باب ۱۱
یعقُوب نے اپنے مُخلصی دینے والے کو دیکھا—مُوسیٰ کی شریعت مسِیح کا اِستعارہ ہے اوراُس کی آمد کو ثابت کرتی ہے۔ قریباً ۵۵۹–۵۴۵ ق۔م۔
۱ اور اب، یعقُوب نے میرے لوگوں سے اُس وقت کئی اور باتیں فرمائیں؛ تو بھی مَیں نے فقط اِنھیں باتوں کو قلم بند کرنے پر زور دِیا ہے، چُناں چہ جو باتیں مَیں نے رقم کی ہیں میرے لِیے کافی ہیں۔
۲ اور اب مَیں، نِیفی، یسیعاہ کا مزید کلام قلم بند کرتا ہُوں، کیوں کہ میری جان اُس کے کلام سے مسرُور ہوتی ہے۔ چُناں چہ مَیں اپنے لوگوں پر اُس کے کلام کا اِطلاق کروُں گا، اور اُنھیں اپنی ساری نسل تک پُہنچاوں گا، درحقیقت اُس نے میرے مُخلصی دینے والے کو دیکھا، جِس طرح میں اُس کو دیکھ چُکا ہُوں۔
۳ اور میرا بھائی یعقُوب بھی اُسے دیکھ چُکا ہے جِس طرح کہ مَیں نے اُسے دیکھا ہے، پَس، مَیں اُن کا کلام اپنی اُمت تک پُہنچاؐوں گا اُنھیں یہ ثابت کرنے کے لِیے کہ میرا کلام سچّا ہے۔ پَس، تین گواہوں کے کلام کے وسِیلےسے مَیں اپنا کلام قائم کروُں گا، خُدا نے فرمایا ہے۔ اِس کے باوجود، خُدا مزید گواہ بھیجتا ہے، اور اپنے سارے کلام کو واجب ٹھہراتا ہے۔
۴ دیکھو، میری جان اپنی اُمّت پر مسِیح کی آمد کی سچّائی ثابت کرنے سے شادمان ہوتی ہے؛ کیوں کہ، اِسی اِرادہ کے لِیے مُوسیٰ کی شریعت دی گئی ہے؛ اور بنائے عالم سے، اِنسان کے واسطے، خُدا کا عطا کردہ سارا کلام، اُسی کا مظہر ہے۔
۵ اور میری جان اُن عہُود سے بھی شادمان ہوتی ہے جو خُداوند نے ہمارے باپ دادا سے باندھے ہیں؛ ہاں، میری جان اُس کے فضل اور اُس کی عدالت، اور قُدرت، اور رحم اور موت سے رہائی کے عظیم و کریم اور اَبَدی منصوبے سے شادمان ہوتی ہے۔
۶ اور میری جان اِس بات کو اپنی اُمّت پر یہ ثابت کر کے بھی شادمان ہوتی ہے کہ سِوا اِس کے کہ مسِیح آئے سارے اِنسان ضرُور ہلاک ہوں گے۔
۷ کیوں کہ اگر مسِیح نہ ہوتا تو خُدا نہ ہوتا؛ اور اگر خُدا نہ ہوتا تو ہم نہ ہوتے، چُناں چہ کوئی تخلیق نہ ہوتی۔ بلکہ خُدا ہے، اور وہ مسِیح ہے، اور وہ اپنے وقت کے پُورے ہونے پر آتا ہے۔
۸ اور اب مَیں یسعیاہ کی بعض باتیں قلم بند کرتا ہُوں تاکہ میری اُمت کے جتنے یہ کلام دیکھیں اُن کے دِل جوش و جذبے سے بھر جائیں اور سب اِنسانوں کے واسطے شادمان ہوں۔ اب یہ کلام ہے، اور اِس کا اِطلاق تم اپنے واسطے اور سب اِنسانوں کے واسطے کر سکتے ہو۔