باب ۳
مصر میں یُوسُف نے نِیفیوں کو رویا میں دیکھا—اُس نےغیب بِین جوزف سمتھ، ایامِ آخِر کے مُوسیٰ، جو کہ اِسرائیل کو چُھڑائے گا؛ اور مورمن کی کِتاب کے سامنے آنے کی نبُوّت کی۔ قریباً ۵۸۸–۵۷۰ ق۔م۔
۱ اور اب یُوسُف، میرے سب سے چھوٹے بیٹے، مَیں تُجھ سے کلام کرتا ہُوں: تُو میری مُصیبتوں کے ایّام میں بیابان میں پَیدا ہُوا؛ ہاں، میرے سب سے زیادہ رنج و الم کے ایّام میں تیری ماں نے تُجھے جنم دِیا۔
۲ اوراگر اَیسا ہو کہ تُو اِسرائیل کے قُدُّوس کے حُکموں کو مانے گا تو تیرے دائمی تحفظ کی خاطر، تیرے بھائیوں کے ساتھ ساتھ تیری وراثت اور تیری نسل کی وراثت کے واسطے، جو سب سے زیادہ بیش قیمت سر زمِین ہے، خُداوند تیرے واسطے بھی اِس سر زمِین کو مُقدّس کرے۔
۳ اور اب میرے سب سے چھوٹے بیٹے یُوسُف جِسے مَیں اپنی مُصیبتوں کے بیابان سے لایا ہُوں، خُدا تُجھے ہمیشہ برکت بخشے، چُناں چہ تیری نسل بالکل نیست و نابُود نہ ہو۔
۴ کیوں کہ دیکھ، تُو میرے صُلب کا پھل ہے؛ اور مَیں اُس یُوسُف کی نسل ہُوں جو اسِیر کر کے مصر میں لایا گیا تھا۔ اور خُداوند کے بڑے بڑے عہُود تھے جو اُس نے یُوسُف کے ساتھ باندھے۔
۵ پَس، یُوسُف نے حقیقت میں ہمارے دِن دیکھے۔ اور اُس نے خُداوند سے عہد پایا کہ اُس کے صُلب کے پھل سے ا ِسرائیل کے گھرانے کے لِیے خُداوند خُدا راست باز شاخ برپا کرے گا، مَمسُوح نہیں، بلکہ اَیسی شاخ جِس کو توڑا جانا تھا، پھر بھی خُداوند کے عہُود میں یاد رکھا جانا تھا کہ مَمسُوح آخِری ایام میں اُن پر ظاہر کِیا جائے گا، قُدرت کے رُوح کے وسِیلے سے اُن کو تارِیکی سے نُور میں لانے—ہاں، گُم نام تیرگی سے نِکالنےاور اسِیری سے نِکال کر آزادی کی طرف لانے کے واسطے۔
۶ پَس یُوسُف نے درحقیقت یہ کہتے ہُوئے گواہی دی: خُداوند میرا خُدا رویا بِین برپا کرے گا، جو میرے صُلب کے پھل کے لِیے برگُزیدہ مُکاشفہ بِین ہو گا۔
۷ ہاں، درحقیقت یُوسُف نے کہا: خُداوند مُجھ سے یُوں فرماتا ہے: مَیں تیری صُلب میں سے برگُزیدہ غیب بِین پَیدا کروُں گا؛ اور وہ تیرے صُلب کے پھل میں نہایت مقبُولِ نظر ہو گا۔ اور مَیں اُسے حُکم دُوں گا کہ وہ تیرے صُلب کے پھل، اپنےبھائیوں، کے لِیے اَیسا فرض سرانجام دے گا، یہ اُن کے واسطے بڑی قدر والا ہو گا، یعنی اُنھیں اُن عہُود کے عِلم تک لائے جو مَیں تیرے باپ دادا سے باندھ چُکا ہُوں۔
۸ اور مَیں اُسے حُکم دُوں گا کہ وہ کوئی اور فرض سرانجام نہ دے سِوا اُس فرض کے جِس کا مَیں اُسے حُکم دُوں گا۔ اور وہ میری نظر میں مقبُول ہوگا؛ کیوں کہ وہ میرا فرض سرانجام دے گا۔
۹ اور وہ مُوسیٰ کی مانِند عظیم ہو گا، اے اِسرائیل کے گھرانے، جِس کی بابت مَیں نے فرمایا ہے کہ مَیں تُم میں برپا کروُں گا، کہ میرے لوگوں کو چُھڑائے۔
۱۰ اور مَیں مُوسیٰ برپا کروُں گا، کہ تیرے لوگوں کو مُلکِ مصر سے چُھڑائے۔
۱۱ بلکہ تیرے صُلب کے پھل میں سے غیب بِین برپا کروُں گا؛ اور مَیں اُسے اِختیار بخشُوں گا کہ میرا کلام تیری نسل کے درمیان میں لائے—اور نہ صِرف میرا کلام لائے، خُداوند فرماتا ہے، بلکہ اُنھیں میرے کلام پر قائل بھی کرے، جو اُن کے درمیان میں پہلے ہی پُہنچ چُکا ہو گا۔
۱۲ پَس، تیرے صُلب کا پھل لِکھے گا؛ اور یہوداہ کے صُلب کا پھل لِکھے گا؛ اور وہ جو تیرے صُلب کے پھل کےہاتھوں لِکھا جائے گا، اور وہ بھی جو یہُوداہ کے صُلب کے پھل کے ہاتھوں لِکھا جائے گا، دونوں کو جوڑے گا، جھوٹی تعلِیم رَدّ کرنےاور جھگڑوں کو ختم کرنے کے واسطے، اور تیرے صُلب کے پھل کے درمیان میں صُلح و سلامتی قائم کرتے ہُوئے، اور آخِری ایام میں اُنھیں اپنے ابّاواَجداد کی پہچان کراتے ہُوئے، اور میرے عہُود کی پہچان بھی، خُداوند فرماتا ہے۔
۱۳ اور خُداوند فرماتا ہے، اے اِسرائیل کے گھرانے، تُجھے کمزوری کی حالت سے نِکال کر قوی بنایا جائے گا، تُجھے بحال کرنے کے واسطے اُس دِن میرے سب لوگوں کے درمیان میں میرے فرض کا آغاز ہوگا۔
۱۴ اور یُوں یُوسُف نے یہ کہتے ہُوئے نبُوّت کی: دیکھ، اُس غیب بِین کو خُداوند برکت دے گا؛ اور جو اُسے تباہ کرنے کے خواہاں ہوں گے وہ شرمندہ کِیے جائیں گے؛ کیوں کہ یہ وعدہ پُورا ہوگا، جو مَیں نے خُداوند سے اپنے صُلب کے واسطے پایا ہے۔ دیکھ، مُجھے اِس وعدے کے پُورے ہونے پر یقِین ہے؛
۱۵ اور اُس کا نام میرے نام پر رکھا جائے گا؛ اور اُس کے باپ کے نام پر رکھا جائے گا۔ اور وہ میری مانِند ہو گا؛ کیوں کہ وہ امر جو خُداوند اُس کے وسِیلے سے سامنے لائے گا، خُداوند کی قُدرت کے وسِیلے سے وہ میرے لوگوں کو نجات کی طرف لائے گا۔
۱۶ ہاں، یُوسُف نے یُوں نبُوّت فرمائی: مُجھے اِس بات کا یقِین ہے، بالکل اُس طرح جیسے مُجھے مُوسیٰ کے وعدے کا یقِین ہے؛ کیوں کہ خُداوند نے مُجھ سے فرمایا، مَیں تیری نسل کو ابد تک محفُوظ رکھُوں گا۔
۱۷ اور خُداوند فرما چُکا ہے: مَیں مُوسیٰ برپا کروُں گا؛ اور مَیں عصا کے وسِیلے سے اُس کو اِختیار بخشُوں گا؛ اور مَیں اُس کو لِکھنے کی صلاحیت عطا کروُں گا۔ ہنُوز مَیں اُس کی زبان نہ کھولُوں گا، کہ وہ کہیں زیادہ بولے۔ کیوں کہ مَیں اُس کو کلام میں قادر نہ بناؤں گا۔ بلکہ مَیں اُس کے واسطے اپنی شریعت اپنے ہاتھ کی اُنگلی سے لِکھوں گا؛ اور مَیں اُس کے لِیے ترجمان مہیا کروُں گا۔
۱۸ اور خُداوند نے مُجھ سے یہ بھی فرمایا: مَیں تیر ے صُلب کے پھل کے لِیے برپا کروُں گا؛ اور اُس کے واسطے ترجمان مہیا کروُں گا۔ اور دیکھ مَیں اُسے بخشُوں گا کہ تیرے صُلب کے پھل کی بابت تیرے صُلب کے پھل کے واسطے لِکھے؛ اور تیرے صُلب کا ترجمان اِس کی مُنادی کرے گا۔
۱۹ اور جو باتیں وہ لِکھے گا وہ یہ باتیں ہوں گی جو میری دانِست میں لائق ہیں کہ تیرے صُلب کے پھل تک پُہنچیں۔ اور یہ اِس طرح ہو گا کہ جَیسے تیرے صُلب کے پھل نے اُنھیں خاک میں سے پُکارا ہے؛ پَس مَیں اُن کے اِیمان کوجانتا ہُوں۔
۲۰ اور وہ خاک میں سے پُکاریں گے؛ ہاں، یعنی اپنے بھائیوں کے واسطے تَوبہ، حالاں کہ اُن کے بعد بُہت سی نسلیں گُزر چُکی ہیں۔ اور پھر اَیسا ہو گا کہ درحقیقت اُن کے کلام کی سادگی کے مُطابق اُن کی پُکار پُہنچے گی۔
۲۱ اُن کے اِیمان کی بدولت اُن کا کلام میرے مُنہ سے نِکل کر اُن کے بھائیوں تک پُہنچے گا جو تیرے صُلب کا پھل ہیں؛ اور اُن کے کلام کی کمزوری کو میں اُن کے اِیمان کے باعث مضبُوط بناؤں گا، اپنے عہد کی یادگاری کے واسطے جو مَیں نے تیرے باپ دادا کے ساتھ باندھا۔
۲۲ اور اب، دیکھ، میرے بیٹے یُوسُف، اِس طریق سے قدیم میں میرے باپ نے نبُوّت فرمائی۔
۲۳ پَس، اِس عہد کی وجہ سے تُو مُبارک ہے؛ کیوں کہ تیری نسل نیست و نابُود نہ ہو گی کیوں کہ وہ اِس کِتاب کی باتوں پر کان لگائیں گے۔
۲۴ اور اُن میں ایک سُورما برپا ہو گا، جوکثرت سے بھلائی کرے گا، کام اور کلام دونوں حوالوں سے، خُدا کے ہاتھوں میں وسِیلہ بن کر، بے مثال اِیمان کے ساتھ، بڑے بڑے عجائب دِکھائے گا، اور ہر وہ کام کرے گا جو خُدا کی نظر میں بالا ہوگا، اِسرائیل کے گھرانے کے واسطے اور تیرے بھائی کی نسل کے واسطے کثرت سے بحالی لاتے ہُوئے۔
۲۵ اور اب، یُوسُف، تُو مُبارک ہے۔ دیکھ، تُو بچّہ ہے؛ پَس اپنے بھائی، نِیفی، کی باتوں پر کان لگا اور تیرے ساتھ بالکل اُس کلام کے مُطابق ہوگا جو مَیں فرما چُکا ہُوں۔ اپنے قریب اُلمرگ باپ کا کلام یاد رکھ۔ آمین۔