باب ۵۰
مرونی بنی نِیفی کے عِلاقوں کی قلعہ بندی کرتا ہے—وہ کئی نئے شہر تعمیر کرتے ہیں—بنی نِیفی پر اُن کی بدکاریوں اور مکروہات کے ایّام میں جنگیں اور تباہیاں برپا ہوتی ہیں—موریعنتن اور اُس کے باغی تینعقم سے شِکست کھاتے ہیں—نیفیہاہ وفات پاتا، اور اُس کا بیٹا فحورن تختِ عدالت پر بیٹھتا ہے۔ قریباً ۷۲–۶۷ ق۔م۔
۱ اور اب اَیسا ہُوا کہ مرونی نے لامنوں کے خِلاف اپنے لوگوں کے دِفاع، یعنی جنگ کی تیاریوں کو نہ روکا، پَس اُس نے اپنی فوجوں کو حُکم دِیا کہ قضات کے عہدِ حُکُومت کے بِیسویں برس کے شُروع ہی سے سارے مُلک میں شہروں کے اِردگِرد جو اُن کی ملکیت میں تھے، زمین کھود کر مٹی کے اُونچے اُونچے ٹِیلے بنائے جائیں۔
۲ اور اُس نے مٹی کے اِن ٹیلوں کی چوٹیوں پر لکڑی کے پُشتے لگائے جانے کا حُکم دِیا، ہاں، شہروں کے چوگِرد آدمی کی اُونچائی کے برابر لکڑی کے پُشتوں کے بند باندھے۔
۳ اور اُس نے حُکم دِیا کہ پُشتوں کے بندوں کے اُوپر تیز نوک دار میخوں کا لمبا چوکٹھا پُشتوں کے گِردا گِرد لگایا جائے، اور وہ بُلند اور پُختہ تھے۔
۴ اور اُس نے حُکم دِیا کہ بُرج تعمیر کرائے جائیں تاکہ نوک دار لکڑیوں کی میخوں کے اُوپر سے دیکھا جا سکے، اور اُن بُرجوں کے اُوپر کمِین گاہیں تعمِیر کی جائیں، تاکہ بنی لامن کے پتھر اور تِیر اُنھیں گھائل نہ کر سکیں۔
۵ اور وہ تیار تھے کہ جو کوئی شہر کی دِیواروں کے نزدیک پُہنچنے کی کوشِش کرے، وہ اُوپر سے جب چاہیں قُوت کے ساتھ اُس پر پتھر مار سکیں، اور قتل کر سکیں۔
۶ یُوں مرونی نے اپنے دُشمنوں کی چڑھائی کے خِلاف سارے عِلاقہ کے اِرد گِرد ہر شہر میں قلعہ بندیاں بنا رکھی تھیِں۔
۷ اور اَیسا ہُوا کہ مرونی نے حُکم دِیا کہ اُس کی فوجیں مشرقی بِیابان کی طرف بڑھیں؛ ہاں، اور وہ آگے بڑھیں اور اُن سب لامنوں کو اُن کے اپنے عِلاقوں کو بھگا دِیا جو مشرقی بِیابان میں تھے، جو کہ ضریملہ کے عِلاقے کے جنُوب میں تھے۔
۸ اور نِیفی کا عِلاقہ مشرقی سَمُندر سے مغرب کی طرف ایک سیدھی پٹی کی مانِند پھیلا ہُوا تھا۔
۹ اور اَیسا ہُوا کہ جب مرونی نے اُن سب لامنوں کو مشرقی بِیابان سے نِکال دِیا، جو کہ بنی نِیفی کے اپنے عِلاقوں کی مُملکتوں کے شِمال کی طرف تھا، تو اُس نے ضریملہ کے عِلاقہ اور اُس کے اِرد گِرد رہنے والے اُن باشِندوں کو حُکم دِیا کہ وہ مشرقی بِیابان، حتیٰ کہ ساحل کے آس پاس کے عِلاقے تک بڑھیں اور عِلاقے کو اپنے قبضے میں لے لیں۔
۱۰ اور اُس نے اپنی مُملکتوں کی سرحدوں کے اندر جنُوب میں بھی فَوجیں تعُیّنات کرا دیں، اور اُن کو قلعہ بندیاں تعمیر کرنے کا حُکم دِیا تاکہ وہ اپنی فَوجوں اور اپنی اُمّت کو اپنے دُشمنوں کے ہاتھوں سے محفُوظ رکھ سکیں۔
۱۱ اور یُوں اُس نے مشرقی بِیابان میں، ہاں، اور مغرب میں بھی، بنی لامن کی ساری کمِین گاہوں سے اُن کو کاٹ دِیا، اُس نے بنی نِیفی اور بنی لامن کے درمیان میں مغربی سَمُندر سے دریاے صیؔدون کے سِرے کے ساتھ ساتھ ضریملہ کے عِلاقہ، اور بنی نِیفی کے مُلک کی درمیانی سرحدوں پر قلعہ بندی کی—بنی نِیفی نے اپنی خواہش کے مُطابق، سارے شِمالی عِلاقہ جات، ہاں، یعنی اُس سارے عِلاقہ پر قبضہ کِیا، جو فراوانی کے مُلک کے شِمال میں تھا۔
۱۲ یُوں مرونی نے، اپنی فَوجوں کے ساتھ، جو کہ اُس کے کاموں کی بدولت تحفظ کی یقِین دہانی کے ساتھ دِن بدِن بڑھتی جا رہی تھیں، لامنوں کا اِختیار اور اُن کی طاقت، نِیفیوں کی ملکیتی زمینوں سے ختم کرنے کی کوشِش کی، تاکہ لامنوں کا نِیفیوں کی ملکیتی زمینوں پر کوئی اِختیار نہ رہے۔
۱۳ اور اَیسا ہُوا کہ بنی نِیفی نے شہر کی بُنیاد کو رکھنا شُروع کِیا، تو اُنھوں نے شہر کا نام مرونی رکھا؛ اور یہ مشرقی سَمُندر کے پاس تھا؛ اور یہ جنُوب کی طرف بنی لامن کی مُملکتوں کی سرحد کے ساتھ واقع تھا۔
۱۴ اور اُنھوں نے مرونی کے شہر اور ہارُون کے شہر کے درمیان میں ایک شہر کی بُنیاد رکھنا شُروع کی، جو ہارُون اور مرونی کی سرحدوں کو جوڑتا ہے؛ اور اُنھوں نے اُس شہر، یعنی اُس عِلاقہ کا نام نِیفیہا رکھا۔
۱۵ اور اُنھوں نے اُسی برس شِمال میں بھی کئی شہروں کو تعمِیر کرنا شُروع کر دِیا، ایک خاص طرزِ تعمِیر کے ساتھ جِس کا نام اُنھوں نے لِحی رکھا، جو ساحلِ سَمُندر کی سرحدوں کے ساتھ شِمال میں واقع تھی۔
۱۶ اور یُوں بِیسواں برس ختم ہُوا۔
۱۷ اور نِیفی کی اُمّت پر قضات کے عہدِ حُکُومت کے اِکیسویں برس کے شُروع میں نِیفی کی قَوم آسُودہ حال تھی۔
۱۸ اور وہ بُہت زیادہ خُوش حال، اور وہ بے حد امِیر ہو گئے؛ ہاں، اور وہ پھلے پُھولے اور مُلک میں بُہت مضبُوط ہُوئے۔
۱۹ اور یُوں ہم دیکھتے ہیں کہ اپنا ہر قَول پُورا کرنے کے واسطے بنی آدم کے ساتھ خُداوند کا ہر عمل کِس قدر پُر رحم اور راست ہوتا ہے؛ ہاں، ہم دیکھ سکتے ہیں کہ اُس کی باتیں سچّی ہیں، یعنی اِس زمانہ میں بھی، جو اُس نے لِحی کو بتائی تھیں، فرمایا:
۲۰ تُو اور تیری اَولاد مُبارک ہے؛ اور وہ برکت پائے گی، جب جب وہ میرے حُکموں کو مانے گی، وہ مُلک میں آسُودہ ہو گی۔ مگر یاد رکھ، جب جب وہ میرے حُکموں کی نافرمانی کرے گی، وہ خُداوند کی حُضُوری سے کاٹ ڈالی جائے گی۔
۲۱ اور ہم دیکھتے ہیں کہ یہ وعدے بنی نِیفی کے لِیے سچّ ثابت ہُوئے ہیں؛ پَس یہ اُن کے فسادات اور اُن کے تفرقات، ہاں، اُن کی قتل و غارت، اور اُن کی لُوٹ مار، اُن کی بُت پرستی، اُن کی حرام کاریاں، اور اُن کی مکروہات ہیں، جو اُن کے ہاں موجُود تھیں، جِن کی بدولت اُن کی جنگیں اور اُن کی تباہ کاریاں اُن پر مُسلط کی گئیں۔
۲۲ اور وہ جو خُداوند کے حُکموں پر عمل کرنے میں وفادار رہے ہمیشہ چُھڑائے گئے، جب کہ اُن کے ہزاروں بدکار بھائی اَسیری میں بھیج دِیے گئے، یا تلوار سے ہلاک کِیے گئے، یا بے اعتقادی میں بھٹکنے کے لِیے چھوڑ دِیے گئے، اور لامنوں کے ساتھ مِلا دِیے گئے۔
۲۳ بلکہ دیکھو بنی نِیفی میں، نِیفی کے زمانہ سے لے کر اب تک کبھی اِس قدر پُرمُسرت دَور نہ آیا تھا، جِس قدر مرونی کے ایّام میں آیا، ہاں، یعنی اِس وقت، قضات کے عہدِ حُکُومت کے اِکیسویں برس میں۔
۲۴ اور اَیسا ہُوا کہ قضات کے عہدِ حُکُومت کا بائیسواں برس بھی اَمن میں گُزرا؛ ہاں، اور اِسی طرح تئیسواں برس بھی۔
۲۵ اور اَیسا ہُوا کہ قضات کے عہدِ حُکُومت کے چوبیسویں برس کے آغاز میں، بنی نِیفی میں بھی اَمن رہتا ہے، اگر اُن کے درمیان میں کوئی جھگڑا نہ ہُوا ہوتا جو کہ لِحی کے مُلک اور موریعنتن کے مُلک کی بابت ہُوا تھا، جو لِحی کی سرحدوں سے مِلا ہُوا تھا؛ جو کہ دونوں ساحلِ سَمُندر کی سرحد پر تھے۔
۲۶ پَس دیکھو، موریعنتن کے مُلک پر قابض لوگوں نے لِحی کے مُلک کے ایک حِصّہ پر دعویٰ کِیا؛ پَس اُن کے مابین پُر اِشتعال فسادات شُروع ہو گئے، اِس قدر کہ موریعنتن کی قَوم نے اپنے بھائیوں کے خِلاف ہتھیار اُٹھا لِیے، اور اُنھوں نے اُنھیں تلوار سے ہلاک کرنے کا تہِیہ کر لِیا۔
۲۷ بلکہ دیکھو، جو لوگ مُلکِ نِیفی کے باسی تھے مرونی کے پڑاؤ کی طرف بھاگے، اور اُس سے مدد کے لِیے درخواست کی؛ پَس دیکھو اُن کا کوئی قصُور نہ تھا۔
۲۸ اور اَیسا ہُوا کہ جب موریعنتن کی قَوم کو معلُوم ہُوا جِس کی کمان موریعنتن نامی شخص کے ہاتھ میں تھی، کہ لِحی کے باسی مرونی کے پڑاؤ کی طرف بھاگ گئے ہیں، تو وہ بُہت زیادہ خَوف زدہ ہو گئے تھے کہ کہیں اَیسا نہ ہو کہ مرونی کی فَوج اُن پر حملہ کرے اور اُنھیں ہلاک کر دے۔
۲۹ پَس، موریعنتن نے اُن کے دِل میں یہ بات ڈالی کہ وہ اُس مُلک کی طرف بھاگ جائیں جو شِمال کی جانب تھا، جو پانی کے بڑے بڑے ذخیروں سے بھرا ہُوا تھا، اور اُس عِلاقہ پر قبضہ کریں، جو شِمال کی طرف تھا۔
۳۰ اور دیکھو، وہ اِس منصوبے میں کام یاب ہو گئے ہوتے، (جو کہ اَیسی وجہ بن جاتی کہ نوحہ گری کا باعث ہوتی) اَلبتہ دیکھو، چُوں کہ موریعنتن نہایت کرخت آدمی تھا، پَس وہ اپنی لونڈیوں میں سے ایک لونڈی پر غُصّہ ہُوا، اور وہ اُس پر برس پڑا اور اُسے بُہت زیادہ مارا پِیٹا۔
۳۱ اور اَیسا ہُوا کہ وہ بھاگ کر مرونی کے پڑاؤ میں آئی، اور مرونی کو اِس مُعاملے کی بابت ٹھِیک ٹھِیک بتایا، اور شِمالی علاقوں کی طرف اُن کے فرار ہونے کے اِرادوں کی بابت بھی بتایا۔
۳۲ اب دیکھو، وہ لوگ جو فراوانی، یعنی مرونی کے مُلک میں تھے، اِس بات سے خَوف زدہ تھے کہ اُنھیں موریعنتن کے فرمانوں پر عمل کرنا پڑے گا اور اُس کی قَوم کے ساتھ اِتحاد، اور یُوں وہ مُلک کے اَیسے عِلاقوں پر قبضہ جما لے گا، جِس سے وہ بنی نِیفی کے واسطے خطرناک نتائج کی داغ بیل ڈالے گا، ہاں، اَیسی سرگرمیوں کا انجام اُن کی آزادی کو تہ و بالا کرنا ہو گا۔
۳۳ پَس مرونی نے اپنے لاؤ لشکر کے ساتھ، فَوج بھیجی، تاکہ موریعنتن کی قَوم کو روکا جائے، شِمالی عِلاقوں کی جانب اُن کی پیش قدمی روکی جائے۔
۳۴ اور اَیسا ہُوا کہ جب تک وہ ویرانی کے مُلک کی سرحدوں تک نہ پُہنچے تب تک وہ اُنھیں روک نہ پائے؛ اور تنگ دَرہ کے پاس جو سَمُندر کے بِیچوں بِیچ شِمالی عِلاقوں کی طرف جاتا ہے، وہاں اُنھوں نے اُن کو جا لِیا، ہاں، سَمُندر کے بِیچوں بِیچ، مغربی سَمُندر اور مشرقی سَمُندر کے مقام پر۔
۳۵ اور اَیسا ہُوا کہ وہ فَوج جو مرونی نے بھیجی تھی، جِس کی کمان تیعنقم نامی شخص کے ہاتھ میں تھی، موریعنتن کے لوگوں سے مُقابلہ کِیا؛ اور موریعنتن کی قَوم اِنتہائی خُود سر تھی (وہ اُس کی مکّاری اور اُس چِکنی چُپڑی باتوں کے زیرِ اثر تھی) کہ اُن میں جنگ کا آغاز ہو گیا، جِس میں تیعنقم نے موریعنتن کو قتل کر دِیا اور اُس کی فَوج کو شِکست دی، اور اُنھیں قیدی بنا لِیا، اور مرونی کے پڑاؤ کی طرف لوٹ آئے۔ اور یُوں بنی نِیفی پر قضات کے عہدِ حُکُومت کا چوبیسواں برس ختم ہُوا۔
۳۶ اور یُوں موریعنتن کی قَوم واپس لائی گئی۔ اور اَمن و سلامتی کے قیام کا عہد کرنے کے بعد اُنھیں موریعنتن کے مُلک میں دوبارہ بَسا دِیا گیا، اور اُن کے اور لِحی کے باسِیوں کے درمیان میں اِتحاد و یگانگت پَیدا ہُوئی؛ اور اُنھیں بھی اُن کے عِلاقوں میں دوبارہ بَسایا گیا۔
۳۷ اور اَیسا ہُوا کہ اُسی برس بنی نِیفی نے اپنے لِیے اَمن بحال کِیا، اور قاضیِ اعلیٰ ثانی، نِیفیہا نے خُدا کے حُضُور کامِل راستی کے ساتھ تختِ عدالت کی ذِمہ داری پُوری کرتے ہُوئے وفات پائی۔
۳۸ تو بھی، اُس نے اُن نوِشتوں اور اُن چیزوں کو ایلما سے لینے سے اِنکار کر دِیا تھا، جِنھیں ایلما اور اُس کے باپ دادا نہایت مُقّدس مانتے تھے، پَس ایلما نے اُنھیں اپنے بیٹے ہیلیمن کے سُپرد کر دِیا تھا۔
۳۹ دیکھو، اَیسا ہُوا کہ نِیفیہا کا بیٹا، اپنے باپ کی جگہ تختِ عدالت پر بیٹھنے کے لِیے مُقرّر کِیا گیا؛ ہاں، اُسے مُقّدس رسم کے ذریعے سے اور حلف بندی کے ساتھ راستی سے عدالت کرنے کے لِیے لوگوں پر اعلیٰ قاضی اور حاکم مُقرّر کِیا گیا، کہ وہ لوگوں کی سلامتی اور آزادی کو قائم رکھے، اور اُنھیں اپنے خُداوند کی عِبادت کرنے کا مُقّدس حق فراہم کرے، ہاں، کہ وہ ساری عُمر خُدا کے اِرادوں کو پُورا کرے اور قائم رکھے، اور شرِیروں کو اُن کے جُرم کے موافق اِنصاف کر کے سزا دے۔
۴۰ اب دیکھو، اُس کا نام فحورن تھا۔ اور فحورن اپنے باپ کا جانشِین تھا، اور بنی نِیفی پر چوبیسویں برس کے آخِر میں اپنی حُکُومت کا آغاز کِیا۔