باب ۲۲
آخِری ایّام میں، صِیُّون اور اُس کی میخیں قائم کی جائیں گی، اور رحم اور شفقت کے ساتھ بنی اِسرائیلؔ کو اِکٹھا کِیا جائے گا—وہ فتح پائیں گے—موازنہ کریں یسعیاہ۵۴۔ قریباً ۳۴ سالِ خُداوند۔
۱ اور پھر وہ جو لِکھا گیا ہے پُورا ہو گا، اَے بانجھ، تُو جو بے اَولاد تھی؛ نغمہ سرائی کر، تُو جِس نے وِلادت کا درد برداشت نہیں کِیا؛ خُوشی سے گا، اور زور سے چِلاّ؛ پَس خُداوند فرماتا ہے، کہ بے کس چھوڑی ہُوئی کی اَولاد شَوہر والی کی اَولاد سے زِیادہ ہے۔
۲ اپنی خَیمہ گاہ کو وسِیع کر دے، اور اپنے مسکنوں کے پردے پَھیلا؛ دریغ نہ کر، اپنی ڈورِیاں لمبی اور اپنی میخیں مضبُوط کر۔
۳ اِس لِیے کہ تُو دہنی اور بائیں طرف بڑھے گی، اور تیری نسل غیر قَوموں کی وارث ہو گی اور وِیران شہروں کو بسائے گی۔
۴ خَوف نہ کر، پَس نہ تُو پِھر نادِم ہو گی؛ نہ تُو پِھر رُسوا ہو گی، نہ تُجھے شرمندگی اُٹھانا پڑے گی؛ پَس تُو اپنی جوانی کا ننگ بُھول جائے گی، اور نہ اپنی جوانی کی ذِلت کو یاد کرے گی، اور نہ اپنی بیوگی کی عار کو پِھر یاد کرے گی۔
۵ پَس تیرا خالِق تیرا شوہر ہے، اُس کا نام ربُّ الافواج ہے؛ اور تیرا فِدیہ دینے والا اِسرائیل کا قُدُّوس ہے—وہ تمام رُویِ زمِین کا خُدا کہلائے گا۔
۶ پَس تیرا خُدا فرماتا ہے، کہ خُداوند نے تُجھ کو مترُوکہ اور دِل آزُردہ بِیوی کی طرح ہاں جوانی کی مطلُوقہ بِیوی کی مانِند پِھر بُلایا ہے، جب کہ تُو نے اِنکار کر دِیا تھا۔
۷ مَیں نے ایک دَم کے لِیے تُجھے چھوڑ دِیا؛ لیکن رحمت کی فراوانی سے تُجھے لے لُوں گا۔
۸ خُداوند تیرا نجات دینے والا فرماتا ہے، کہ قہر کی شِدّت میں مَیں نے دَم بھر کے لِیے تُجھ سے مُنہ چِھپایا، پر اب مَیں اَبَدی شفقت سے تُجھ پر رحم کرُوں گا۔
۹ پَس یہ، میرے واسطے طُوفانِ نُوح کا سا مُعاملہ ہے، کہ جِس طرح مَیں نے قَسم کھائی تھی کہ پِھر زمِین پر نُوح کا سا طُوفان کبھی نہ آئے گا، اُسی طرح اب مَیں نے قَسم کھائی ہے کہ مَیں تُجھ سے پِھر کبھی خفا نہ ہُوں گا۔
۱۰ پَس خُداوند تُجھ پر رحم کرنے والا یُوں فرماتا ہے کہ پہاڑ جاتے رہیں گے اور ٹِیلے ٹل جائیں گے، لیکن نہ میری شفقت کبھی تُجھ پر سے جاتی رہے گی، اور نہ میرا صُلح کا عہد جُنبش کھائے گا۔
۱۱ اَے مُصِیبت زدہ اور طُوفان کی ماری، اور تسلّی سے محرُوم! دیکھ، مَیں تیری بُنیاد شبِ چراغ سے، اور تیری نِیو نیلم سے رکھوں گا۔
۱۲ اور مَیں تیرے درِیچوں کو یاقُوتِ احمر کا بناؤں گا، تیرے پھاٹک یاقُوتِ اَرغوانی کے، اور تیرے سارے کِنارے نگِینوں سے جڑ دُوں گا۔
۱۳ اور تیرے سب فرزند خُداوند سے تعلِیم پائیں گے؛ اور تیری اَولاد کی سلامتی عظِیم اُلشان ہوگی۔
۱۴ تُو صداقت میں قائم رہے گی؛ تُو ظُلم سے دُور رہے گی چُوں کہ تُو نہ ڈرے گی، اور خَوف تیرے نزدِیک نہ آئے گا۔
۱۵ دیکھ، وہ یقِیناً تُجھ پر حملہ کرنے کے لِیے اِکٹھے ہوں گے، پر میرے حُکم سے نہیں؛ جو تُجھ پر حملہ کرنے کے لِیے جمع ہوں گے، وہ تیرے سبب سے تہِ تیغ ہوں گے۔
۱۶ دیکھ، مَیں نے لوہار کو پَیدا کِیا ہے جو کوئلوں کو آگ میں دَھونکتا ہے، اور اپنے کام کے لِیے ہتھِیار بناتا ہے؛ اور مَیں نے غارت گر کو لُوٹ مار کرنے کے لِیے پَیدا کِیا ہے۔
۱۷ کوئی ہتھیار جو تیرے خِلاف بنایا گیا ہو کارآمد نہ ہو گا؛ اور جو زُبان عدالت میں تُجھ پر لعن طعن کرے گی تُو اُس کو مُجرم ٹھہرائے گی۔ یہ خُداوند کے بندوں کی میراث ہے، اور اُن کی راست بازی مُجھ سے ہے، خُداوند فرماتا ہے۔