”4. کلِیسیائے یِسُوع مسِیح میں قیادت اور مشاورتی مجالِس،“ عمُومی راہ نُما کِتاب سے اِقتباسات (2023)۔
”4. کلِیسیائے یِسُوع مسِیح میں قیادت اور مشاورتی مجالِس،“ عمُومی راہ نُما کِتاب سے اِقتباسات
4.
کلِیسیائے یِسُوع مسِیح میں قیادت اور مشاورتی مجالِس
4.0
تعارف
کلِیسیا میں بَحیثیتِ قائد، آپ کو خُداوند کے مَجاز خُدّام کے ذریعے اِلہام سے بُلاہٹ دی گئی ہے۔ آپ کو آسمانی باپ کے کام میں معاونت کرنے کا شَرف حاصِل ہے کہ ”اِنسان کی لافانی اور اَبَدی زِندگی کا سبب پَیدا کریں“ (مُوسیٰ ۱:۳۹)۔
4.2
کلِیسیا میں قیادت کے اُصُول
اپنی فانی خدمت کے دوران، نجات دہندہ نے اپنی کلِیسیا کے واسطے قیادت کی مثال قائم کی۔ اپنے آسمانی باپ کی مرضی کی بَجا آوری اور دُوسروں کو اپنی اِنجِیل کو سمجھنے اور اِس پر عمل پیرا ہونے میں معاونت فرمانا اُس کا مرکزی مقصد تھا (دیکھیں یُوحنّا ۵:۳۰؛ مُضایاہ ۱۵:۷)۔
اپنی بُلاہٹ کے فرائض کو سیکھنے اور پُورا کرنے میں مدد کے لیے خُداوند کی ہدایت کے خواہاں ہوں۔
4.2.1
رُوحانی طور پر تیار ہوں
یِسُوع نے اپنے فانی مقصد کے لیے اپنے آپ کو رُوحانی طور پر تیار کِیا (دیکھیں لُوقا ۴:۱–۲)۔ اِسی طرح آپ دُعا، مطالعۂ صحائف، اور اُس کے احکام کی فرماں برداری کے ذریعے آسمانی باپ کی قُربت میں آنے سے رُوحانی طور پر تیار ہوتے ہیں۔
اُن لوگوں کی ضروریات کو سمجھنے کے لیے مُکاشفہ کے خواہاں ہوں جِن کی آپ قیادت کرتے ہیں اور اُس کام کو کیسے پُورا کرنا ہے جس کے لیے خُدا نے آپ کو بُلاہٹ دی ہے۔
خُداوند نے اُنھیں رُوحانی نعمتیں بخشنے کا وعدہ بھی کِیا ہے جو اِن کی تلاش میں رہتے ہیں (دیکھیں عقائد اور عہُود ۴۶:۸)۔
4.2.2
خُدا کی ساری اُمّت کی خِدمت کرنا
اُن لوگوں سے پیار کریں جِن کی آپ خِدمت کرتے ہیں جیسا یِسُوع نے کِیا۔ اُس کی محبّت سے معمُور ہونے کے واسطے ”دِل کی ساری قُوّت کے ساتھ“ دُعا کریں (مرونی ۷:۴۸)۔
اَفراد کی تبدیلی کو گہرا کرنے اور آسمانی باپ اور یِسُوع مسِیح پر اُن کے اِیمان کو تقویت دینے میں اُن کی معاونت کریں۔ اپنی اگلی رَسم پاتے ہُوئے عہُود باندھنے کی تیاری میں اُن کی مدد کریں۔ اُن کی حوصلہ افزائی کریں کہ وہ اپنے باندھے گئے عہُود پر قائم رہیں اور توبہ کی برکات میں حصّہ لیں۔
4.2.3
یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل سِکھانا
تمام قائدین مُعلمین بھی ہوتے ہیں۔ بطور مُعلم نجات دہندہ کی مثال کی پیروی کرنے کے خواہاں ہوں (دیکھیں باب 17؛ نجات دہندہ کے طریق پر تعلیم دینا)۔ اپنے قَول و فَعل کے ذریعے، یِسُوع مسِیح کی تعلیم اور اُس کی اِنجِیل کے اصُول سِکھائیں (دیکھیں ۳ نیفی ۱۱:۳۲–۳۳؛ عقائد اور عہُود ۴۲:۱۲–۱۴)۔
صحائف اور آخِری ایّام کے نبیوں کے کلام سے تعلیم دیں (دیکھیں عقائد اور عہُود ۵۲:۹)۔
اگر آپ کو کلِیسیائی مجلِس یا سرگرمی میں صدارت کرنے کے لیے بُلاہٹ دی گئی یا نامزدکِیا گیا ہے، تو یقینی بنائیں کہ تعلیم اصلاحی اور نظریاتی طور پر درست ہے (دیکھیں عقائد اور عہُود ۵۰:۲۱–۲۳)۔
4.2.4
راست بازی سے صدرات کرنا
ہر صدارتی عہدے دار کسی ایسے شخص کی زیرِ ہدایت خِدمت کرتا ہے جو کہانتی کُنجیوں کا حامل ہے (دیکھیں 3.4.1)۔ یہ ڈھانچہ کارِ خُداوندی کو انجام دینے کے لیے ذِمّہ داری اور جواب دہی کے واضح خطُوط فراہم کرتا ہے۔
صدارتی عہدے دار کسی دُوسرے شخص کو صدارت کرنے کی عارضی ذِمّہ داری تفویض کر سکتا ہے۔
ایک قائد جو کلِیسیائی تنظیم، مجلِس، یا سرگرمی کی صدارت کرتا ہے یقینی بناتا ہے کہ مقاصدِ خُداوندی پُورے ہوں۔ ایسا کرنے میں، قائد اِنجِیلی اصُولوں، کلِیسیائی پالیسیوں، اور رُوحُ القُدس کی ہدایت پر عمل پیرا ہوتا ہے۔
صدارت کرنے کی بُلاہٹ یا ذِمّہ داری اُس شخص کو دُوسروں کی نسبت زیادہ اہم یا قابلِ قدر نہیں بناتی (دیکھیں عقائد اور عہُود ۸۴:۱۰۹–۱۰)۔
خُداوند کی کلِیسیا میں کسی بھی تنظیم کی صدارت کرنے کی آرزو رکھنا مُناسب نہیں ہے (دیکھیں عقائد اور عہُود ۱۲۱:۳۴–۳۷)۔
4.2.5
ذِمّہ داری تفویض کرنا اور جواب دہی کو یقینی بنانا
نجات دہندہ نے اپنے شاگِردوں کو بامقصد تفویضات اور ذِمّہ داریاں سونپی ہیں (دیکھیں لُوقا ۱۰:۱)۔ اُس نے اُنھیں اُس کام کی جواب دہی کا موقع بھی دِیا جو اُنھیں کرنے کے واسطے دِیا گیا تھا ( دیکھیں لُوقا ۹:۱۰)۔
بحیثِیتِ قائد، آپ دُوسروں کو تفویضات سونپ کر اُن کی ترقی کرنے میں معاونت کر سکتے ہیں۔ تمام اَرکان کو کارِ خُدا میں شامِل کرنے کی کوشش کریں۔
ذِمّہ داریاں سونپنا آپ کی خِدمت کو مزید مؤثر بھی بنائے گا۔ اِس بارے میں رُوح کی ہدایت کے خواہاں ہوں کہ کیا سونپنا ہے تاکہ آپ اپنی اعلیٰ ترین ترجیحات پر توجّہ مرکُوز کر سکیں۔
4.2.6
دُوسروں کو قائدین اور مُعلمین بننے کے لیے تیار کرنا
جب یہ غور کرنا ہو کہ کلِیسیائی بُلاہٹوں یا ذِمّہ داریوں میں کون خِدمت کر سکتا ہے، تو دُعاگو ہوں۔ یاد رکھیں کہ خُداوند اُنھیں اہل بنائے گا جنھیں وہ بُلاہٹ دیتا ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ وہ خِدمت کرنے کے لیے آمادہ ہیں، تو وہ فروتنی سے خُداوند کی مدد کے خواہاں ہوں گے، اور اہل ہونے کی کوشش جاری رکھیں گے۔
4.2.7
واضح مقاصِد کے ساتھ مجالِس، اَسباق، اور سرگرمیوں کی منصُوبہ سازی کرنا
اَیسی مجالِس، اَسباق، اور سرگرمیوں کی منصُوبہ سازی کرنے میں رُوح کی ہدایت کے خواہاں ہوں جِن کے واضح مقاصِد ہوں۔ اِن مقاصِد کو اَفراد اور گھرانوں کو مضبُوط کرنے، اُنھیں مسِیح کے قریب لانے، اور خُدا کے نجات و سرفرازی کے کام کو پُورا کرنے میں مدد کرنی چاہیے ( دیکھیں باب 1 اور 2)۔
4.2.8
اپنی کاوشوں کی جانچ کرنا
بطورِ قائد باقاعدگی سے اپنی ذِمّہ داریوں اور رُوحانی ترقی کا جائزہ لیں۔ جِن کی آپ قیادت کرتے ہیں اُن کی ترقی پر بھی غور کریں۔
بَحیثیتِ قائد آپ کی کامیابی کا اندازہ بُنیادی طور پر خُدا کے بچّوں کو یِسُوع مسِیح کے وفادار شاگِرد بننے میں مدد دینے کے عزّم سے لگایا جاتا ہے۔ آپ جان سکتے ہیں کہ خُداوند آپ کی کاوشوں سے شاد ہے جب آپ یہ محسُوس کرتے ہیں کہ رُوح آپ کے ذریعے کام کر رہا ہے۔
4.3
کلِیسیا میں مشاورتی مجالِس
خُداوند نے اپنی کلِیسیا کے قائدین کو ہدایت دی ہے کہ وہ اُس کے کام کو انجام دینے کے واسطے باہم مشورت کریں (دیکھیں عقائد اور عہود ۴۱:۲–۳)۔ مشاورتی مجالِس اَرکانِ مجلِس کو خُدا کے بچّوں کی ضروریات کو سمجھنے اور اُن کو پورا کرنے کے بارے میں منصُوبہ سازی کرنے کے لیے مُکاشفہ حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔
4.4
مؤثر مشاورتی مجالِس کے اُصُول
4.4.1
مشاورتی مجالِس کے مقاصِد
مشاورتی مجالِس اَرکان کو رسُوم پانے اور مُتعلقہ عہُود پر قائم رہنے میں مدد دینے کے لیے خصُوصی زور دیتی ہیں۔
4.4.2
مشاورتی مجالِس کی تیاری
صدارتوں اور مشاورتی مجالِس سے باقاعدگی سے آپس میں مُلاقات کرنے کی توقع کی جاتی ہے۔ یہ قائدین مشاورتی مجالِس کی منصُوبہ سازی کرنے میں خُداوند کی ہدایت کے خواہاں ہوتے ہیں۔ وہ یہ فیصلہ کرنے کے لیے کہ کیا گُفتگُو کرنی ہے اَرکانِ مجلِس سے مشورت کے طلب گار ہوتے ہیں۔
قائدین اَرکانِ مجلِس کو پیشگی گُفتگُو کے لیے معاملات کے بارے میں بتاتے ہیں۔ اَرکانِ مجلِس اِن معاملات کے بارے میں اپنی رائے کا اِشتراک کرنے کی تیاری کرتے ہیں۔
4.4.3
گُفتگُو اور فیصلے
مشاورتی مجلِس کے دوران، قائد (یا کوئی اور جسے قائد نامزد کرتا ہے) زیرِ غور معاملے کی وضاحت کرتا ہے۔ پھر قائد تمام اَرکانِ مجلِس کو آپس میں تبادلۂ خیال کرنے، سوالات پُوچھنے اور تجاویز کے خواہاں ہونے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔
اَرکان تجاویز کا اِشتراک کرتے اور احترام سے ایک دُوسرے کو سُنتے ہیں۔ جب وہ خُداوند کی منشا کو جاننے کے خواہاں ہوتے ہیں، تو اِلہام اور اِتحاد کی رُوح غالب آ سکتی ہے۔
ایک مجلِس جس میں خواتین اور مَرد شامل ہوں، تو قائد دونوں سے آرا اور تجاویز کا خواہاں ہوتا ہے۔ خواتین اور مَرد اکثر مُختلف نقطۂ نظر رکھتے ہیں جو ضروری توازن فراہم کرتے ہیں۔
ایک قائد مشاورتی مجلِس کی گُفتگُو کی راہ نُمائی کرتا ہے۔ تاہم، اُسے بولنے سے زیادہ سُننا چاہیے۔
گُفتگُو کے بعد، قائد یا تو کوئی عملی فیصلہ کر سکتا ہے یا اِضافی معلُومات اور ہدایت پانے کی غرض سے فیصلہ مُلتوی کر سکتا ہے۔
4.4.4
اِتحاد
اَرکانِ مجلِس آسمانی باپ اور یِسُوع مسِیح کے ساتھ منشا اور مقصد میں ایک ہونے کے خواہاں ہوتے ہیں۔ وہ اپنی گُفتگُو اور فیصلوں میں مُتحد ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔
4.4.5
عمل اور جواب دہی
اَرکانِ مجلِس اپنا زیادہ تر کام مشاورتی مجلِس سے پہلے اور بعد میں انجام دیتے ہیں۔ مجالِس کے دوران، وہ فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے منصُوبوں کو فروغ دینے کے واسطے اِلہام کے خواہاں ہوتے ہیں۔ مشاورتی قائد اَرکان کو اِن منصُوبوں سے مُتعلقہ ذِمّہ داریوں کو پُورا کرنے کی دعوت دیتا ہے۔
اَرکانِ مجلِس اپنی ذِمّہ داریوں کی رپورٹ پیش کرتے ہیں۔ عمُوماً پیش رَفت کرنے کے لیے مُستقل توجّہ اور فالو اَپ ذِمّہ داریاں درکار ہوتی ہے۔
4.4.6
رازداری
قائدین مشاورتی مجلِس کے ساتھ ذاتی معلُومات کا اِشتراک کرتے ہُوئے احتیاط برتتے ہیں۔ وہ عمُوماً ایسی معلُومات کا اِشتراک کرنے کے لیے رُکن کی اِجازت طلب کرتے ہیں۔
اَرکانِ مجلِس کو مشاورتی مجلِس سے باہر ذاتی معلُومات کا اِشتراک نہیں کرنا چاہیے جب تک کہ مشاورتی قائد کی طرف سے کسی ذِمّہ داری کو پُورا کرنے کی ضرورت نہ ہو۔
بعض معاملات بہت حَساس ہوتے ہیں جو پُوری مجلِس کے سامنے نہیں لائے جاتے۔