آ، میرے پِیچھے ہولے ۲۰۲۴
۲۹ اپریل–۵ مئی: ”بڑی تبدیلی۔“ مُضایاہ ۴–۶


”۲۹ اپریل–۵ مئی: ’بڑی تبدیلی۔‘ مُضایاہ ۴–۶،“ آ، میرے پِیچھے ہو لے—برائے گھر اور کلِیسیا: مورمن کی کِتاب ۲۰۲۴ (۲۰۲۴)

”۲۹ اپریل–۵ مئی۔ مُضایاہ ۴–۶،“ آ، میرے پِیچھے ہو لے—برائے گھر اور کلِیسیا: ۲۰۲۴ (۲۰۲۴)

بِنیامِین بادشاہ اپنی قوم کو تعلیم دیتے ہُوئے

اپنے خُدا کی خِدمت میں، اَز والٹر رین

۲۹ اپریل–۵ مئی: ”بڑی تبدیلی“

مُضایاہ ۴–۶

کیا آپ نے کبھی کِسی کو خطاب کرتے سُنا ہے اور اپنی زندگی کو بدلنے کی ترغیب محسُوس کی ہے؟ شاید آپ نے جو سُنا ہو، اُس کی بدولت، تھوڑا مُختلف—یا حتٰی کہ بہت مُختلف جِینے کا فیصلہ کِیا ہو۔ بِنیامِین بادشاہ کا واعظ اِسی قِسم کا واعظ تھا، اور جو سچّائیاں اُس نے سِکھائیں تھیں لوگوں پر اِس قِسم کا اَثر رکھتی تھیں جِنھوں نے اُسے سُنا۔ بِنیامِین بادشاہ نے اپنی قوم کے ساتھ وہ بیان کِیا جو ایک فرشتے نے اُسے سِکھایا تھا—کہ یہ شان دار برکات ”مسِیح کے کفّارہ بَخش خُون“ کے وسیلے مُمکن تھیں (مُضایاہ ۴:‏۲)۔ اُس کے کلام کی بدولت، اُن کا اپنے بارے میں نظریہ یَکسر بدل گیا (دیکھیں مُضایاہ ۴:‏۲)، رُوح نے اُن کی خواہشات بدل دِیں (دیکھیں مُضایاہ ۵:‏۲)، اور اُنھوں نے خُدا کے ساتھ عہد باندھا کہ وہ ہمیشہ اُس کی مرضی کو پُورا کریں گے (دیکھیں­ مُضایاہ ۵‏:۵)۔ بِنیامِین بادشاہ کی باتوں نے یُوں اپنے لوگوں کو مُتاثر کِیا۔ وہ آپ کو کیسے مُتاثر کریں گی؟

گھر اور کلِیسیا میں سیکھنے کے لیے تجاویز

مُضایاہ ۴

یِسُوع مسِیح کے وسِیلہ سے، مَیں اپنے گُناہوں کی مُعافی پا اور قائم رکھ سکتا ہُوں۔

بعض اوقات، اگرچہ آپ اپنے گُناہوں کی مُعافی کو محسُوس کر چُکے ہوں، پھر بھی آپ اِس احساس کو قائم رکھنے اور راست بازی کی راہ پر گامزن رہنے میں مُشکل کا سامنا کر سکتے ہیں۔ بِنیامِین بادشاہ نے اپنی قوم کو سِکھایا کہ اپنے گُناہوں کی مُعافی پانا اور اُسے قائم رکھنا دونوں کیسے پائے جا سکتے ہیں۔ جب آپ مُضایاہ ۴، کا مُطالعہ کرتے ہیں، تو آپ خُود سے ایسے سوالات پُوچھ سکتے ہیں:

آیات ۱–۸۔وہ کون سی شرائط ہیں جِن کے تحت خُدا آپ کے گُناہوں کی مُعافی بَخشتا ہے؟ آپ اِن آیات میں اُس کی بابت کیا سیکھتے ہیں جو آپ کو توبہ کرنے کی تحریک دیتا ہے؟ آپ کیسے جان سکتے ہیں کہ آپ نے توبہ کی ہے؟

آیات ۱۱–۱۶۔اِن آیات کے مُطابق، ہماری زندگیوں میں کیا ہو گا اگر ہم آیت ۱۱، میں بیان کردہ کام کرتے ہیں؟ کیا آپ نے، یا آپ کے کِسی پیارے نے، اِن تبدیلوں کا تجّربہ پایا ہے؟ اِن تبدیلیوں کا مُضایاہ ۳:‏۱۹، میں بیان کردہ تبدیلوں سے موازنہ کریں۔

آیات ۱۶–۳۰۔جو کُچھ آپ کے پاس ہے اِسے دُوسروں کے ساتھ بانٹنا آپ کو اپنے گُناہوں کی مُعافی کو قائم رکھنے میں کیسے مدد کر سکتا ہے؟ آپ آیت ۲۷، کو مسِیح کی مانند بننے کی اپنی کوششوں پر کیسے لاگو کر سکتے ہیں؟

ہم سب کِس لحاظ سے بھکاری ہیں؟ اِن آیات کے مُطابق، ہمیں خُدا کی ساری اُمّت سے کیسا برتاؤ کرنا چاہیے؟ (دیکھیں مُضایاہ ۴:‏۲۶)۔ کِس کو آپ کی مدد کی ضرورت ہے؟

مزید دیکھیں بیکی کریون، ”تبدیلی کو قائم رکھِیں،“ لیحونا، نومبر ۲۰۲۰، ۵۸‏-۶۰۔

سیمینری کا آئکن

مُضایاہ ۴‏:۵–۱۰

مَیں خُدا پر اِیمان اور بھروسا رکھتا ہُوں۔

بِنیامِین بادشاہ کی خُدا پر اِیمان اور بھروسا کرنے کی دعوت آج بھی اُتنی ہی اہم ہے جتنی قدیم زمانے میں تھی۔ جب آپ مُضایاہ ۴‏:۵–۱۰، پڑھتے ہیں، تو خُدا کے مُتعلق ایسی سچّائیاں تلاش کریں جو آپ کو اُس پر بھروسا کرنے کا سبب دیتی ہیں۔ آیت ۱۰ میں بِنیامِین بادشاہ کی دی گئی دعوتوں کو نوٹ کریں۔ خُدا پر بھروسا کرنے سے وہ کام آسان کیوں ہو گا جِس کی دعوت بِنیامِین بادشاہ دیتا ہے؟

خُدا کی صِفات کی ایک فہرست بنانے کے لیے اِن اِضافی صحائف میں سے بعض کو پڑھنے پر غور کریں: یرمیاہ ۳۲‏:۱۷ ؛ ۱ یُوحنّا ۴‏:۸؛ ۲ نیفی ۹‏:۱۷؛ ایلما ۳۲‏:۲۲؛ مورمن ۹‏:۹؛ عیتر ۳‏:۱۲؛ عقائد اور عہُود ۱۹‏:۱–۳؛ ۸۸‏:۴۱ (اِس ویڈیو کو بھی دیکھیں ”مسِیح جیسی صفات،“ گاسپل لائبریری)۔ آپ اپنی فہرست کا اِستعمال اِس طرح کے جُملوں کو مُکمل کرنے کے مُختلف طریقوں سے کر سکتے ہیں: ”چُوں کہ مَیں جانتا ہُوں کہ خُدا ہے، مَیں اُس پر بھروسا کر سکتا ہُوں کہ وہ ۔“

خُدا پر ہمارا بھروسا بڑھتا ہے جب ہم اُس کے ساتھ تجّربات پاتے ہیں۔ مُضایاہ ۴:‏۱–۳، میں بِنیامِین بادشاہ کی قوم کی ”خُدا کی بھلائی کا عِلم پانے میں کِس چیز نے مدد کی“؟ (آیت ۶)۔ خُدا کے ساتھ اپنے تجّربات کے بارے میں سوچیں۔ اِن تجّربات نے آپ کو اُس کے بارے کیا سِکھایا ہے؟ خُدا پر اپنے اِیمان یا توّکل کو گہرا کرنے کے واسطے آپ کون سے اِقدامات اُٹھا رہے ہیں (یا اُٹھا سکتے ہیں)؟

مزید دیکھیں جیفری آر ہالینڈ، ”خُدا کی شان،“ لیحونا، نومبر ۲۰۰۳، ۷۰–۷۳؛ اِنجِیلی موضُوعات ”خُدا باپ،“ گاسپل لائبریری؛ ”مَیں جانتا ہُوں کہ میرا باپ زندہ ہے،“ گیت، نمبر ۳۰۲۔

مُقدّس تجّربات بیان کرنا۔ بعض تجّربات بیان کرنے کے لیے بہت زیادہ مُقدّس یا شخصی ہوتے ہیں۔ دُوسروں کو تجّربات بیان کرنے کے لیے مدعُو کرتے وقت، اُن پر دباؤ نہ ڈالیں اگر وہ بیان کرنا نہیں چاہتے ہیں۔

مُضایاہ ۴‏:۲۹–۳۰

مُجھے اپنے خیالات، الفاظ، اور اَعمال پر لازماً دھیان رکھنا چاہیے۔

خُدا ہمیں ہر مُمکن گُناہ کی فہرست نہیں دیتا۔ مُضایاہ ۴‏:۲۹–۳۰ کے مُطابق، وہ اِس کی بجائے کیا کرتا ہے؟ غور و خوض کریں کہ آپ کے خیالات، الفاظ، اور اَعمال آپ پر اور دُوسروں پر کیسے اَثر انداز ہوتے ہیں۔ وہ خُدا کے ساتھ آپ کے تعلُقات پر کیسے اَثر پذیر ہوتے ہیں؟ آپ کیسے ”[اپنے] آپ کا دھیان“ رکھتے ہیں؟

مُضایاہ ۵‏:۱–۵

رُوحِ خُداوند میرے دِل میں بڑی تبدیلی کا مؤجب بن سکتا ہے۔

لوگوں کے لیے یہ کہنا عام بات ہے کہ، ”مَیں نہیں بَدل سکتا۔ مَیں تو ایسا ہی ہُوں۔“ اِس کے برعکس، بِنیامِین بادشاہ کے لوگوں کا تجّربہ ظاہر کرتا ہے کیسے رُوحِ خُداوند حقیقی طور پر ہمارے دِلوں کو تبدیل کر سکتا ہے۔ جب آپ مُضایاہ ۵:‏۱-‏۵ پڑھتے ہیں، تو اِس بارے میں سوچیں کہ آپ کی زندگی میں حقیقی تبدیلی کی طرف جانے والی ”بڑی تبدیلی“ کیسے رُونُما ہُوئی—یا ہو—سکتی ہے۔ اِن لطیف، بتدریج تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ ”بڑے“ تجّربات کے بارے میں بھی سوچیں۔ جب آپ آزمایشوں کا سامنا کرتے ہیں تو یہ تجّربات آپ کی کیسے مدد کرتے ہیں؟

مزید دیکھیں حزقی ایل ۳۶‏:۲۶–۲۷؛ ایلما ۵:‏۱۴؛ ”دل کی تبدیلی،“ ”بِنیامِین بادشاہ کے لوگ عہد باندھتے ہیں“ (ویڈیوز)، گاسپل لائبریری۔

مسِیح بیمار خاتُون کو شِفا دیتے ہُوئے

دستِ شفا، اَز ایڈم ابرام

مُضایاہ ۵:۵–۱۵

جب مَیں عہُود باندھتا ہُوں تو مَیں اپنے تئیِں مسِیح کا نام اپناتا ہُوں۔

آپ نے اپنے تئئِں مسِیح کا نام اپنانے سے متعلق مُضایاہ ۷:۵–۹ میں سے کیا سیکھا ہے؟ عِشائے ربانی کی دُعائیں (دیکھیں مرونی ۴-‏۵)، اِس کے بارے میں کیا سِکھاتی ہیں؟ آپ کیسے ظاہر کر سکتے ہیں کہ آپ مُنّجی سے ”تعلق“ رکھتے ہیں؟

مزید دیکھیں ڈی ٹاڈ کرسٹوفرسن، ”راہِ عہد ہی کیُوں،“ لیحونا، نومبر ۲۰۲۱، ۱۱۶–۱۹۔

بچّوں کو سِکھانے کے لیے تجاویز

مُضایاہ ۴:‏۱–۳، ۱۰

توبہ خُوشی لاتی ہے۔

  • توبہ کی خُوشی کے بارے میں سِکھانے کے لیے، آپ اپنے بچّوں کو اپنے ہاتھ چِپچپے یا گندے ہونے اور پھر غور کرنے دیں کہ وہ دھونے کے بعد کیسا محسُوس کرتے ہیں۔ پھر آپ اِس کا موازنہ اِس طریقے سے کر سکتے ہیں جیسے مُضایاہ ۴‏:۱–۳ میں لوگ اپنے گناہوں کی مُعافی پانے سے پہلے اور بعد میں محسُوس کرتے تھے۔ ہمیں رُوحانی طور پر پاک و صاف کرنے کے لیے نجات دہندہ کی قُدرت کی اپنی گواہی کا تذکرہ کریں۔

  • کیا آپ کے بچّے جانتے ہیں کہ مُکمل طور پر اور مُخلص توبہ کیسے کرنی ہے؟ اُن کی یہ جاننے میں مدد کریں کہ بِنیامِین بادشاہ کی قوم نے مُضایاہ ۴:‏۱–۳، ۱۰، میں کیا کِیا تھا۔ وہ راہ نُماے صحائف میں ”توبہ کرنا، توبہ“ کا بھی جائزہ لے سکتے ہیں۔ یِسُوع مسِیح توبہ کو کیسے مُمکن بناتا ہے؟

مُضایاہ ۴‏:۱۲–۲۶

یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل مُجھے دُوسروں کے ساتھ محبّت اور شفقت سے برتاؤ کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔

  • دُوسروں کی خِدمت کرنے سے ہمیں اچّھا محسُوس ہوتا ہے۔ شاید آپ کے بچّے اُس وقت کے بارے میں بات کر سکتے ہیں جب اُنھوں نے کِسی سے پیار کِیا یا خِدمت کی اور یہ تجّربہ اُنھیں کیسا محسُوس ہُوا۔ کون سی چند وجوہات ہیں جِن کے باعِث لوگ شاید دُوسروں کی خِدمت نہیں کرنا چاہتے؟ ہم کِسی کو ضرورت مندوں کی مدد کے واسطے دعوت دینے کے لیے کیا کہہ سکتے ہیں؟ مُضایاہ ۴‏:۱۶–۲۶، میں تجاویز تلاش کریں۔

  • بِنیامِین بادشاہ نے سِکھایا کہ جب ہم مسِیح کے پاس آتے اور اپنے گُناہوں کی مُعافی پاتے ہیں، تو ہم ”خُدا کی محبّت سے لبریز“ ہوتے ہیں (مُضایاہ ۴‏:۱۲)۔ یہ ہماری دُوسروں کے ساتھ محبّت اور شفقت کی طرف راہ نُمائی کرتا ہے۔ آپ اور آپ کی اولاد مُضایاہ ۴‏:۱۳–۱۶، ۲۶ (یا گیت جیسے کہ ”مَیں آپ کے ساتھ چلُوں گا،“ بچّوں کے گیتوں کی کِتاب، ۱۴۰–۴۱ تلاش کر سکتے ہیں) اور ایسے فِقرات ڈھونڈ سکتے ہیں جو وضاحت کرتے ہیں کہ ہم کیسے دُوسروں کی خِدمت کر سکتے ہیں۔ پھر وہ اِن چیزوں کی کِردار سازی یا تصاویر بنا سکتے اور ایک دُوسرے کے فِقرات کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔ ہم گھر پر، سکول میں، یا کلِیسیا میں کیسے محبّت اور شفقت کا اِظہار کرسکتے ہیں؟

نوجوان لڑکی چھوٹے بچّے کے ساتھ کھیلتے ہُوئے

یِسُوع مسِیح نے ہمیں ایک دُوسرے کے ساتھ شفقت سے پیش آنا سِکھایا ہے۔

مُضایاہ ۵‏:۵–۱۵

جب مَیں خُدا کے ساتھ عہُود باندھتا ہُوں، تو مَیں اپنے تیئں مسِیح کا نام اپناتا ہُوں۔

  • آپ کے بچّے ”یِسُوع مسِیح“ کے نام کو ظاہر کرنے والے بیجز بنانے اور اِنھیں اپنے دِلوں پر پہننے سے لُطف اندوز ہو سکتے ہیں (اِس ہفتے کی سرگرمی کا صفحہ دیکھیں)۔ جب وہ ایسا کرتے ہیں، تو آپ اُن کے لیے مُضایاہ ۵‏:۱۲، پڑھ سکتے ہیں اور اِس بارے میں بات کرسکتے ہیں کہ کیسے خُدا کے ساتھ عہُود باندھنا، یا وعدے کرنا، ایسے ہے جیسے مسِیح کا نام ”ہمیشہ [اپنے] دِلوں پر لِکھا ہُوا ہو۔“

مزید تجاویز کے لیے، اِس ماہ کے فرینڈ میگزین کا شُمارہ دیکھیں۔

مسِیح پرندوں کو دانہ ڈالتے ہُوئے

اُس کی مُستقل نگہداشت میں، اَز گریگ کے اولسن