کرسمس کی عِبادات
یاد رکھو یاد رکھو


9:41

یاد رکھو یاد رکھو

صدارتِ اوّل کی کرسمس کی عِبادت ۲۰۲۳

اتوار،۳ دسمبر، ۲۰۲۳

جہاں مَیں رہتی ہُوں، وہاں نومبر کے مہینے کی شُروعات میں، میرے اِردگرد کی فطرت ایک دُھندلی خاموشی میں ڈُوب جاتی ہے۔ سرسبز پتوں کی ہوا، جو کبھی موسمِ بہار اور گرمیوں کے مہینوں میں آہستہ سے چلتی اور گُنگُناتی تھی، بنجر درختوں اور میرے پیروں کے نیچے سُوکھے اور گرے ہُوئے پتوں کی آواز کا سبب بنتی ہے۔ جب چہچہاتے پرندے خاموش ہو جاتے ہیں، اور پنکھڑیوں اور پھُولوں کی میٹھی خوشبو ہوا کے ساتھ اُڑنے لگتی ہے۔ فطری دُنیا کی چیزیں جِن کو مَیں زندگی کو تحریک بخشنے سے وابستہ کرتی ہُوں کُچھ وقت کے لئے پسپا ہو جاتی ہیں، اور تمام خاموشی اور تمام وسعت میں جو پیچھے رہ جاتا ہے—جب سال یوں اِختتام پذیر ہو رہا ہوتا ہے اور عین اُس سے قبل کہ مَیں خُوشی سے جینا بھولنے لگتی ہُوں—کرسمس کا تحفہ آ جاتا ہے۔

اور خُدا کی عظیم دُنیا کے اپنے ایک کونے میں، مُجھے یاد آتا ہے۔ مُجھے اُن درختوں پر توجہ دینا یاد آتا ہے جو سَدا سرسبز و شاداب، تراشے ہُوئے، مہک دار، اور خُوشبو دار رہتے ہیں۔ مُجھے ایسے پھولوں اور بیریوں کو تلاش کرنا جو گہرے سرخ یا حیرت انگیز طور پر سفید ہوتے ہیں اور جانے پہچانے گیتوں کو سُننا یاد آتا ہے جو دِلوں اور گھروں اور عبادت گاہوں میں گائے جاتے ہیں، جو ”دُنیا کے لیے خُوشی“ کا اعلان کرتے ہیں، جب مَیں کرسمس کی علامتوں کو تلاش کرتی ہُوں کہ ”آسمان اور فطرت میرے ساتھ گائیں“ اور مُجھے یاد کرنے کی دعوت دیں۔

اِس موسم کے عجائب میں سے ایک یہ ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ پُوری مسِیحی دُنیا، اور ہماری سرحدوں سے باہر بُہت سے لوگ، یہ وقت بامقصد طور پر کرسمس کے موقع پر اپنی زندگیوں کو یادگار نشانوں سے بھرنے اور اُن کی تلاش میں گُزارتے ہیں۔

کرسمس وہ پُل ہے جو نئے سال کی طرف سفر میں ہماری راہ نُمائی کرتا ہے۔ اور جب ہم راستہ پار کرتے ہیں، تو ہمیں دعوت دی جاتی ہے کہ ہم ”خُداوند خُدایِ ابدی و تمام زمین کے خالق“ کے معجزے پر غور کریں،۱ جو داؤد کے شہر میں عاجز حالات میں پیدا ہُوا اورکپڑے میں لِپٹا اور چرنی میں پڑا ہُؤا تھا۔“۲ جب ہم کرسمس کی زیارت کرتے ہیں، تو شاید ہم اپنے آپ کو جدید دور کے دانا مَردوں اور عورتوں کے طور پر دیکھ سکتے ہیں، جو شاید درختوں کے اُوپر لگے ستارے اور روشنیوں کو اپنے اِرد گرد چمکتے ہُوئے دیکھتے ”نہایت خُوش ہوتے ہیں“۳ اُن نشانوں پر جو ہمارے سامنے یِسُوع مسِیح کی طرف نشاندہی اور راہ نُمائی کرتے ہیں، اُس کی طرف جو ”دُنیا کا نُور ہے۔“۴ اگر ہم اِس موسم کے دوران فضا میں کِسی خاص خوشبو کے اثر کو محسُوس کریں، تو شاید یہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم اپنے ساتھ ”زندہ خُدا کے بیٹے کو دینے کے لیے تحائف لائیں“۵—نہ کہ ”سونا، اور لُبان، اور مُر“۶ بلکہ ہمارا ”شکستہ دِل اور پشیمان رُوح“۔۷ اور ہم میں سے وہ جو بچّوں سے پیار کرتے اور اُن کا خیال رکھتے ہیں، شاید ہم موجودہ دور کے چرواہوں کی طرح ہیں [اپنے] گلہ کی نگہبانی کرتے ہُوئے،“۸ خُداوند کی طرف سے بھیجے گئے زمینی فرشتوں کو سُننے کے لئے دعوت دیتے ہُوئے کہ ”ڈرو مت،“ کیونکہ وہ یہ بتانے کے لیے آئے ہیں کہ ہمارے نجات دہندہ کو کہاں پایا جا سکتا ہے۔۹ کیا ہمیں اپنی گواہی کے طور پر اپنے بچّوں کے کانوں میں اُس ”بڑی خُوشی کی بشارت“ کی سرگوشی کرنا یاد نہیں ہے؟ تاکہ جب وہ، بچکانہ حیرت کے ساتھ، لال اور سبز، سنہرے اور سفید کرسمس کے رنگوں کے بارے میں جاننے کی کوشِش کریں، تو وہ اپنے مُخلصی دینے والے، یِسُوع مسِیح، کی کامِل اور خالص کفّارہ کی قربانی کو یاد کریں، جو اُنہیں نجات اور نئی اور ابدی زندگی کا تحفہ پیش کرتا ہے۔

کرسمس ہمیں بیت لحم کی طرف رُوحانی سفر کرنے کی اِجازت دیتا ہے تاکہ ہم اپنے نجات دہندہ، یِسُوع مسِیح، کی گواہی پائیں، اور پھر اُس گواہی کو آگے بڑھائیں اور زبان کھول کر اپنے دست و پاؤں کے ساتھ ”اُسے مُشہور کرنے“۱۰ کے لیے تیار ہوں اور اُن سب باتوں کی گواہی دیں جو ہم اُس کے بارے میں جانتے ہیں۔ ہم یاد رکھ کر نجات دہندہ کی ولادت کی زیارت کر سکتے ہیں۔

خُدا ہمیں یادگاری کا تحفہ دیتا ہے تاکہ ہم دینے والے کو فراموش نہ کریں، تاکہ ہم اپنے لیے اُس کی بے حد محبّت محسُوس کریں اور بدلے میں اُس سے محبّت کرنا سیکھیں۔ قدیم نبی مرونی ہمیں تاکید کرتا ہے کہ ”یاد رکھو کہ ہر اچھی نعمت مسِیح کی طرف سے آتی ہے۔“۱۱ ہمارا نجات دہندہ ہمیں دُنیا کی طرح کے تحفے نہیں دیتا—عارضی، جزوی، اور وقت کے ساتھ ختم ہونے والے۔ یِسُوع مسِیح دائمی تحائف، حتیٰ کہ ضروری تحائف دیتا ہے، بشمُول:

  • رُوح کے تحفے، جیسا کہ علم، حکمت، گواہی، اور ایمان۔۱۲

  • رُوحُ القُدس کا تحفہ

  • ابدی زندگی کا تحفہ

اور جب ہم اپنی زندگیوں میں زندگی بھر آنے والی بڑی اور چھوٹی ”اچھی نعمتوں“ کی مُدت پر غور کرتے ہیں، کیا ہم خُداوند کے ہاتھ کو ہمیں بچاتے، ہمیں راحت کے ساتھ تقویت دیتے دیکھ سکتے ہیں؟

اگرچہ بعض اوقات ہمارے ذہن اور دِل بھٹک سکتے ہیں اور اُس سے دُور ہو سکتے ہیں، اُس کی ثابت قدمی ہمیں یقین دلاتی ہے کہ خُداوند ہمیں—کرسمس یا کِسی اور وقت بھُولتا نہیں۔ خُداوند نے اعلان کیا ہے کہ اُس نے ہمیں اپنے ہاتھوں کی ہتھیلِیوں پر کھود رکھا ہے۔۱۳ اُس کے وعدے ہمیشہ پُورے ہوتے ہیں۔ وہ اُن عہُود کو یاد رکھتا ہے جو اُس نے ہمارے ساتھ اور ہمارے باپ دادا کے ساتھ باندھے تھے۔ وہ آسمانی باپ سے ہماری دُعائیں سُنتا اور اُنہیں یاد رکھتا ہے، چاہے ہم اپنے گھٹنے ٹیک کر یا خُفیہ طور سے اپنی اِلتجا کریں یا اپنے دِلوں میں التماس کریں۔ وہ یاد رکھتا ہے، جیسا کہ صدر رسل ایم نیلسن نے سِکھایا ہے، کہ ”اُن کی زندگیوں پہ اثر چھوڑیں جو اُس پر ایمان رکھتے ہیں۔۱۴ جتنی بار بھی ہم تُوبہ کرتے ہیں وہ ہمیں مُعاف کرنا یاد رکھتا ہے۔ وہ صحائف اور نبیوں کے ذریعے ہم سے بات کرنا یاد رکھتا ہے تاکہ ہمیشہ واپس گھر جانے کا راستہ ڈھونڈنے میں ہماری مدد کرسکے—چاہے ہم کتنی دور اور کتنی دیر سے ہی کیوں نہ بھٹک رہے ہوں۔ اور وہ اپنے رُوح کو بھیجنا یاد رکھتا ہے جب ہم اپنے مُقدّس وعدہ کو پُورا کرنے کی کوشش کر رہے ہوتے ہیں کہ ہم ”ہمیشہ اُسے یاد رکھیں گے۔“۱۵

صدر سپینسر ڈبلیو قمبل نے سِکھایا کہ ”لغت میں سب سے اہم ترین لفظ، … یاد رکھنا ہو سکتا [ہے]۔ کیونکہ آپ سب نے خُدا کے ساتھ عہُود باندھے ہیں[،] … ہماری عظیم ترین ضرورت اُنہیں یاد رکھنا ہے۔“ وہ مزید کہتے ہیں ”اِسی لئے ہر کوئی ہر سبت کے دن عِشائے ربانی کی عبادت میں جاتا ہے—عِشائے ربانی لینا اور کاہنوں کی دُعا سُننا کہ وہ ’ہمیشہ اُسے یاد رکھیں اور اُس کے احکامات پر عمل کریں جو اُس نے اِنھیں دیے ہیں۔‘ … یاد رکھنا ایک لفظ ہے۔ یاد رکھنا ایک لائحہ عمل ہے۔“۱۶

خُدا کو یاد رکھنا ہمارے رُوحانی جوش کی طاقت کو اُبھارتا ہے اور ہمیں خُداداد طریقوں سے عمل کرنے کی دعوت دیتا ہے۔ اِن تعلیمات پر غور کریں جنھیں صدر نیلسن نے ہمیں یاد کرنے کی دعوت دی ہے:

  • ”خُدا کو اپنی زندگی پر غالب آنے دیں“ اور ”اپنے وقت کا مُناسب حِصّہ اُس کی نذر کریں۔“

  • ”مُعجزوں کے مُشتاق اور خواہاں ہوں۔“

  • ”اپنی … زندگی سے تصادم ختم کریں“۱۷اور صالح بنیں۔۱۸

کرسمس اُن دعوتوں پر عمل کرنے اور اپنے فطری رُحجانات کو واضح طور پر پانے کا موقع ہو سکتا ہے جو یِسُوع مسِیح کے بارے میں مزید سوچنے کی یاد دہانی ہے، اُس کی پیدائش کے مُعجزے پر غور کریں، اور خُدا کے بچّوں کے ساتھ رفاقت کے عظیم تر احساس پر غور و فکر کرنے کے لیے آمادہ ہوں۔ یادگاری کے نشانات جو کرسمس کے موقع کی خصوصیت ہیں اکثر اِس طرح پہچانے جاتے ہیں جب ہم:

  • دوستوں، خاندانوں اور اجنبیوں کو کرسمس کی مبارکباد دینا یاد رکھتے ہیں۔

  • محبّت کے اِظہار کے لیے تحائف دینا یاد رکھتے ہیں۔

  • ضرورت مندوں کے لیے فراخ دِل ہوتے اور ہمارے گھروں میں داخل ہونے والوں کی مہمان نوازی کرنا یاد رکھتے ہیں۔

  • خاندان کے طور پر اکٹھے ہونے اور روایات کی اہمیت پر زور دینا یاد رکھتے ہیں جو کرسمس کو مُختلف اور الگ بناتی ہیں۔

سال کے اِس وقت کے دوران بُہت سوں کے لیے، ایک جیسے کھانے تیار کرنے، خاندانی کہانیوں کو دُہرانے، اور اپنے کرسمس کے درختوں کو سجانے کی ہماری گہری محبّت جو ہم ہر سال آراستہ کرتے ہیں وہ ایسی اہم سرگرمیاں ہیں جو ہمارے لیے اہم تجربات کو یاد رکھنے کی ہماری فطری خواہش کو محفوظ رکھتی ہیں۔ خصُوصی کھانے، کُچھ کہانیاں، اور چھٹیوں کی تزئین ہماری جمع شُدہ یادوں کی نشانی کے طور پر کام کر سکتی ہیں۔ حتیٰ کہ سال کے اِس وقت میں زیادہ سے زیادہ کارِخیر کرنے کی ہماری خواہش ہمارے شُکر گُزار ہونے کے اِرادے کو ظاہر کرتی ہے۔ کرسمس کی آمد کے ساتھ حاصل شُدّہ محبّت ہمارے سامنے ہماری خواہشات اور اپنے اعمال کو یِسُوع مسِیح پر مرکُوز کرنے کا ایک موقع ہے: ”یاد رکھو، یاد رکھو کہ تُمھیں اپنی تعمیر کی بُنیاد اُس مُخلصی دینے والے کی اُس چٹان پر رکھنی ہے، جو کہ مسِیح خُدا کا بیٹا ہے۔“۱۹ یاد رکھیں کہ جب ہم ایک سال کے آخر تک پُہنچتے ہیں اور پل بھر میں نئے سال کو جاتے ہیں—دانا مرد اور دانا خواتین ہوتے ہُوئے، بطور نگہبان چرواہے— ہم ایسا خُداوند کے زورِ بازو۲۰ سے کرتے ہیں۔

پس، آپ دُنیا میں جہاں بھی رہتے ہیں، اُن علامتوں کی اقسام پر توجہ دینا یاد رکھیں جو آپ کو مسِیح کی تلاش کرنے کی دعوت دیتی ہیں۔ سال کے اِس وقت ہم اِس بات پر زور دیتے ہیں، کہ ہر اُس شخص کو مبارک باد دیتے وقت، جو ہمارے ذہن میں ہے، آئیں ہم سچّے دینے والے کو نہ بھولیں—وہ جو ہمیں کبھی نہیں بھُولتا اور ہمیں اپنے رُوح کے وسیلے سے، کرسمس کے موقع پر اور ہر وقت اُسے یاد رکھنے کی قُوت بخشتا ہے۔ وہ ”دُنیا میں خُوشی“ لاتا ہے اور ہمارے دِلوں کو دعوت دیتا ہے کہ ہم اپنے بادشاہ کو قبول کرنے کے واسطے اِن ”میں جگہ بنائیں۔“۲۱ وہ پُختہ بُنیاد ہے جِس پر ہم سفر کرتے ہیں۔ وہ دُنیا کا نُور اور زندہ خُدا کا بیٹا ہے۔ مَیں یہ گواہی، یِسُوع مسِیح کے نام پر دیتی ہُوں، آمین۔