صحائف
۲ نِیفی ۶


باب ۶

یعقُوب یہودیوں کی تاریخ بیان کرتا ہے: کسدیوں کی اِسیری اور واپسی؛ اِسرائیل کے قُدُّوس کی خِدمت اور مصلُوبیت؛ غیر قَوموں سے مدد پائی؛ اور یہودیوں کی آخِری ایّام میں بحالی جِس وقت وہ مَمسُوح پر اِیمان لاتے ہیں۔ قریباً ۵۵۹–۵۴۵ ق۔م۔

۱ نِیفی کے بھائی، یعقُوب کا کلام جو اُس نے بنی نِیفی سے فرمایا۔

۲ دیکھو، میرے پیارے بھائیو، مَیں، یعقُوب، خُدا کا بُلایا ہُوا، اور اُس کے مَلکِ صِدق کے طریقہ پر مُقرّر ہُوا، اور اپنے بھائی نِیفی کے وسِیلے سے مخصُوص ہُوا، جِس کو تم بادِشاہ یا محافظ سمجھتے ہو، اور جِس پر تُم حفاظت کے لِیے انحصار کرتے ہو، دیکھو، تُم جانتے ہو کہ مَیں تُم سے بُہت ساری باتوں کا تذکرہ کر چُکا ہُوں۔

۳ اِس کے باوجود، مَیں تُم سے دوبارہ مُخاطب ہوتا ہُوں؛ پَس مَیں تُمھاری جانوں کی بھلائی کا خواہاں ہُوں۔ ہاں، تُمھارے حوالے سے میری پریشانی بڑی شدید ہے؛ اور تُم خُود جانتے ہو کہ یہ ہمیشہ سے ہے۔ کیوں کہ مَیں نے پُوری جاں فِشانی سے تُمھیں نصیحت کی ہے؛ اور تُمھیں اپنے باپ کی باتیں سِکھا چُکا ہُوں؛ اور مَیں اُن سب باتوں کی بابت بتاچُکا ہُوں جو دُنیا کی تخلیق سے لِکھی گئی ہیں۔

۴ اور اب، دیکھو، مَیں تُم سے اُن باتوں کی بابت ذِکر کروُں گا جو ہیں، اور جو آیندہ ہوں گی؛ پَس، مَیں تُمھارے واسطے یسعیاہ کا کلام پڑھُوں گا۔ اور یہ وہ کلام ہے جو میرا بھائی چاہتا تھا کہ مَیں تُم سے بیان کروُں۔ اور مَیں تُمھاری خاطر تُم سے کلام کرتا ہُوں، تاکہ تُم سیکھو اور اپنے خُدا کے نام کو جلال دو۔

۵ اور اب، جو باتیں مَیں پڑھُوں گا وہ ہیں جو یسعیاہ نے اِسرائیل کے سارے گھرانے کی بابت فرمائیں؛ پَس، اُن کا اِطلاق تُم پر بھی ہوتا ہے، کیوں کہ تُم اِسرائیل کے گھرانے سے ہو۔ اور بُہت ساری باتیں ہیں جو یسعیاہ نے فرمائیں جِن کا اِطلاق تُم پر ہوتا ہے، چُوں کہ تم اِسرائیل کے گھرانے سے ہو۔

۶ اور اب، یہ ہیں وہ باتیں: خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے: دیکھ، مَیں غیر قَوموں پر ہاتھ اُٹھاؤں گا اور اُمتوں پر اپنا جھنڈا کھڑا کروُں گا؛ اور وہ تیرے بیٹوں کو اپنی گود میں لِیے آئیں گے اور تیری بیٹیوں کو اپنے کندھوں پر بِٹھا کر پُہنچائیں گے۔

۷ اور بادِشاہ تیرے مُربّی ہوں گے اور اُن کی بیویاں تیری دایہ ہوں گی؛ وہ تیرے حُضُور مُنہ کے بل زمِین پر گریں گے اور تیرے پاؤں کی خاک چاٹیں گے؛ اور تُو جانے گی کہ مَیں ہی خُداوند ہُوں؛ جِس کے مُنتظر شرمندہ نہ ہوں گے۔

۸ اور اب، مَیں، یعقُوب اِن باتوں کی بابت کُچھ کہنا چاہتا ہُوں۔ کیوں کہ دیکھو، خُداوند نے مُجھ پر آشکار کِیا ہے کہ وہ جو یروشلِیم میں تھے، جہاں سے ہم آئے ہیں، مارے گئے اور اِسیر کر لِیے گئے ہیں۔

۹ تو بھی، خُداوند نے مُجھ پر ظاہر کِیا ہے کہ وہ پھر واپس آئیں گے۔ اور اُس نے مُجھ پر یہ بھی ظاہر کِیا ہے کہ خُداوند خُدا، اِسرائیل کا قُدُّوس، مُجسّم ہو کر خُود کو اُن پر آشکار کرے گا؛ فرِشتہ کے کلام کے مُطابق جو اُس نے مُجھ سے فرمایا، اور جب وہ اپنے تئیں اُن پر آشکار کرے گا تو اُس کے بعد، وہ اُسے کوڑے ماریں گے اور اُسے مصلُوب کریں گے۔

۱۰ اور جب اُنھوں نے اِسرائیل کے قُدُّوس کے خِلاف اپنے دلوں کو سخت کر لِیا اور گردن کش بن چُکے، دیکھو، اِسرائیل کے قُدُّوس کی سزائیں اُن پر نازل ہوں گی۔ اور وہ دِن آتا ہے کہ وہ مارے جائیں گے اور مُصیبت اُٹھائیں گے۔

۱۱ پَس، چُوں کہ فرِشتہ یُوں فرماتا ہے، جب وہ اِدھر اُدھر ہانکے جائیں گے، بُہتیرے جِسمانی اذیت میں مُبتلا ہوں گے، مگر اِیمان داروں کی دُعاؤں کے باعث، وہ نیست و نابُود نہ ہوں گے؛ وہ پراگندہ کِیے جائیں گے، اور مارے جائیں گے، اور نفرت انگیز ہوں گے؛ اِس کے باوجود، خُداوند اُن پر رحیم ہو گا، کہ جب وہ اپنے مُخلصی دینے والے کی پہچان تک پُہنچیں گے، وہ پھر سے اپنی میراث کے مُلکوں میں اِکٹھے کِیے جائیں گے۔

۱۲ اور مُبارک ہیں وہ غیر قومیں، جِن کی بابت نبی نے لِکھا ہے؛ پَس دیکھو، اگر اَیسا ہو کہ وہ تَوبہ کریں اور صِیُّون کے خِلاف نہ لڑیں، اور اپنا اَلحاق اُس طاغوتی اور مکرُوہ کلیسیا سے نہ کریں تو وہ بچائے جائیں گے؛ پَس خُداوند خُدا اپنے عہُود کو جو اُس نے اپنی اُمت سے کِیے ہُوئے ہیں پُورے کرے گا؛ اور اِسی سبب سےنبی نے یہ باتیں لِکھی ہیں۔

۱۳ پَس، وہ جو صِیُّون اور خُداوند کے موعودہ لوگوں کے خِلاف لڑتے ہیں اُن کے پاؤں کی خاک چاٹیں گے؛ اور خُداوند کے لوگ شرمندہ نہ ہوں گے۔ پَس خُداوند کے لوگ وہ ہیں جو اُس کے مُنتظر ہیں؛ پَس وہ ہنُوز مَمسُوح کی آمد کا اِنتظار کرتے ہیں۔

۱۴ اور دیکھو، نبی کے کلام کے مُطابق، مَمسُوح دُوسری مرتبہ اُنھیں واپس لانے کے لِیے خُود کو پیش کرے گا؛ پَس، اُن کے دُشمنوں کی تباہی کے واسطے وہ اپنے تئیں اُن پر قُدرت اور بڑے جلال کے ساتھ ظاہر کرے گا، وہ دِن آتا ہے جب وہ اُس پر اِیمان لائیں گے؛ اور جو اُس پر اِیمان لاتے ہیں وہ کسی کو بھی ہلاک نہ کرے گا۔

۱۵ اور جو اُس پر اِیمان نہ لائیں گے، ہر چند، آگ سے، اور طُوفان سے، اور بھونچال سے، اور خُون ریزی سے اور مُصیبتوں سے، اور قحط سے، وہ نیست و نابُود ہوں گے۔ اور وہ جانیں گے کہ خُداوند ہی خُدا ہے، اِسرائیل کا قُدُّوس۔

۱۶ کیا زبردست سے شکار چھین لِیا جائے گا، اور کیا راست باز قیدی چُھڑا لِیے جائیں گے؟

۱۷ لیکن خُداوند یُوں فرماتا ہے: درحقیقت زورآور کے قیدی لے لِیے جائیں گے اور مہیب کا شکار بھی چُھڑایاجائے گا؛ پَس خُدائے قادر اپنے موعودہ لوگوں کو چُھڑائے گا۔ پَس خُداوند یُوں فرماتا ہے: جو تیرے ساتھ جھگڑتا ہے مَیں اُن کے ساتھ جھگڑوں گا—

۱۸ اور مَیں تُم پر ظلم کرنے والوں کو اُنھی کا گوشت کِھلاؤں گا اور وہ میٹھی مَے کی مانِند اپنا ہی خُون پی کر بدمست ہوں جائیں گے؛ اور ہر بشر جانے گا کہ مَیں، خُداوند، تیرا نجات دینے والا، اور تیرا مُخلصی دینے والا، یعقُوب کا قادر ہُوں۔