صحائف
۱ نِیفی ۲۲


باب ۲۲

اِسرائیل تمام رُویِ زمِین پر پراگندہ ہو گا—آخِری ایّام میں غیر قومیں اِسرائیل کی اِنجِیل کی تعلِیم سے پرورش کریں گی—اِسرائیل جمع ہو گا اور نجات پائے گا، اور بد کار بھُوسے کی مانِند جلیں گے—اِبلِیس کی بادِشاہی تباہ و برباد ہو گی اور شیطان باندھ دِیا جائے گا۔ قریباً ۵۸۸–۵۷۰ ق۔م۔

۱ اور اب اَیسا ہُوا کہ اِن باتوں کو پڑھنے کے بعد جو پیتل کے اَوراق پر کُندہ ہیں، میرے بھائی پاس آ کر کہنے لگے: اِن باتوں کے کیا معنی ہیں جو تُو نے پڑھی ہیں؟ دیکھ، کیا اِن باتوں کو رُوحانی اعتبار سے سمجھیں، جو رُوح کے مُطابق وقوع پذیر ہوں گی ناکہ بشری؟

۲ اور مُجھ، نِیفی، نے اُن سے کہا: دیکھو وہ باتیں نوائے رُوح کے وسِیلے سے اِس نبی پر نازِل ہُوئیں؛ پَس رُوح کے وسِیلے سے ساری باتیں نبِیوں پر ظاہر کی جاتی ہیں جو بشریت میں بنی آدم پر ظُہُور پذیر ہوں گی۔

۳ پَس، جِن باتوں کو مَیں نے پڑھا ہے وہ باتیں رُوحانی اور دُنیاوی دونوں باتوں سے مربُوط ہیں؛ کیوں کہ اَیسا لگتا ہےکہ اِسرائیل کا گھرانا، جلد یا بہ دیر، تمام رُویِ زمِین میں، اور تمام قَوموں میں بھی پراگندہ ہوگا۔

۴ اور دیکھو، بُہتیرے پہلے ہی اہلِ یروشلِیم کے عِلم سے ناواقف ہو گئے ہیں۔ ہاں، سارے قبیلوں کا بیشتر حِصّہ گُم راہ کر دِیا گیا ہے؛ اور وہ سَمُندر کے جزیروں پر اِدھر اُدھر پراگندہ کِیے گئے ہیں؛ اور وہ کہاں ہیں ہم میں سے کوئی نہیں جانتا، بس اِتنا جانتے ہیں کہ وہ پراگندہ کِیے گئے ہیں۔

۵ اور چُوں کہ وہ گُم راہ ہو چُکے ہیں، اُن کے بارے میں اِن باتوں کی نبُوّت کی جا چُکی ہے، اور اُن کی بابت بھی جو اِس کے بعد تِتر بِتر اور پراگندہ ہوں گے، اِسرائیل کے قُدُّوس کے باعث؛ کیوں کہ وہ اِس کے خِلاف اپنے دِل سخت کریں گے؛ پَس، وہ تمام قَوموں کے درمیان میں پراگندہ ہوں گے، اور کُل اِنسان اُن سے نفرت کریں گے۔

۶ تاہم، غیر قَوموں سے پرورش پانے، خُداوند کا غیر قَوموں پر اپنا ہاتھ بُلند کرنے اور اپنا جھنڈا کھڑا کرنے، اور اُن کے بیٹوں کو اپنے بازوؤں میں اُٹھا کر لانے اور اُن کی بیٹیوں کو اپنے کندھوں پر بٹھا کر پُہنچانے کے بعد، دیکھو جو باتیں کہی گئیں دُنیاوی ہیں؛ پَس یُوں خُداوند کے عہُود ہمارے باپ دادا کے ساتھ ہیں؛ اور آنےوالے دِنوں میں ہمارے لِیے پُرمعنی ہوں گے، اور ہمارے سب بھائیوں کے لِیے بھی جو اِسرائیل کے گھرانے سے ہیں۔

۷ اور اِس سے مُراد یہ ہےکہ وہ وقت آتا ہے جب اِسرائیل کے سارے گھرانے کے تِتر بِتر اور پراگندہ ہونے کے بعد خُداوند خُدا غیر قَوموں میں ایک زبردست قوم برپا کرے گا، ہاں، عین اِس سر زمِین پر، اور اُن کے ہاتھوں ہماری نسل پراگندہ کی جائے گی۔

۸ اور ہماری نسل کے پراگندہ ہونے کے بعد خُداوند خُدا غیر قَوموں میں حیرت انگیز کام کرے گا، جو ہماری نسل کے لِیے بڑی قدر والا ہو گا؛ پَس، اِسے اُن کو غیر قَوموں سے پرورش پانے، اُن کو بازوؤں میں اور کندھوں پر اُٹھائے جانے سے تشبِیہ دی گئی۔

۹ اور یہ کام غیر قَوموں کے واسطے بھی قدر والا ہو گا؛ اور نہ صِرف غیر قَوموں کے واسطے بلکہ اِسرائیل کے سارے گھرانے کے واسطے، آسمانی باپ کے اَبرہام سے کِیے گئے اُن عہُود کو آشکار کرنے کے واسطے، فرمایا گیا: تیری نسل کے وسِیلے سے دُنیا کے سب قبیلے برکت پائیں گے۔

۱۰ اور میرے بھائیو، مَیں چاہتا ہُوں کہ تُم جانو کہ دُنیا کے تمام قبیلے برکت نہیں پا سکتے جب تک وہ اپنا بازُو قَوموں کی نظروں کے سامنے ننگا نہیں کرتا۔

۱۱ پَس خُداوند خُدا ساری قَوموں کی نظروں کے سامنے اپنا بازو ننگا کرے گا، اپنی اِنجِیل اور اپنے عہُود کو اُن پر نازِل کرتے ہُوئے جو اِسرائیل کے گھرانے سے ہیں۔

۱۲ پَس، وہ اُنھیں دوبارہ اُسیری سے نِکالے گا اور وہ اپنی وراثت کے مُلکوں میں جمع ہوں گے، اور وہ گُمنامی اور اَندھیرے سے نِکالے جائیں گے؛ اور وہ جانیں گے کہ خُداوند اُن کا نجات دہندہ اور مُخلصی دینے والا اِسرائیل کا قادر ہے۔

۱۳ اور اُس بڑی اور مکرُوہ کلِیسیا کا خُون، جو ساری زمِین کی کَسبی ہے، اُن کے اپنے سروں پر لوٹ آئے گا؛ کیوں کہ وہ آپَس میں جنگ کریں گے، اور اُن کے اپنے ہاتھوں کی تلواریں اُن کے اپنے سروں پر گِریں گی، اور وہ اپنے ہی لہُو سے بد مست ہوں گے۔

۱۴ اور اے اِسرائیل کے گھرانے، ہر قوم جو تیرے خِلاف لڑے گی، وہ ایک دُوسرے کے خِلاف ہو جائے گی، اور وہ اِس گڑھے میں خُود گِریں گے جو اُنھوں نے خُداوند کے لوگوں کو پھنسانے کے واسطے کھودا۔ اور جتنے صِیُّون کے خِلاف لڑیں گے برباد ہوں گے، اور وہ بڑی کَسبی، جِس نے خُداوند کی سیدھی راہوں کو بگاڑا ہے، ہاں، وہ بڑی اور مکرُوہ کلِیسیا خاک میں آ ملے گی اور اُس کا زوال ہولناک ہو گا۔

۱۵ کیوں کہ دیکھ نبی فرماتا ہے کہ وہ وقت تیزی سے آتا ہے جب شیطان کا بنی آدم کے دِلوں پر کوئی اِختیار نہ ہو گا؛ پَس وہ دِن جلد آتا ہے کہ سارے گھُمنڈی اور جو بد کاری کرتے ہیں وہ بھُوسے کی مانِند ہوں گے؛ اور وہ دِن آتا ہے جب اُنھیں ضرُور جلنا ہے۔

۱۶ پَس وہ وقت جلد آتا ہے کہ کُل بنی آدم پر خُدا کا شدید غضب اُنڈیلا جائے گا؛ کیوں کہ وہ برداشت نہ کرے گا کہ شریر راست بازوں کو ہلاک کریں۔

۱۷ پَس، وہ اپنی قُدرت سے راست بازوں کو بچائے گا، اگرچہ اَیسا ہو بھی کہ اُس کا شدید غضب یقِیناً آئے، اور راست باز محفُوظ رہیں گے، جب تک اُن کے دُشمن آگ سے نیست ہوں گے۔ پَس، راست بازوں کو ڈرنے کی ضرُورت نہیں؛ کیوں کہ نبی یُوں فرماتا ہے، وہ بچا لِیے جائیں گے، اگرچہ اَیسا ہو کہ وہ آگ بھیجے۔

۱۸ دیکھو، میرے بھائیو، مَیں تُم سے کہتا ہُوں کہ اِن باتوں کا جلد ہونا ضرُور ہے؛ ہاں، یعنی خُون، اور آگ، اور دھوئیں کے بادلوں کا آنا ضرُور ہے؛ اور اُن کا اِس رُویِ زمِین پر ہونا لازم ہے؛ اور اَیسا اِنسان کی بشری حالت کے مُطابق ہو گا، اگر اَیسا ہو کہ وہ اپنے دِلوں کو اِسرائیل کے قُدُّوس کے خِلاف سخت کریں۔

۱۹ پَس دیکھو، راست باز ہلاک نہ ہوں گے؛ اُس وقت کو ضرُور آنا ہوگا اِس لِیے کہ سب جو صِیُّون کے خِلاف لڑتے ہیں وہ کاٹ ڈالے جائیں۔

۲۰ اور یقِیناً خُداوند اپنی اُمت کے واسطے راہ تیار کرے گا، یُوں مُوسیٰ کی وہ پیشین گوئی پُوری ہوگی، جو اُس نے کلام کرتے ہُوئے فرمائی: خُداوند تُمھارا خُدا، میری مانِند، تُمھارے واسطے ایک نبی برپا کرے گا؛ جو کُچھ وہ تُم سے کہے گا تُم اُس کی سب باتوں کو سُننا۔ اور اَیسا ہوگا کہ جو کوئی اُس نبی کی بات نہ سُنے گا وہ اُمت میں سے کاٹ ڈالا جائے گا۔

۲۱ اور اب، مَیں، نِیفی، تُم میں اِعلان کرتا ہُوں، کہ یہ نبی جِس کی بابت مُوسیٰ نے فرمایا وہ اِسرائیل کا قُدُّوس ہے؛ پَس، وہ راستی سے اِنصاف کرے گا۔

۲۲ اور راست بازوں کو ڈرنے کی ضرُورت نہیں، چُوں کہ یہ وہ ہیں جو شرمندہ نہ ہوں گے۔ مگر یہ اِبلِیس کی سلطنت ہے، جو آدمیوں کے بیٹوں کے درمیان میں قائم کی جائے گی، مذکُورہ سلطنت اُن کے درمیان میں قائم کی گئی ہے جو بشر ہی ہیں—

۲۳ چُوں کہ اَیسا وقت جلد آئے گا کہ ساری کلِیسیائیں جو نفع کمانے کے لِیے قائم ہُوئی ہیں، اور سب جو بشر پر غلبہ پانے کے لِیے قائم ہُوئی ہیں، اور جو دُنیا کی نظر میں مقبُول ہونے کے لِیے قائم ہُوئی ہیں، اور جو لذائذِ نفسانی اور معاملاتِ دُنیا کی فکر میں رہتی ہیں، اور ہر قسم کی بد کاری کی مُرتکب ہوتی ہیں؛ ہاں، آخِر کار، وہ سب جِن کا اِبلِیس کی سلطنت سے واسطہ ہے اُنھیں ڈرنے، کانپنے اور تھرتھرانے کی ضرُورت ہے؛ یہ وہ ہیں جو خاک میں ملائی جائیں گی؛ یہ وہ ہیں جو ضرُور بھُوسے کی مانِند بھسم کی جائیں گی؛ اور اَیسا نبی کے کلام کے مُطابق ہے۔

۲۴ اور وہ وقت جلد آتا ہے کہ راست بازوں کو ضرُور گاؤخانہ کے بچھڑوں کی طرح لایا جائے گا، اور اِسرائیل کے قُدُّوس کو ضرُور، طاقت، اور قُدرت، اور بڑے جلال کے ساتھ سلطنت پر حُکم رانی کرنا ہے۔

۲۵ اور وہ اپنی اُمت کو زمِین کی چاروں اطراف سے جمع کرتا ہے؛ اور وہ اپنی بھیڑوں کو شُمار کرتا ہے، اوروہ اُسے جانتی ہیں؛ اور ایک گلّہ اور ایک چوپان ہو گا؛ اور وہ اپنی بھیڑوں کو چرائے گا، اور اُس میں اُنھیں چراہ گاہ ملے گی۔

۲۶ اور اُس کی اُمت کی راست بازی کے سبب سے شیطان کو کوئی اِختیار نہیں؛ پَس، وہ کئی برسوں تک کھولا نہیں جا سکتا؛ کیوں کہ اُسے لوگوں کے دِلوں پر کوئی اِختیار نہیں ہے، اس لِیے کہ وہ راست بازی میں بسیرا کرتے ہیں اور اِسرائیل کا قُدُّوس حُکم رانی کرتا ہے۔

۲۷ اور اب دیکھو، مَیں نِیفی تُم سے کہتا ہُوں کہ یہ تمام باتیں بشریت کی حالت میں ضرُور واقع ہوں گی۔

۲۸ لیکن، دیکھو، تمام قومیں، قبیلے، زُبانیں اور لوگ اِسرائیل کے قُدُّوس کے ساتھ حفاظت میں قیام کریں گے، اگر اَیسا ہو کہ وہ تَوبہ کریں۔

۲۹ اور اب مَیں، نِیفی، اِن باتوں کو یہیں ختم کرتا ہُوں، کیوں کہ مَیں اِن کی بابت ابھی مزید کُچھ کہنے کی جُراَت نہیں کرتا۔

۳۰ پَس، میرے بھائیو مَیں چاہتا ہُوں کہ تُم غوروفکر کرو کہ جو باتیں پیتل کے اَوراق پر لِکھی گئی ہیں وہ سچّ ہیں؛ اور گواہی دیتی ہیں کہ اِنسان ضرُور خُدا کے حُکموں کا فرمان بردار ہو۔

۳۱ پَس، تُمھیں یہ خیال کرنے کی ضرُورت نہیں کہ صِرف مَیں اور میرا باپ ہی ہیں جِنھوں نے گواہی دی ہے، اور اُنھیں سِکھایا بھی ہے۔ پَس، اگر تُم اِن حُکموں کے فرمان بردار رہو گے، اور آخِر تک برداشت کرو گے تو تُم روزِ آخِر بچا لِیے جاؤ گے۔ اور یہ اِسی طرح ہے۔ آمین۔