”1. خُدا کا منصُوبہ اور نجات و سرفرازی کے کام میں آپ کا کِردار،“ عمُومی راہ نُما کِتاب سے اِقتباسات (2023)۔
”1. خُدا کا منصُوبہ اور نجات و سرفرازی کے کام میں آپ کا کِردار،“ عمُومی راہ نُما کِتاب سے اِقتباسات۔
1.
خُدا کا منصُوبہ اور نجات و سرفرازی کے کام میں آپ کا کِردار
1.0
تعارف
آپ کو کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدسینِ آخِری ایّام میں خدمت کرنے کی بُلاہٹ دی گئی ہے۔ آپ کی خدمت کا شُکریہ۔ جب آپ وفاداری سے خدمت کرتے ہیں تو آپ زندگیوں کو برکت دیں گے اور خُوشی کا تجّربہ پائیں گے۔
یہ راہ نُما کِتاب مسِیح کی مانند خدمت کے اُصُولوں کو سیکھنے اور اپنی ذمّہ داریوں کو سمجھنے میں آپ کی مدد کرے گی۔ آپ سب سے زیادہ مؤثر تب ہوں گے جب آپ کلِیسیا میں اپنی خدمت کو خُدا باپ اور اُس کے بیٹے، یِسُوع مسِیح کے کام کے ساتھ ہم آہنگ کریں گے۔
1.1
خُدا کا خُوشی کا منصُوبہ
آسمانی باپ نے ہمیں اپنی ساری نعمتوں سے لُطف اندوز ہونے کے قابل بنانے کے لیے خُوشی کا منصُوبہ فراہم کِیا ہے۔ اُس کا اَمر اور جلال یہ ہے کہ ”اِنسان کی لافانی اور اَبَدی زِندگی کا سبب پَیدا کرُوں“ (مُوسیٰ ۱:۳۹)۔
یِسُوع مسِیح خُدا کے منصُوبے کا مرکز ہے۔ آسمانی باپ کی ہمارے لیے لامحدود محبّت کی بدولت، اُس نے اپنے بیٹے کو اپنی کفّارہ بخش قُربانی کے ذریعے ہمیں گُناہ اور موت سے مُخلصی دینے کے واسطے بھیجا (دیکھیں یُوحنّا ۳:۱۶)۔ اپنے کفّارے کے وسیلے سے، یِسُوع مسِیح یقینی بناتا ہے کہ ہم میں سے ہر ایک جو زمین پر پیدا ہُوا ہے جی اُٹھے اور لافانیت پائے۔ اُس کا کفّارہ ہمارے لیے گُناہ سے پاک ہونا اور ہمارے دِلوں کو بدلنا بھی مُمکن بناتا ہے تاکہ ہم ابدی زندگی اور خُوشی کی معموری پا سکیں۔
اَبَدی زِندگی پانے کے واسطے، ضرور ہے کہ ہم ”مسِیح کی طرف رُجُوع لائیں، اور اُس میں کامل ہو جائیں“ (مرونی ۱۰:۳۲)۔
1.2
نجات و سرفرازی کا کام
جب ہم مسِیح کے پاس آتے ہیں اور دُوسروں کی بھی ایسا کرنے میں معاونت کرتے ہیں، تو ہم خُدا کے نجات و سرفرازی کے کام میں شریک ہوتے ہیں۔ یہ کام خُدا سے محبّت رکھنے اور اپنے پڑوسی سے محّبت رکھنے کے دو عظیم احکام کی راہ نُمائی کرتا ہے (دیکھیں متّی ۲۲:۳۷–۳۹)۔
نجات و سرفرازی کا کام چار الہٰی مُقرر کردہ ذمّہ داریوں پر مرکُوز ہے۔
یہ راہ نُما کِتاب خُدا کے کام کے اِن چار پہلوؤں کو سمجھنے میں آپ کی مدد کرے گی۔ رُوحُ القُدس آپ کی راہ نُمائی کرے گا جب آپ اِن کو پُورا کرنے میں اپنا حصّہ ادا کرتے ہیں (دیکھیں ۲ نیفی ۳۲:۵)۔
1.2.1
یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کے موافق زِندگی بسر کرنا
یِسُوع مسِیح کی اِنجیل کے موافق زِندگی بسر کرنے میں شامِل ہے:
-
مسِیح پر ایمان کی مشق کرنا، ہر روز توبہ کرنا، خُدا کے ساتھ عہُود باندھنا جب ہم نجات اور سرفرازی کی رُسُوم پاتے ہیں، اور اُن عہُود پر قائم رہتے ہُوئے آخر تک برداشت کرتے ہیں (دیکھیں 3.5.1)۔
-
گھر اور کلِیسیا میں یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی درس و تدریس۔
-
رُوحانی اور مادی طور پر، اپنے اور اپنے خاندانوں کو مُہیا کرنے میں خُود انحصار بننا۔
1.2.2
ضرورت مندوں کی دیکھ بھال کرنا
ضرورت مندوں کی دیکھ بھال کرنے میں شامِل ہے:
-
افراد، خاندانوں اور کمیونٹی کی خدمت اور خدمت گُزاری کرنا۔
-
ضرورت مندوں کے ساتھ، وسائل کا اِشتراک کرنا، بشمول کلِیسیائی معاونت۔
-
دُوسروں کی خُود انحصار بننے میں مدد کرنا۔
1.2.3
سب کو اِنجِیل قبُول کرنے کی دعوت دینا
سب کو اِنجِیل قبُول کرنے کی دعوت دینے میں شامِل ہے:
-
فریضہِ منادی میں حصّہ لینا اور بطور مِشنری خدمت انجام دینا۔
-
نئے اور واپس لوٹنے والے کلِیسیائی اَرکان کی عہد کی راہ پر ترقی کرنے میں معاونت کرنا۔
1.2.4
خاندانوں کو اَبدیت کے لیے مُتحد کرنا
خاندانوں کو اَبدیت کے لیے مُتحد کرنے میں شامِل ہے:
-
عہُود باندھنا جب ہم اپنی ہَیکلی رُسُوم پاتے ہیں۔
-
اپنے مرحُوم آباؤاجداد کو دریافت کرنا اور ہیکل میں اُن کے واسطے رسُوم ادا کرنا تاکہ وہ خُدا کے ساتھ عہُود باندھ سکیں۔
-
باقاعدگی سے ہیکل میں جانا، جہاں مُمکن ہو، خُدا کی عِبادت کرنا اور اُس کے بچّوں کے واسطے رُسُوم ادا کرنا۔
1.3
کلِیسیا کا مقصد
یِسُوع مسِیح نے افراد اور خاندانوں کو نجات و سرفرازی کے کام کے قابل بنانے کے لیے اپنی کلِیسیا قائم کی (دیکھیں افسیوں ۴:۱۱–۱۳؛ اِس راہ نُما کِتاب میں 2.2 بھی دیکھیں)۔ اِس الہٰی مقصد کو پُورا کرنے میں مدد کے لیے، کلِیسیا اور اِس کے قائدین مُہیا کرتے ہیں:
-
کہانتی اِختیار اور کُنجیاں۔
-
عہُود اور رُسُوم۔
-
نبُوتی ہدایت۔
-
صحائف۔
-
اِنجِیلی درس و تدریس میں معاونت۔
-
خدمت اور قیادتی مواقع۔
-
مُقدّسین کی کمیونٹی۔
1.3.1
کہانتی اِختیار اور کُنجیاں
کہانت کے ذریعے، خُدا نجات و سرفرازی کے کام کی تکمیل کرتا ہے۔ زمین پر کارِ خُدا کی ہدایت کے لیے ضروری کہانتی اِختیار اور کُنجیاں نبی جوزف سمتھ پر بحال کی گئی تھیں (دیکھیں عقائد اور عہُود ۱۱۰:۱۱–۱۶؛ ۱۱۲:۳۰)۔ یہ کُنجیاں آج کلِیسیائی قائدین کے پاس موجود ہیں۔ وہ دُوسروں کو خُدا کے کام میں معاونت کرنے کے واسطے بُلاہٹ اور اِختیار دیتے ہیں (دیکھیں عقائد اور عہُود ۱۰۷:۸، ۶۵–۶۷)۔
1.3.2
عہُود اور رُسُوم
آسمانی باپ کے منصُوبے میں، ہم عہُود باندھتے ہیں جب ہم نجات و سرفرازی کی رُسُوم پاتے ہیں، جیسا کہ بپتِسما (دیکھیں یُوحنّا ۳:۵؛ اِس راہ نُما کِتاب میں باب 18 بھی دیکھیں)۔ یہ عہُود اور رُسُوم ہمارے لیے ضروری ہیں کہ ہم مزید خُدا کی مانند بنیں اور اُس کی حضوری میں واپس لوٹ کر قیام کریں (دیکھیں عقائد اور عہُود ۸۴:۱۹–۲۲)۔
1.3.3
نبُوتی ہدایت
اپنے برگزیدہ اَنبیا کے وسیلے سے، خُدا سچّائی کو ظاہر کرتا ہے اور اِلہامی ہدایت اور تنبیہات فراہم کرتا ہے (دیکھیں عاموس ۳:۷؛ عقائد اور عہُود ۱:۴)۔ یہ ہدایت ہمیں ابدی زندگی کی جانب لے جانے والی راہ پر داخل ہونے اور اُس پر قائم رہنے میں مدد کرتی ہے۔
1.3.4
صحائف
خُداوند کے اَنبیا اور رسُولوں کی زیرِ ہدایت، کلِیسیا مُقدّس صحائف میں پائے جانے والے خُدا کے کلام کو مُہیا اور محفوظ کرتی ہے۔ صحائف مسِیح کی گواہی دیتے ہیں، اُس کی اِنجِیل سِکھاتے ہیں، اور اُس پر ایمان کی مشق کرنے میں ہماری مدد کرتے ہیں (دیکھیں یعُقوب ۷:۱۰–۱۱؛ ہیلیمن ۱۵:۷)۔
1.3.5
اِنجِیلی درس و تدریس میں معاونت
کلِیسیا افراد اور خاندانوں کو اِنجِیل کی سچّائیاں سیکھنے اور خاندانی اَرکان اور دُوسروں کو یہ سچّائیاں سِکھانے کی اِس ذمّہ داری میں معاونت کرتی ہے (دیکھیں عقائد اور عہُود ۸۸:۷۷–۷۸، ۱۱۸؛ اِس راہ نُما کِتاب میں 2.2.3 بھی دیکھیں)۔
1.3.6
خدمت اور قیادتی مواقع
کلِیسیا میں بُلاہٹوں اور تفویضات کے ذریعے، خُدا اَرکان کو خدمت اور قیادت کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ کلِیسیا ضرورت مند اَرکان کی دیکھ بھال کرنے اور دُوسروں کو انسانی دوست مدد دینے کے لیے ڈھانچہ مُہیا کرتی ہے (دیکھیں مُضایاہ ۱۸:۲۷–۲۹)۔
1.3.7
مُقدّسین کی کمیونٹی
مُقدّسین کی کمیونٹی کی حیثیت سے، کلِیسیائی اَرکان خُدا کی پرستش کرنے اور عشائے ربّانی لیتے ہُوئے نجات دہندہ کو یاد کرنے کے لیے باقاعدگی سے اکٹھے ہوتے ہیں (دیکھیں مرونی ۶:۴–۶؛ عقائد اور عہُود ۲۰:۷۷)۔ اَرکان ایک دُوسرے کی بھی دیکھ بھال اور خدمت کرتے ہیں (دیکھیں افسیوں ۲:۱۹)۔
1.4
خُدا کے کام میں آپ کا کِردار
کلِیسیا میں بطورِ قائد، آپ کو اُن کی تدریس اور معاونت کرنے کے لیے بُلایا گیا ہے جِن کی آپ خدمت کرتے ہیں جب وہ نجات و سرفرازی کے کام میں مصروفِ عمل ہوتے ہیں (دیکھیں 1.2)۔ آپ اپنی بُلاہٹ کو پُورا کرنے اور ”خُدا کا کلام بڑی جاں فِشانی سے … سِکھانے“ کے لیے جواب دہ ہیں (یعُقوب ۱:۱۹)۔ خُداوند کے ساتھ اُس کے تاکستان میں محنت کرنا آپ کو بڑی خُوشی دے گا (دیکھیں یعُقوب ۵: ۷۰–۷۲)۔
خُدا کے کام کے بارے میں، وہ آپ کو کیا کرنے کی دعوت دیتا ہے، اور اُس کے کلِیسیا کے مقصد کا واضح فہم پانا جانوں کو مسِیح کے پاس لانے کی آپ کی کاوشوں پر توجّہ مرکُوز کرنے میں آپ کی مدد کرے گا۔
اِس باب کے اُصُولوں سے اکثر و بیشتر رُجُوع کریں۔ دُعاگو ہو کر یہ جاننے کے خواہاں ہوں کہ جِن کی آپ خدمت کرتے ہیں اُن کی زندگیوں میں آپ خُدا کے مقاصد کو پُورا کرنے میں کیسے مدد کر سکتے ہیں۔ خُدا رُوحُ اُلقدس کی ترغیبات کے ذریعے آپ کی راہ نُمائی کرے گا۔