”آ، میرے پِیچھے ہو لے کے ذریعے خِدمت گُزاری،“ لیحونا، ستمبر ۲۰۲۰
اُصولِ خِدمت گُزاری، ستمبر ۲۰۲۰
آ، میرے پِیچھے ہو لے کے ذریعے خِدمت گُزاری
دُوسروں کی زِندگی پر اثر انداز ہونے میں آ، میرے پِیچھے ہو لے کتابچہ، کیسے آپ کی مدد کر سکتا ہے؟
چاہے آپ اپنے خاندان کے ساتھ ہوں، بطور معلم یا طالب علم سبت سکول کے کمرہِ جماعت میں، یا سکول میں، یا کام پر، یا کہیں پر بھی ہوں، آ، میرے پِیچھے ہو لے کے ذریعے مُطالعہِ صحائف آپ کو دُوسروں کی خِدمت گُزاری کے وافر مواقع فراہم کرتا ہے۔ بہر حال، تدریس، ”صرف گفتگو میں رہنمائی کرنے کا نام نہیں ہے؛ اِس میں پیار سے دُوسروں کی خِدمت گُزاری کرنا اور دُوسروں کو اِنجیل سے بابرکت کرنا شامل ہے۔“۱
طالبِ علموں کے ساتھ رابطہ
جب اوفیلیا تریخو دے کاردیناس کو میکسیکو شہر کے اپنے حلقہ میں نوجوان بالغین کو تعلیم دینے کی بُلاہٹ ملی تو اُس نے محسوس کیا کہ سبت سکول کے اپنے ہر طالبِ علم کے ساتھ قریبی تعلق استوار کرنا، اُنھیں تعلیم دینے اور مضبوط کرنے کی اُس کی استعداد میں اضافہ کرے گا۔
وہ کہتی ہے ”اگر میرا اپنے طالبِ علموں کے ساتھ قریبی رشتہ نہ ہو اور اگر وہ میری محبّت محسوس نہ کریں، تو ممکن ہے کہ جب مَیں کلاس میں تعلیم دے رہی ہوں یا اپنی گواہی دوں تو وہ میرا اعتبار نہ کریں۔“ ”ممکن ہے کہ وہ یہ سمجھیں کہ میں صرف ایک سبت سکول معلمہ ہوں۔“
لیکن اگر بہن کاردیناس ہر دو ہفتے میں ایک بار ہی تعلیم دیں تو وہ کیونکر ایسا اچھا تعلق قائم کر سکتی ہیں؟ اُسے اِس کا جواب ٹیکنالوجی کے ذریعے ملا۔ موبائل کی وٹس ایپ ایپلیکشن کا استعمال کرتے ہوئے، جلد ہی وہ اور اُس کے طالبِ علم ٹیکسٹ اور صوتی پیغامات کے ذریعے ایک دوسرے کے ساتھ روزانہ رابطے میں رہنے لگے۔ اب، ہر روز سبت سکول کے آئندہ سبق سے پہلے، جماعت کا کوئی رضاکار دیگر ارکانِ جماعت کو آئندہ سبق سے متعلقہ صحیفہ کی آیت اور اپنے خیالات ارسال کرتا ہے۔ آیت اور خیالات پڑھ لینے کے بعد کلاس کے ارکان جواباً اپنے خیالات بتاتے ہیں۔
بہن کاردیناس کہتی ہے، ”جب وہ صحیفہ پڑھ لیتے ہیں تو وہ مسکراہٹ بھیجتے ہیں تاکہ مجھے پتہ چل جائے کہ اُنھوں نے صحیفہ پڑھ لیا ہے اور کہ اُنھوں نے اِس کے متعلق سوچ بچار کی ہے۔“ جب اگلے اتوار سبق کا وقت ہوتا ہے، تو طالب علم شرکت کے لیے تیار ہوتے ہیں۔
اِس روازنہ کے رابطے نے ایک نوجوان بالغ کو بہت برکت بخشی جس کے والدین کلیِسیا میں سرگرم نہیں ہیں۔
”مجھے اُسے چرچ میں دیکھنا بہت اچھا لگتا ہے کیونکہ مجھے پتہ ہے کہ وہ بہت سی مشکلات سے گزر کر یہاں پہنچتا ہے،“ بہن کاردیناس کہتی ہیں۔ ”مجھے یقین ہے کہ اُس کے ہم جماعتوں کی طرف سے بھیجے ہوئے صحائف و خیالات اور اُس کی باری پر اُس کی طرف سے بھیجے گئے صحائف اور خیالات نے اُسے بہت زیادہ تقویت بخشی ہے۔“
بہن کاردیناس کہتی ہے کہ صحائف کے ذریعے خِدمت گُزاری کا اختتام اُس کے اتوار کے سبق اور اُس کی جماعت کے روزانہ کے صحیفائی رابطے پر نہیں ہوتا۔
”میری تیاری میں اپنے طالبِ علموں کے لیے دُعا کرنا شامل ہے،“ وہ کہتی ہے۔ ”میں نہ صرف اِتوار کو بلکہ ہفتے کے ہر دن اُن کے بارے میں سوچتی ہوں۔ اُن میں سے ہر ایک کی ضروریات مخصوص اور مختلف ہیں۔ ہر ایک طفلِ خُدا ہے۔ جب میں اپنے اسباق تیار کر رہی ہوتی ہوں؛ تو میں اُن کے بارے میں سوچتی ہوں۔“
اور جب وہ تعلیم دے رہی ہوتی ہیں، تو وہ سُنتی ہیں—اپنے طالبِ علموں اور رُوحُ الُقدس، دونوں کو۔
”معلم تو رُوح ہے،“ جسے وہ اپنے طالبِ علموں کی باتوں میں سُنتی ہیں۔ ”میرے لیے دھیان سے سُننا بہت ضروری ہے کیونکہ جو کچھ وہ کہتے ہیں وہ اُن کو رُوح کی طرف سے بخشا گیا مُکاشفہ ہے۔“
ہماری کلاس ”خاندانی شام کی مانند“ ہوتی ہے
کارلا گوتیارز اورتیگا کوردوبا خود کو بہن کاردیناس کی جماعت کے خِدمت گُزار اور تغذیہ ماحول کے سبب اُس کلاس کی رکن ہو کر خود کو بابرکت محسوس کرتی ہیں۔ کارلا مختلف عناصر کو اِس ماحول کی وجہ بتاتی ہیں، بشمول:
-
تیاری: صحائف اور خیالات کا اشتراک طالبِ عملوں کو اگلی کلاس کی تیاری میں مدد فراہم کرتا ہے۔ وہ کہتی ہے، ”روزانہ کی بنیاد پر مُطالعہِ صحائف ہماری نشو نما کرتا اور ہمارے علم کو وسعت بخشتا ہے۔“
-
شرکت: ”ہم سب بولتے ہیں۔ اِس سبب سے مَیں اپنے ہم جماعتوں کو مزید گہرے طور پر، بطور دوست اور بطور بہن اور بھائی جان سکتی ہوں۔“
-
محبّت: ”بہن کاردیناس ہاتھ تھام لیتی ہیں۔ ہماری جماعت بہت سارے بہن بھائیوں کے ہمراہ، خاندانی شام کی مانند محسوس ہوتی ہے۔ یہ بہت خاص ہے۔“
-
رُوحُ الُقدس: ”ہماری جماعت میں خوش گوار، اور ہم آہنگی کی رُوح ہوتی ہے کیونکہ ہم رُوح کے اعتبار سے ایک ہی سطح پر ہوتے ہیں۔“
-
گواہی: ”آ، میرے پِیچھے ہو لے نے میری مدد کی ہے کہ میں اپنی گواہی دینے کے لیے تیار رہوں۔ مجھے مورمن کی کتاب اور بائبل کا مزید گہرا علم حاصل ہوا ہے۔ اِس کی بدولت سکول میں اپنے ہم جماعتوں اور کام پر لوگوں کے ساتھ مَیں اپنے حاصل کردہ علم کا اشتراک کرسکتی ہوں۔“
رُوحانی ضروریات میں خدمت گزاری کرنا
جب کنٹیکی، یو ایس اے، کے گریگ اور نِکی کرسچنسن نے اپنے تین بَیٹوں کے ساتھ ابرؔہامی عہد کا مُطالعہ کیا تو اُن کے لیے اِس کی وضاحت کرنا مشکل تھا۔ اُنھوں نے بطور خاندان یہ فیصلہ کیا کہ اُن میں سے ہر ایک اپنے طور پر ابرؔہامی عہد کا مُطالعہ کرے گا اور پھر اپنے علم کا اشتراک کرے گا۔
”ہمیں بڑے دلچسپ تبصرے سُننے کو ملے،“ گریگ کہتا ہے۔ ”ہمارے آٹھ سال کے بّچے نے سیکھا کہ ابرؔہام کا نام ابراؔم ہوا کرتا تھا۔ اُس کا نام ابرؔہام میں اِس لیے تبدیل ہوا کیونکہ اُس نے خُداوند سے وعدہ کیا کہ وہ گُناہوں سے منہ موڑ کر راستباز زِندگی بسر کرے گا۔ میرے لیے حیرانگی کی بات تھی کہ اُس نے خود سے یہ باتیں تلاش کی تھیں۔“
اُن سب نے کچھ نیا سیکھا اور اِس بارے میں اچھی گفتگو ہوئی کہ ابرؔہامی عہد کیا ہے اور آج ایّامِ آخِر کے مُقدّسین کے لیے اِس کے کیا معنی ہیں۔
”اپنے خاندانی مُطالعہِ صحائف کے لیے ہم مل کر باری باری صحائف کی آیات پڑھا کرتے تھے،“ نِکی کہتی ہے۔ ”آ، میرے پِیچھے ہو لے کو مزید رُوح سے تعلیم دینے کے لیے مرتب کیا گیا ہے۔ اب جب ہم مل کر صحائف کا مُطالعہ کرتے ہیں، تو میں اپنی گفتگو کو اپنے خاندان کی ضروریات کے مطابق کسی دوسری سمت میں لے جانے کے لیے رُوح سے اشارے پاتی ہوں۔“
آ، میرے پِیچھے ہو لے کے استعمال نے نہ صرف اُن کے خاندان کی مدد کی ہے کہ وہ خاندانی مُطالعہِ اِنجیل میں دلچسپی سے مشغول ہوں بلکہ اِس نے گریگ اور نِکی کی مدد بھی کہ ہے کہ اپنے بچّوں کی رُوحانی ضروریات میں اُن کی خدمت گزاری کریں۔
”آ، میرے پِیچھے ہو لے میرے بچّوں کو تعلیم دینے میں میری مدد کرتی ہے،“ نِکی کہتی ہے۔ ”اِس سے مجھے بعض اوقات بچوں سے درپیش مختلف مشکلات سے نمٹنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ میں رُوح کے زیادہ قریب محسوس کرتی ہوں، میں مزید دھیان سے سُنتی ہوں، اور مجھے تحریک ملتی ہے کہ ہر بچّے کی مدد کیسے کروں۔“
گریگ اِنجیل کی طویل گفتگو سے لطف اندوز ہوتا ہے جو آ، میرے پِیچھے ہو لے کی مدد سے خاندان میں زیرِ بحث لائی جاتی ہے۔ ”اپنے اِنجیلی علم کے اعتبار سے ہمارے سب بیٹے مختلف ہیں،“ وہ کہتا ہے۔ ”آ، میرے پیچھے ہو لے نے ہماری مدد کی ہے کہ ہم اُنھیں اُن کی ضرورت پر مبنی تعلیم دے سکیں۔ اِنجیل کے لیے اُن کی محبّت میں اضافے کا مشاہدہ کرنا اور دیکھنا کہ وہ یہ جانیں کہ اِنجیلی علم کو کیسے وہ اپنی زِندگیوں میں لاگو کر سکتے ہیں، شاندار برکت ہے۔“
© 2020 by Intellectual Reserve, Inc. All rights reserved. امریکہ میں طباعت کی گئی۔ اجازت برائے انگریزی: 6 /19۔ اجازت برائے ترجمہ: 6 /19۔ ترجمہ برائے Ministering Principles, September 2020. Urdu. 16724 434