صحائف
مضایاہ ۶


باب ۶

بِنیامِین بادِشاہ لوگوں کے نام لِکھتا ہے اور اُنھیں تعلِیم دینے کے لِیے کاہن مُقرّر کرتا ہے—مضایاہ ایک راست باز بادِشاہ کی طرح حُکُومت کرتا ہے۔ قریباً ۱۲۴–۱۲۱ ق۔م۔

۱ اور اب بِنیامِین بادِشاہ نے اپنے لوگوں سے کلام کرنے کے بعد مناسب جانا کہ وہ اُن سب کے نام لِکھے جو خُدا کے ساتھ اُس کے حُکموں کو ماننے کے لِیے عہد میں داخل ہُوئے تھے۔

۲ اور اَیسا ہُوا کہ سِوا چھوٹے بچّوں کے کوئی بھی جان اَیسی نہ تھی جو عہد میں داخل نہ ہُوئی ہو اور مسِیح کا نام اپنے تئیِں نہ اپنایا ہو۔

۳ اور پھر، اَیسا ہُوا کہ جب بِنیامِین بادِشاہ یہ سب اُمُور ختم کر چُکا اور اپنے بیٹے مضایاہ کو اپنے لوگوں پر حاکم اور بادِشاہ ہونے کے لِیے مخصُوص کر چُکا اور اُسے سلطنت کا کُل اِختیار دے چُکا اور لوگوں کو تعلِیم دینے کے لِیے کاہنوں کو بھی مُقرّر کر چُکا تاکہ اِس سے وہ خُدا کے احکام سُنیں اور جانیں اور اِس عہد کو یاد رکھنے کے واسطے زور دیں جو اُنھوں نے باندھا تھا، اُس نے ہجُوم کو رُخصت کیا اور وہ سب اپنے اپنے خاندانوں کے ساتھ اپنے اپنے گھروں کو لوٹ گئے۔

۴ اور مضایاہ اپنے باپ کی جگہ حُکُومت کرنے لگا۔ اور اُس نے لحی کے یروشلِیم سے آنے کے کُل چار سو چھہتّر برس بعد اُس وقت حُکُومت سنبھالی جب اُس کی عمر تیس سال تھی۔

۵ اور بِنیامِین بادِشاہ تین برس جِیتا رہا اور وہ وفات پا گیا۔

۶ اور اَیسا ہُوا کہ مضایاہ بادِشاہ خُداوند کی راہوں پر چلا اور اُس کے فیصلوں اور آئین کو مانا اور اُس نے تمام باتوں میں اُس کے حُکموں پر عمل کِیا اُس نے جِس کا بھی اُس کو حُکم دِیا۔

۷ اور مضایاہ بادِشاہ نے حُکم دِیا کہ اُس کی اُمت زمِین کاشت کرے۔ اور اُس نے خُود بھی زمِین کاشت کی تاکہ اِس طرح وہ اپنی اُمت پر بوجھ نہ بنے بلکہ وہ اُس کے مُطابق کرے جو اُس کے باپ نے سب اُمُور میں کِیا۔ اور تین برس کے عرصہ تک اُس کی ساری اُمت میں کوئی جھگڑا نہ ہُوا۔