خُدا کا اِرادہ آپ کو گھر واپس لانا ہے
باپ کے منصوبے کا ہر پہلو اپنے پیارے بچّوں کو گھر لانے کے لئے تیار کیا گیا۔
مَیں آپ کی دُعاؤں کا شُکریہ ادا کرنا چاہتا ہُوں جیسا کہ اب میں نے صدر نیلسن کے ذریعے سے خُداوند یِسُوع مسِیح کے رسُول کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کی بُلاہٹ سے ہم آہنگ ہونے کا آغاز کیا ہے۔ آپ شاید اچھی طرح سے تصّور کر سکتے ہیں کہ اِس سے مُجھے کتنی عاجزی محسُوس ہوئی ہے، اور یہ غیر معمولی سوچ بچار اور سنجیدگی سے اپنی جانچ پڑتال کا وقت رہا ہے۔ یہ، یقیناً، کسی بھی حیثیت میں نجات دہندہ کی خِدمت کرنا اور اُس کی اُمید بھری اِنجیل کی خُوش خبری پھیلانے میں آپ کے ساتھ مشغُول ہونا میرے لیے بہت بڑا اعزاز رہا ہے۔
اِس کے علاوہ یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہر نئے رسُول کے پیچھے ایک حیرت انگیز ساس ہوتی ہے۔ مُجھے نہیں معلوم کہ یہ واقعی کہا گیا ہے، لیکن میرے معاملے میں، یقیناً ایسا ہی ہے۔ اور مُجھے شبہ ہے درحقیقت میری ساس کا اب ہمارے درمیان نہ ہونا بھی، اُن کی حیرت کم نہیں کرتا۔
کئی ماہ پہلے، جب مَیں اور میری بیوی کلِیسیا کی مختلف ذمہ داریوں کے لئے دُوسرے مُلک کا دورہ کر رہے تھے، تو مَیں ایک صُبح سویرے اُٹھا اور اپنے ہوٹل کی کھڑکی کے باہر دیکھا۔ نیچے مصروف سڑک پر، مَیں نے دیکھا کہ روڈ بلاک لگا کر کسی پولیس اہلکار کو تعینات کر دِیا گیا تھا تاکہ گاڑیاں روڈ بلاک تک پُہنچیں تو اُنھیں واپس بھیج دِیا جائے۔ شُروع میں، صرف چند کاریں سڑک پر آئیں اور اُنھیں واپس موڑ دِیا گیا۔ لیکن جُوں جُوں وقت گزرتا گیا اور ٹریفک میں اضافہ ہوتا گیا، گاڑیوں کی قطاریں بڑھنے لگیں۔
اُوپر کھڑکی سے، مَیں نے دیکھا کہ پولیس اہلکار ٹریفک کے بہاؤ کو روکنے اور لوگوں کو واپس بھیجنے میں اپنی طاقت پر اطمینان محسوس کرتا دِکھائی دِیا۔ درحقیقت، وہ اپنے قدموں پر اُچھلتا دِکھائی دینے لگا، لگتا تھا کہ کسی گاڑی کے اُس رکاوٹ کے قریب پُہنچتے ہی وہ اُچھل کُود کرنے لگے گا۔ اگر کوئی ڈرائیور اُس رکاوٹ پر غُصہ کرتا تو، پولیس اہلکار مددگار یا ہمدرد نظر نہ آتا۔ وہ بار بار اپنا سر ہلاتا اور مخالف سمت کی طرف اِشارہ کر دیتا۔
میرے دوستو، میرے ساتھی شاگردو فانی زندگی کے راستے پر ہمارے باپ کا خُوب صُورت منصوبہ، حتیٰ کہ اُس کا ”شان دار“ منصوبہ، آپ کو گھر لانے کے لئے کیا تیار کِیا گیا ہے، نہ کہ آپ کو محروم رکھنے کے لئے۔ کسی نے بھی رکاوٹ کھڑی نہیں کی ہے اور آپ کو واپس بھیجنے کے لئے کسی کو وہاں تعینات نہیں کیا ہے۔ درحقیقت، یہ اِس کے بالکل برعکس ہے۔ خُدا مسلسل آپ کے پیچھے آتا ہے۔ وہ ”چاہتا ہے کہ اُس کے تمام بچّے اُس کی طرف لوٹنے کا انتخاب کریں،“ اور وہ آپ کو واپس لانے کے لئے ہر ممکن طریقہ استعمال کرتا ہے۔
ہمارے محبّت کرنے والے باپ نے اِس زمین کی تخلیق کی نگرانی کی تاکہ آپ اور مَیں فانی زندگی کے وسیع اور بہتر تجربات پانے کا موقع پائیں، کہ خُدا کی عطا کردہ اخلاقی مُختاری کو استعمال کر کے اُسے مُنتخب کرنے کا موقع پائیں، تاکہ سیکھنے، بڑھنے، غلطیاں کرنے، توبہ کرنے، خُدا اور اپنے پڑوسی سے محبّت کرنے کا موقع پائیں اور ایک دن اُس کے پاس گھر لوٹ جائیں۔
اُس نے اپنے گوہرِ نایاب پیارے بیٹے کو فانی دُنیا میں بھیجا کہ وہ انسانی زندگی کا پُوری طرح سے تجربہ حاصل کرے، تاکہ خُدا کے باقی بچّوں کو پیروی کی مثال فراہم کرے، اور کفّارہ دے اور نجات لائے۔ مسِیح کےعظیم کفّارے کی نعمت جسمانی اور رُوحانی موت کی ہر رکاوٹ کو دُور کرتی ہے جو ہمیں اپنے ابدی گھر سے الگ کرتی ہے۔
باپ کے منصوبے کا ہر پہلو اپنے ہر بچّے کو گھر لانے کے لئے تیار کیا گیا۔
خُدا کے رسُول، اُس کے نبی، اِس منُصوبے کو بحالی کے صحیفے میں کیا کہتے ہیں؟ وہ اِسے مُخلصی کا منصُوبہ کہتے ہیں، رحم کا منصُوبہ خُوشی کا عظیم اُلشان منصُوبہ اور نجات کا منصوبہ جو سب کے لئے ہے، ”میرے اِکلوتے کے خُون کے وسیلے سے۔“
باپ کے خُوشی کے عظیم منصوبے کا مقصد ہماری خُوشی ہے، یہاں، ابھی، اور ابدیت میں۔ اِس کا مقصد ہماری خُوشی کو روکنے اور ہمیں پریشانی اور خوف پیدا کرنے کے لئے نہیں ہے۔
باپ کے نجات کے منصوبے کا مقصد درحقیقت ہماری نجات ہے، یِسُوع مسِیح کے دُکھوں اور موت کے ذریعے سے ہم بچائے گئے، گُناہ اور موت کی قید سے آزاد کِیے گئے ہیں۔ اِس کا مقصد ہمیں ہمارے حال پر چھوڑنا نہیں ہے۔
باپ کے رحم کے منصوبے کا مقصد ہے کہ رحم کیا جائے جب ہم اُس کی طرف مُڑیں اور وفاداری کے ساتھ اپنے عہد کی پاس داری کریں۔ یہ رحم کی نفی کرنا نہیں ہے بلکہ درد اور غم کو کم کرنا ہے۔
باپ کے نجات کے منصوبے کا مقصد دراصل ہماری نجات ہے جلال کی آسمانی بادشاہی میں جب ہم یِسُوع کی گواہی پاتے ہیں تو اپنی ساری جان اُس کے حُضُور پیش کرتے ہیں۔ یہ ہمیں محروم رکھنے کے لیے نہیں ہے۔
کیا اِس کا مطلب ہے کہ ہر چیز اُس سے موافق ہوتی ہے جس طور ہم اپنی زندگی بسر کرتے ہیں؟ کہ جِس طرح ہم اپنی خُودمُختاری استعمال کرنے کا انتخاب کرتے ہیں اِس سے فرق نہیں پڑتا؟ کہ ہم خُدا کے احکامات کو مان سکتے یا رَد کر سکتے ہیں؟ نہیں، بِلاشُبہ نہیں۔ جیسا کہ اناجیل میں درج ہے، درحقیقت یِسُوع کی دُنیاوی خدمت کے دوران میں اُس کی سب سے مستقل دعوتوں اور اَلتجاؤں میں سے ایک یہ تھی کہ ہم تبدیل ہوں اور توبہ کریں اور اُس کے پاس آئیں۔ اُس کی تمام تعلیمات میں اعلیٰ اِخلاقی طرز عمل کے موافق زندگی بسر کرنے کے لیے ذاتی ترقی، مسِیح میں ایمان کی تبدیلی اور دِل کی زبردست تبدیلی کی دعوت پوشیدہ ہے۔
وہ چاہتا ہے کہ ہم اپنی فِطری خُود غرضی اور تکّبر سے بھری خواہشوں کی دوبارہ سمت بندی کریں، نفسانی انسان کو ترک کریں، تاکہ ہم ”بڑھتے جائیں، اور مزید گُناہ نہ کریں۔“
اگر ہم یقین رکھتے ہیں کہ باپ کے ہمہ گیر منصوبے کا مقصد ہمیں بچانا، ہمیں نجات دلانا، ہم پر رحم کرنا اور اِس طرح ہمیں خُوشی دینا ہے، تو اُس کے بیٹے کا ارادہ کیا ہے جس کے وسیلے سے یہ عظیم منصوبہ لایا گیا ہے؟
بیٹا ہمیں خُود فرماتا ہے، ”کِیُوں کہ مَیں آسمان سے اِس لِیے نہِیں اُترا ہُوں کہ اپنی مرضی کے مُوافِق عمل کرُوں بلکہ اِس لِیے کہ اپنے بھیجنے والے کی مرضی کے مُوافِق عمل کرُوں۔“
یِسُوع کی مرضی مہربان باپ کی مرضی ہے! وہ اپنے باپ کے ہر بچّے کے لئے یہ ممکن بنانا چاہتا ہے کہ اِس منصُوبے کا ابدی مقصد—اُن کے ساتھ ابدی زندگی پائیں۔ کوئی بھی اِس الہی مَقدور سے مُستَثنٰی نہیں ہے۔
اگر آپ کو اس بات کی فکر لاحق ہے کہ آپ کبھی یہ نہیں کر سکیں گے، یا یہ کہ مسِیح کے لامحدود کفارے کی محبّت بھری رسائی رحم دلی جو ہر کسی کے لیے ہے، لیکن آپ کے لیے نہیں، تو آپ غلط فہمی کا شکار ہیں۔ لامحدود کا مطلب ہے نہ ختم ہونے والا۔ لامحدود آپ کے لیے اور جن سے آپ سے پیار کرتے ہیں اُن سب کے لیے ہے۔
نِیفی نے اِس سچّائی کو بڑی خُوب صورتی سے واضح کِیا: ”وہ دُنیا کی بھلائی کے سِوا کوئی امر انجام نہیں دیتا؛ کیوں کہ وہ دُنیا سے محبّت کرتا ہے، یہاں تک کہ وہ اپنی جان تک دے دیتا ہے تاکہ سب اِنسان اُس کی طرف رُجُوع لائیں۔ پس، وہ کسی کو یہ حُکم نہیں دیتا کہ اُس کی نجات میں شریک نہ ہوں۔“
نجات دہندہ، اچھا چرواہا، اپنی کھوئی ہُوئی بھیڑوں کی تلاش میں اُس وقت تک جاتا ہے جب تک کہ وہ اُنھیں تلاش نہ کر لے۔ ”وہ نہیں چاہتا کہ کوئی ہلاک ہو۔“
”میرا رحم کرنے والا ہاتھ تُمھاری طرف بڑھا ہُوا ہے اور جو کوئی آئے گا مَیں اُس کا استقبال کروں گا۔“
”کیا تُمھارے درمیان کوئی بیمار ہے؟ اُنھیں یہاں لاؤ۔ کیا تُم میں کوئی کم زور یا لنگڑا، یا ٹُنڈا، یا کوڑھی، یا وہ جو سُوکھے پن میں یا وہ جو بہرے ہیں یا وہ جو کسی قسم کی مصیبت میں ہیں؟ اُنھیں یہاں لاؤ اور مَیں اُنھیں شِفا دُوں گا، کیوں کہ مُجھے تُم سے ہمدردی ہے؛ میرے پیالے رحم سے بھرے ہیں۔“
اُس نے اُس عورت کو جِس کو خُون جاری تھا جِھڑک کر نہیں بھیجا، وہ کوڑھی سے پیچھے نہیں ہٹا، اُس نے زِنا میں پکڑی گئی عورت کو رَد نہیں کِیا، اُس نے خطاکار کا انکار نہیں کِیا— خواہ اُس کا کوئی بھی گُناہ کیوں نہ ہو۔ اور وہ تُمھیں یا اُن لوگوں کو جن سے تم محبّت رکھتے ہو انکار نہیں کرے گا جب تُم اپنے پشیمان دِلوں اور شکستہ روُحوں کو اُس کے پاس لاؤ گے۔ یہ اُس کا اِرادہ یا اُس کا طریق نہیں ہے، نہ ہی اُس کا منصوبہ، مقصد، خواہش، یا اُمید ہے۔
نہیں، وہ مُشکلات اور رکاوٹیں کھڑی نہیں کرتا؛ بلکہ وہ اُنھیں ہٹا دیتا ہے۔ وہ آپ کو رَد نہیں کرتا؛ وہ آپ کا اِستقبال کرتا ہے۔ اُس کی پُوری خدمت اُس ارادے کی جیتی جاگتی مُنادی تھی۔
بے شک اُس کی کفّارہ بخش قُربانی، جسے سمجھنا ہمارے لیے مُشکل ہے، جسے سمجھنا ہماری فانی صلاحیت سے باہر ہے۔ لیکن، یہ اہم ہے ”بلکہ،“ ہم سمجھتے ہیں، اُس کے مُقدس، نجات بخش کفّارہ کے ارادے کو سمجھ سکتے ہیں۔
جب یِسُوع صلیب پر مر گیا تو ہیکل کا پردہ دو حِصوں میں بٹ گیا، جو اِس بات کی علامت تھا کہ باپ کی حُضُوری تک رسائی وسیع پیمانے پر کھول دی گئی تھی—اُن تمام لوگوں کے لئے جو اُس کی طرف رجُوع کریں گے، اُس پر بھروسا کریں گے، اُس پر اپنا بوجھ ڈالیں گے، اور عہد کے تعلق کے ذریعے سے اپنے اوپر اُس کا جُوا اُٹھائیں گے۔
دُوسرے لفظوں میں، باپ کا منصُوبہ رُکاوٹیں کھڑی کرنے کی بابت نہیں ہے۔ ایسا کبھی نہ تھا؛ اور نہ ہی کبھی ہوگا۔ ہمیں حُکموں پر عمل کرنے، اپنی عادتوں کے پہلوؤں کو تبدیل کرنے کے کون سے ایسے کام کرنے کی ضرورت ہے؟ جی ہاں۔ بلکہ اُس کے فَضل سے، جو ہماری پہُنچ میں ہیں، ہماری گرفت سے باہر نہیں ہیں۔
یہ اچھی خبر ہے! میں اِن سادہ سچائیوں کا بے حد شُکر گزار ہُوں۔ باپ کا تیار کردہ تصوّر، اُس کا منصوبہ، اُس کا مقصد، اُس کا ارادہ، اُس کی خواہش، اور اُس کی اُمید سب آپ کو شفا دینے کے لئے ہیں، سب آپ کو آرام دینے کے لئے ہیں، سب آپ کو گھر لانے کے لئے ہیں۔ اِس کا مَیں گواہ ہُوں یِسُوع مسِیح، اُس کے بیٹے کے نام پر، آمین۔