کرسمس کی عِبادات
”آؤ، ہم اُسے سَجدہ کریں“


11:38

”آؤ، ہم اُسے سَجدہ کریں“

صدارتِ اوّل کی کرِسمس کی عِبادت ۲۰۲۳

بروز اِتوار، ۳ دِسمبر، ۲۰۲۳

میرے پیارے بھائیو اور بہنو، کرِسمس کی ایک اور رُت کا آغاز کرنا کیسی خُوشی کی بات ہے جب ہم اپنے نجات دہندہ اور مُخلصی دینے والے، خُداوند یِسُوع مسِیح کی وِلادت کا جشن مناتے ہیں۔

ہر بچّے کی پیدائش ایک مُقدّس واقعہ ہوتا ہے۔ ہمارے ایک پَرپُوتے کا رَدِعمل دیکھیں جب اُس نے پہلی بار اپنے چھوٹے بھائی کو ہاتھ میں اُٹھایا۔

[ویڈیو]

یہ کوئی حیرانگی کی بات نہیں کہ بیت لحم کے چھوٹے سے شہر کے قریب ۲۰۰۰ سال پہلے کی اُس مُقدّس ترین رات میں، آسمانی لشکر نے خُوشی کا نغمہ گُنگُنایا! فرشتے نے گڈریوں کو یہ عالی شان سچائی سِکھائی۔

”دیکھو، مَیں تُمھیں بڑی خُوشی کی بشارت دیتا ہُوں، جو ساری اُمّت کے واسطے ہو گی۔

”کہ آج داؤد کے شہر میں تُمھارے لیے ایک مُنّجی پَیدا ہُوا ہے، یعنی مسِیح خُداوند۔“ ۱

اور اَب، میرے عزیز بھائیو اور بہنو، ”آؤ، ہم اُسے سَجدہ کریں۔“۲

جیسا کہ آپ میں سے بُہت سوں کی مانِند، پچھلے کُچھ برسوں میں کرِسمس کے معنی میرے لیے بدل گئے ہیں۔ میرے بچپن کی یادیں ۱۹۳۰ کی دِہائی کے عظیم اقتصادی جھٹکے کے پسِ منظر پر نقش ہیں۔ پیسوں کی خاصی کمی تھی۔ اور تحائف بالخصُوص بیش قِیمت ہوتے تھے۔

میرے والدین میرے اور میرے بہن بھائیوں کے لیے کرِسمس کو جادوئی بناتے تھے۔ ہر سال ہم ایک خاندان کے لیے ”مجازی سانتا“ خاندان بنتے تھے۔ ہم مُناسب تحائف تیار کرتے اور جوبیس کی رات کو اُنھیں پُہنچاتے۔ جیسے ہی ہم اُن کے گھر سے دُور جاتے، تو اُن کے لہراتے ہاتھ اور آنسُوؤں سے بھرے چہرے ہمیں ہدیے دینے کی حقیقی خُوشی دِلاتے تھے۔

مُجھے کرِسمس کی موسیقی اُس وقت بھی پسند تھی—اور اَب بھی ایسا ہی ہے۔ ہر سال، بہن نیلسن اور مَیں ہینڈلز مسعیاہ کو سُننا اور اِس کے ساتھ گانا پسند کرتے ہیں۔ مُجھے لفظ ہلّلُویاہ کا عبرانی مفہُوم پسند ہے۔ اِس کا حقیقی مطلب ہے ”یہوواہ خُداوند خُدا کی حمدوثنا۔“۳ اِس نیم تمثیلی تخلیق میں گائے گئے اَلفاظ کا اِطلاق نہ صرف خُداوند کی وِلادت پر بلکہ اُس کی ہزار سالہ حُکومت پر بھی ہوتا ہے:

اِس لیے ہمارے لیے ایک لڑکا تولد ہُوا،

اور ہم کو ایک بیٹا بخشا گیا:

اور سلطنت اُس کے کندھے پر ہو گی:

اور اُس کا نام عجیب، مُشیر،

خُدای قادِر،

ابدیت کا باپ،

سلامتی کا شہزادہ۔۴

اپنی جوانی کے برسوں میں ہی مَیں نے خُدا باپ اور اُس کے پیارے بیٹے، یِسُوع مسِیح کی گہری گواہی پانا شُروع کر دی تھی۔ مَیں نے بذاتِ خُود جانا کہ یِسُوع مسِیح کنواری مریم سے پیدا ہُوا تھا، جو کہ ”ایک اَنمول اور برگُزیدہ ظرف“ تھی۔۵ مَیں جانتا تھا کہ وہ واقعی خُدا کا بیٹا ۶ اور تمام اِنسانی تاریخ کی مرکزی شخصیت ہے۔

یِسُوع مسِیح نے جو کُچھ پورا کر دکھایا اُس کی ناقابلِ فہم وُسعت کی بابت ذرا سوچیں—سب کُچھ اپنے باپ کی مرضی کے مُوافق انجام دِیا۔ یِسُوع پہلے سے ہی خُدا تھا جب وہ ہم میں سے ہر ایک کے واسطے سب سے اہم کارنامے کی تکمیل کرنے کو زمین پر اُترنے کے لیے تیار ہُوا۔ ایک اَیسا کارنامہ جو حقیقی طور پر زِندگی بچانے والا اور زِندگی بَدل دینے والا تھا۔ ایک اَیسا کارنامہ جو ہم میں سے کوئی بھی اپنے واسطے نہیں کر سکتا تھا۔

نجات دہندہ نے ”ہر قِسم کے دُکھوں اور مُصیبتوں اور آزمایشوں کو برداشت کِیا“۷ تاکہ وہ جانے کہ ”بشریت کے اعتبار سے وہ [ہماری] کمزوریوں میں کیسے [ہماری] مدد کرے۔“۸

پچھلے چند ماہ کے دوران میں، مَیں نے درد اور اِس کی شِفا یابی کے اَثر کے مُتعلق بُہت کُچھ سیکھا ہے۔ میرا دِل ہمارے مُنّجی کی طرف مائل ہُوا جب مَیں نے اُس کے کَرب کی حد تک تصوّر کرنے کی کوشِش کی۔ میرا فانی ذہن فقط اِس بات کو سمجھ نہیں سکتا کہ کیسے اُس نے تمام تکلیفیں، سارے گُناہ، سب کَرب، اور ہر ایک کی تمام اَذیتیوں کو اپنے تئیں لے لِیا ہے اُن سب کے واسطے جو کبھی بھی زندگی پائیں گے!

شفقت کے سب سے اعلیٰ و اَفضل عمل میں جو فانی فہم یا وضاحت کے لیے نہایت دشوار ہے، کہ نجات دہندہ نے اپنے آپ کو بے مِثال رُوحانی اور جسمانی اَذیت کے واسطے پیش کر دِیا۔

ہم بیت لحم کے بچّے یِسُوع کی تعظیم و تکریم کرتے ہیں کیوں کہ بعد میں اُس نے گتسِمنی باغ میں اور کلوری کی صلیب پر ناقابلِ فہم، لامحدُود قُربانی پیش کی۔ یہ نذرانہ ہم میں سے ہر ایک کو مُخلصی بخشتا ہے جب ہم توبہ کرنے اور اُس کی تقلید کرنے کا چُناؤ کرتے ہیں۔ پھر، زمین پر اُس کا عظیمُ الشان اَمر، تیسرے دِن قبر میں سے جی اُٹھنا، ہم میں سے ہر ایک کو موت کے بعد جی اُٹھنے اور زِندگی کی بے مِثال برکت عطا کرتا ہے۔

اِس تہوار میں، ہم اَکثر خُوشی سے گاتے یا بولتے ہیں کہ، ”ہم آپ کو کرِسمس مُبارک کہتے ہیں۔“ میرے پیارے بھائیو اور بہنو، آپ میں سے ہر ایک کے واسطے آج شام میری حَسرتِ قلب میں کئی پہلُو شامِل ہیں۔ دَراصل، یہ آپ کے واسطے میری آرزو نہیں؛ بلکہ کرِسمس کے اِس مُقدّس موقع پر یہ میری دُعا ہے۔

پہلے، مَیں دُعاگو ہُوں کہ آپ شخصی طور پر ہمارے مُنّجی کی گہری، اَبَدی محبّت کو محسُوس کریں۔ یِسُوع مسِیح آپ کو قبل اَز فانی زندگی سے ہی جانتا ہے۔ وہ آپ کو اَب بھی جانتا اور دیکھتا ہے۔ وہ آپ کی خُوشیوں اور غموں سے واقف ہے۔ اُس نے اِن میں سے ہر ایک کا تجربہ کِیا ہے۔

وہ آپ کی جدوجہد کے لیے کامِل دردمندی کا حامل ہوتا ہے اور جب بھی آپ راست بازی میں آگے بڑھتے ہیں، تو وہ اچھے اور بُرے اوقات میں شادمان ہوتا ہے۔

مَیں دُعا کرتا ہُوں کہ آپ اپنی شخصی گواہی پائیں کہ یِسُوع مسِیح خُدا کا بیٹا ہے، کہ وہ قُدرتِ خُدا سے لبریز ہے اور اُس کی عظیم کفّارہ بخش قُربانی کی بدولت، آپ کو کبھی بھی یہ محسُوس کرنے کی ضرُورت نہیں کہ آپ کو تن تنہا زِندگی کی مُشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جب آپ خُلوُصِ دِل سے مانگتے، ڈھُونڈتے، اور کھٹکھٹاتے ہیں،۹ تو آپ کی مُعاونت کرنے، آپ کو مضبُوط کرنے، اور آپ کو شِفا دینے کے واسطے آپ کو اُس کی قُدرت تک مُستقل رسائی حاصِل ہوتی ہے۔۱۰

میری دُعا ہے کہ آپ روزانہ توبہ کرتے ہُوئے، اپنی زندگی کو مزید پاکیزہ بناتے ہُوئے، اور اپنے تمام کاموں میں آسمانی ہدایت کے خواہاں ہوتے ہُوئے مُنّجی کے کفّارے سے بھرپُور مُستفید ہوں گے۔ با الفاظِ دیگر، مَیں آپ کے لیے دُعاگو ہُوں کہ آپ ہمیشہ اپنی سوچ آسمانی رکھنے کی خُوشی کا تجربہ پائیں۔

مَیں یہ بھی دُعا کرتا ہُوں کہ آپ اِس چُھٹی کے تہوار کو اِس سے بھی زیادہ شخصی عِبادت کا ایک تہوار شُروع کرنے کے لیے اِستعمال کریں۔ یِسُوع مسِیح کی تعلیمات اور کفّارے کا مُطالعہ کرنے کے لیے اَز سرے نو آغاز کریں۔ اِس زمین پر کوئی بھی آپ سے اَیسی محبّت نہیں کرتا جیسی وہ کرتا ہے۔ یہاں کوئی بھی آپ کو بہتر طور پر نہیں سمجھتا یا آپ کے غموں اور کمزوریوں کو واقعی جانتا ہے۔ زمین پر کسی کے پاس وہ قُدرت نہیں جو یِسُوع مسِیح کے پاس ہے۔ یہاں کوئی بھی آپ کے واسطے اِتنا بے تاب نہیں ہے کہ آپ وہ بن پائیں جو آپ بن سکتے ہیں۔ کوئی بھی آپ کی طرف سے باپ سے اَیسے فریاد نہیں کرتا جیسے وہ کرتا ہے۔

یِسُوع مسِیح ہمارا نجات دہندہ اور مُخلصی دینے والا ہے۔ وہ خُدا کا بیٹا ہے، اِسرائیل کا قُدّوس۔ وہ مَسح کِیا گیا ہے۔۱۱ اپنے باپ کی زیرِ ہدایت، جو کُچھ تخلیق کِیا گیا وہ سب کا خالِق ہے۔ ۱۲ یِسُوع مسِیح عظیم یہوواہ، عہدِ عتیق کا خُدا تھا۔۱۳ وہ وعدہ کِیا گیا عِمّانُوایل تھا۔۱۴ وہ ہمارا عظیم نمُونہ ہے۱۵ اور باپ کے سامنے ہمارا مددگار ہے۔۱۶ اُس کی بحال شُدہ اِنجِیل کی بدولت، اُس کی کہانت کی ساری برکات تمام بنی نوع اِنسان کے واسطے دستیاب ہیں جب وہ اُس کے پاس آتے اور اُس میں کامِل ہو جاتے ہیں۔

بھائیو اور بہنو، آؤ ہم ہمیشہ یہوواہ خُداوند خُدا کی حمدوثنا کرتے ہُوئے،”ہیلیلویاہ“ کی رُوح میں زِندگی بِتائیں۔ کرِسمس کے اِس پُرجلال تہوار پر، آؤ ہم اُسے سَجدہ کریں، مسِیح خُداوند!

مَیں جانتا ہُوں کہ خُدا زندہ ہے! یِسُوع ہی اَلمسِیح ہے! یہ اُس کی کلِیسیا ہے۔ وہ اپنی اِنجِیل کی جاری و ساری بحالی کی رہبری فرماتا ہے۔ جس کی مَیں گواہی دیتا ہُوں یِسُوع مسِیح کے مُقدّس نام پر، آمین۔