”3. کہانتی اُصُول،“ عمُومی راہ نُما کِتاب سے اِقتباسات (2023)۔
”3. کہانتی اُصُول،“ عمُومی راہ نُما کِتاب سے اِقتباسات
3.
کہانتی اُصُول
3.0
تعارف
کہانت خُدا کا اِختیار اور قُدرت ہے۔ کہانت کے ذریعے، آسمانی باپ اپنا کام ”اِنسان کی لافانی اور ابدی زِندگی کا سبب پَیدا کرنا“ پُورا کرتا ہے (مُوسیٰ ۱:۳۹)۔ خُدا زمین پر اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کو اِختیار اور قُدرت عطا کرتا ہے تاکہ وہ اِس کام کو انجام دینے میں معاونت کرسکیں (دیکھیں باب 1)۔
3.2
کہانت کی برکات
عہُود اور کہانتی رُسُوم کے وسِیلے سے، خُدا اپنے تمام بچّوں کے واسطے عظیم برکات مُیسر کرتا ہے۔ اِن برکات میں شامِل ہیں:
-
کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسینِ آخِری ایّام میں بپتِسما اور رُکنیت۔
-
رُوحُ الُقدس کی نعمت۔
-
عِشائے ربّانی لینا۔
-
کلِیسیائی بُلاہٹوں اور تفویضات میں خدمت کرنے کا اِختیار اور قُدرت۔
-
بطریقی برکات اور شِفا، تسلّی، اور ہدایت کی دیگر کہانتی برکات پانا۔
-
ہیکل میں خُدا کی قُدرت سے ودیعت پانا۔
-
اپنے خاندان کے افراد کے ساتھ اَبدیت کے لیے مُہر بند ہونا۔
-
اَبدی زِندگی کا وعدہ۔
3.3
ملکِ صِدق کی کہانت اور ہارُونی کہانت
کلِیسیا میں، کہانت کے دو حصّے ہیں: ملکِ صِدق کی کہانت اور ہارُونی کہانت (دیکھیں عقائد اور عہُود ۱۰۷:۱)۔
3.3.1
ملکِ صِدق کی کہانت
ملکِ صِدق کی کہانت ”خُدا کے بیٹے کے طریق پر، مُقدّس کہانت ہے“ (عقائد اور عہُود ۱۰۷:۳)۔ یہ وہ قُدرت ہے جس کے وسیلے سے خُدا کے بیٹے اور بیٹیاں اُس کی مانند بن سکتے ہیں (دیکھیں عقائد اور عہُود ۸۴:۱۹–۲۱؛ ۱۳۲:۱۹–۲۰)۔
اِس اِختیار کے ذریعے، کلِیسیائی قائدین کلِیسیا کے تمام رُوحانی کام کی قیادت اور انتظام کرتے ہیں (دیکھیں عقائد اور عہُود ۱۰۷:۱۸)۔
سٹیک میں صدرِ سٹیک صدارتی اعلیٰ کاہن ہے (دیکھیں عقائد اور عہُود ۱۰۷:۸، ۱۰؛ اِس راہ نُما کِتاب میں باب 6 بھی دیکھیں)۔ بشپ وارڈ میں صدارتی اعلیٰ کاہن ہے (دیکھیں عقائد اور عہُود ۱۰۷:۱۷؛ اِس راہ نُما کِتاب میں باب 7 بھی دیکھیں)۔
ملکِ صِدق کی کہانت کے عُہدوں اور ذمّہ داریوں کے بارے میں معلُومات کے لیے، دیکھیں 8.1۔
3.3.2
ہارُونی کہانت
ہارُونی کہانت ”ملکِ صدق کی کہانت کی … مُلحقہ ہے“ (عقائد اور عہُود ۱۰۷:۱۴)۔ اِس میں درج ذیل کُنجیاں شامِل ہیں:
-
فرشتوں کی جانب سے خدمت گُزاری۔
-
توبہ کی اِنجِیل۔
-
ظاہری رُسُوم ادا کرنا، بشمول گُناہوں کی مُعافی کے لیے بپتِسما۔
(دیکھیں عقائد اور عہُود ۱:۱۳؛ ۲۶:۸۴–۲۷؛ ۲۰:۱۰۷۔)
بشپ وارڈ میں ہارُونی کہانت کا صدر ہے (دیکھیں عقائد اور عہُود ۱۰۷:۱۵)۔
ہارُونی کہانت کے عُہدوں اور ذمّہ داریوں کے بارے میں معلُومات کے لیے، دیکھیں 10.1.3۔
3.4
کہانتی اِختیار
کہانتی اِختیار خُدا کی نُمایندگی کرنے اور اُس کے نام پر عمل کرنے کی منظوری/اجازت ہے۔ کلِیسیا میں، کہانتی کُنجیوں کے حاملین کی زیرِ ہدایت تمام کہانتی اِختیار کا اِستعمال کِیا جاتا ہے۔
3.4.1
کہانتی کُنجیاں
کہانتی کُنجیاں خُدا کے بچّوں کے واسطے کہانت کے اِستعمال کی ہدایت کرنے کا اِختیار ہے۔
3.4.1.1
وہ جو کہانتی کُنجیوں کے حامل ہیں
خُداوند نے اپنے رسُولوں میں سے ہر ایک کو زمین پر خُدا کی بادشاہی سے مُتعلق تمام کُنجیاں عطا کی ہیں۔ سینئر زندہ رسُول، کلِیسیا کا صدر، زمین پر واحد شخص ہے جو اِن تمام کہانتی کُنجیوں کو برُوئے کار لانے کا اِختیار رکھتا ہے (دیکھیں عقائد اور عہُود ۸۱:۱–۲؛ ۱۰۷:۶۴–۶۷، ۹۱–۹۲؛ ۱۳۲:۷)۔
کلِیسیا کے صدر کی زیرِ ہدایت، کہانتی قائدین کو کُنجیاں دی جاتی ہیں تاکہ وہ اپنی مجاز وارڈز میں صدارت کر سکیں۔ اِن قائدین میں شامِل ہیں:
-
سٹیک اور ڈسٹرکٹ کے صدُور۔
-
بشپ اور برانچ کے صدُور۔
-
ملکِ صدق اور ہارُونی کہانت کی جماعت کے صدُور۔
-
صدُور ہَیکَل۔
-
صدرِ مِشن اور مِشنری مرکزِ تربیت کے صدُور۔
یہ قائدین کہانتی کُنجیاں پاتے ہیں جب وہ اپنی بُلاہٹوں کے لیے مُقرر کِیے جاتے ہیں۔
کہانتی کُنجیاں دُوسروں کو نہیں دی جاتی ہیں، بشمول مقامی کہانتی قائدین کے مُشیروں یا کلِیسیائی تنظیموں کے صدُور کو۔ کلِیسیائی تنظیموں کے صدُور کہانتی کُنجیوں کے حاملین کی زیرِ ہدایت صدارت کرتے ہیں (دیکھیں 4.2.4)۔
3.4.1.2
کارِ خُداوندی کی ترتیب
کہانت کی کُنجیاں اِس اَمر کو یقینی بناتی ہیں کہ کارِ خُداوندی کی تکمیل ایک ترتیب سے کی جائے (دیکھیں عقائد اور عہُود ۴۲:۱۱؛ ۱۳۲:۸)۔ کہانتی کُنجیوں کے حاملین اپنی مجاز وارڈز میں کارِ خُداوندی کی راہ نُمائی کرتے ہیں۔ یہ صدارتی اِختیار صرف قائد کی بُلاہٹ کی مخصُوص ذمّہ داریوں کے لیے نافذ العمل ہے۔ جب کہانتی قائدین کو اُن کی بُلاہٹوں سے سُبکدوش کِیا جاتا ہے، تو یہ کُنجیاں اُن کے پاس نہیں رہتیں۔
3.4.2
کہانت عطا کرنا اور تَقَرُّری
کہانتی کُنجیوں کے حاملین کی زیرِ ہدایت، ہارُونی کہانت اور ملکِ صِدق کی کہانت کلِیسیا کے اہل مرد اَرکان کو عطا کی جاتی ہے (دیکھیں عقائد اور عہُود ۸۴:۱۴–۱۷)۔ مُناسب کہانت عطا کرنے کے بعد، اُس شخص کو اُس کہانت کے عُہدے پر مُقرر کِیا جاتا ہے، جیسا کہ ڈیکن یا ایلڈر۔ کہانتی حامل اُس عُہدے کے حقوق اور فرائض کے مُطابق کہانت کا اِستعمال کرتا ہے (دیکھیں عقائد اور عہُود ۱۰۷:۹۹)۔
کہانت عطا اور مُقرر کرنے کے بارے میں مزید معلُومات کے لیے، دیکھیں 8.1.1 اور 18.10۔
3.4.3
کلِیسیا میں خدمت کرنے کے لیے کہانتی اِختیار دُوسروں کو سونپنا
3.4.3.1
مُقرر کرنا
جب کہانتی کُنجیوں کے حاملین کی زیرِ ہدایت مرد و خواتین کو مُقرر کِیا جاتا ہے، اُنھیں اُس بُلاہٹ پر عمل کرنے کے لیے خُدا کی طرف سے اِختیار بخشا جاتا ہے۔ جب وہ کسی بُلاہٹ سے سُبکدوش کِیے جاتے ہیں، تو اِس سے وابستہ اِختیار اُن کے پاس نہیں رہتا۔
کلِیسیا کے تمام اَرکان جو خدمت کرنے کے لیے مُقرر کِیے جاتے ہیں اُنھیں الہٰی اِختیار اور ذمّہ داری دی جاتی ہے کہ وہ اپنی بُلاہٹوں پر عمل کر سکیں۔ مثال کے طور پر:
-
ایک خاتون جسے بشپ نے وارڈ کی اَنجُمنِ خواتین کی صدر کی بُلاہٹ دی اور مُقرر کِیا ہے اُسے وارڈ میں اَنجُمنِ خواتین کے کام کی قیادت کرنے کا اِختیار بخشا جاتا ہے۔
وہ سب جو بُلاہٹ پاتے اور مُقرر کِیے جاتے ہیں اُن کی زیرِ ہدایت خدمت کرتے ہیں جو اُن کی صدارت کرتے ہیں (دیکھیں 3.4.1.2)۔
3.4.3.2
نامزد کرنا
کلِیسیائی صدارتی قائدین نامزدگی کے ذریعے دُوسروں کو اِختیار سونپ سکتے ہیں۔ جب مرد اور خواتین یہ ذمّہ داریاں پاتے ہیں، تو اُنھیں عمل کرنے کے لیے خُدا کی طرف سے اِختیار بخشا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر:
-
صدارتِ اوّل اور بارہ رسُولوں کی جماعت ستّر کی جماعت کو اِختیار سونپتی ہے جنھیں علاقوں میں خدمت گُزاری اور سٹیک کی کانفرنسوں کی صدارت کرنے کے لیے مُقرر کِیا جاتا ہے۔
-
کلِیسیائی اَرکان کو خدمت گُزار بھائیوں اور خدمت گُزار بہنوں کی حیثیت سے خدمت کرنے کے لیے اِختیار سونپا جاتا ہے۔
نامزدگی کے ذریعے سونپا گیا اِختیار مخصُوص ذمّہ داریوں اور نامزدگی کے دورانیے تک محدود ہوتا ہے۔
3.4.4
کہانتی اِختیار کی راست بازی سے مشق کرنا
یہ اِختیار صرف راست بازی سے اِستعمال کِیا جا سکتا ہے (دیکھیں عقائد اور عہُود ۱۲۱:۳۶)۔ اِس کا اِستعمال ترغیب، تحمل، نرمی، حلیمی، محبّت، اور شفقت سے کِیا جاتا ہے (دیکھیں عقائد اور عہُود ۱۲۱:۴۱–۴۲)۔
وہ جو کہانتی اِختیار کا اِستعمال کرتے ہیں وہ اپنی مرضی دُوسروں پر مُسلط نہیں کرتے۔ وہ اِسے خُود غرض مقاصد کے لیے اِستعمال نہیں کرتے۔
3.5
کہانتی قُدرت
کہانتی قُدرت خُدا کی قُدرت ہے جس کے وسیلے سے وہ اپنے بچّوں کو برکت دیتا ہے۔ خُدا کی کہانتی قُدرت کلِیسیا کے تمام اَرکان—عورت اور مرد—تک پہنچتی ہے جب وہ اُس کے ساتھ باندھے گئے عہُود کی پاسداری کرتے ہیں۔ اَرکان کہانتی رُسُوم حاصل کرتے ہُوئے یہ عہُود باندھتے ہیں۔ (دیکھیں عقائد اور عہُود ۸۴:۱۹–۲۰۔)
اَرکان جو کہانتی قُدرت کی برکات پا سکتے ہیں اُن میں شامِل ہیں:
-
اُن کی زندگیوں کے لیے ہدایت۔
-
یہ جاننے کا اِلہام کہ خاندانی اَرکان اور دُوسروں کی خدمت کیسے کرنی ہے۔
-
برداشت کرنے اور مُشکلات پر غالب آنے کی قُوت۔
-
اُن کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے رُوح کی نعمتیں۔
-
یہ جاننے کے لیے مُکاشفہ کہ جس کام کے لیے اُن کی تقرری، مخصوصیت، یا نامزدگی کی گئی ہے اُس کی تکمیل کیسے کی جائے۔
-
یِسُوع مسِیح اور آسمانی باپ کی مانند بننے کے واسطے معاونت اور مضبُوطی۔
3.5.1
عہُود
عہد خُدا اور اُس کے بچّوں کے مابین مُقدّس وعدہ ہے۔ خُدا عہد کی شرائط دیتا ہے، اور اُس کے بچّے اُن شرائط کی فرماں برداری کرنے پر مُتفق ہوتے ہیں۔ خُدا اپنے بچّوں کو برکت دینے کا وعدہ کرتا ہے جب وہ عہد کی پاسداری کرتے ہیں۔
وہ سب جو اپنے عہُود کی پاسداری کرنے کے لیے آخر تک برداشت کرتے ہیں وہ اَبدی زندگی پائیں گے (دیکھیں ۲ نیفی ۳۱:۱۷–۲۰؛ عقائد اور عہُود ۱۴:۷)۔
افراد کی عہُود باندھنے کی تیاری میں والدین، کلِیسیائی قائدین، اور دیگر مدد کرتے ہیں جب وہ اِنجِیل کی رُسُوم پاتے ہیں۔ وہ اِس اَمر کو یقینی بناتے ہیں کہ وہ شخص اِن عہُود کو سمجھے جو وہ باندھے گا/گی۔ ایک شخص کے عہد باندھنے کے بعد، وہ اِس کی پاسداری کرنے میں اُس کی معاونت کرتے ہیں۔ (دیکھیں مُضایاہ ۱۸:۸–۱۱، ۲۳–۲۶۔)
3.5.2
رُسُوم
رسم ایک مُقدّس عمل ہے جو کہانتی اِختیار سے انجام دِیا جاتا ہے۔
بہت سی رُسُوم میں، افراد خُدا کے ساتھ عہُود باندھتے ہیں۔ مثالوں میں بپتِسما، عِشائے ربّانی، ودیعت، اور بیاہ کی مُہر بندی کی رسم شامِل ہیں۔
اَبدی زندگی کے لیے نجات و سرفرازی کی رُسُوم نہایت اہم ہیں۔ مزید معلُومات کے لیے، دیکھیں 18.1۔
3.6
کہانت اور گھر
تمام کلِیسیائی اَرکان جو اپنے عہُود کی پاسداری کرتے ہیں—خواتین، مرد، اور بچّوں—کو اپنے گھروں میں خُود کو اور اپنے خاندانوں کو مضبُوط کرنے کے لیے خُدا کی کہانتی قُدرت سے نوازا گیا ہے (دیکھیں 3.5)۔ یہ قُدرت اَرکان کی اپنی ذاتی زندگیوں اور خاندانوں میں خُدا کے نجات و سرفرازی کے کام کو انجام دینے میں مدد کرے گی (دیکھیں 2.2)۔
ملکِ صدق کی کہانت کے حاملین مرد خاندانی اَرکان کو ہدایت، شِفا، اور تسلّی دینے کے لیے کہانتی برکات دے سکتے ہیں۔ جب ضرورت ہو، کلِیسیائی اَرکان دیگر رشتے داروں، خدمت گُزار بھائیوں، یا مقامی کلِیسیائی قائدین سے بھی یہ برکات حاصل کر سکتے ہیں۔