باب ۱۴
فرِشتہ نِیفی کو غیر قَوموں پر نازل ہونے والی نعمتوں اور لعنتوں کے بارے میں بتاتا ہے—صِرف دو کلِیسیائیں ہیں: خُدا کے برّہ کی کلِیسیا اور اِبلِیس کی کلِیسیا—بڑی اور مکروُہ کلِیسیا تمام قَوموں میں خُدا کے مُقدّسین کو ستاتی ہے—یوحنا رُسول دُنیا کے انجام کے مُتعلق لِکھے گا۔ قریباً ۶۰۰–۵۹۲ ق۔م۔
۱ اور اَیسا ہو گا کہ اگر غیر قومیں خُدا کے برّہ کی اُس دِن سُنیں گی جب وہ فی الحقیقت، کلام سے، اور قُدرت کے ساتھ بھی، اُن کے ٹھوکر کھانے کے پتھروں کو ہٹانے کے لِیے اپنے تئیں ظاہر کرے گا—
۲ اور اپنے دِلوں کو خُدا کے برّہ کے خِلاف سخت نہ کر کے وہ تیرے باپ کی نسل میں شُمار کِیے جائیں گے؛ ہاں، وہ اِسرائیل کے گھرانے میں شُمار ہوں گے؛ اور وہ موعودہ سر زمِین میں ہمیشہ تک مُبارک ہوں گے؛ اور پھر وہ کبھی اسِیری میں نہ لائے جائیں گے؛ اور اِسرائیل کا گھرانا پھر کبھی رُسوا نہ ہو گا۔
۳ اور اُن کے لِیے اَیسا گہرا گڑھا اُس بڑی اور مکروُہ کلِیسیا نے کھودا تھا، جِس کا بانی اِبلِیس اور اُس کے بچّے ہیں، تاکہ وہ آدمیوں کی رُوحوں کو جہنم کی طرف کھینچ لے جائیں—ہاں، اَیسا گہرا گڑھا جو آدمیوں کی ہلاکت کے لِیے کھودا گیا تھا اُنھی سے بھر دِیا جائے گا جِنھوں نے اُسے کھودا، سراسر اُن کی اپنی ہی بربادی کے واسطے، خُدا کا برّہ فرماتا ہے؛ جان کی ہلاکت کے لِیے نہیں، سِوا اِس کے کہ اِسے اُس جہنم میں پھینک دِیا جائے جِس کی اِنتہا نہیں۔
۴ پَس دیکھ، یہ اِبلِیس کی اسِیری کے مُوافِق ہے، اور خُدا کے اِنصاف کے مُطابق بھی، اُن سب کے لِیے ہے جو اُس کے حُضُور بدی اور مکروُہ کام کریں گے۔
۵ اور اَیسا ہُوا کہ فرِشتہ نے مُجھ نِیفی سے کلام کرتے ہُوئے فرمایا: تُو دیکھ چُکا ہے کہ اگر غیر قومیں تَوبہ کرتی ہیں تو وہ مُبارک اور سعادت مند ہوں گی؛ اور تُو اِسرائیل کے گھرانے کے واسطے خُداوند کے عہُود کی بابت بھی جانتا ہےاور تُو یہ بھی سُن چُکا ہے کہ جو کوئی تَوبہ نہیں کرتا یقِیناً ہلاک ہوتا ہے۔
۶ پَس، اگر اَیسا ہو کہ غیر قومیں خُدا کے برّہ کے خِلاف اپنے دِلوں کو سخت کریں تو اُن پر اَفسوس۔
۷ پَس خُدا کا برّہ فرماتا ہے وقت آتا ہے، کہ مَیں بنی آدم کے درمیان اَرفع اور نِرالا کام کروُں گا؛ اَیسا کام جو کہ اَبَدی ہو گا، یا تو ایک طرف یا پھر دُوسری طرف—یا اَبَدی زِندگی اور سلامتی کے لِیے اُن کی ترغیب، یا اُنھیں اُن کی اپنے دِل کی سنگینی اور اُن کی اپنی عقل کی تِیرگی کے حوالے کرنا تاکہ اُن کو اسِیری میں لایا جائے، اور بربادی میں بھی، دُنیاوی اور رُوحانی دونوں، اِبلِیس کی اسِیری کے مُطابق، جِس کا ذِکر میں کر چُکا ہُوں۔
۸ اور اَیسا ہُوا کہ جب فرِشتہ مُجھ سے یہ باتیں کر چُکا تو اُس نے مُجھے کہا کیا تُجھے اِسرائیل کے گھرانے کے ساتھ آسمانی باپ کے عہوُد یاد ہیں؟ مَیں نے جواب دِیا کہ ہاں۔
۹ اور اَیسا ہُوا کہ اُس نے مُجھ سے کہا: نظر کر، اور دیکھ بڑی اور مکروُہ کلِیسیا، جو مکروُہات کی ماں ہے، جِس کا بانی اِبلِیس ہے۔
۱۰ اور اُس نے مُجھ سے کہا: دیکھ صِرف دو کلِیسیائیں ہیں؛ ایک خُدا کے برّہ کی کلِیسیا، اور دُوسری اِبلِیس کی کلِیسیا ہے؛ پَس، جِس کسی کا تعلق خُدا کے برّہ کی کلِیسیا سے نہیں اُس کا تعلق اُس بڑی کلِیسیا سے ہے، جو مکروُہات کی ماں ہے؛ اور وہ ساری دُنیا کی کسبی ہے۔
۱۱ اور اَیسا ہُوا کہ مَیں نے نظر کی اور ساری دُنیا کی کسبی کو دیکھا، جو بڑے پانیوں پر بیٹھی تھی؛ اور ساری دُنیا پر، سب قَوموں، قبیلوں، زُبانوں اور اُمّتوں پر اُس کی بادِشاہت تھی۔
۱۲ اور اَیسا ہُوا کہ مَیں نے خُدا کے برّہ کی کلِیسیا دیکھی، اور اُس کی تعداد بڑے پانیوں پر بیٹھی کسبی کی بدی اور مکروُہات کی وجہ سے محدود تھی؛ اس کے باوجود، مَیں نے برّہ کی کلِیسیا کو دیکھا، جو کہ خُدا کے مُقدسین ہیں، جو تمام رُویِ زمِین پر تھے؛ اور اُن کی بادِشاہتیں محدُود تھیں، اُس بڑی کسبی کی بدکاری کے سبب سے جِس کو مَیں نے دیکھا تھا۔
۱۳ اور اَیسا ہُوا کہ مَیں نے مکروُہات کی بڑی ماں کو رُویِ زمِین پر ہجوموں میں غیر قَوموں کی تمام قَوموں کے درمیان میں خُدا کے برّہ کے خِلاف لڑائی کے لِیے اکٹھے ہوتے دیکھا۔
۱۴ اور اَیسا ہُوا کہ مُجھ نِیفی نے خُدا کے برّہ کی قُدرت دیکھی، جو کہ خُدا کے برّہ کی کلِیسیا کے مُقدّسین، اور رُویِ زمِین پر پھیلے ہُوئے خُداوند کے موعودہ لوگوں پر نازِل ہُوئی، جو تمام رُویِ زمِین پر پھیلے تھے؛ اور وہ راست بازی اور خُدا کی قُدرت کے بڑے جلال سے لیس تھے۔
۱۵ اور اَیسا ہُوا کہ مَیں نے دیکھا کہ خُدا کا غضب بڑی اور مکروُہ کلِیسیا پر اُنڈیلا گیا، اِتنا زیادہ کہ زمِین کی تمام قَوموں اور قبیلوں میں جنگوں کی اَفواہیں پھیل گئیں۔
۱۶ اور جب مکروہات کی ماں سے تعلُق رکھنے والی قَوموں میں جنگوں کی اَفواہیں اور جنگیں پھیلیں، تو فرِشتہ یہ کہتے ہُوئے مُجھ سے ہم کلام ہُوا: دیکھ، کسبّیوں کی ماں پر خُدا کا غضب ہے؛ اور دیکھ، یہ ساری چیزیں جو تُو دیکھتا ہے۔
۱۷ اور جب وہ دِن آئے گا جب خُدا کا غضب کسبیوں کی ماں پر اُنڈیلا جائے گا جو ساری زمِین پر بڑی اور مکروُہ کلِیسیا ہے، اور جِس کا بانی اِبلِیس ہے، تب اُس دِن اُن عہُود کے پُورا ہونے کے لِیے، راہ کی تیاری کرنے کے لِیے، باپ کے کام کی اِبتدا ہو گی، جو اُس نے اِسرائیل کے گھرانے کے لوگوں سے کِیے۔
۱۸ اور اَیسا ہُوا کہ فرِشتہ یہ کہہ کر مُجھ سے مُخاطب ہُوا کہ دیکھ!
۱۹ اور مَیں نے نظر کی اور ایک مرد کو سفید جامہ پہنے دیکھا۔
۲۰ اور فرِشتہ نے مُجھ سے کہا کہ دیکھ! یہ برّہ کے بارہ رسُولوں میں سے ایک ہے۔
۲۱ دیکھ، وہ اِن باقی ماندہ باتوں کو دیکھے گا اور قلم بند کرے گا؛ ہاں، اور بُہت سی باتوں کو بھی جو بِیت چُکی ہیں۔
۲۲ اور وہ دُنیا کی آخِرت کی بابت بھی لِکھے گا۔
۲۳ سو جو باتیں وہ لِکھے گا راست اور واجب ہوں گی؛ اور دیکھ وہ اس کِتاب میں لِکھی گئی ہیں جنھیں تُو نے اُس یہُودی کے مُنہ سے نِکلتے ہُوئے دیکھیں؛ اور عین اُس وقت وہ اُس یہُودی کے مُنہ سے نِکلیں، یعنی، عین اُس وقت اُس یہُودی کے مُنہ سے کِتاب جاری ہُوئی، جو باتیں لِکھی گئیں صریح اور اَصل تھیں، اور سب سے زیادہ بیش قیمت اور کُل بنی نوع اِنسان کے فہم کے لِیے آسان۔
۲۴ اور دیکھ، برّہ کا یہ رُسُول بُہت سی وہ باتیں لِکھے گا جو تُو دیکھ چُکا ہے؛ اور دیکھ، باقی بھی تُو دیکھے گا۔
۲۵ بلکہ جو باتیں تُو اس کے بعد دیکھے گا تُو اُن کو مت لِکھنا؛ کیوں کہ خُداوند خُدا نے برّہ کے رُسُول کو مُقرّر کر دِیا ہے کہ وہ اُن باتوں کو لِکھے۔
۲۶ اور اَوروں کو بھی جو گُزر چُکے ہیں، اُن کو ساری باتیں وہ دِکھا چُکا ہے، اور وہ اُنھیں لِکھ چُکے ہیں؛ اور خُداوند کے اپنے مُقرّرہ وقت پر، اُس سچّائی کے مُوافِق جو برّہ میں ہے، اِسرائیل کے گھرانے کے واسطے، اَصلی حالت میں سامنے لانے کے لِیے اُنھیں مُہر بند کِیا گیا ہے۔
۲۷ اور مَیں نِیفی نے سُنا اور گواہی دیتا ہُوں کہ فرِشتہ کے فرمان کے مُطابق برّہ کے رُسول کا نام یُوحنا تھا۔
۲۸ اور دیکھو، مُجھ نِیفی کو اُن باقی کی باتوں کو لِکھنے سے منع کِیا گیا ہے جو مَیں نے دیکھیں اور سُنیں؛ پَس جو باتیں مَیں لِکھ چُکا ہُوں میرے لِیے کافی ہیں؛ اور مَیں نے اُن باتوں کا صِرف تھوڑا سا حِصّہ لِکھا ہے جو مَیں نے دیکھیں۔
۲۹ اور مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ مَیں نے وہ باتیں دیکھیں جو میرے باپ نے دیکھیں اور خُداوند کے فرِشتہ نے اُن باتوں کو مُجھ پر ظاہر کِیا۔
۳۰ اور اب مَیں اُن باتوں کی بابت اپنا بیان ختم کرتا ہُوں جِن کو مَیں نے دیکھا جب مَیں رُوح میں اُٹھایا گیا؛ اور اگرچہ وہ ساری باتیں جو مَیں نے دیکھیں لِکھی نہیں گئیں لیکن وہ باتیں جو مَیں نے لِکھی ہیں برحق ہیں۔ اور اَیسا ہی ہے۔ آمین۔