صحائف
۳ نِیفی ۹


باب ۹

تارِیکی میں، مسِیح کی آواز لوگوں کی بدیوں اور اُن کے شہروں کی تباہی کا اِعلان کرتی ہے—وہ اپنی اَلُوہیت کا اِعلان کرتا ہے، اور فرماتا ہے کہ مُوسیٰ کی شریعت پُوری ہو گئی ہے، اور اِنسان کو اپنے پاس آنے اور نجات پانے کی دعوت دیتا ہے۔ قریباً ۳۴ سالِ خُداوند۔

۱ اور اَیسا ہُوا کہ زمِین کے تمام باشِندوں کے درمیان میں کُل رُویِ زمِین پر، کوئی آواز یہ کہتے ہُوئے، پُکارتی تھی:

۲ اَفسوس، اَفسوس، اَفسوس اِن لوگوں پر؛ اَفسوس کُل رُویِ زمِین کے باشندوں پر سِوا اِس کے کہ وہ تَوبہ کریں، کیوں کہ اِبلِیس قہقہہ مارتا ہے، اور اُس کے فرشتے میرے لوگوں کے پیارے بیٹوں اور بیٹیوں کے قتل کے باعث شادمانی کرتے ہیں؛ اور یہ اُن کی بدی اور مکرُوہات کے سبب سے ہے کہ وہ ہلاک ہُوئے ہیں!

۳ دیکھو، مَیں نے ضریملہ کے بڑے شہر، اور اُس کے باشِندوں کو آگ سے جلا دِیا۔

۴ اور دیکھو، مَیں نے مرونی کے اُس بڑے شہر کو سَمُندر میں غرق ہونے، اور اُس کے باشندوں کو غرقِ آب کرنے کا حُکم دِیا۔

۵ اور دیکھو، مَیں نے اپنے سامنے سے اُن کی بدیوں اور مکرُوہات کو چُھپانے کے لیے، مرونیہا کے اُس بڑے شہر، اور اُس کے باشِندوں کو مٹی میں دفن کر دِیا، تاکہ نبِیوں اور مُقدّسین کا خُون اُن کے خِلاف میرے حُضُور پھر نہ آئے۔

۶ اور دیکھو، مَیں نے جَلجال کے شہر کو غرق، اور اُس کے باشِندوں کو زمِین کی گہرائیوں میں دفن کرنے کا حُکم دِیا ہے۔

۷ ہاں، اور مَیں نے عونیہا کے شہر اور اُس کے باشِندوں، اور موقم کے شہر اور اُس کے باشِندوں اور یروشلِیم کے شہر اور اُس کے باشِندوں؛ اور اُن کی بدیوں کو اپنے سامنے سے مِٹانے اور اُن کی جگہ پانیوں کو لے لینے کا حُکم دِیا تاکہ نبِیوں اور مُقدّسین کا خُون اُن کے خِلاف میرے حُضُور پھر نہ آئے۔

۸ اور دیکھو، جدیاندی کے شہر، اور جدعومنا کے شہر، اور یعقوبؔ کے شہر، اور جمجمنو کے شہر، اِن سب کو مَیں نے غرق کرا دِیا ہے، اور اِن کی جگہ پہاڑ اور وادیاں بنا دی ہیں؛ اور اپنے سامنے سے اُن کی بدی اور مکرُوہات کو مِٹانے کے لیے اِن کے باشِندوں کو زمِین کی گہرائیوں میں دفن کر دِیا تاکہ نبِیوں اور مُقدّسین کا خُون اُن کے خِلاف میرے حُضُور پھر نہ آئے۔

۹ اور دیکھو، وہ عظیم شہر یعقوبؔ، جِس میں یعقوبؔ بادِشاہ کے لوگ بستے تھے، اُن کے گُناہوں اور اُن کی بدیوں کے باعث، اُن کی خُفیہ قتل و غارت اور سازشوں کے باعث؛ جو کہ ساری زمِین کی بدیوں سے بڑھ کر تھیں؛ مَیں نے اُنھیں آگ سے جلا دینے کا حُکم دِیا، کیوں کہ یہی تھے جِنھوں نے میرے لوگوں کا سکُون اور مُلک کی حُکُومت کو تباہ کِیا؛ پَس مَیں نے اُنھیں اپنے حُضُور سے فنا کرنے کے لیے جلانے کا حُکم دِیا تاکہ نبِیوں اور مُقدّسین کا خُون اُن کے خِلاف میرے حُضُور پھر نہ آئے۔

۱۰ اور دیکھو، مَیں نے لامن کے شہر، اور یوس کے شہر، اور جد کے شہر، اور قیسقمن کے شہر کو آگ سے جلانے کا حُکم دِیا، اور اُن کے باشِندوں کو، نبِیوں کو باہر نِکال دینے میں اُن کی بدی کے باعث، اور اُنھیں سَنگ سار کرنے کے باعث، جِنھیں مَیں نے اُن کی بدیاں اور مکرُوہات بتانے کے لیے بھیجا تھا۔

۱۱ اور کیوں کہ اُنھوں نے سب کو باہر نِکال دِیا، تاکہ اُن کے درمیان میں کوئی راست باز نہ رہے، تو مَیں نے آگ بھیجی اور اُن کو فنا کر دِیا، تاکہ اُن کی بدکاری اور اُن کی مکرُوہات میرے سامنے سے چُھپ جائیں، تاکہ اُن نبِیوں اور مُقدّسین کا خُون زمِین سے مُجھے اُن کے خِلاف نہ پُکارے، جِنھیں مَیں نے اُن کے درمیان میں بھیجا تھا۔

۱۲ اور میں نے اِس مُلک اور اِن لوگوں پر اُن کی بدکاری اور اُن کی مکرُوہات کے سبب سے بُہت زیادہ تباہ کاریاں نازِل کرنے کا حُکم دِیا۔

۱۳ آہ تُم سب جو بچائے گئے ہو، کیوں کہ تُم اُن کی نِسبت زیادہ راست باز تھے، کیا تُم اب میری طرف واپس نہ پِھرو گے، اور اپنے گُناہوں سے تَوبہ کرو گے، اور رُجُوع لاؤ گے، تاکہ میں تُمھیں شِفا دُوں؟

۱۴ ہاں، مَیں تُجھ سے سچّ کہتا ہُوں، اگر تُو میرے پاس آئے گا تو اَبَدی زِندگی پائے گا۔ دیکھ، میرے رحم کا بازُو تیری طرف بڑھا ہُوا ہے، اور جو کوئی پاس آئے گا، اُس کو مَیں قبُول کرُوں گا؛ اور مُبارک ہیں وہ جو میرے پاس آتے ہیں۔

۱۵ دیکھو، مَیں یِسُوع مسِیح ہُوں، خُدا کا بیٹا۔ مَیں نے اَفلاک اور زمِین کو خلق کِیا، اور ہر اُس شَے کو جو اُن میں موجُود ہے۔ مَیں اَزل سے باپ کے ساتھ تھا۔ مَیں باپ میں ہُوں، اور باپ مُجھ میں ہے؛ اور مَیں نے باپ کے نام کو جلال دِیا ہے۔

۱۶ مَیں اپنوں میں آیا، اور میرے اپنوں نے مُجھے قبُول نہ کِیا۔ اور میری آمد کی بابت نوِشتے پُورے ہوتے ہیں۔

۱۷ اور جِتنوں نے مُجھے قبُول کِیا، مَیں نے اُنھیں بخشا کہ وہ خُدا کے فرزند بنیں؛ اور یعنی جِتنے میرے نام پر اِیمان لائیں گے، پَس دیکھو، مُخلصی میرے وسیلہ سے آتی ہے، اور مُوسیٰ کی شریعت مُجھ میں پُوری ہوتی ہے۔

۱۸ دُنیا کا نُور اور زِندگی مَیں ہُوں۔ الفا اور اومیگا مَیں ہُوں، اِبتدا و اِنتہا۔

۱۹ اور تُم مزید میرے حُضُور ذبِیحوں کی نذر نہیں چڑھاؤ گے؛ ہاں، تُمھاری قُربانیاں اور سوختنی قُربانیاں تمام ہوں گی، پَس مَیں نہ تُمھاری کوئی سوختنی قُربانی اور نہ کسی قِسم کی تُمھاری نذر قبُول کرُوں گا۔

۲۰ اور تُم پشیمان رُوح اور شِکستہ دِل کی قُربانی میرے حُضُور گُزرانو گے۔ اور جو کوئی میرے پاس پشیمان رُوح اور شِکستہ دِل کے ساتھ آتا ہے، مَیں اُس کو آگ کے ساتھ اور رُوحُ القُدس کے ساتھ بپتِسما دُوں گا، یعنی بنی لامن کی طرح، مُجھ پر اُن کے اِیمان کے باعث جب وہ رُجُوع لائے تھے، تو اُنھوں نے آگ کے ساتھ اور رُوحُ القُدس کے ساتھ بپتِسما پایا تھا، اور اِس بات کا اُنھیں عِلم نہ تھا۔

۲۱ دیکھو، مَیں اِس جہان میں دُنیا کو مُخلصی دینے آیا ہُوں، اِس دُنیا کو گُناہ سے نجات دینے کے واسطے۔

۲۲ پَس، جو تَوبہ کرتا اور چھوٹے بچےّ کی مانِند میرے پاس آتا ہے، مَیں اُسے قبُول کرُوں گا، پَس آسمان کی بادِشاہی ایسوں ہی کی ہے۔ دیکھو، مَیں نے ایسوں ہی کے لیے اپنی جان دی، اور اِسے دوبارہ لے لِیا ہے؛ پَس تَوبہ کرو، اور زمِین کی اِنتہاؤ تُم میرے پاس آؤ، اور نجات پاؤ۔

شائع کرنا