صحائف
۱ نِیفی ۶


باب ۶

نِیفی خُدا کی باتیں لِکھتا ہے—نِیفی کا اِرادہ، آدمیوں کو راغب کرنا ہے کہ اَبرہام کے خُدا کے پاس آئیں اور نجات پائیں۔ قریباً ۶۰۰–۵۹۲ ق۔م۔

۱ اور اب مَیں نِیفی، اپنی سرگُزشت کے اِس حِصّے میں اپنے باپ دادا کا نَسب نامہ بیان نہیں کرتا؛ نہ کسی اور وقت اِن اَوراق پر بیان کروُں گا، جو مَیں لِکھ رہا ہُوں، کیوں کہ یہ اُس سرگُزشت میں موجود ہے جو میرے باپ نے لِکھی ہے، پَس مَیں اِسے اِس نوشتے میں قلم بند نہیں کرتا۔

۲ پَس میرے لِیے اِتنا کہنا کافی ہے کہ ہم یُوسُف کی نسل سے ہیں۔

۳ اور یہ مُجھے لا حاصل لگتا ہے کہ مَیں اپنے باپ کی ساری باتوں کا مُکَمَّل حال خاص طور پر بیان کروُں، چُوں کہ وہ اِن اَوراق پر نہیں لِکھے جا سکتے، پَس مَیں چاہتا ہُوں کہ خُدا کی باتیں لِکھنے کے واسطے جگہ ہو۔

۴ چُوں کہ میرا بھرپُور اِرادہ یہ ہے کہ مَیں آدمیوں کو راغب کروُں کہ وہ اَبرہام کے خُدا، اور اِضحاق کے خُدا، اور یعقُوب کے خُدا، کی طرف آئیں اور نجات پائیں۔

۵ پَس وہ باتیں مَیں نہیں لِکھتا جو دُنیا کو پسند ہیں، بلکہ وہ باتیں لِکھتا ہُوں، جو خُدا کو پسند ہیں اور اُن کے واسطے جو دُنیا کے نہیں ہیں۔

۶ پَس مَیں اپنی نسل کو حُکم دُوں گا، کہ وہ اِن اَوراق کو اُن باتوں سے نہ بھریں، جو بنی آدم کے لِیے ضرُوری نہیں ہیں۔

شائع کرنا