صحائف
۲ نِیفی ۷


باب ۷

یعقُوب یسعیاہ کے کلام سے تلاوت جاری رکھتا ہے: یسعیاہ مَمسُوح کی مانِند کلام کرتا ہے—مَمسُوح کو شاگِرد کی زُبان عطا ہوگی—اپنی پیٹھ پیٹنے والوں کے حوالے کرے گا—وہ شرمندہ نہ کِیا جائے گا—موازنہ کریں یسعیاہ ۵۰۔ قریباً۵۵۹–۵۴۵ ق۔م۔

۱ ہاں، پَس خُداوند یُوں فرماتا ہے: کیا مَیں نے تُجھے چھوڑ دِیا ہے، یا کیا مَیں نے تُجھے ہمیشہ کے لِیے ترک کِیا ہے؟ پَس خُداوند یُوں فرماتا ہے: تیری ماں کا طلاق نامہ کہاں ہے؟ کس کے ہاں تُجھے مَیں نے بھیجا، یا اپنے قرض خواہوں میں سے کس کے ہاتھ مَیں نے تُجھے بیچا؟ ہاں، کس کے ہاں مَیں نے تُجھے بیچا؟ دیکھ، تُو اپنی شرارتوں کے سبب سے بِک گیا، اور تیری خطاؤں کے باعث تیری ماں کو طلاق دی گئی۔

۲ پَس، جب مَیں آیا تو کوئی آدمی نہ تھا؛ جب مَیں نے پُکارا، ہاں، کوئی جواب دینے والا نہ تھا۔ اَے اِسرائیل کے گھرانے، کیا میرا ہاتھ اِتنا کوتاہ ہو گیا ہے کہ چُھڑا نہیں سکتا، یا کیا مُجھ میں نجات دینے کی قُدرت نہیں؟ دیکھ، مَیں اپنی ایک دھمکی سے سَمُندر کو سُکھا دیتا ہُوں، مَیں اُن کے دریاؤں کو صحرا کر ڈالتا ہُوں اور اُن کی مچھلیاں پانیوں کے خُشک ہو جانے کے باعث مُتعفن ہوجاتی ہیں، اور وہ پیاس سے مر جاتی ہیں۔

۳ مَیں افلاک کو سِیاہ پوش کرتا ہُوں اور اُن کو ٹاٹ اُڑھاتا ہُوں۔

۴ خُداوند خُدا نے مُجھے شاگِرد کی زبّان بخشی ہے، تاکہ مَیں جانوں کہ کِس طرح، اَے اِسرائیل کے گھرانے، تُجھ سے بروقت کلام کروُں۔ جب تُو تھکا ماندہ ہوتا ہے وہ تُجھے ہر صُبح جگاتا ہے۔ وہ میرا کان لگاتا ہے کہ شاگِرد کی طرح سُنوں۔

۵ خُداوند خُدا نے میرے کان کھول دیے، اور مَیں باغی و برگشتہ نہ ہُوا۔

۶ مَیں نے اپنی پِیٹھ پیٹنے والوں، اور داڑھی نوچنے والوں کے حوالے کی۔ مَیں نے اپنا منہ رُسوائی اور تُھوک سے نہیں چُھپایا۔

۷ پر خُداوند خُدا میری حمایت کرے گا، اِس لِیے مَیں شرمندہ نہ ہُوں گا۔ اِسی لِیے مَیں نے اپنا منہ سنگِ خارا کی مانِند بنایا، اور مُجھے یقِین ہے کہ مَیں شرمسار نہ ہُوں گا۔

۸ اور خُداوند نزدیک ہے، اور وہ مُجھے راست باز ٹھہراتا ہے۔ کون مُجھ سے جھگڑا کرے گا؟ آؤ ہم آمنے سامنے کھڑے ہوں۔ میرا مُخالِف کون ہے؟ وہ میرے پاس آئے، اور مَیں اُس کو اپنے منہ کے زور سے مارُوں گا۔

۹ کیوں کہ خُداوند خُدا میری حمایت کرے گا۔ اور وہ سب جو مُجھے مُجرم ٹھہرائیں گے، دیکھو، وہ سب کپڑے کی مانِند پُرانے ہو جائیں گے اور اُن کو کیڑے کھا جائیں گے۔

۱۰ تُمھارے درمیان کون ہے جو خُداوند سے ڈرتا ہے، جو اُس کے خادم کی آواز سُنتا ہے، جو اندھیرے میں چلتا ہے اور اُس کے پاس روشنی نہیں پاتا؟

۱۱ تُم سب جو آگ سُلگاتے اور خُود کو اَنگاروں سے گھیر لیتے ہو، اپنی ہی آگ کے شعلوں میں اور اپنے سُلگائے ہُوئے اَنگاروں میں چلو۔ تُم میرے ہاتھ سے یہی پاؤ گے—تُم عذاب میں لیٹے رہو گے۔