیا۔ اُن میں سے صرف دو افراد ہی چلنے پھرنے کے قابل رہ گئے تھے: ایک بوڑھا شخص اور ۱۲ سالہ ٹام۔

اِیمان اور سخت محنت

ٹام کا خاندان اس سے پہلے بھی اِیمان کی مدد سے بیماری کا مقابلہ کر چکا تھا اور اُس نے اس کے نتیجے میں معجزات رونما ہوتے دیکھے تھے۔ ٹام کا چھوٹا بھائی ایلاما کچھ سال قبل بیمار تھا۔ اُن کے باپ، الیسالا، نے ایک خواب دیکھا جس میں اُسے مخصوص ہدایات دی گئیں کہ ایلاما کی دیکھ بھال کے لئے کیا کرنا تھا: ایک ولی-ولی درخت ڈھونڈو، چھال کا کچھ حصہ اتارو اور اس کا رس نکالو۔ الیسالا نے ایسا ہی کیا اور جوس ایلاما کو دیا، جو اُس نے پیا اور جلد ہی ٹھیک ہو گیا۔ اس لئے ٹام دیکھ چکا تھا کہ اِیمان کے ساتھ خُدا کی مشورت پر عمل کرنا کیسے بیماری پر قابو پانے میں مدد دیتا ہے۔

۱۹۱۸ کی انفلوئنزا کی وبا کے دوران، ٹام نے اپنے گاؤں کے لوگوں کی محنت سے دیکھ بھال کرنے کے لئے اِیمان کی مشق کی۔ ”ہر روز میں لوگوں کو کھانا کھلانے اور ان کی صفائی ستھرائی کے لئے، اور یہ جاننے کے لئے کہ کون مر چکا ہے، ایک گھر سے دوسرے گھر تک جاتا تھا،“ اُس نے کہا۔

وہ چشمے سے پانی کی بالٹیاں بھر کر لاتا تھا اور ہر گھر میں پانی پہنچاتا تھا۔ وہ ناریل کے درختوں پر چڑھتا، ناریل اتارتا، ان کی چھال اتارتا اور انہیں توڑ کر ان کا پانا بیماروں کو پلانے کے لئے جمع کرتا تھا۔ اُس نے گاؤں کی ساری مرغیاں ذبح کر کے ہر خاندان کے لئے ان کی یخنی بھی تیار کی۔

بہت بہتری لانا

اِس وبا کے دوران، سموآ کی تقریباً ایک چوتھائی آبادی انفلوئنزا کی وجہ سے موت کا شکار ہوگئی۔ ٹام کے گاؤں میں بھی کچھ لوگوں کی وفات ہوئی۔ ٹام نے اُن میں سے ۲۰ سے زیادہ افراد، بشمول اپنے باپ الیسالا، کی قبریں کھودنے اور اُن کی تدفین میں مدد دی۔

لیکن ٹام کی محنت اور محبت آميز دیکھ بھال کی وجہ سے، اُس کے گاؤں کے بہت سے لوگ لقمہ اجل بننے سے بچ گئے۔ وہ ان لوگوں کے حالات میں اور سموآ میں خُداوند کی بادشاہت قائم کرنے میں بہت بہتری لایا۔ وہ ”ایک عظیم کام کی بنیاد رکھ رہا“ تھا۔

اور اپنے طریقے سے، آپ بھی یہی کر رہے ہیں۔

ممکن ہے آپ کو ایسے کام کرنے کے لئے نہ طلب کیا جائے جیسے ٹام نے کئے تھے، لیکن درحقیقت، آپ مختلف طریقوں سے اِیمان کی مشق کی بدولت اپنے آپ کے لئے، دوسروں کے لئے اور خُدا کی بادشاہت قائم کرنے میں بہت بہتری لائیں گے۔

آپ نیکی، صبر، رحمدلی اور محبّت کے اظہار سے اپنے خاندان، دوستوں اور دیگر لوگوں کے لئے ایک مثال قائم کر رہے ہیں۔ آپ دوسروں کی خدمت کر رہے ہیں۔ آپ صحائف کے مُطالعہ اور دُعا میں حصہ لے رہے ہیں۔ آپ یِسُوع مسِیح کی بحال شدہ انجیل کی سچائیوں کا اشتراک کر رہے ہیں۔

گزشتہ سال کے دوران، آپ میں سے بہت سے لوگ وبا کو جھیلتے ہوئے اسی طرح کے کام کرتے رہے ہیں۔ شاید آپ پانی نہیں بھر کر لائے ہوں گے یا آپ نے ۴۰۰ لوگوں کی نگہداشت نہیں کی ہو گی، لیکن آپ نے بہت سے دوسرے طریقوں سے لوگوں کو سکون، امید، خوشی اور امن بخشا ہے۔

آپ کی عمر سے قطع نظر آپ کے اِیمان، اور کام کرنے اور دوسروں کی خدمت کرنے کی آپ کی رضامندی زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔ ماضی کی مثالیں، جیسے کہ ٹام فانین کی مثال، یہ دیکھنے میں آپ کی مدد کر سکتی ہیں کہ خُدا کے عظیم کام کی بنیاد رکھنے کے لئے آپ کی ضرورت ہے۔