باب ۲۱
یسّی کا تنا (مسِیح) راستی سے عدالت کرے گا—فضل کے ہزار سال میں زمِین خُداوند کے عِرفان سے مَعمُور ہو گی—خُداوند ایک جھنڈا کھڑا کرے گا اور اِسرائیل کو اِکٹھا کرے گا—موازنہ کریں یسعیاہ ۱۱۔ قریباً ۵۵۹–۵۴۵ ق۔م۔
۱ اور یسّی کے تنے سے ایک کونپل نِکلے گی؛ اور اُس کی جڑوں سے ایک بار آور شاخ پَیدا ہو گی۔
۲ اور خُداوند کی رُوح اُس پر ٹھہرے گی، حِکمت اور خِرد کی رُوح، مصلحت اور قُدرت کی رُوح، معرفت اور خُداوند کے خوف کی رُوح؛
۳ اور اُس کی شادمانی خُداوند کے خَوف میں ہو گی؛ اور وہ نہ اپنی آنکھوں کے دیکھنے کے مُطابق اِنصاف کرے گا، اور نہ اپنے کانوں کے سُننے کے مُوافِق فَیصلہ کرے گا۔
۴ بلکہ وہ راستی سے مِسکِینوں کا اِنصاف کرے گا، اور عدل سے زمِین کے خاکساروں کا فَیصلہ کرے گا؛ اور وہ اپنی زُبان کے عصا سے زمِین کو مارے گا، اور اپنے لبوں کے دَم سے شرِیروں کو فنا کر ڈالے گا۔
۵ اُس کی کمر کا پٹکا راستبازی ہو گی، اور اُس کے پہلُو پر وفاداری کا پٹکا ہو گا۔
۶ پَس بھیڑِیا برّہ کے ساتھ رہے گا، اور چِیتا بکری کے بچّے کے ساتھ بَیٹھے گا، اور بچھڑا اور شیر بچّہ اور پلا ہُوا بَیل مِل جُل کر رہیں گے؛ اور ننّھا بچّہ اُن کی پیش روی کرے گا۔
۷ گائے اور رِیچھنی مِل کر چریں گی؛ اُن کے بچّے اِکٹّھے بَیٹھیں گے؛ اور شیرِ بَبر بَیل کی طرح بُھوسا کھائے گا۔
۸ اور دُودھ پِیتا بچّہ سانپ کے بِل کے پاس کھیلے گا، اور وہ لڑکا جِس کا دُودھ چُھڑایا گیا ہو اِفعی کے بِل میں ہاتھ ڈالے گا۔
۹ وہ میرے تمام کوہِ مُقدّس پر نہ ضرر پُہنچائیں گے نہ ہلاک کریں گے، کیوں کہ جِس طرح سَمُندر پانی سے بھرا ہے، اُسی طرح زمِین خُداوند کے عِرفان سے مَعمُور ہو گی۔
۱۰ اور اُس وقت یُوں ہو گا کہ لوگ یسّی کی اُس جڑ کے طالِب ہوں گے جو غیرقَوموں کے لِیے ایک نِشان ہے؛ اور اُس کی آرام گاہ جلالی ہو گی۔
۱۱ اور اُس روز یُوں ہو گا کہ خُداوند دُوسری مرتبہ پھر اپنا ہاتھ بڑھائے گا کہ اپنے لوگوں کا بقیہ جو بچ رہا ہو، اسُور سے، اور مصر سے، اور فتروس سے، اور کوش سے، اور عیلام سے، اور سنعار سے، اور حمات سے، اور سَمُندر کی اطراف سے واپس لائے۔
۱۲ اور وہ قَوموں کے لِیے جھنڈا کھڑا کرے گا، اور اُن اِسرائیلیوں کو جو خارِج کِیے گئے ہوں جمع کرے گا اور سب بنی یہُوداہ کو جو پراگندہ ہوں گے زمِین کی چاروں طرف سے فراہم کرے گا۔
۱۳ تب بنی افرائِیم میں حسد نہ رہے گا، اور بنی یہُوداہ کے دُشمن کاٹ ڈالے جائیں گے؛ بنی افرائِیم بنی یہُوداہ پر حسد نہ کریں گے، اور بنی یہُوداہ بنی افرائِیم سے کِینہ نہ رکھّیں گے۔
۱۴ بلکہ وہ مغرِب کی طرف فلِستیوں کے کندھوں پر جھپٹیں گے؛ اور وہ مِل کر مشرِق کے بسنے والوں کو لُوٹیں گے؛ اور ادُو م اور موآب پر ہاتھ ڈالیں گے؛ اور بنی عمُّون اُن کے فرمان بردار ہوں گے۔
۱۵ تب خُداوند بحرِ مِصر کی خلِیج کو بِالکُل نیست کر دے گا اور اپنی بادِ سمُوم سے دریایِ فرا ت پر ہاتھ چلائے گا، اور اُس کو سات نالے کر دے گا، اور اَیسا کرے گا کہ لوگ جُوتے پہنے ہُوئے پار چلے جائیں گے۔
۱۶ اور اُس کے باقی لوگوں کے لِیے جو اسُور میں سے بچ رہیں گے ایک اَیسی شاہراہ ہو گی جَیسی بنی اِسرائیل کے لِیے تھی جب وہ مُلکِ مِصر سے نِکلے۔