”آپ کے خاندانی مُطالعہِ صحائف کو بہتر بنانے کے لیے تجاویز،“ آ، میرے پِیچھے ہو لے—برائے افراد و خاندان: نیا عہد نامہ ۲۰۲۳ (۲۰۲۲)
”آپ کے ذاتی مُطالعہِ صحائف کو بہتر بنانے کے لیے تجاویز،“ آ، میرے پِیچھے ہو لے—برائے افراد و خاندان: ۲۰۲۳
آپ کے خاندانی مُطالعہِ صحائف کو بہتر بنانے کے لیے تجاویز
خاندان کاباقاعدہ صحائف کا مُطالعہ آپ کے اَہلِ خانہ کو رُوحُ القُدس کی تاثِیر کا احساس دِلانے اور اِنجِیل سِیکھنے میں مدد فراہم کرنے کا ایک موّثر طریقہ ہے۔ بطور خاندان مطالعہ کا تعدّد اور طوالت اتنا اہم نہیں جتنا اہم تواتر ہے۔ جب آپ مُطالعہِ صحائف کو اپنی خاندانی زِندگی کا ایک اہم حِصّہ بناتے ہیں، تو آپ اپنے خاندان کے اَرکان کو آسمانی باپ اور یِسُوع مسِیح کے قرِیب آنے اور اُس کے کلام کی بُنیاد پر اپنی گواہیوں کو قائم کرنے میں مدد دیں گے۔ درجہ ذیل سوالات کے بارے میں باہم مشاورت سے غَور کریں:
-
آپ کے خاندان کے افراد انفرادی طور پر صحائف کا مُطالعہ کرنے کے لیے ایک دُوسرے کی حوصلہ افزائی کیسے کر سکتے ہیں؟
-
آپ کے اَہلِ خانہ جو سِیکھ رہے ہیں اُس کو بتانے کے لیے ہر فرد کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے کیا کر سکتے ہیں؟
-
روزمرہ کے تدریسی لمحات میں آپ نئے عہد نامے میں سِکھائے جانے والے اُصُولوں پر کِس طرح زور ڈال سکتے ہیں؟
یاد رکھیں کہ گھر اِنجِیل سیکھنے کے لیے ایک بہترین جگہ ہے۔ آپ گھر میں اِنجیِل کو ایسے طریقوں سے سِیکھ اور سِکھا سکتے ہیں جو کلیسیائی جماعت میں مُمکن نہیں۔ اپنے خاندان کو صحائف میں سے سِیکھنے میں مدد دینے کے طریقوں کے بارے میں سوچتے ہوئے تخلیقی رویہ اِختیار کریں۔ اپنے خاندانی مُطالعہِ صحائف کو تقویت دینے کے لیے درجہ ذیل چند تجاویز کا اِستعمال کریں۔
موسیقی اِستعمال کریں
گیت گائیں جو صحائف میں سِکھائے گئے اُصُولوں کی کمک فراہم کریں۔ کوئی مُتجوزہ گِیت یا بچّوں کا گِیت ہر ہفتہ وار خاکہ میں درج ہے۔ آپ خاندان کے افراد سے مِصّرعوں میں اَلفاظ یا فقروں کے بارے میں سوالات پُوچھ سکتے ہیں۔ گیت گانے کے ساتھ ساتھ، آپ کے بچّے گیتوں کے اَلفاظ کے موافق حرکات و سکنات ادا کرسکتے ہیں یا جب وہ دُوسری سرگرمیوں میں مشغُول ہوں تو گِیتوں کو پس منظر میں موسیقی کے طور پر سُن سکتے ہیں۔ مزید تجاوِیز کے لیے،اِس نِصاب میں دیکھیے ”اِنجِیلی آمُوزش میں حمدوثنا کو شامِل کرنا“ ۔
معنی خیز صحائف کا تذکرہ کریں
خاندان کے اَرکان کو صحائف کے اُن حِصّوں کو بیان کرنے کے لیے وقت دیں جو اُنھیں اپنے ذاتی مُطالعہ کے دوران میں معنی خیز لگے ہوں۔
اپنے اَلفاظ اِستعمال کریں
خاندان کے اَرکان کو دعوت دیں کہ وہ مُطالعہِ صحائف سے حاصل کردہ فہم کا اپنے اَلفاظ میں خلاصہ پیش کریں۔
صحائف کو اپنی زِندگی پر لاگو کریں
صحیفہ کی عبارت پڑھنے کے بعد، خاندان کے اَرکان سے گُزارش کریں کہ ایسے طریقے بتائیں جن سے وہ عبارت اُن کی زِندگیوں پر لاگُو ہوتی ہے۔
سوال پُوچھیں
اَہلِ خانہ کو اِنجِیلی سوال پُوچھنے کی دعوت دیں، اور پھر ایسی آیات کی تلاش میں وقت گزاریں جو اُس سوال کے جواب میں مدد دے سکیں۔
پاک کلام کو آویزاں کریں
کوئی معنی خیز آیت مُنتخب کریں، اور اُسے ایسی جگہ آویزاں کریں جہاں خاندان کے اَرکان اُسے اکثر دیکھ سکیں۔ آویزاں کیا جانے والا صحیفہ مُنتخب کرنے کے لیے خاندان کے دُوسرے اَرکان کو دعوت دیں۔
صحیفوں کی فہرست بنائیں
بحیثیت خاندان، متعدد ایسی آیات کا انتخاب کریں جن پر آپ آیندہ ہفتے کے دوران میں گفتگو کرنا چاہتے ہیں۔
صحائف یاد کریں
صحیفہ کی ایک عبارت کا انتخاب کریں جو آپ کے خاندان کے لیے معنی خیز ہو، اور خاندان کے اَرکان کو اِسے روزانہ دہرا کر یا یاد کرنے کا کھیل کھیل کر اِسے یاد کرنے کی دعوت دیں۔
بصری اسباق کو بیان کریں
ایسی چِیزیں ڈھونڈیں جو اُن ابواب اور آیات کے مُتعلق ہوں جو آپ بطور خاندان پڑھ رہے ہیں۔ خاندان کے ارکان کو دعوت دیں کہ اِس بارے میں بات کریں کہ ہر چِیز کیسے صحائف کی تعلیمات سے مطابقت رکھتی ہے۔
کسی موضُوع کو مُنتخب کریں
خاندان کے اَرکان باری باری کسی ایسے موضُوع کا اِنتخاب کریں جس کا خاندان باہم مِل کر مُطالعہ کرے گا۔ موضوع کے بارے میں صحائف کی عبارتوں کو تلاش کرنے کے لیے Topical Guide, the Bible Dictionary، یا Guide to the Scriptures (scriptures.ChurchofJesusChrist.org) کا اِستعمال کریں۔
تصویر بنائیں
بطور خاندان چند آیات پڑھیں، اور پھر خاندان کے ارکان کو اُس سے متعلق ایک تصویر بنانے کے لیے وقت دیں۔ ایک دُوسرے کی تصاویر پر گفتگو کرنے میں وقت گزاریں۔
ایک کہانی کی کردار نگاری کریں
کہانی پڑھنے کے بعد، خاندان کے ارکان کو دعوت دیں کہ وہ کہانی کو بطور ڈاراما پیش کریں۔ اِس کے بعد، اِس بارے میں بات کریں کہ کہانی اُن چِیزوں سے کیسے مطابقت رکھتی ہے جن کا آپ انفرادی طور پر اور بطور خاندان تجربہ کر رہے ہیں۔