”ہَیکَل میں حاضری کے لیے تیار ہونا،“ لیحونا، دسمبر ۲۰۲۳
ماہانہ لیحونا پیغام، دسمبر ۲۰۲۳
ہَیکَل میں حاضری کے لیے تیار ہونا
کلِیسیائے یِسُوع مِسیح برائے مُقدّسینِ آخِری ایّام کی ہَیکَلوں میں ہم اپنے اور اپنے آباؤ اجداد کے لیے مُقدّس عہُود اور رُسُوم حاصل کر سکتے ہیں۔ ہم آسمانی باپ اور یِسُوع مسِیح کے لیے اپنی مُحبّت اور شُکرگُزاری کا اِظہار کرنے کے لیے ہَیکَل میں حاضر ہوتے ہیں۔ ہم یِسُوع مسِیح کی اِنجیل کو سیکھ کر اور اُس کے مُوافِق زندگی گزار کر ہیکل میں حاضری کے لیے تیار ہو سکتے ہیں۔ ہَیکَلوں کے بارے میں مزید معلومات کے لیے، لیحونا اکتوبر ۲۰۲۱ کے شمارے میں بنیادی انجیل کا مضمون ”کارِ ہَیکَل“ دیکھیں۔
خُداوند کا گھر
ہَیکَلیں ”خُداوند کا گھر“ کہلاتی ہیں۔ یہ وہ مُقدّس جگہیں ہیں جہاں ہم خُدا کے رُوح اور اُس کی مُحبّت کو محسوس کر سکتے ہیں۔ یہ وہ مقام بھی ہیں جہاں ہم عہد باندھ سکتے ہیں اور خصوصی رُسُوم پا سکتے ہیں جو ہمیں ابدی زندگی حاصل کرنے کے لیے تیار کریں گے۔ (عہُود خُدا اور اُس کے بچوں کے درمیان مُقدّس وعدے ہیں۔) اپنے عہُود سے وفادار رہنا اور اِن رُسُوم کو پانا ہمیں آسمانی باپ اور یِسُوع مسِیح کے ساتھ ایک خاص تعلق رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔
ہَیکَل میں کون حاضر ہو سکتا ہے؟
کلِیسیا کے اراکین اُس برس کے آغاز سے جس میں وہ ۱۲ سال کے ہو جاتے ہیں مرحومین کے لیے بپتسمہ لے سکتے ہیں۔ ایک رکن ودِیعت پا سکتا ہے اگر وہ کم از کم ۱۸ سال کا ہو، اور کم از کم ایک سال سے کلِیسیا کا رُکن ہو (دیکھیں عمومی راہ نُما کتاب: کلِسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدسینِ آخری ایام میں خدمت کرنا، 27.2.2، ChurchofJesusChrist.org)۔ وہ مرد اور عورت جنہوں نے پہلے ہی ہَیکَل کی ودِیعت حاصل کر لی ہے ہَیکَل میں ابدیت کے لیے سربمہر (شادی شدہ) کیے سکتے ہیں۔
عہُود اور رُسُوم
آپ ہَیکَل میں عہُود باندھیں گے اور رُسُوم پائیں گے۔ خُدا کے ساتھ عہد کے بندھن میں داخل ہونا ہمیں اُس کے ساتھ اِس طرح باندھتا ہے جو زِندگی کی بابت ہر شَے کو آسان بنا دیتا ہے“ (رسل ایم نیلسن، ”دنیا پر غالب آئیں اور آرام پائیں،“ لیحونا، نومبر. ۲۰۲۲، ۹۷)۔ رسم ایک مُقدّس جسمانی عمل ہے جو کہانت کے اِختیار سے انجام دِیا جاتا ہے۔ رُسُوم کے گہرے رُوحانی مطلب ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر، جب آپ کسی رسم میں حصہ لیتے ہیں، تو آپ خُدا کو ظاہر کرتے ہیں کہ آپ اُس کے عہُود کو حاصل کرنے اور اُن کو برقرار رکھنے کے لیے تیار ہیں۔
ذاتی تیاری
یِسُوع مسِیح کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اور بپتسما کے وقت خُدا کے ساتھ کیے گئے عہُود کو برقرار رکھ کر رُوحانی طور پر تیار ہوں۔ آپ کلِیسیا کے وسائل کا بھی مطالعہ کر سکتے ہیں، جیسے کہ صحائف اور مجلسِ عامہ کے خطابات۔ Temples.ChurchofJesusChrist.org پہ اِس بارے میں معلومات فراہم کی گئی ہے کہ جب آپ ہَیکَل میں جاتے ہیں تو کیا متوقع ہو سکتا ہے۔ اِس میں ہَیکَل کے عہُود، رُسُوم اور علامت کے بارے میں مزید تفصیلات بھی شامل ہیں۔
علامات کا استعمال
خُداوند اکثر علامتوں کا استعمال کر کے سکھاتا ہے۔ مثال کے طور پر، بپتسما—پانی کے نیچے جانا اور دوبارہ اوپر آنا—ایسا ہے جیسے آپ کا پرانا نفس مر رہا ہے اور آپ کی نئی ذات دوبارہ پیدا ہو رہی ہے (دیکھیں رومیوں ۶:۳–۶)۔ ہَیکَل کی رُسُوم یِسُوع مسِیح اور اُس کے کفّارہ کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔ پہلی بار جب آپ ہَیکَل میں جاتے ہیں تو تمام علامتوں کو سمجھنا مشکل ہو سکتا ہے، لیکن آپ اِسے سیکھنا جاری رکھ سکتے ہیں جب آپ زندگی بھر ہَیکَل میں واپس لوٹتے ہیں۔
اِجازت نامہ برائے ہَیکَل
ہَیکَل میں داخل ہونے کے لئے، آپ کو تیار اور اہل ہونا ضروری ہے۔ آپ اپنے بشپ یا صدرِ برانچ اور سٹیک یا صدرِ مُنادی کے ساتھ انٹرویو کے بعد ہَیکَل میں داخل ہونے کا اِجازت نامہ حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ رہنما اِس بات کو یقینی بنانے کے لیے چند سوالات پوچھیں گے کہ آیا آپ یِسُوع مسِیح کی اِنجیل کے مُوافِق زندگی گزار رہے ہیں۔ آپ کے راہ نما اِن سوالات کے بارے میں وقت سے قبل آپ سے بات کر سکتے ہیں۔
اپنے آباؤ اجداد کے لیے ہَیکَل میں واپسی
آسمانی باپ چاہتا ہے کہ اُس کے تمام بچّے اُس کے ساتھ عہُود باندھیں اور مُقدّس رُسُوم پائیں۔ یہ رُسُوم جیسے بپتسما اور ودِیعت، ہَیکَلوں میں ایسے لوگوں کے لیے ادا کی جانی چاہیے جو اِنجیل کو حاصل کیے بغیر انتقال کر گئے تھے۔ آپ اپنے متوفی خاندان کے ارکان کی رُسُوم ادا کرنے کے لیے ہَیکَل واپس جا سکتے ہیں۔
© 2023 by Intellectual Reserve, Inc. All rights reserved. یُو ایس اے میں چھپا۔ منظُوری برائے انگریزی: 19/6۔ منظُوری برائے ترجمہ: 19/6۔ ترجمہ برائے Monthly Liahona Message, December 2023. Language. 19049 434