”یِسُوع مسِیح آپ کی مَدَد کرے گا،“ برائے مضبُوطیِ نوجوانان: فیصلہ سازی کے لیے ہدایت نامہ (2022)
”یِسُوع مسِیح آپ کی مَدَد کرے گا،“ برائے مضبُوطیِ نوجوانان
یِسُوع مسِیح آپ کی مَدَد کرے گا
یِسُوع مسِیح آپ کی طاقت ہے۔ اُس نے آپ کے واسطے اِس زِندگی میں اور ہمیشہ کے لیے خُوشی پانے کے لیے ہر ضرُوری کام انجام دِیا ہے۔ اُس کو اور اُس کی اِنجِیل کو چُننے سے، آپ اَبدی خُوشی کا چُناؤ کر رہے ہیں۔
حتیٰ کہ جب آپ بہترین فیصلے کرنے کی تگ و دَو کرتے ہیں، پھر بھی بعض اوقات آپ غلطیاں کریں گے۔ آپ سے وہ کام سَرزد ہوں گے جو آپ نہیں کرنا چاہتے تھے۔ ہر کوئی اَیسا کرتا ہے۔ جب اَیسا ہوتا ہے، تو مایُوسی یا تعجب محسُوس کرنا آسان ہوتا ہے کہ کیا آپ کبھی بھی اچھے بن پائیں گے۔ مگر ایک اچھی خبر—زبردست، پُراُمید خبر ہے! چُوں کہ خُدا آپ سے پیار کرتا ہے، اُس نے اپنے بیٹے، یِسُوع مسِیح کو بھیجا، جس نے آپ کے گُناہ اپنے تئیں لے لِیے تاکہ آپ توبہ کر سکیں اور آگے بڑھتے رہیں۔
اَبَدی سچّائیاں
یِسُوع مسِیح آپ کو مضبُوط کر سکتا ہے۔ وہ آپ کی حسرتیں، آپ کے خیالات، اور آپ کے اَعمال کو بدلنے میں آپ کی مدد کر سکتا ہے۔ جب آپ کسی بھی طرح سے پریشان، خوف زدہ، یا دوڑ دھُوپ کر رہے ہوں، تو وہ آپ کو تسلّی بخشے گا۔ وہ زندگی کے ہر پہلُو میں آپ کی مُعاونت کرے گا۔
توبہ گُناہ کی سزا نہیں ہے؛ یہ وہ طریقہ ہے جس سے نجات دہندہ ہمیں گُناہ سے آزاد کرتا ہے۔ توبہ کرنے سے مُراد تبدیل ہونا ہے—یعنی گُناہ سے دُور ہونا اور خُدا کی جانب بڑھنا۔ اِس کا مفہُوم بہتر ہونا اور مُعافی پانا ہے۔ اِس قِسم کی تبدیلی ایک بار کا واقعہ نہیں ہے؛ بلکہ یہ ایک جاری و ساری عمل ہے۔
دعوتیں
تَوبہ کریں۔ بہتر ہونے کی خواہش کے ساتھ خُداوند کی طرف رُجُوع کریں۔ جب آپ کُچھ غلط کرتے ہیں، تو دیانت داری سے اِسے خُدا کے حُضُور اور، حسبِ ضرورت، اپنے بِشپ اور کسی اَیسے شخص کے سامنے تسلیم کریں جسے آپ نے نُقصان پُہنچایا ہو۔ چیزوں کو دُرست کرنے کی اپنی بہترین کوشِش کریں۔
بہتر کرنے اور بہتر ہونے کے اِنعام میں شادمان ہوں۔ حتیٰ کہ جب یہ آسان نہ ہو اور آپ کی مرضی سے زیادہ وقت لگے، تو کوشِش کرنا ترک نہ کریں۔ کوشِش جاری رکھیں اور خُداوند پر توّکل کریں۔ نجات دہندہ ہر قدم پر آپ کی مدد فرمائے گا۔
وعدہ کی گئی برکات
جب آپ توبہ کرتے ہیں تو یِسُوع مسِیح آپ کو مُعافی اور شِفا بخشے گا۔ وہ آپ کے احساسِ قصور کو اِطمینان اور خُوشی سے بدل دے گا۔ وہ آپ کے گُناہوں کو یاد نہیں رکھے گا۔ اُس کی طاقت میں، اُس کے حکموں کو ماننے کی آپ کی خواہش بڑھے گی۔
وہ آپ کے دِل اور زِندگی کو بدل دے گا۔ تھوڑا تھوڑا کر کے، آپ بڑھیں گے اور مزید اُس کی مانِند بن جائیں گے۔ اُس کے ساتھ آپ کا عہد کا رابطہ آپ کو اُس کی قُدرت تک زیادہ رسائی بخشے گا۔
سوالات اور جوابات
مَیں کیسے جان سکتا ہُوں کہ خُدا نے مُجھے مُعاف کر دِیا ہے؟ خُدا وعدہ کرتا ہے کہ وہ توبہ کرنے والوں کو مُعاف فرمائے گا۔ جب آپ رُوح سے تسلّی کا احساس پاتے ہیں، تو آپ جان سکتے ہیں کہ مُنّجی کے کفّارے کی قُدرت آپ کی زِندگی میں کام کر رہی ہے۔
مُجھے کب توبہ کرنے کے لیے بِشپ کی مُعاونت دَرکار ہے؟ آپ کا بِشپ توبہ کرنے میں آپ کی مدد کرنے کے لیے کہانتی کُنجیوں اور رُوحانی نعمتوں کا حامِل ہوتا ہے۔ آپ کسی بھی وقت اُس کی مُعاونت اور مشاورت کے خواہاں ہو سکتے ہیں۔ اگر آپ سنگین غلطیوں کے مُرتکب ہُوئے ہیں، جیسا کہ پاک دامنی کے قانُون کو توڑنا، تو اپنے بِشپ سے مُلاقات کریں۔ وہ آپ کو ملامت نہیں کرے گا۔ وہ یِسُوع مسِیح کا نُمایندہ ہے اور آپ کی یہ جاننے میں مدد کرے گا کہ کیسے مُکمل طور پر توبہ کرنی ہے اور مُنّجی کی شِفا بخش اور تقویت بخش قُدرت کو حاصِل کرنا ہے۔
مَیں توبہ کرنے کی کوشِش کر رہا ہُوں، مگر مَیں وہی غلطیاں کرتا رہتا ہُوں۔ اب مُجھے کیا کرنا چاہیے؟َ اچھی عادات اپنانے اور بُری عادات کو ترک کرنے میں وقت لگتا ہے، لہٰذا ہمت مت ہاریں۔ مسِیح کی طرف رُجُوع لائیں۔ اُس کا فضل کافی ہے۔ دوبارہ کوشِش کریں۔ آپ آگے بڑھنے کی کاوِشوں میں کبھی تنہا نہیں ہیں۔ یِسُوع مسِیح ہمیشہ آپ کے سنگ ہے۔
دیکھیے انوس ۱:۶ (احساسِ گُناہ دُور ہو سکتا ہے)؛ مضایاہ ۴:۳ (رُوحُ القُدس کے وسیلے، خُدا آپ کو یہ بتاتا ہے کہ آپ کو مُعاف کر دِیا گیا ہے)؛ ۲۶:۳۰ (جتنی بار ہم توبہ کرتے ہیں مُنّجی مُعاف کرتا ہے)؛ عیتر ۱۲:۲۷ (نجات دہندہ کا فضل کمزور چیزوں کو مضبُوط بنا سکتا ہے)؛ مرونی ۶:۸ (وہ جو توبہ کرتے ہیں مُعاف کِیے گئے ہیں)؛ ۱۰:۳۲ (مسِیح میں کامِل بنیں)؛ عقائد اور عہُود ۱:۳۲ (خُداوند توبہ کرنے والوں کو مُعاف کرتا ہے)؛ ۵۸:۴۲–۴۳ (توبہ میں اِقرارِ گناہ اور دوبارہ نہ کرنا بھی شامِل ہوتا ہے)۔
سوالات برائے ہَیکَلی اِجازت نامہ
کیا آپ خُدا، اَبدی باپ، اُس کے بیٹے یِسُوع مسِیح، اور رُوحُ القُدس پر اِیمان رکھتے اور گواہی دیتے ہیں؟
کیا آپ یِسُوع مسِیح کے کفّارے اور نجات دہندہ اور مُخلصی دینے والے کی حیثیت سے اُس کے کِردار کی گواہی رکھتے ہیں؟