صحائف
یعقُوب ۶


باب ۶

آخِری ایّام میں خُداوند اِسرائیل کو پھر سے اِکٹھا کرے گا—دُنیا آگ سے جلائی جائے گی—ضرُور ہے کہ اِنسان آگ اور گندھک کی جھیل سے بچنے کے لِیے مسِیح کی تقلید کریں۔ قریباً ۵۴۴–۴۲۱ ق۔م۔

۱ اور اب، میرے بھائیو، دیکھو، جیسا کہ مَیں نے تُم سے کہا کہ مَیں نبُوّت کرُوں گا، دیکھو، میری نبُوّت یہ ہے—کہ وہ باتیں جو اِس زینوس نبی نے اِسرائیل کے گھرانے کی بابت فرمائی ہیں، جِس میں اُس نے اُنھیں زَیتُون کے اَصلی درخت سے تشبِیہ دی ہے، یقِیناً رونُما ہوں گی۔

۲ اور جِس دِن وہ دُوسری مرتبہ پھر اپنے لوگوں کو اِکٹھا کرنے کے لِیے ہاتھ بڑھائے گا، وہی دِن ہو گا، ہاں، یعنی آخِری بار، کہ خُداوند کے خادِم اُس کے اِختیار کے ساتھ اُس کے تاکِستان کی دیکھ بھال کرنے اور آراستا بنانے کے لِیے جائیں گے؛ اور اُس کے بعد انجام جلد آئے گا۔

۳ اور کس قدر مُبارک ہیں وہ جِنھوں نے اُس کے تاکِستان میں جان فشانی سے محنت و مُشقت کی؛ اور کتنے ملعُون ہیں وہ جنھیں باہر اپنے اصل مقام پر پھینک دِیا جائے گا! اور دُنیا آگ سے بھسم کر دی جائے گی۔

۴ اور ہمارا خُدا ہم پر کتنا مہربان ہے کیوں کہ وہ اِسرائیل کے گھرانے کی جڑوں اور شاخوں، دونوں کو یاد رکھتا ہے؛ اور وہ دِن بھر اپنا ہاتھ اُن کے لِیے بڑھائے رکھتا ہے؛ اور وہ سرکش اور تکراری لوگ ہیں؛ بلکہ جِتنے لوگ اپنے دِل سخت نہیں کریں گے خُدا کی بادِشاہی میں بچائے جائیں گے۔

۵ پَس، میرے پیارے بھائیو، مَیں متانتِ کلمات میں تُم سے اِلتجا کرتا ہُوں کہ تُم تَوبہ کرو، اور دِل کے کامل اِرادہ سے، خُدا کے ساتھ جُڑے رہو جَیسے وہ تُمھارے ساتھ جُڑا رہتا ہے۔ اور اُس کے رحم کا بازُو جب کہ دِن کے اُجالے میں تُمھاری طرف بڑھا ہُوا ہے، اپنے دِل سخت نہ کرو۔

۶ ہاں، آج، اگر تُم اُس کی آواز غور سے سُنو، اپنے دِل سخت نہ کرو؛ تو پھر تُم کیوں کر مَرو گے؟

۷ پَس دیکھو، خُدا کے خُوش کُن کلام سے دِن بھر تقویت پانے کے بعد، کیا تُم بُرا پھل لاؤ گے، تاکہ تُم ضرُور کاٹے اور آگ میں ڈالے جاؤ؟

۸ دیکھو، کیا تُم اِس کلام کو رَدّ کرو گے؟ کیا تُم نبِیوں کے کلام کو رَدّ کروگے؛ اور کیا تُم اُس سارے کلام کو رَدّ کر دو گے جو مسِیح کی بابت فرمایا گیا ہے، اور اُس کی بابت بُہتیروں کے کلام کرنے کے بعد؛ اور مسِیح کے خُوش کُن کلام، اور خُدا کی قُدرت، اور رُوحُ القُدس کی نعمت کا اِنکار کرو گے، اور پاک رُوح کو بُجھاؤ گے، اور مُخلصی کے عظیم اُلشان نظام کا تمسخر اُڑاؤ گے، جو تُمھارے لِیے تیار کِیا گیا ہے؟

۹ کیا تُم نہیں جانتے کہ اگر تُم اَیسی حرکتیں کرو گے تو مُخلصی اور قیامت کی قُدرت، جو مسِیح میں ہے، تُمھیں شرمندگی اور بےحد پشیمانی کے ساتھ خُدا کی بارگاہ میں لاکھڑا کرے گی؟

۱۰ اور اِنصاف کی قُدرت کے مُطابق، پَس اِنصاف سے اِنکار نہیں کِیا جا سکتا، لہٰذا ضرُور ہے کہ تُم اُس آگ اور گندھک کی جھیل میں جاؤ جِس کے شُعلوں کو بُجھایا نہیں جا سکتا اور جِس کا دُھواں ہمیشہ سے ہمیشہ تک اُوپر کی جانب اُٹھتا ہے، اَیسی جھیل جو آگ اور گندھک کا دائمی عذاب ہے۔

۱۱ تو پھر، میرے پیارے بھائیو، تُم تَوبہ کرو، اور تنگ دروازے سے داخل ہو، اور جب تک تُم اَبَدی زِندگی نہیں پاتے، اُس راستے پر چلتے رہو جو سُکڑا ہے۔

۱۲ دانش مند بنو؛ اِس سے زیادہ مَیں کیا کہہ سکتا ہوں؟

۱۳ بِلآخِر، مَیں تُمھیں اَلوداع کہتا ہُوں، جب تک خُدا کی بار گاہِ پسندیدہ میں مُلاقات نہ ہو، اَیسی بارگاہ جو بدکاروں پر بے حد خوف اور دہشت طاری کرتی ہے۔ آمین۔