۲۰۲۱
خُدائی ارکان سے کیا مراد ہے؟
جون ۲۰۲۱


”خُدائی ارکان سے کیا مراد ہے؟،“ لیحونا، جون ۲۰۲۱

ماہانہ لیحونا پیغام، جون ۲۰۲۱

خُدائی ارکان سے کیا مراد ہے؟

آسمانی باپ، یِسُوع مسِیح اور رُوحُ القُدس ایک ہی مقصد کی حامل تین جدا جدا ہستیاں ہیں۔

شبیہ
پہلی رویا

تفصیل منجانب پہلی رویا، از جان میکناٹن

ایک اخبار کے مدیر نے ایک دفعہ نبی جوزف سمتھ سے پوچھا کہ کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسینِ آخِری ایّام کے اراکین کیا یقین رکھتے ہیں۔ اُس کے جواب میں، نبی نے عقیدے کے ۱۳بیانات لکھے جنہیں ایمان کے ارکان کہتے ہیں۔ پہلا بیان کہتا ہے، ”ہم خُدا ابدی باپ، اور اُس کے بیٹے یِسُوع مسِیح، اور رُوحُ القُدس پر اِیمان رکھتے ہیں“ (ایمان کے ارکان ۱:۱)۔ یہ تینوں مل کر خُدائی ارکان کو تشکیل دیتے ہیں۔

خُدا، ابدی باپ

خُدا گوشت اور ہڈیوں کا جی اُٹھا بدن رکھتا ہے۔ وہ ہماری رُوحوں کا باپ ہے۔ وہ اپنے بچوں میں سے ہر ایک سے کامل محبت رکھتا ہے۔ خُدا کامل، قادرِ مطلق، اور کُل علم کا حامل ہے۔ وہ عادل، رحیم، اور مہربان ہے۔ ہم پیدا ہونے سے قبل رُوحوں کی شکل میں خُدا کے ساتھ رہتے تھے۔ اُس نے ہمیں زمین پر سیکھنے اور پھلنے پھولنے کے لئے بھیجا۔ خُدا کی سب سے بڑی خواہش یہ ہے کہ اُس کے بچوں میں سے ہر ایک اپنی موت کے بعد دوبارہ اُس کے پاس رہنے واپس آ جائے۔ خُدا ہمیں سِکھاتا ہے کہ خُدا کی حضوری میں واپس جانے کے لئے ہمیں یِسُوع مسِیح کی پیروی کرنا ہو گی۔

شبیہ
یِسُوع مسِیح عالمِ ارواح میں منادی کرتے ہوئے

مسِیح عالمِ ارواح میں منادی کرتے ہوئے، از رابرٹ ٹی بیرٹ

یِسُوع مسِیح

یِسُوع مسِیح بھِی گوشت اور ہڈیوں کا دوبارہ جی اُٹھا جسم رکھتا ہے۔ وہ خُدا کا پہلوٹھا بیٹا ہے۔ ہماری پیدائش سے قبل، خُدا نے اُسے ہمارا نجات دہندہ ہونے کے لیے چُن لیا تھا۔ اِس کا مطلب ہے کہ یِسُوع ہمارے لئے ایک مثال بننے، اپنی انجیل کی منادی کرنے، ہمارے گناہوں کا کفارہ ادا کرنے اور ہمیں موت سے بچانے کے لیے زمین پر آیا۔ یِسُوع مسِیح کی بدولت، ہمارے گناہ معاف ہو سکتے ہیں جب ہم اِن سے توبہ کرتے ہیں۔ یِسُوع مسِیح نے بہت سی تکلیفوں کا سامنا بھی کیا تاکہ وہ ہمیں سمجھ سکے اور ہماری مدد کر سکے۔ یِسُوع مسِیح مُؤا اور پھر سے جی اُٹھا، اور اِس طرح ہر کسی کے لیے ممکن بنایا کہ وہ دوبارہ سے زندگی پائے۔

شبیہ
مسِیح کی تدفین

تصویر منجانب گیٹی امیجز

رُوحُ القُدس

رُوحُ القُدس خُدائی ارکان کا ایک ایسا رکن ہے جس کا کوئی مادی جسم نہیں ہے۔ وہ ایک رُوح ہے۔ رُوحُ القُدس ہماری رُوحوں سے براہ راست گفتگو کر سکتا ہے۔ وہ ہمیں گواہی دیتا ہے کہ خُدا حقیقی ہے اور یِسُوع مسِیح ہمارا نجات دہندہ ہے۔ رُوحُ الُقدس ہم تک پیار، رہنمائی اور تسلی کے احساسات پہنچانے کے لیے خُدا کے پیغام رساں کے طور پر کام کرتا ہے۔ جب ہمیں بپتسمہ اور استحکام دیا جاتا ہے، تو ہم رُوحُ القُدس کی نعمت پاتے ہیں۔ ہمارے بپتسمہ کے بعد، جب ہم خُدا کے احکامات مانتے رہتے ہیں تو رُوحُ الُقدس ہمیشہ ہمارے ساتھ رہ سکتا ہے۔

شبیہ
پہلی رویا

پہلی رویا، از والٹر رین

جوزف سمتھ کی پہلی رویا

وقت کے ساتھ ساتھ لوگ خُدائی ارکان سے متعلق تَذبذُب کا شکار ہوتے رہے ہیں۔ لوگ اِس پر غیر متفق رہے ہیں کہ خُدا، یِسُوع مسِیح اور رُوحُ القُدس کس کی مانند ہیں۔ اِسی وجہ سے جوزف سمتھ کی پہلی رویا نہایت اہم تھی۔ اُس نے دیکھا کہ آسمانی باپ اور یِسُوع مسِیح مجسم ہیں اور دونوں جدا جدا ہستیاں ہیں۔

شبیہ
توجہ سے سُننا

توجہ سے سُننا، از مائیکل جاروس نیلسن

جدا جدا مگر متحد

صحائف اور جدید انبیاء ہمیں سِکھاتے ہیں کہ خُدا، یِسُوع مسِیح اور رُوحُ القُدس ایک ہی مقصد کی حامل جدا جدا ہستیاں ہیں: ہماری لافانیت اور ابدی زندگی (دیکھیں موسیٰ ۱: ۳۹)۔ ایک ہی ٹیم کے ارکان کی طرح، وہ ہر روز ہماری مدد کے لئے مل کر کام کرتے ہیں۔ جب ہم اپنے گناہوں سے توبہ کرتے ہیں اور صحیح راستے کا انتخاب کرتے ہیں، تو ہم اُن کی قربت کو محسوس کر سکتے ہیں۔

خُدائی ارکان کے متعلق صحائف

شائع کرنا