صحائف
ہِیلیمن ۱۰


باب ۱۰

خُداوند نِیفی کو سر بمُہر کرنے کا اِختیار دیتا ہے—اُسے زمِین اور آسمان پر باندھنے اور کھولنے کا اِختیار ہے—وہ حُکم دیتا ہے کہ لوگ تَوبہ کریں ورنہ ہلاک ہوں گے—رُوح اُسے ایک ہجُوم سے دُوسرے ہجُوم میں لے جاتا ہے۔ قریباً ۲۱—۲۰ ق۔م۔

۱ اور ایسا ہُوا کہ جب وہ لوگوں کے درمیان میں کھڑا تھا تو اُن میں تفرقات نے سر اُٹھایا، اِس قدر کہ وہ اِدھر اُدھر گروہوں میں بٹ گئے، اور نِیفی کو اکیلا چھوڑ کر، اپنی اپنی راہوں پر ہو لیے۔

۲ اور ایسا ہُوا کہ اُن باتوں پر غور کرتے ہُوئے جو خُداوند نے اُس پر ظاہر کیں، نِیفی نے اپنے گھر کی راہ لی۔

۳ اور ایسا ہُوا کہ جب وہ یُوں غور کر رہا تھا—اور وہ نِیفی کی قَوم کی بدکاریوں، اُن کے تارِیک خُفیہ کاموں، اور اُن کی قتل و غارت، اور اُن کی لُوٹ مار، اور ہر طرح کی بدیوں کے باعث، بُہت زیادہ غمگین ہُوا—اور ایسا ہُوا کہ جب وہ یُوں اپنے دِل میں غور کر رہا تھا، تو دیکھو، اُس تک آواز آئی، فرمایا:

۴ نِیفی، جِن کاموں کو تُو نے انجام دِیا اُن کے واسطے تُو مُبارک ٹھہرا ہے؛ پَس مَیں نے دیکھا ہے کہ تُو نے کِس مُستعِدی سے کلام کی مُنادی کی ہے، جو مَیں نے تُجھے، اِس اُمّت کے لیے دِیا ہے۔ اور تُو نے اُن سے خَوف نہ کھایا، اور اپنی زِندگی کی پروا نہ کی، بلکہ میری مرضی پُوری کرنے، اور میرے حُکموں کو ماننے کا خواہاں رہا ہے۔

۵ اور اب، چُوں کہ تُو نے یہ کام مُستعِدی سے انجام دِیا ہے، دیکھ، مَیں تُجھے ہمیشہ کے لیے برکت دُوں گا؛ اور میں تُجھے کلام میں، اور کام میں، اور اِیمان میں اور اَعمال میں مضبُوط بناؤں گا؛ ہاں، یعنی تیرے ساتھ سب کُچھ تیرے کلام کے مُوافق ہو گا، پَس تُو اَیسا کُچھ نہ مانگنا جو میری مرضی کے خِلاف ہے۔

۶ دیکھ، تُو نِیفی ہے، اور مَیں خُدا ہُوں۔ دیکھ، مَیں اپنے فرشتوں کی موجُودگی میں تیرے سامنے اِعلان کرتا ہُوں، کہ تُجھے اِس اُمّت پر اِختیار ہوگا، اور اِس قَوم کی بدیوں کے موافِق، دُنیا کو قحط، اور وَبا، اور تباہی کے ساتھ مارے گا۔

۷ دیکھ، مَیں تُجھے اِختیار دیتا ہُوں، کہ جو کُچھ تُو زمِین پر سربمُہر کرے گا آسمان پر بھی سربمُہر کِیا جائے گا؛ اور جو کُچھ تُو زمِین پر کھولے گا آسمان پر کھولا جائے گا؛ اور یُوں اِس اُمّت کے درمیان میں تُجھے اِختیار ہو گا۔

۸ اور یُوں، اگر تُو اِس ہَیکل کو کہے کہ اِس کے دو ٹُکڑے ہو جائیں، تو اَیسا ہی ہو گا۔

۹ اور اگر تُو اِس پہاڑ سے کہے، تُو پست اور ہموار ہو جا، تو اَیسا ہی ہو گا۔

۱۰ اور دیکھ، اگر تُو کہے کہ خُدا اِس اُمّت کو ہلاک کرے گا، تو اَیسا ہی ہو گا۔

۱۱ اور اب دیکھ، مَیں تُجھے حُکم دیتا ہُوں کہ تُو جا اور اِس اُمّت میں فرمان جاری کر، کہ خُداوند خُدا جو قادرِ مُطلق ہے، یُوں فرماتا ہے: سِوا اِس کے کہ تُم تَوبہ کرو تُم ہلاک کِیے جاؤ گے، یعنی نیست و نابُود کر دِیے جاؤ گے۔

۱۲ اور دیکھ اب ایسا ہُوا کہ جب خُداوند نے نِیفی سے یہ باتیں کہیں، تو وہ رُک گیا اور اپنے گھر نہ گیا بلکہ اُن ہجُوموں کی طرف واپس لوٹا جو اُس رُویِ زمِین پر اِدھر اُدھر بِکھرے ہُوئے تھے، اور اُن کو خُداوند کا وہ کلام بیان کرنے لگا، جو اُن کی تباہی کی بابت اُن سے کہا جا چُکا تھا، اگر اُنھوں نے تَوبہ نہ کی۔

۱۳ اب دیکھو، اُس بڑے مُعجزہ کے باوجُود جو نِیفی نے اعلیٰ قاضی کی موت کے بارے میں اُنھیں بتا کر کِیا تھا، اُنھوں نے اپنے دِلوں کو سخت کِیا اور خُداوند کی باتوں پر کان نہ لگایا۔

۱۴ پَس نِیفی نے خُداوند کے کلام کا اِعلان اُن میں یہ کہہ کر کِیا: خُداوند یُوں فرماتا ہے، سِوا اِس کے کہ تُم تَوبہ کرو، تُم مارے جاؤ گے یعنی ہلاکت کی حد تک۔

۱۵ اور اَیسا ہُوا کہ جب نِیفی اُن کے ساتھ اِس کلام کی مُنادی کر چُکا، دیکھو، پھر بھی اُنھوں نے اپنے دِلوں کو سنگِین کِیے رکھا اور اُس کے کلام پر کان نہ لگایا؛ پَس اُنھوں نے اُس کے خِلاف لعن طعن کِیا، اور اُس پر ہاتھ ڈالنے کے خواہاں ہُوئے تاکہ وہ اُسے قید خانہ میں ڈالیں۔

۱۶ لیکن دیکھو، خُدا کی قُدرت اُس کے ساتھ تھی، اور وہ اُسے قید خانہ میں ڈالنے کے لیے پکڑ نہ سکے، کیوں کہ اُس کو رُوح کے وسِیلے سے وہاں سے اُٹھایا، اور اُن کے درمیان سے دُور لے جایا گیا۔

۱۷ اور اَیسا ہُوا کہ یُوں وہ رُوح میں آگے بڑھتا گیا، ایک ہجُوم سے دُوسرے ہجُوم میں، خُدا کے کلام کی مُنادی کرتا گیا، یعنی جب تک کہ وہ سب کے ہاں اِس کی مُنادی نہ کر چُکا، یعنی سب لوگوں کے درمیان میں اِسے بھیج نہ چُکا۔

۱۸ اور اَیسا ہُوا کہ اُنھوں نے اُس کی باتوں پر کان نہ لگایا؛ اور وہاں جھگڑے ہونے لگے، اِس قدر کہ وہ ایک دُوسرے کے خِلاف بٹ گئے اور ایک دُوسرے کو تلوار سے ہلاک کرنے لگے۔

۱۹ اور یُوں نِیفی کی اُمّت پر قضات کے عہدِ حُکُومت کا اِکھترواں برس ختم ہُوا۔

شائع کرنا