مجلسِ عامہ
اُس میں کامل بنو
مجلسِ عامہ اکتوبر ۲۰۲۲


10:54

اُس میں کامل بنو

ہماری کاملیت صرف خُدا کے فضل کے وسیلے سے ہی مُمکن ہے۔

ہمارا آسمانی باپ اور ہمارا نجات دہندہ، یِسُوع مسِیح، ہمیں بچانے اور ہمیں تبدیل کرنے کی قُدرت رکھتے ہیں۔ وہ ہماری ویسا بننے میں مدد کر سکتے ہیں جیسے وہ ہیں۔

چند سال پہلے، ہمارے ایک نوجوان پوتے، ایرن کو، صحت کے مسائل ہونا شروع ہوگئے۔ وہ تھکاوٹ کا شکار ہوگیا، کافی زیادہ خراشیں آگئیں، اور صحت مند نہیں لگ رہا تھا۔ طبی جانچ کے بعد، اُسے شدید سرطان کی تشخیص ہُوئی، ایک بیماری جس میں اُس کی ہڈیوں کے گُودے نے خون کے سُرخ خلیات، سفید خُون کے خلیات، اور پلیٹلیٹس بنانا بند کر دِیے تھے۔ علاج اور حتمی معالجے کے بغیر، اُس کا خون ٹھیک طرح سے جمنے یا انفیکشن سے نہیں لڑ سکتا تھا، حتیٰ کہ معمولی گِرنا، زخم، یا بیماریاں فوری طور پر جان لیوا بن سکتی تھیں۔

کچھ عرصے تک، ایرن کو خطرے سے دُور رکھنے کے لیے اُسے باقاعدہ پلیٹلیٹ اور خُون کی مُنتقلی ہوتی رہی۔ ڈاکٹروں نے وضاحت کی کہ اِس بیماری کا واحد علاج بون میرو ٹرانسپلانٹ ہے، اور کامیابی کا بہترین موقع یہ ہوگا کہ عطیہ دینے والا کوئی ایک بہن بھائی بنے۔ اگر اُس کے بہن بھائیوں میں سے کوئی ایک مثالی میچ ہو جائے، تو ٹرانسپلانٹ کا نتیجہ جان بچانے والا ہو سکتا تھا۔ اُس کے چار چھوٹے بھائیوں کا ٹیسٹ کِیا گیا، اور ایک، میکسویل کو بہترین میچ سمجھا گیا۔

حتیٰ کہ ایک مُکمل عطیہ میچ کے باوجود، ایک بون میرو ٹرانسپلانٹ میں پھر بھی پیچیدگیوں کا سنگین خطرہ لاحق ہوتا ہے۔ اِس عمل کے لیے ضروری تھا کہ ایرن اپنے بھائی میکسویل کے بون میرو سے اسٹیم خلیات حاصل کرنے سے قبل اُس کے بیماری زدہ بون میرو میں موجود خلیے کیمو تھراپی اور تابکاری کے ملاپ سے تباہ کیے جائیں۔ پھر ایرن کے سمجھوتہ کیے گئے مدافعتی نظام کی وجہ سے، اُسے کئی ہفتوں تک ہسپتال میں اور پھر کئی ماہ تک خصوصی پروٹوکول، پابندیوں، اور ادویات کے ساتھ گھر میں الگ تھلگ رہنے کی ضرورت تھی۔

ٹرانسپلانٹ سے متوقع نتیجہ یہ تھا کہ ایرن کا جسم عطیہ کردہ خلیات کو رَد نہیں کرے گا اور میکسویل کے خلیات آہستہ آہستہ ایرن کے جسم میں ضروری سُرخ اور سفید خُون کے خلیات اور پلیٹلیٹس پیدا کریں گے۔ ایک کامیاب عطیہ کردہ ٹرانسپلانٹ بہت ہی حقیقی جسمانی تبدیلی کا سبب بنتا ہے۔ حیرت انگیز طور پر، ایک ڈاکٹر نے وضاحت کی کہ اگر ایرن کوئی جُرم کرے اور جائے وقوعہ پر اپنا خُون چھوڑ جائے، تو پولیس اُس کے بھائی میکسویل کو گرفتار کر سکتی ہے۔ اِس کی وجہ یہ ہے کہ ایرن کا خون میکسویل کے ٹرانسپلانٹ شُدہ خلیات سے آئے گا اور اُس میں میکسویل کا ڈی این اے ہو گا، اور یہ اُس کی باقی ماندہ زِندگی کا معاملہ رہے گا۔

اپنے بھائی کے خون سے بچائے جانے والے ایرن نے یِسُوع مسِیح کے کفّارہ بخش خُون اور ہم پر اُس کے کفّارے کے اثر کے بارے میں بہت سے خیالات کو جنم دِیا ہے۔ مَیں آج اُس مُستقل، زِندگی بخش تبدیلی پر توجّہ مرکوز کرنا چاہوں گا جو تب رُونما ہوتی ہے جب ہم خُداوند کو اپنے اندر معجزات کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔۱

ایرن اپنے آپ میں اُس بیماری پر غالب آنے کی قُدرت نہیں رکھتا تھا۔ اُس کا جسم اپنی زِندگی کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری خُون کے خلیات نہیں بنا سکتا تھا۔ اِس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ اُس نے ذاتی طور پر کیا کِیا، وہ اپنے بون میرو کو شفا نہیں دے سکتا تھا۔ جس طرح ایرن اپنے آپ کو ٹھیک نہیں کر سکتا تھا، ہم بھی خُود کو نہیں بچا سکتے۔ چاہے ہم کتنے ہی قابل، تعلیم یافتہ، شاندار، یا مضبُوط کیوں نہ ہوں، ہم خُود کو اپنے گناہوں سے پاک صاف، اپنے جسموں کو لافانی حالت میں تبدیل، یا خُود کو سرفراز نہیں کر سکتے۔ یہ صرف نجات دہندہ یِسُوع مسِیح اور اُس کے لامحدود کفّارے کے ذریعے ہی مُمکن ہے۔ ”آسمان تلے کوئی دُوسرا راستہ نہیں نہ ہی آدمیوں کو کوئی دُوسرا نام بخشا گیا جس کے وسیلے سے آدمی خُدا کی بادشاہی میں نجات پا سکے۔“۲ یہ اُس کا کفّارہ بخش خُون ہے جو ہمیں پاک کرتا اور تقدیس کرتا ہے۔۳

اگرچہ ایرن خُود کو شفا نہیں دے سکتا تھا، مگر ٹرانسپلانٹ کو کام کرنے کے لئے اُسے وہ کرنے کے لئے تیار ہونے کی ضرورت تھی جو ڈاکٹروں نے کرنے کو کہا تھا—حتیٰ کہ بہت مشکل، کٹھن چیزوں کو بھی۔ اگرچہ ہم اپنے آپ کو نہیں بچا سکتے، جب ہم خُداوند کی مرضی کو تسلیم کرتے اور اپنے عہُود پر عمل پیرا رہتے ہیں، تو ہماری مُخلصی کا راستہ کُھلا ہے۔۴ ایرن کے خُون کے خلیات کے عین ڈی این اے کی تبدیلی کے قابلِ ذکر عمل کی مانند، ہم اپنے دِلوں کو بدل سکتے ہیں،۵ اپنے چہروں پر اُس کی شبیہہ رکھ سکتے ہیں،۶ اور مسِیح میں نئے مخلوق بن سکتے ہیں۔۷

ایلما نے ضریملا کے لوگوں کو پچھلی نسل کی یاد دِلائی جو رُجوع لا چکی تھی۔ اپنے باپ کے بارے میں بات کرتے ہُوئے، ایلما نے وضاحت کی کہ ”اُس کے ایمان کے مطابق اُس کے دِل میں ایک بڑی تبدیلی رُونما ہُوئی تھی۔“۸ پھر اُس نے پوچھا، ”کیا تُمھیں اِس بڑی تبدیلی کا اپنے دِلوں میں تجّربہ ہُوا ہے؟“۹ یہ وہ لوگ نہیں تھے جنھوں نے اپنے دِل بدلے۔ حقیقی تبدیلی خُداوند نے انجام دی۔ ایلما اِس کے بارے میں بہت واضح تھا۔ اُس نے کہا، ”دیکھو ، اُس نے اُن کے دِل بدل دِیے۔“۱۰ اُنھوں نے ”خُود کو فروتن کِیا اور سچّے اور زِندہ خُدا پر بھروسا کِیا … [ اور ] آخر تک وفادار رہے … [ اور ] بچائے گئے تھے۔“۱۱ لوگ اپنے دِل کھولنے اور ایمان کی مشق کرنے پر رضامند تھے، اور پھر خُداوند نے اُن کے دِل بدل دِیے۔ اور یہ کیسی بڑی تبدیلی تھی! اور اُن کے دِل بدلنے سے پہلے اور بعد میں ایلما نامی اُن دو آدمیوں کی زندگیوں میں فرق کے بارے میں سوچیں۔۱۲

ہم خُدا کے بچّے ہیں جو عظم الشان تقدیر کے حامل ہیں۔ ہم اُس کی مانند بننے اور ”خُوشی کی معموری“ پانے کے لیے تبدیل ہو سکتے ہیں۔۱۳ دُوسری طرف، شیطان، چاہتا ہے کہ جیسے وہ دُکھی ہے ہم بھی ویسے ہی ہوں۔۱۴ ہمارے پاس یہ صلاحیت ہے کہ ہم انتخاب کریں کہ ہم کس کی پیروی کریں۔۱۵ جب ہم شیطان کی پیروی کرتے ہیں، تو ہم اُسے قٗوت دے دیتے ہیں۔۱۶ جب ہم خُدا کی پیروی کرتے ہیں، تو وہ ہمیں قُوت بخشتا ہے۔

نجات دہندہ نے سِکھایا کہ ہمیں ”کامل بننا چاہیے۔“۱۷ یہ بہت مشکل لگ سکتا ہے۔ مَیں واضح طور پر اپنی ذاتی کوتاہیوں کو دیکھ سکتا ہوں اور اپنے اور کاملیت کے درمیان فاصلے سے بخوبی آگاہ ہوں۔ ہم میں یہ سوچنے کا رُجحان ہو سکتا ہے کہ ہمیں خُود کو کامل کرنا ہے، مگر ایسا مُمکن نہیں ہے۔ دُنیا کی ہر ذاتی معاون کتاب کی ہر تجویز پر عمل کرنے سے بھی یہ نہیں ہو گا۔ صرف ایک ہی راستہ اور ایک ہی نام ہے جس سے کاملیت حاصل ہو سکتی ہے۔ ہم ”نئے عہد کے ثالث یِسُوع کے وسیلے سے کامل کیے گئے ہیں، جس نے اِس کامل کفّارے کو اپنے خُون کے بہائے جانے کے وسیلے سے مُکمل کِیا ہے۔“۱۸ ہماری کاملیت صرف خُدا کے فضل کے وسیلے سے ہی مُمکن ہے۔

کیا آپ تصور کرسکتے ہیں کہ ہمارے نوجوان پوتے ایرن کے لیے یہ فرض کرنا کتنا مشکل ہو گا کہ اُسے اپنے ٹرانسپلانٹ سے وابستہ تمام طبی طریقۂ کار کو خُود سمجھنا اور انجام دینا ہے؟ ہمیں یہ فرض نہیں کرنا چاہیے کہ ہمیں وہ کام کرنے کی ضرورت ہے جو ہماری کاملیت کے معجزانہ عمل میں صرف نجات دہندہ ہی کر سکتا ہے۔

جب مرونی نے اپنا ریکارڈ مُکمل کِیا، تو اُس نے سِکھایا: ”ہاں، مسِیح کی طرف رُجوع لاؤ ، اور اُس میں کامل بنو، … اور اگر تُم ہر طرح کی بے دینی سے خُود کا انکار کرو گے، اور خُدا کو اپنی ساری قُوت، عقل اور طاقت سے پیار کرو، تب اُس کا فضل تمہارے لیے کافی ہوگا، تاکہ اُس کے فضل کے وسیلے تُم مسِیح میں کامل بنو“۱۹ یہ کیسی تسلی بخش اور قوی سچائی ہے! اُس کا فضل میرے لیے کافی ہے۔ اُس کا فضل آپ کے لیے کافی ہے۔ اُس کا فضل اُن سب کے لیے کافی ہے جو ”محنت اُٹھاتے اور بوجھ سے دبے ہیں۔“۲۰

ایرن جیسے طبی علاج کے ساتھ، ہمیشہ نتائج کی کچھ غیر یقینی صورتِ حال موجود رہتی ہے۔ دَرحقیقت، ایرن کو دُوسرے ٹرانسپلانٹ کی ضرورت تھی جب پہلی میں پیچیدگیاں تھیں۔ شُکر ہے، دِل کی رُوحانی تبدیلی کے ساتھ، ہمیں یہ تعجب کرنے کی ضرورت نہیں ہے کہ آیا ایسا ہو گا۔ جب ہم اُس کی مرضی کے مطابق زِندگی گزارتے ہیں، ”پورے طور سے اُس کی نیکیوں پر توکل کرتے جو بچانے کی قُدرت رکھتا ہے،“۲۱ تو نجات دہندہ کے خُون سے پاک ہونے اور آخر کار اُس میں کامل ہونے کی ۱۰۰ فی صد ضمانت ہے۔ وہ ”سچائی کا خُدا ہے، اور جھوٹ نہیں بول [سکتا] ہے۔“۲۲

اِس میں کوئی شک نہیں کہ تبدیلی کے اِس عمل میں وقت لگتا ہے اور اِس زِندگی کے بعد تک مُکمل نہیں ہو گی، مگر وعدہ یقینی ہے۔ جب خُدا کے وعدوں کی تکمیل بہت دُور دکھائی دیتی ہے، ہم پھر بھی اُن وعدوں کو قبول کرتے ہیں، یہ جانتے ہُوئے کہ وہ پورے ہوں گے۔۲۳

ایرن کی صحت میں معجزانہ تبدیلی ہمارے خاندان کے لئے بڑی خُوشی لائی ہے۔ آسمان میں عظیم خُوشی کا تصور کریں جب ہماری جانوں میں بڑی تبدیلیاں رُونما ہوتی ہیں۔

ہمارا آسمانی باپ اور ہمارا نجات دہندہ، یِسُوع مسِیح، ہم سے پیار کرتے ہیں اور ہمیں تبدیل کرنے اور کامل کرنے کے لیے بڑی شفقت سے پیشکش کرتے ہیں۔ وہ یہ کرنا چاہتے ہیں۔ یہ اُن کے کام اور جلال کا مرکز ہے۔۲۴ مَیں گواہی دیتا ہوں کہ جب ہم ایمان کے ساتھ اُن کے پاس آتے ہیں تو وہ ایسا کرنے کی قُدرت رکھتے ہیں۔ یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔