باب ۱۵
یِسُوع فرماتا ہے کہ مُوسیٰ کی شریعت اُس میں پُوری ہوئی ہے—بنی نِیفی وہ دُوسری بھیڑیں ہیں جِن کی بابت اُس نے یروشلِیم میں کہا تھا—بدی کے باعث یروشلیم میں خُداوند کے لوگ اِسرائیل کی کھوئی ہُوئی بھیڑوں کے بارے میں نہیں جانتے۔ قریباً ۳۴ سالِ خُداوند۔
۱ اور اب اَیسا ہُوا کہ جب یِسُوع نے یہ باتیں ختُم کیں تو اُس نے اِرد گرد ہجُوم پر نظر ڈالی اور اُن سے کہا: دیکھو، تُم نے وہ باتیں سُنیں جن کی تعلِیم مَیں نے اپنے باپ کے پاس اُوپر جانے سے پہلے دی، پَس جو کوئی اُن باتوں کو یاد رکھتا اور اُن پر عمل کرتا ہے، مَیں اُس کو یومِ آخِر اِقبال مند کرُوں گا۔
۲ اور اَیسا ہُوا کہ جب یِسُوع یہ باتیں کہہ چُکا تو اُس نے جانا کہ اِن میں بعض اِس بات پر تعجب کرتے اور حیران ہوتے ہیں کہ وہ مُوسیٰ کی شریعت کے بارے کیا کریں، کیوں کہ اِس مقولہ کو سمجھتے نہ تھے کہ پُرانی چیزیں جاتی رہیں اور کہ اب ساری نئی ہو گئی ہیں۔
۳ اور اُس نے اُن سے کہا: تعجب نہ کرو کہ مَیں نے تُم سے کہا کہ پُرانی چیزیں جاتی رہیں اور تُمام چیزیں نئی ہو گئی ہیں۔
۴ دیکھو، مَیں تُم سے کہتا ہُوں کہ وہ شریعت پُوری ہو چُکی جو مُوسیٰ کو دی گئی تھی۔
۵ دیکھو، مَیں وہ ہُوں جِس نے شریعت دی، اور مَیں وہ ہُوں جِس نے اپنی اُمّت اِسرائیل کے ساتھ عہد کِیا؛ پَس شریعت مُجھ میں پُوری ہوتی ہے، کیوں کہ مَیں شریعت پُوری کرنے آیا ہُوں؛ اِس لیے یہ پُوری ہو گئی ہے۔
۶ دیکھو، مَیں نبیوں کو منسُوخ نہیں کرتا، بلکہ جو کُچھ پُورا نہیں ہُوا ہے، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، مُجھ میں سب پُورا ہو گا۔
۷ اور چُوں کہ مَیں نے تُم سے کہا کہ پُرانی چیزیں جاتی رہی ہیں، مَیں اُن کہی گئی باتوں کو منسُوخ نہیں کرتا جو ہونے کو ہیں۔
۸ پَس دیکھو، جو عہد مَیں نے اپنی اُمّت سے کِیا ہے وہ پُورا نہیں ہُوا، لیکن جو شریعت مُوسیٰ کو دی گئی مُجھ میں پُوری ہوتی ہے۔
۹ دیکھو، شریعت اور نُور مَیں ہُوں۔ میری طرف دیکھو، اور آخِر تک برداشت کرو، تو تُم زِندگی پاؤ گے؛ کیوں کہ جو آخِر تک برداشت کرے گا مَیں اُسے اَبدی زندگی دُوں گا۔
۱۰ دیکھو، مَیں نے تُمھیں حُکم دِیے ہیں؛ پَس میرے حُکموں کو مانو۔ اور یہی شریعت اور نبیوں کی تعلِیم ہے، کیوں کہ اُنھوں نے میری سچّی گواہی دی ہے۔
۱۱ اور اب اَیسا ہُوا کہ جب یِسُوع یہ باتیں کہہ چُکا، تو اُس نے اُن بارہ کو جِنھیں اُس نے چُنا تھا کہا:
۱۲ تُم میرے شاگِرد ہو؛ اور تُم اِس اُمّت کے لیے نُور ہو، جو یُوسف کے گھرانے کا بقیہ ہیں۔
۱۳ اور دیکھو، یہ تُمھاری وراثت کی سرزمین ہے؛ اور باپ نے اِسے تُمھیں بخشا ہے۔
۱۴ اور باپ نے کبھی بھی مُجھے حُکم نہیں دِیا کہ مَیں یہ یروشلیم میں تُمھارے بھائیوں کو بتاؤں۔
۱۵ نہ کبھی باپ نے مُجھے حُکم دِیا کہ اِسرائیل کے گھرانے کے دُوسرے قبیلوں کی بابت اُنھیں بتاؤں، جِنھیں باپ سرزمین سے نِکال لایا۔
۱۶ باپ نے مُجھے یہی بتانے کا حُکم دِیا ہے، کہ مَیں اُنھیں بتاؤں:
۱۷ کہ میری اور بھی بھیڑیں ہیں جو اِس گلّہ کی نہیں ہیں؛ مُجھے اُن کو بھی لانا ضرُور ہے، اور وہ میری آواز سُنیں گی؛ اور ایک ہی گلّہ اور ایک ہی چرواہا ہو گا۔
۱۸ اور اب، چُوں کہ اُنھوں نے اپنی سرکشی اور بے اعتقادی کے سبب سے میری باتوں کو نہیں سمجھا؛ پَس باپ نے مُجھے اِس بات کی بابت اُنھیں مزید کُچھ نہ بتانے کا حُکم دِیا ہے۔
۱۹ مگر، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں کہ باپ نے مُجھے حُکم دِیا ہے، اور مَیں تُمھیں یہ بتاتا ہُوں کہ اُن کی بدی کے باعث تُمھیں اُن سے الگ کِیا گیا، لہٰذا یہ اُن کی سِیہ کاری کے سبب سے وہ تُمھاری بابت نہیں جانتے۔
۲۰ اور پھر مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، کہ باپ نے دُوسرے قبیلوں کو اُن سے الگ کِیا ہے؛ اور یہ اُن کی بدی کے سبب سے ہے کہ وہ اُن کے بارے نہیں جانتے۔
۲۱ اور مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، کہ تُم وہ ہو جِن کی بابت مَیں نے کہا: میری اور بھی بھیڑیں ہیں، جو اِس گلّے کی نہیں ہیں؛ مُجھے اُن کو بھی لانا ضرُور ہے اور وہ میری آواز سُنیں گی؛ اور ایک ہی گلّہ، اور ایک ہی چرواہا ہو گا۔
۲۲ اور وہ میری باتیں نہ سمجھتے تھے، کیوں کہ وہ سوچتے تھے کہ یہ غیر قومیں ہیں، لیکن اُنھوں نے یہ نہ جانا کہ غیر قومیں تو اُن کی مُنادی سے رُجُوع لائیں گی۔
۲۳ اور وہ میری بات نہ سمجھے جو مَیں نے کہی، وہ میری آواز سُنیں گے؛ اور وہ میری بات نہ سمجھے کہ غیر قومیں تو میری آواز کبھی نہ سُنیں گی—کہ رُوح القُدس کے وسیلہ کے سِوا مَیں اُن پر ظاہر نہ ہُوں گا۔
۲۴ لیکن دیکھو، تُم نے دونوں، میری آواز سُنی، اور مُجھے دیکھا بھی ہے؛ اور تُم میری بھیڑیں ہو، اور تُم اُن میں شُمار کیے گئے ہو جو باپ نے مُجھے دی ہیں۔