صحائف
۲ نِیفی ۱۶


باب ۱۶

یسعیاہ خُداوند کو دیکھتا ہے—یسعیاہ کے گُناہ مُعاف کِیے جاتے ہیں—وہ نبُوّت کے لِیے بُلایا جاتا ہے—وہ نبُوّت کرتا ہے کہ یہُودی مسِیح کی تعلیم کو رَدّ کریں گے—بقیہ لوٹ آئے گا—موازنہ کریں یسعیاہ ۶۔ قریباً ۵۵۹–۵۴۵ ق۔م۔

۱ جِس برس میں عُزیّاہ بادِشاہ نے وفات پائی، مَیں نے خُداوند کو بڑی بُلندی پر اُونچے تخت پر بَیٹھے دیکھا، اور اُس کے لِباس کے دامن سے ہَیکل مَعمُور ہو گئی۔

۲ اُس کے آس پاس سرافِیم کھڑے تھے؛ جِن میں سے ہر ایک کے چھے بازُو تھے؛ اور ہر ایک؛ دو سے اپنا مُنہ ڈھانپے تھے؛ اور دو سے پاؤں؛ اور دو سے اُڑتے تھے۔

۳ ایک نے دُوسرے کو پُکارا، اور کہا: قُدُّوس، قُدُّوس، قُدُّوس ربُّ الافواج ہے؛ اور ساری زمِین اُس کے جلال سے مَعمُور ہے۔

۴ اور پُکارنے والے کی آواز کے زور سے آستانوں کی بُنیادیں ہِل گئِیں اور مکان دُھوئیں سے بھر گیا۔

۵ تب مَیں بول اُٹھا کہ مُجھ پر اَفسوس! مَیں تو برباد ہُؤا؛ کیوں کہ میرے ہونٹ ناپاک ہیں، اور نِجس لب لوگوں میں بستا ہُوں، پَس میری آنکھوں نے بادِشاہ ربُّ الافواج کو دیکھا۔

۶ تب سرافیم میں سے ایک سُلگا ہُوا کوئلہ جو اُس نے دست پناہ کے سے مذبح پر سے اُٹھا لِیا اپنے ہاتھ میں لے کر اُڑتا ہُوا میرے پاس آیا۔

۷ اور اُس سے میرے مُنہ کو چُھؤا، اور کہا: دیکھ، اِس نے تیرے لبوں کو چُھؤا؛ پَس تیری بدکرداری دُور ہُوئی، اور تیرے گُناہ کا کَفارہ ہو گیا۔

۸ اُس وقت مَیں نے خُداوند کی آواز سُنی جِس نے فرمایا مَیں کِس کو بھیجُوں اور ہماری طرف سے کَون جائے گا؟ تب مَیں نے عرض کی مَیں حاضر ہُوں؛ مُجھے بھیج۔

۹ اور اُس نے فرمایا: جا اور اِن لوگوں سے کہہ—تُم بے شک سُنتے ہو، لیکن اُنھوں نے نہ سمجھا؛ اور تُم بے شک دیکھتے ہو، لیکن اُنھوں نے نہ جانا۔

۱۰ اِن لوگوں کے دِلوں کو چربا دے، اور اُن کے کانوں کو بھاری کر، اور اُن کی آنکھیں بند کر دے—مبادا وہ اپنی آنکھوں سے دیکھیں، اور اپنے کانوں سے سُنیں، اور اپنے دِل سے سمجھیں، اور رُجوع لائیں اور شِفا پائیں۔

۱۱ تب مَیں نے کہا: اَے خُداوند یہ کب تک؟ اور اُس نے فرمایا: جب تک بستِیاں ویران نہ ہوں اور کوئی بسنے والا نہ رہے، اور گھر بے چراغ نہ ہوں، اور زمِین سراسر اُجاڑ نہ ہو جائے۔

۱۲ اور خُداوند آدمِیوں کو دُور کر دے اور اِس سر زمِین میں مترُوک مقام بکثرت ہوں۔

۱۳ اور اگر وہاں دسواں حِصّہ باقی بھی بچ جائے، تو وہ پِھر بھسم کِیا جائے گا لیکن وہ بُطم اور بلُوط کی مانِند ہو گا کہ باوُجُود یہ کہ وہ کاٹے جائیں تَو بھی اُن کا ٹُنڈ بچ رہتا ہے؛ سو اُس کا ٹُنڈ ایک مُقدّس تُخم ہوگا۔

شائع کرنا