باب ۱۷
اِفرائیم اور ارام یہُوداہ کے خِلاف جنگ کرتے ہیں—مسِیح کنواری سے پَیدا ہو گا—موازنہ کریں یسیعاہ ۷۔ قریباً ۵۵۹–۵۴۵ ق۔م۔
۱ اور شاہِ یہُودا ہ آخز بِن یُوتام بِن عُزیّاہ کے ایّام میں یُوں ہُؤا کہ رضِین شاہِ ارا م اور فِقح بِن رملیا ہ شاہِ اِسرائیل نے یروشلِیم پر چڑھائی کی لیکن اُس پر غالِب نہ آ سکے۔
۲ اوراُس وقت داؤُد کے گھرانے کو یہ خبر دی گئی کہ ارام اِفرائیم کے ساتھ مُتحِد ہے۔ پَس اُس کے دِل نے اور اُس کے لوگوں کے دِلوں نے یُوں جُنبِش کھائی جَیسے جنگل کے درخت آندھی سے جُنبِش کھاتے ہیں۔
۳ تب خُداوند نے یسعیاہ کو حُکم کِیا: اب تُو اپنے بیٹے شیار یاشوب کو لے کر اُوپر کے چشمہ کی نہر کے سرے پر جو دھوبیوں کے میدان کی راہ میں ہے آخز سے ملاقات کر۔
۴ اور اُسے کہہ: خبردار ہو اور بے قرار نہ ہو۔ اِن لُکٹیوں کے دو دُھوئیں والے ٹُکڑوں سے یعنی ارامی رضِین اوررملیا ہ کے بیٹے کی قہر انگیزی سے نہ ڈر اور تیرا دِل نہ گھبرائے۔
۵ چُوں کہ ارام، افرائیم اور رملیاہ کے بیٹے نے تیرے خِلاف یہ کہتے ہُوئے بُری مشورت کی ہے:
۶ کہ آؤ یہُوداہ پر چڑھائی کریں اور اُسے تنگ کریں، اور اپنے لِیے اُس میں رخنہ پَیدا کریں، اور ہاں طابیل کے بیٹے کو اُس کے درمیان تخت نشِین کریں۔
۷ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ اِس کو پائیداری نہیں بلکہ اَیسا ہو بھی نہیں سکتا۔
۸ کیوں کہ ارام کا دارُالسّلطنت دمِشق ہی ہو گا اوردمِشق کا سردار رضِین اور پَینسٹھ برس کے اندر افرائِیم اَیسا کٹ جائے گا کہ قَوم نہ رہے گا۔
۹ اور اِفرائیم کا بھی دارُالسّلطنت سامریہ ہی ہو گا اور سامریہ کا سردار رملیاہ کا بیٹا۔ اگر تُم اِیمان نہ لاؤ گے تو یقِیناً تُم بھی قائِم نہ رہوگے۔
۱۰ مزید براں خُداوند نے آحز سےکلام کرتے ہُوئے فرمایا:
۱۱ خُداوند اپنے خُدا سے کوئی نشان طلب کر؛ خواہ نِیچے پاتال میں خواہ اُوپر بُلندی پر۔
۱۲ لیکن آخز نے کہا: مَیں طلب نہ کروُں گا، نہ ہی خُداوند کو آزماؤں گا۔
۱۳ اور اُس نے کہا: اَے داؤد کے گھرانے تُم اب سُنو؛ کیا تُمھارا اِنسان کو بیزار کرنا کوئی چھوٹی بات ہے، بلکہ کیا تُم میرے خُدا کو بھی بیزار کرو گے؟
۱۴ پَس، خُداوند آپ تُم کو ایک نِشان بخشے گا—دیکھو، ایک کنواری حاملہ ہو گی، اور بیٹا پَیدا ہو گا، اور اُس کا نام عِمّانُوایل رکھے گی۔
۱۵ دہی اور شہد وہ کھائے گا، جب تک کہ وہ نیکی اور بدی کے رَدّ و قبُول کے قابِل نہ ہو۔
۱۶ پَس اس سے پیشتر کہ یہ لڑکا نیکی اور بدی کے رَدّ و قبُول کے قابِل ہو، یہ مُلک جِس کے دونوں بادِشاہوں سے تُجھ کونفرت ہے وِیران ہو جائے گا۔
۱۷ خُداوند تُجھ پر اور تیرے لوگوں اور تیرے باپ کے گھرانے پر اَیسے دِن لائے گا جَیسے اُس دِن سے جب افرائِیم یہُودا ہ سے جُدا ہُوا آج تک کبھی نہ لایا یعنی شاہِ اسُور کے دِن۔
۱۸ اور اُس وقت یُوں ہو گا کہ خُداوند مِصر کے سارے عِلاقوں سے مکِھّیوں کو، اور اسُور کے مُلک سے زنبُوروں کو سُسکار کر بُلائے گا۔
۱۹ سو وہ آئیں گے، اور سب ویران وادیوں میں، اور چٹانوں کی دراڑوں میں، اور سب خارستانوں میں، اور سب چراگاہوں میں چھا جائیں گے۔
۲۰ اُسی روز خُداوند اُس اُسترے سے جو دریایِ فرات کے پار سے کِرایہ پر لِیا، یعنی اسُور کے بادِشاہ سے، سراور پاؤں کے بال مُونڈے گا؛ اور اِس سے داڑھی بھی کُھرچی جائے گی۔
۲۱ اور اُس وقت یُوں ہو گا کہ آدمی ایک گائے اور دو بھیڑیں پالے گا۔
۲۲ اور اَیسا ہو گا کہ اُن کی دُودھ کی فراوانی سے وہ مکھّن کھائے گا؛ کیوں کہ ہر ایک جو اُس مُلک میں بچ رہے گا مکھّن اور شہد ہی کھائے گا۔
۲۳ اور اُس وقت یہ حالت ہو جائے گی، کہ ہر جگہ ہزاروں چاندی کے سکّوں کے تاکِستانوں کی جگہ، خاردار جھاڑِیاں ہوں گی۔
۲۴ لوگ تِیر اور کُمانیں لے کر وہاں آئیں گے، کیوں کہ سارا مُلک کانٹوں اور جھاڑیوں سے پُر ہو گا۔
۲۵ مگر اُن سب پہاڑیوں پر جو کُدالی سے کھودی جاتی تِھیں جھاڑیوں اور کانٹوں کے خَوف سے تُو پِھر نہ چڑھے گا؛ لیکن وہ گائے بَیل اور بھیڑ بکریوں کی چراگاہ ہوں گی۔