کرسمس کی عِبادات
مُجسم ہُوا مسِیح بچانے کو


مُجسم ہُوا مسِیح بچانے کو

صدارتِ اوّل کی کرسمس کی عِبادت ۲۰۲۳

اتوار، ۳ دسمبر، ۲۰۲۳

مُجھے کرسمس پسند ہے! اِس مُقدس وقت کے دوران زمین پر صحیفائی بیان، موسیقی، اور خیر سگالی اور فراخ دِلی کے جذبات کی فراوانی ہُوتی ہے۔

برسوں سے، کرسمس کے تہوار کے دوران مَیں اور میری بیوی کئی ممالک میں رہے ہیں۔ ہمیں متنوع روایات اور مُختلف انداز میں کرسمس منانا اچھا لگا ہے۔ اِن تجربات کے متعلق غور کرنے سے مُجھے یہ تسلیم کرنے میں مدد ملی ہے کہ کرسمس ہر کسی کے لیے ہے۔ یہ بچوں، والدین، دادا دادی، چچیوں، چچاؤں اور کزنوں کے لیے ہے۔ یہ اُن لوگوں کے لیے ہے جن کے جیون بڑی شانتی سے گزرے رہے ہیں اور اُن کے لیے جو بیماری، غربت اور مسائل میں جی رہے ہیں۔ یہ اُن کے لیے ہے جو جنگ کی ہولناکیوں سے متاثر ہیں اور اُن کے لیے جو پُر اُمن، خُوشحال حالات میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ یہ اُن کے لیے ہے جو مُنّجی کی پیروری کرنے میں کوشاں ہیں، اُن کے لیے جنہوں نے کبھِی اُس کا نام نہیں سُنا، اور حتٰی کہ اُن کے لیے جو اُسے رد کرتے ہیں۔ یہ اُن کے لیے بھی ہے جو اُس کے جنم لینے سے قبل جی رہے تھے۔ کرسمس ہر کسی کے لیے ہے!

کرسمس ہر کسی کے لیے ہے کیونکہ خُدا نے اپنے بیٹے کو ہم سب کے واسطے اور ہم میں سے ہر کسی کے لیے بھیجا۔۱ ”اِس لیے ہمارے لیے ایک لڑکا تولد ہُوا۔“۲

چونکہ مُنّجی مُجسم ہُوا، گناہ سے مُبرا زندگی جی، ہمارے لیے کفارہ دیا، اور دُوبارہ جی اُٹھا، ہم مَیں سے ہر ایک مُردوں میں سے قیامت پانے کی عظیم نعمت پائے گا۔ زمین پر بسنے والی کسی بھی جان کو اِس قابلِ تحسین نعمت سے محروم نہیں رکھا گیا ہے۔ اِس نعمت کے علاوہ، ”جو چیزیں نہ آنکھوں نے دیکھیں، نہ کانوں نے سُنِیں … وہ سب خُدا نے اپنے محبّت رکھنے والوں کے لیے تیار کر دیں۔“۳

کسی بھی دور یا حالات سے قطع نظر، نجات دہندہ کی پیدایش سدا خُوشی کی وجہ رہی ہے۔ وہ آسمانی باپ کے ہر ایک بچے کو ”اِس دُنیا میں اطمینان، اور آنیوالی دُنیا میں ابدی زندگی“ فراہم کرنے کے واسطے آیا۔۴

آدم اور حوا کے وقت سے، دین دار لوگ مُنّجی کی پیدایش کے منتظر رہے تھے، جس کو باپ کے اپنے بچوں کے لیے اُس کے منصوبے کی تکمیل کو ممکن بنانا تھا۔۵ یسعیاہ اور نیفی نے اُس کے مشن کے تناظر میں اُس کی پیدایش کی پیش گوئی کی۔۶ اُس کے جنم کو اُس کے آنے کی وجہ سے جُدا نہیں کیا جا سکتا ہے۔

حنہ اور شمعون کا سوچیں، جنہوں نے یِسُوع بچّے کو دیکھا اور محسُوس کیا کہ یہ بچہ پوری دُنیا کو ”روشن کرنے والا نور“۷ اور چھٹکارے کی اُمید تھا۔۸ یہ حیرت کی بات نہیں ہے کہ فرشتے نے اِس پیغام کو ”بڑی خُوشی کی بشارت، جو ساری اُمّت کے واسطے ہوگی“ کے طور پر نامزد کیا ہے۔۹ جب کوئی بچّہ پیدا ہوتا ہے تو ہمیں خُوشی ہوتی ہے، لیکن یہ پیدائش اور یہ بچّہ مختلف تھا۔

یِسُوع مسِیح، جہان کا نور اور زندگی، چھوٹے بچے کے طور پر عام سے اصطبل میں پیدا ہوا، تاہم ایک نئے ستارہ نے اُس کے جنم کا اشارہ دیا۔ مورمن کی کتاب ایک ڈرامائی واقعہ کا بتاتی ہے—ایک دِن، ایک رات، اور ایک دِن بغیر تاریکی کے—جو اُس کے آنے کی نشانی تھا۔ یہ معجزانہ نشانیاں جہان کے نور کی آمد کا اعلان کرنے کے لیے دی گئی تھیں،۱۰ جو ہمیں گناہ اور موت کی تاریکی سے چھُڑائے گا۔ ہم اُس کے نور کو دُوسروں کے ساتھ بانٹنے میں مدد کر سکتے ہیں۔

کرسمس کے موقع پر، حتٰی کی چھوٹے بچے بھی مُنجّی کی محبت کی تاثیر اور اثر کو محسُوس کر سکتے ہیں۔ چند برس قبل، ہماری بیٹیوں میں سے ایک، سونجا، نے اپنے پانچ سالہ بیٹے کے ساتھ اپنی گُفت گو کے بارے لکھا۔

اُس نے لکھا، ”آج شام جب میں اُسے بستر پر سُلا رہی تھی، تو اینڈریو نے مُجھ سے کہا، ’اگلے سال مَیں تحائف پر زیادہ توجہ نہیں دوں گا، بلکہ مَیں اِس بات پر توجہ دوں گا کہ مَیں یِسُوع کو کیا دینے جا رہا ہُوں۔‘ مَیں نے اُس سے پوچھا اُسے ایسا خِیال کہاں سے آیا، اور اُس نے مُجھے بتایا میری پرائمری کی مُعلمہ سے۔ پرائمری کو سلام!“۱۱

جی ہاں۔ پرائمری کو سلام۔ اب، ۱۴ برس بعد، اینڈریو بطورِ مُناد خدمت کر رہا ہے اور اِس کرسمس کے تہوار پر یِسُوع مسِیح کے پیغام کا دُوسروں کے ساتھ اشتراک کرتے ہُوئے اپنا وقت گزار رہا ہے۔ اُس نے حال ہی میں لکھا، ”یِسُوع نے ہمیں سب کچھ دیا ہے … [اور] وہ ہمارے تمام گناہ اُٹھا لے گا۔ اِسی لیے میں یہاں مُنادی کے میدان میں اُترا ہوں۔“۱۲

کرسمس کا تہوار یہ سوچنے کے لیے ایک خاص وقت ہے کہ دینے کے لیے کیا سب سے اہم ہے۔ شاید ہم دُوسروں کو ”اُمید کے جذبے کی لہر“۱۳ کو محسوس کرنے میں مدد دینے کے قابل ہوں جو مُنجّی کو جاننے اور اپنے قلوب اُسے نذر کرنے سے حاصل ہوتی ہے۔

برسوں پہلے ہماری بیٹی الِیسا سرطان سے وفات پا گئی تھی، اور مَیں کرسمس کے متعلق اُس کے نقطہ نظر کو پسند کرتا ہوں، حتٰی کہ جب اُسے سنگین تشخیصِ صحت کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ ایک سال اُس نے لکھا:

”مُجھے کرسمس پر ایک غیر متوقع خبر مِلی۔ جو نہایت گراں تھی۔ … کرسمس سے بالکل پہلے مَیں نے اپنے ماہرِ سرطان کے دفتر سے نرس کی طرف سے ایک ای میل موصول کی۔ اُس نے لکھا، ’کرسمس مبارک ہو—آپ کی رسولی کا ٹیسٹ [خاص جینیاتی] تبدیلی کے لیے مثبت آیا ہے۔‘ … میرے لیے اِس کے کیا معنی تھے؟ انہوں نے … ایک دوا … منظور کی جو سرطان کے خلیے کی اشارتی راہ میں مداخلت کرتی ہے [کچھ لوگوں کے لیے جن میں یہ جینیاتی تبدیلی پائی جاتی ہے]۔ یہ علاج نہیں ہے، بلکہ ایک معجزاتی دوا ہے جو رسولی کو … تیزی سے سُکیڑ دیتی ہے … بد قسمتی سے، آخرکار جسم اِس پر غالب آ جاتا ہے، اور سرطان واپس لوٹ آتا ہے۔ … مگر مَیں نے محسُوس کیا جیسے کسی نے مُجھے زندگی کے چند اضافی مہینے تھما دیے ہوں۔ اور یہ کیا ہو سکتا ہے؟ … ایک اور اضافی موسمِ گرما؟ اپنے بچوں کے ساتھ ایک اور جشنِ تعطیل؟ مَیں آشک بار ہوئی جب مَیں نے وہ ای میل کھولی اور خُد ا کا اپنے سب سے زبردست سرپرائز پانے کا شکریہ ادا کیا۔۱۴

الِیسا کو اپنے خاندان کے ساتھ بِتانے کے لیے مزید قیمتی وقت مِلا۔ اُس نے ایک تجربہ بیان کیا جو اُن کے خاندان نے پڑوسی کو گمنام کرسمس کا تحفہ دیتے ہوئے پایا تھا۔ یہ واضح کرتا ہے کہ تحفہ دینے کی ہماری ہر تفصیل سدا کامل نہیں ہوتی ہے۔ اُس نے لکھا:

”اُس رات ہم … ایک خُفیہ تحفہ رکھ کر آئے۔ لڑکوں نے فرار کے بہترین طریقے اور چُھپنے کی جگہوں کی منصوبہ سازی کی۔

”’مگر مبادا وہ ہمیں دیکھ لیں …،‘ سام نے سنجیدگی سے پوچھا، اور دُوسرے دونوں گھبرا کر نیچے جھک گئے۔ ’بہتر ہے ہم اپنے ہاتھوں میں برف کے گولے رکھیں۔‘

”جیمس سمجھ گیا۔ ’ٹھیک ہے، ٹھیک۔ بند کرنے کے لیے دروازے پر مارنے کو؟‘

”’نہیں،‘ [سام نے جواب دیا]، ’ہم اُن کے منہ پر ماریں گے۔‘“۱۵

الِیسا نے اپنے سب سے چھوٹے بیٹے لُوک کے ساتھ اپنا پیار بھرا تجربہ بیان کیا، جو اُس وقت صرف چھ برس کا تھا۔ اُس نے لکھا:

”پس آج رات جب ہم اُس کی کھڑکی کے اوپر رنگ برنگے قمقموں کی لڑیوں سے منور اُس کے بستر پر لیٹے تھے، میں نے اُس سے پوچھا … ، ’خیر، آپ کیا … مانگنا چاہتے ہو؟‘

”’بہت خوب، میں اِس بارے کچھ سوچ سکتا ہُوں۔‘

”’اوہ؟‘

”’اِسے تمام موسموں میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔‘

”’اوہ؟‘

”ڈرامائی توقف- ’امی سے ایک بوسہ اور جپھی۔‘

”اِس کے لیے وہ ۱۰۰ چھوٹے بوسوں اور اُسی وقت بڑی گرم جوشی سے گلے لگائے جانے کا مُستحق تھا۔ ’نادان لوک، تُم یہ کسی بھی وقت پا سکتے ہو!‘

”مگر جب مَیں کمرے سے باہر نکلی میرا دِل تھوڑا ڈوب سا گیا۔ میرا خیال ہے کہ لازمی نہیں کہ یہ سچ ہو۔ مَیں نہایت مشکور ہُوں کہ اِس سال وہ یہ اور ساتھ ہی ساتھ دوسرے تحائف بھی پا سکتا ہے۔“۱۶

مَیں الیِسا کے کرسمس کا احاطہ کرتے ہوئے اُمید کے خِیالات سے خّصوصاً متاثر ہوا تھا۔ اُس نے لکھا:

”اِس تہوار پر مَیں اُمید سے نہایت زیادہ متاثر ہوئی ہُوں۔ جب مَیں مسِیح کے معجزوں اور خُدا کی کئی نعمتوں کے بارے غور کرتی ہُوں، تو مَیں ہر چیز اور ہر کسی کے لیے اُمید محسوس کرتی ہُوں۔ لازمی نہیں کہ اُس قسم کی اُمید کہ ہر چیز کامل ہو گی، بلکہ ہر چیز ٹھیک ہو گی، اور آخرکار نیکی غالب آ[تی] ہے۔ ہماری ساری زندگیوں میں۔ میرا خِیال ہے کہ معجزات کے لیے، تبدیلی کے لیے، امن کے لیے کبھی تاخیر نہیں ہوتی ہے۔ میرا اِس پر گہرے طور پر اور پورے طور پر یقین ہے۔ مَیں تسلیم کروں گی کہ دُوسروں کے لیے اِس اُمید کو محسُوس کرنا آسان، مگر خُود پر لاگو کرنا نہایت مُشکل ہوتا ہے۔ مگر مَیں سیکھ رہی ہُوں۔ ’سب باتوں پر اِیمان رکھو، سب باتوں کی اُمید رکھو، سب باتیں برداشت کرو۔‘ آسان۔ حسین۔“

اپنے بیٹے کی بات کرتے ہوئے، اُس نے کہنا جاری رکھا، ”کرسمس کی شام کو جیمس میرے لیے [کرسمس کا ایک گیت] بجا رہا تھا اور مُجھے اِس گیت کے بول پسند ہیں۔

اچھے مسِیحی لوگ، شادمان ہوں

دل و جان، اور آواز سے؛

قبر کا اب تُمھیں خُوف نہ ہو:

اطمینان! اطمینان!

مُجسم ہُوا یِسُوع مسِیح بچانے کو!

بُلاتا ہے آپ اکیلے کو، اور آپ سب کو،

اُس کی لازوال بارگاہ پانے کو:

مُجسم ہُوا مسِیح بچانے کو!

مُجسم ہُوا مسِیح بچانے کو!“۱۷

وہ بچانے کے لیے مُجسم ہوا تھا۔ آپ کو بچانے اور مُجھے بچانے کی خاطر۔ کیا ہی ناقابلِ موازنہ نعمت جو صرف اُس ہی کی بدولت دی جاسکتی ہے۔ ہمارے موجوہ حالات سے قطع نظر، کاش ہمیں کرسمس کے اِس تہوار پر اپنی زندگیوں میں اُس کی نعمتوں کا کامل احساس ہو۔

یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔

شائع کرنا