صحائف
ہیلیمن ۸


باب ۸

بدعُنوان قاضی لوگوں کو نِیفی کے خِلاف اُبھارنے کی کوشِش کرتے ہیں—ابرہام، مُوسیٰ، ذِینوس، ذِینوق، عزیاس، یسعیاہ، یرمیاہ، لِحی اور نِیفی سب نے مسِیح کی گواہی دی—اِلہام کے وسِیلہ سے نِیفی اعلیٰ قاضی کے قتل کا اِعلان کرتا ہے۔ قریباً ۲۳—۲۱ ق۔م۔

۱ اور اب ایسا ہُوا کہ جب نِیفی یہ کلام کر چُکا، تو دیکھو، وہاں پر آدمی تھے جو قاضی تھے، جِن کا تعلُق جدیانتن کے خُفیہ ٹولے سے بھی تھا، اور وہ خفا ہُوئے، اور اُنھوں نے لوگوں سے بُلند آواز میں اُس کے خِلاف چِلا کر کہا: تُم اِس شخص کو پکڑ کر کیوں نہیں لاتے، تاکہ جو جُرم اُس نے کِیا ہے، اُس کے مُطابق اِسے سزا دی جائے؟

۲ تُم اِس آدمی کو کیوں دیکھتے ہو، اور اِسے ہماری قَوم اور ہمارے قانُون کے خِلاف لعن طعن کرتے سُنتے ہو؟

۳ پَس دیکھو، نِیفی نے اُن کے قانُون کی خرابی کے بارے میں اُنھیں کہہ دِیا تھا؛ ہاں، نِیفی نے اُن سے بُہت ساری باتیں کہیں جو لِکھی نہیں جا سکتیں؛ اور اُس نے خُدا کے حُکموں کے خِلاف کوئی بات نہ کی۔

۴ اور وہ قاضی اُس سے خفا تھے کیوں کہ اُس نے اُن کے تارِیک خُفیہ کاموں کی بابت اُنھیں صاف صاف کہہ دِیا تھا؛ تاہم، اُنھیں اُس پر اپنے ہاتھ ڈالنے کی جُراَت نہ ہُوئی، کیوں کہ وہ لوگوں سے ڈرتے تھے مبادا وہ اُن کے خِلاف آواز اُٹھائیں۔

۵ پَس وہ لوگوں سے، یہ کہہ کر چِلّائے: تُم کیوں اِس آدمی کو ہمارے خِلاف لعن طعن کرنے دیتے ہو؟ پَس دیکھو، وہ اِن تمام لوگوں کو، حتیٰ کہ تباہی کے لیے سزاوار ٹھہراتا ہے؛ ہاں، اور یہ بھی کہ ہمارے بڑے بڑے شہر ہم سے لے لیے جائیں گے، اور ہمارے لیے اُن میں کوئی جگہ نہ رہے گی۔

۶ اور اب ہم جانتے ہیں کہ یہ نامُمکن ہے، کیوں کہ دیکھو، ہم زور آور، اور ہمارے شہر بڑے ہیں، پَس ہمارے دُشمن ہم پر غالِب نہیں آ سکتے۔

۷ اور ایسا ہُوا کہ یُوں اُنھوں نے نِیفی کے خِلاف لوگوں کو غُصّہ میں اُبھارا، اور اُن میں جھگڑے برپا کِیے؛ پَس اُن میں سے بعض چِلّا کر کہنے لگے: اِس شخص کو اکیلا چھوڑ دو، پَس یہ نیک آدمی ہے، اور وہ باتیں جو یہ کہتا ہے، درحقیقت ہوں گی، سِوا اِس کے کہ ہم تَوبہ کر لیں۔

۸ ہاں، دیکھو، وہ ساری سزائیں ہم پر نازل ہوں گی جِن کی اِس نے ہمیں گواہی دی ہے؛ پَس ہم جانتے ہیں کہ ہماری بدیوں کی بابت اُس نے بالکل دُرست گواہی دی ہے۔ اور دیکھو ہماری بدیاں بُہت زیادہ ہیں، اور جیسا کہ وہ ہماری بدیوں کو جانتا ہے، وہ اُن سب باتوں کو بھی جانتا ہے جو ہم پر گُزریں گی۔

۹ ہاں، اور دیکھو، اگر وہ نبی نہ ہوتا تو اُن باتوں کی بابت گواہی نہ دے سکتا۔

۱۰ اور ایسا ہُوا کہ وہ لوگ جو نِیفی کو ہلاک کرنے کے خواہاں تھے اپنے خَوف کے باعث مجبُور تھے، کہ اُنھوں نے اُس پر اپنے ہاتھ نہ ڈالے؛ پَس اُس نے دیکھا کہ اُس نے بعض لوگوں کی نِگاہ میں مقبُولیت پا لی ہے، تو وہ دوبارہ اُن سے کلام کرنے لگا، یہاں تک کہ باقی ماندہ خَوف زدہ ہُوئے۔

۱۱ پَس وہ اُن سے مزید یہ کہتے ہُوئے کلام کرنے پر مجبُور ہو گیا: دیکھو، میرے بھائیو، کیا تُم نے پڑھا نہیں ہے کہ خُداوند نے ایک شخص یعنی مُوسیٰ کو بحرِ قُلزم کے پانیوں پر عصا مارنے کی قُدرت بخشی، اور وہ اِدھر اُدھر دو حِصّوں میں بٹ گئے، اِس قدر کہ اِسرائِیلی جو ہمارے باپ دادا تھے، خُشک زمِین پر سے چل کر آئے، اور پانی مِصریوں کی فَوج پر چڑھ آیا اور اُنھیں نِگل گیا؟

۱۲ اور اب دیکھو، اگر خُدا نے اُس شخص کو اَیسی بڑی قُدرت بخشی تھی، تو پھر تُم آپس میں یہ تکرار کیوں کرتے، اور کہتے ہو کہ اُس نے مُجھے قُدرت نہیں بخشی جِس سے مَیں اُن سزاؤں کے بارے جان سکُوں جو تُم پر نازِل ہوں گی سِوا اِس کے کہ تُم تَوبہ کر لو؟

۱۳ البتہ، دیکھو، تُم نہ صرف میری باتوں کا اِنکار کرتے ہو، بلکہ تُم اُن سب باتوں کا بھی اِنکار کرتے ہو جو ہمارے باپ دادا نے فرمائی ہیں، اور اُن باتوں کا بھی جو اُس آدمی، مُوسیٰ نے فرمائی تھیں، جِسے اِتنی زیادہ قُدرت بخشی گئی تھی، ہاں، وہ کلام جو اُس نے ممسُوح کی آمد کی بابت کِیا تھا۔

۱۴ ہاں، کیا اُس نے گواہی نہیں دی تھی کہ خُدا کا بیٹا آئے گا؟ اور جِس طرح اُس نے پِیتل کا سانپ بیابان میں بُلند کیا، یعنی اُسی طرح آنے والا اُوپر اُٹھایا جائے گا۔

۱۵ اور جِتنوں نے اُس سانپ پر نظر ڈالی زندہ رہے، یعنی جِتنے بھی پشیمان رُوح کے ساتھ اِیمان لا کر، خُدا کے بیٹے کی جانب دیکھیں گے، زِندہ رہیں گے، یعنی وہ زِندگی پائیں گے جو کہ اَبَدی ہے۔

۱۶ اور اب دیکھو، فقط مُوسیٰ نے ہی نہیں، بلکہ تمام پاک نبیّوں نے بھی، اُس کے ایّام یعنی ابرہام کے زمانہ تک اِن باتوں کی گواہی دی۔

۱۷ ہاں، اور دیکھو، ابرہام نے اُس کی آمد کو دیکھا، اور خُوشی سے معمُور اور شادمان ہُوا۔

۱۸ ہاں، اور دیکھو مَیں تُم سے کہتا ہُوں، کہ ابرہام نہ صرف اِن باتوں کے بارے میں جانتا تھا، بلکہ ابرہام کے ایّام سے پیشتر بھی بُہت سے تھے، جو خُدا کے طریق کے موافق بُلائے گئے تھے؛ ہاں، یعنی اُس کے بیٹے کے طریق کے موافق؛ اور یہ اِس لیے کہ اُس کی آمد سے کئی ہزار سال پہلے، لوگوں پر یہ ظاہر کِیا جائے، تاکہ وہ بھی مُخلصی پائیں۔

۱۹ اور اب مَیں چاہتا ہُوں کہ تُم جان لو، کہ ابرہام کے ایّام سے لے کر بُہت سے نبی آئے، جِنھوں نے اِن باتوں کی گواہی دی تھی؛ ہاں، دیکھو، ذینوس نبی نے دلیری سے گواہی دی؛ جِس کے سبب سے وہ قتل کِیا گیا۔

۲۰ اور دیکھو ذینوق نے بھی، اور عزیاس نے بھی، اور یسعیاہ، اور یرمیاہ نے بھی، (یرمیاہ وہی نبی تھا جِس نے یروشلِیم کی تباہی کی گواہی دی تھی) اور اب ہم جانتے ہیں کہ یروشلِیم یرمیاہ کے کلام کے موافق تباہ کِیا گیا۔ آہ، تو پھر اُس کی نبُوّت کے مطابق خُدا کا بیٹا کیوں نہیں آئے گا؟

۲۱ اور کیا تُم اب بھی تکرار کرو گے کہ یروشلِیم تباہ ہُوا تھا؟ کیا تُم کہو گے کہ میولک کے علاوہ، صدقیاہ کے سب بیٹے قتل نہیں کیے گئے؟ ہاں، کیا تُم نہیں دیکھتے کہ صدقیاہ کی اَولاد ہمارے ساتھ ہے، اور وہ یروشلِیم کی سرزمین سے نِکال دِیے گئے تھے؟ بلکہ دیکھو یہی سب کُچھ نہیں ہے—

۲۲ ہمارے باپ لِحی کو یروشلِیم سے نِکال دِیا گیا تھا کیوں کہ اُس نے اِن باتوں کی گواہی دی تھی۔ نِیفی نے بھی اِن باتوں کی گواہی تھی، اور قریباً ہمارے سب باپ دادا نے بھی، یعنی اِس موجُودہ زمانہ تک؛ ہاں، اُنھوں نے مسِیح کی آمد کی بابت گواہی دی ہے اور مُنتظر رہے ہیں، اور اُس کے یوم سے شادمان ہُوئے جو آنے کو ہے۔

۲۳ اور دیکھو، وہ خُدا ہے، اور وہ اُن کے ساتھ ہے، اور اُس نے خُود کو اُن پر ظاہر کِیا، تاکہ وہ اُس کے وسِیلے سے مُخلصی پائیں؛ اور اُنھوں نے اُس کی تمجید، اُس سبب سے کی جو آنے کو ہے۔

۲۴ اور اب، کیوں کہ تُم اِن باتوں کو جانتے ہو اور اِن سے انکار نہیں کر سکتے، سوا اِس کے کہ تُم جُھوٹ کہو گے، پَس ایسا کر کے تُم نے گُناہ کِیا ہے، کیوں کہ تُم نے اِن سب باتوں کو ردّ کِیا ہے، باوجود اِس کے کہ تُم نے کئی ثبوت پائے؛ ہاں، یعنی تُم نے تمام چیزیں پائیں، دونوں آسمان میں، اور تمام چیزیں جو زمین میں ہیں، اُن کی گواہی پائی ہے کہ یہ سچّ ہیں۔

۲۵ بلکہ دیکھو، تُم نے سچّائی کو ردّ کِیا ہے، اور اپنے پاک خُدا کے خِلاف بغاوت کی ہے؛ اور حتیٰ کہ اِس وقت، آسمان پر اپنے لیے خزانے جمع کرنے کی بجائے، جہاں پر کوئی شَے خراب نہیں کرتی، اور جہاں پر کوئی ناپاک چِیز نہیں آ سکتی، تُم آپ اپنے تئیں یومِ عدالت کے لیے قہر کا ڈھیر جمع کر رہے ہو۔

۲۶ ہاں، یعنی اِس وقت تُم اپنی قتل و غارت، اور اپنی حرام کاری، اور بدکاری، کے سبب سے اَبدی تباہی کے لیے پک رہے ہو؛ ہاں، اور سِوا اِس کے کہ تُم تَوبہ کر لو یہ تُم پر جلد نازِل ہونے کو ہے۔

۲۷ ہاں، دیکھو اب یہ یعنی تُمھارے دروازوں پر ہے؛ ہاں، تُم تختِ عدالت کی طرف جاؤ، اور تلاش کرو؛ اور دیکھو، تُمھارا قاضی قتل کر دِیا گیا ہے، وہ اپنے خُون میں لت پت پڑا ہے؛ اور اُس کے بھائی نے اُسے قتل کِیا ہے۔ جو تختِ عدالت پر بیٹھنے کا خواہاں ہے۔

۲۸ اور دیکھو، وہ دونوں تُمھارے خُفیہ ٹولے سے مُنسلک ہیں، جس کا بانی جدیانتن اور وہ اِبلیس ہے، جو لوگوں کی جانوں کی تباہی کا خواہاں ہے۔

شائع کرنا