ہم بہتر کر اور بہتر بن سکتے ہیں
روزانہ تَوبہ کرنے پر دھیان لگانے کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنائیں تاکہ آپ کہانت کی پہلے سے کہیں زیادہ عظیم قدرت سے مشق کر سکیں۔
میرے پیارے بھائیو، خُداوند کی فوج کے کہانتی حاملین کے اِس عظیم اجتماع کا منظر نہایت حوصلہ افزا ہے۔ آپ اچھائی کی زبردست طاقت ہیں! ہم آپ سے پیار کرتے ہیں۔ ہم آپ کے لیے دُعاگو ہیں۔ اور ہم آپ کے لیے نہایت شکر گزار ہیں۔
حال ہی میں میں نے جوزف سمتھ کے ذریعہ دی گئی خُداوند کی ہدایات کے بارے میں بہت سوچا ہے: ”اِس نسل کو تَوبہ کے سوائے اور کوئی تعلیم نہ دینا۔“۱ یہ اعلان اکثر پاک کلام میں دہرایا گیا ہے۔۲ یہ ایک واضح سوال کی طرف اشارہ کرتا ہے: ”کیا سب کو تَوبہ کرنے کی ضرورت ہے؟“ اِس کا جواب ہے، جی ہاں۔
بہت سے لوگ تَوبہ کو سزا سمجھتے ہیں—اور سب سے زیادہ سنگین حالات کے علاوہ اِس سے بھاگتے ہیں۔ لیکن سزا کا یہ احساس شیطان وجود میں لاتا ہے۔ وہ ہمیں یِسُوع مِسیح کے متلاشی ہونے سے روکنے کی کوشش کرتا ہے،۳ جو ہمیں شفا دینے، معاف کرنے، صاف کرنے، مضبوطی بخشنے، پاک کرنے اور مقدس کرنے کی اُمید اور تیاری میں بازو کھولے کھڑا ہے،۴۔
یونانی نئے عہد نامہ میں تَوبہ کے لیے لفظ میٹا نی اُوہ استعمال ہوا ہے۔ اِس کا سابقہ کلمہ یعنی میٹا- کے معنی ”تبدیلی“ ہیں۔ آخری لاحقہ -نی اُوہ اُن یونانی الفاظ سے وابستہ ہے جن کا مطلب ”ذہن“ ”علم“ ”رُوح“ اور ”سانس“ ہے۔۵
چنانچہ، جب یِسُوع آپ کو اور مجھ سے کہتا ہے کہ ”تَوبہ کرو، “۶ تو وہ ہمیں اپنا ذہن، اپنا علم، اپنی رُوح—یہاں تک کہ اپنے سانس لینے کے طریقے کو تبدیل کرنے کی دعوت دیتا ہے۔ وہ ہمیں پیار کرنے، سوچنے، خدمت کرنے،اپنا وقت خرچ کرنے، اپنی بیویوں کے ساتھ برتاؤ، اپنے بچوں کو تعلیم دینے اور یہاں تک کہ اپنے جسموں کی دیکھ بھال کرنے کے طریقوں کو بھی تبدیل کرنے کا کہتا ہے۔
انفرادی ترقّی کے لیے باقاعدگی سے روزانہ، تَوبہ پر دھیان لگانے سے زیادہ آزادانہ، بڑا یا اہم کام اور کوئی نہیں۔ تَوبہ ایک بار پیش آنے والا واقعہ نہیں ہے؛ یہ ایک عمل کا نام ہے۔ یہ خوشی اور ذہنی اطمینان کی کنجی ہے۔ اِیمان کے ساتھ مل کر، تَوبہ یِسُوع مِسیح کے کفارہ کی قدرت تک ہماری رسائی کو یقینی بناتی ہے۔۷
چاہے آپ عہد کے راستے پر بڑی جانفشانی سے گامزن ہیں، یا عہد کے راستے سے بھٹک گئے ہیں، یا جہاں اب آپ کھڑے ہیں اُس جگہ سے راستہ نہیں دیکھ پا رہے، میں آپ سے عاجزانہ درخواست کرتا ہوں کہ توبہ کریں۔ روزانہ تَوبہ کی مضبوطی بخشنے والی قوت کا تجربہ حاصل کریں—روزانہ کچھ بہتر کرنے اور بننے کا تجربہ۔
جب ہم تَوبہ کرنے کا انتخاب کرتے ہیں تو، ہم تبدیل ہونے کا انتخاب کرتے ہیں! ہم نجات دہندہ کو خود کی بہترین تبدیل شدہ صورت میں ڈھالنے کی اجازت دیتے ہیں۔ ہم رُوحانی طور پر بڑھنے اور خوشی حاصل کرنے کا انتخاب کرتے ہیں—اُس میں مخلصی کی خوشی۔۸ جب ہم تَوبہ کرنے کا انتخاب کرتے ہیں، تو ہم مزید یِسُوع مِسیح کی مانند بننے کا انتخاب کرتے ہیں!۹
بھائیو، ضروری ہے کہ ہم بہتر کریں اور بہتر بنیں کیوں کہ ہم جنگ کی حالت میں ہیں۔ گناہ کے ساتھ جنگحقیقی ہے۔ گواہیوں میں خلل اندازی اور خُداوند کے کام میں رکاوٹ ڈالنے کے مقصد سے مخالف اپنی کوششوں میں بے انتہا اضافہ کر رہا ہے۔ وہ اپنے چیلوں کو زبردست ہتھیاروں سے آراستہ کر رہا ہے تاکہ ہم خُداوند کی خوشی اور محبّت حاصل نہ کر پائیں۔۱۰
تَوبہ مخالف کے پھندوں کی تکلیف سے بچنے کی کنجی ہے۔ ہماری دائمی ترقّی کے اِس مرحلہ میں خُداوند ہم سے کاملیت کی توقع نہیں رکھتا۔ لیکن وہ ہم سے کثیر پاکیزگی کی توقع رکھتا ہے۔ روزانہ تَوبہ کرنے سے پاکیزگی حاصل ہوتی ہے، اور پاکیزگی قوت بخشتی ہے۔ ذاتی پاکیزگی ہمیں خُدا کے ہاتھوں میں طاقتور ہتھیار بنا سکتی ہے۔ ہماری تَوبہ—ہماری پاکیزگی—اسرائیل کو اکٹھا کرنے میں مدد کے لیے ہمیں بااختیار بنائے گی۔
خُداوند نے نبی جوزف سمتھ کو سکھایا ”کہ کہانت کا اِختیار غیر منفک طور پر آسمانی قوتوں سے منسلک ہے، اور یہ کہ آسمانی قوتیں ماسوائے راست بازی کے اُصولوں کے اور کسی طرح سے استعمال نہیں کی جاسکتی ہیں۔“۱۱
ہم جانتے ہیں کہ ہمیں آسمانی قوتوں تک زیادہ رسائی کون سی چیز دلا سکتی ہے۔ ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ ہماری ترقّی میں رکاوٹ کا سبب کون سی چیز بنتی ہے—آسمانی قوتوں تک زیادہ رسائی پانے کے لیے ہمیں کون سی چیز چھوڑنی چاہیے۔ بھائیو، دُعاگو ہو کر اپنی تَوبہ میں رکاوٹ کے فہم کے متلاشی ہوں۔ شناخت کریں کہ آپ کو تَوبہ کرنے سے کون سی چیز روکتی ہے۔ اور پھر، تبدیل ہو جائیں! تَوبہ کریں! ہم سب پہلے سے کہیں بہتر کر سکتے ہیں اور بہتر بن سکتے ہیں۔۱۲
کئی مخصوص طریقوں سے ہم ممکنہ طور پر بہتر بن سکتے ہیں۔ ایک طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے بدنوں کے ساتھ کیسا سلوک کرتے ہیں۔ میں انسانی بدن جیسے معجزہ سے محو جلال ہوتا ہوں۔ یہ ایک شاندار تخلیق ہے، جو ہمارے حتمی الٰہی مقدور کی جانب ہماری بتدریج ترقّی کے لیے ضروری ہے۔ ہم اِس کے بغیر ترقّی نہیں کر سکتے۔ بدن کا تحفہ دیتے ہوئے، خُدا نے ہمیں مزید اُس کی مانند بننے کے لیے ایک اہم قدم اٹھانے کی اجازت دی ہے۔
شیطان اِس بات کو سمجھتا ہے۔ اِس حقیقت سے خفا کہ اپنی قبل فانی زندگی کی برگشتگی کے باعث اُسے مستقل طور پر یہ اعزاز حاصل نہیں ہو سکتا، وہ حسد اور رنجیدگی کی مسلسل حالت میں جھونکا گیا ہے۔ تاہم بہت سی، اگر زیادہ نہیں، ہمارے راستے میں آنے والی آزمائشیں اپنے یا دوسروں کے بدنوں کے ساتھ زیادتی کرنے کے بارے میں ہوتی ہیں۔ کیوں کہ شیطان بدن کے بغیر بد حال ہے، وہ ہمیں ہمارے بدن کی وجہ سے بد حال کرنا چاہتا ہے۔۱۳
آپ کا بدن آپ کا ذاتی مَقدِس ہے، جو آپ کی ابدی رُوح کے بسیرا کے لیے تخلیق کیا گیا ہے۔۱۴ اُس مَقدِس کی آپ کی دیکھ بھال اہمیت کی حامل ہے۔ اب، بھائیو میں آپ سے پوچھتا ہوں: کیا آپ اپنے پہناوے اور بناؤ سنگھار سے خُدا کو خوش کرنے کے بجائے دُنیا کو لُبھانے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں؟ اِس سوال کے عوض آپ کا جواب اُس کے شاندار تحفہ کے بارے میں آپ کے احساسات کی بلاواسطہ نمائندگی کرتا ہے۔ ہمارے بدنوں کی تعظیم کے بارے میں، بھائیو، مجھے لگتا ہے کہ ہم بہتر کر سکتے ہیں اور بہتر بن سکتے ہیں۔
ایک اور طریقہ جس سے ہم بہتر کام کرسکتے اور بہتر بن سکتے ہیں یہ ہے کہ ہم اپنی زندگیوں میں خواتین کی عزت کیسے کرتے ہیں، ہماری بیویوں اور بیٹیوں، ہماری ماؤں اور بہنوں سے شروعات کرتے ہوئے۔۱۵
چند ماہ قبل، مجھے ایک عزیز بہن کا دِل شکن خط ملا۔ اُس نے لکھا: ”[میری بیٹیاں اور میں] محسوس کرتی ہیں کہ، دن کے چوبیس گھنٹے، ہفتے کے سات دن جدید کھیلوں، ویڈیو گیمز، جدید سٹاک مارکیٹ، [اور] ہر [قابل فہم] کھیل کا لامتناہی تجزیہ اور اِنھیں بغور دیکھنے کے باعث ہم اپنے شوہروں اور بیٹوں کی غیر منقسم توجہ حاصل کرنے کی سخت آزمائش کا سامنا کر رہی ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ ہم اپنے شوہروں اور بیٹوں کی [کھیل اور تفریح] کی مستقل اگلی صفوں کی نشِستوں کے باعث اُن کی زندگیوں میں اپنی اہمیت کھو رہی ہیں۔“۱۶
بھائیو، کہانت کے حاملین کے طور پر آپ کا پہلا اور مقدم فرض یہ ہے کہ آپ اپنی بیوی سے محبّت رکھیں اور اُس کی دیکھ بھال کریں۔ اُس کے ساتھ ایک جان ہوں۔ اُس کے رفیق بنیں۔ اپنے ساتھ کو اُس کے لیے آسان بنائیں۔ اُس کے ساتھ ایک ابدی تعلق کی تعمیر پر زندگی کے کسی اور مشغلے کو ترجیح نہیں دینی چاہیے۔ ٹی وی، موبائل فون، یا کمپیوٹر پر کچھ بھی ایسا نہیں جو اُس کی آسودگی سے زیادہ اہم ہے۔ ایک تفصیلی فہرست بنائیں کہ آپ اپنا وقت کیسے خرچ کرتے اور اپنی توانائی کن کاموں میں وقف کرتے ہیں۔ یہ فہرست آپ کو بتائے گی کہ آپ کا دِل کہاں لگا ہوا ہے۔ اپنے دِل کو اپنی بیوی کے دِل کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے لیے دُعاگو ہوں۔ اُسے خوش رکھنے کے متلاشی ہوں۔ اُس سے مشورہ مانگیں، اور اُس کی سنیں۔ اُس کی مشورت آپ کے فعل کو بہتر بنائے گی۔
اپنی قریبی خواتین کے ساتھ غلط برتاؤ کے عوث اگر آپ کو تَوبہ کرنے کی ضرورت ہے تو، اِس کی شروعات ابھی کریں۔ اور یاد رکھیں کہ آپ کی زندگی میں شامل خواتین کی مدد کرنا آپ کی ذمہ داری ہے تاکہ وہ خُداوند کے پاکدامنی کے قانون سے حاصل ہونے والی برکات پائیں۔ آپ کی وجہ سے کوئی بھی عورت اپنی ہیکلی برکتیں پانے سے قاصر نہ رہے۔
بھائیو، ہم سب کو تَوبہ کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں صوفے سے اٹھنے، برقیاتی آلات کو نیچے رکھنے، اور رُوحانی غفلت سے جاگنے کی ضرورت ہے۔ یہ خُدا کے سب ہتھیار باندھنے کا وقت ہے تاکہ ہم زمین پر وقوع ہونے والے سب سے اہم کام کا حصہ بن سکیں۔ یہ ”[اپنا] ہنسوا لگانے، اور [اپنی] ساری طاقت، دل اور زور سے کاٹنے“ کا وقت ہے۔۱۷ برُی قوتیں آج سے پہلے کبھی اتنی غضب ناک نہیں تھیں۔ خُداوند کے خادموں کے طور پر، اِس لڑائی کے دوران ہم غافل نہیں رہ سکتے۔
آپ کے خاندان کو آپ کی قیادت اور محبّت کی ضرورت ہے۔ آپ کی جماعت اور آپ کے حلقہ یا شاخ کو آپ کی مضبوطی ردکار ہے۔ اور جو کوئی بھی آپ کو ملتا ہے اُسے یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ خُداوند کا حقیقی شاگرد کیسا نظر آتا ہے اور اُس کا چال چلن کس طرح کا ہوتا ہے۔
میرے پیارے بھائیو، آپ کی قبل فانی رُوحانی جاں بازی کے سبب سے آپ کو ہمارے باپ نے اِس نہایت اہم وقت میں زمین پر بھیجنے کا انتخاب کیا گیا تھا۔ آپ اِس زمین پر آنے والے نہایت عمدہ، سب سے دلیر مردوں میں سے ہیں۔ شیطان جانتا ہے کہ آپ کون ہیں اور قبل فانی زندگی میں آپ کیا تھے اور وہ اُس کام سے واقف ہے جو نجات دہندہ کی دوسری آمد سے قبل کیا جائے گا۔ اور اپنی شاطرانہ چالوں کی ہزاروں سال کی مشق کے بعد، مخالف تجربہ کار اور ناقابلِ اصلاح بن گیا ہے۔
ہم نہایت شکر گزار ہیں کہ، ہماری کہانت اِبلِیس کے منصُوبوں کے مُقابلہ میں کہیں زیادہ طاقتور ہے۔ میں آپ سے التجا کرتا ہوں کہ جیسا خُداوند چاہتا ہے ویسے مرد اور نوجوان لڑکے بنیں۔ روزانہ تَوبہ کرنے پر دھیان لگانے کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنائیں تاکہ آپ کہانت کی پہلے سے کہیں زیادہ عظیم قدرت سے مشق کر سکیں۔ صرف اِسی طریقہ سے ہم خود کو اور اپنے خاندان کو آنے والے مشکل ایام میں رُوحانی طور پر محفوظ رکھ سکیں گے۔
خُداوند کو مخلص مردوں کی ضرورت ہے جو اپنی بھلائی کی بجائے دوسروں کی بھلائی کو فوقیت دیتے ہیں۔ اُسے ایسے مردوں کی ضرورت ہے جو رُوح کی واضح آواز سننے کے لیے دانستہ طور پر کام کرتے ہیں۔ اُسے عہد کے مردوں کی ضرورت ہے جو اپنے عہود کو ایمانداری کے ساتھ نبھاتے ہیں۔ اُسے اُن مردوں کی ضرورت ہے جو پُر عزم طور پر خود کو جنسی طور پر پاک رکھتے ہیں—اہل مرد جنہیں کسی بھی لمحے پاک دِل، صاف دماغ، اور آمادہ ہاتھوں سے برکت دینے کے لیے بلایا جا سکتا ہے۔ خُداوند کو ایسے مردوں کی ضرورت ہے جو تَوبہ کرنے کی آرزو رکھتے ہیں—مرد جو دِل جمعی سے خدمت کرنے اور اہل کہانتی حاملین کے خُداوند کے دستہ کا حصہ بننے کے لیے پُر جوش ہیں۔
میں آپ کو برکت دیتا ہوں کہ آپ ایسے مرد بنیں۔ میں آپ کو روزانہ تَوبہ کرنے اور مکمل کہانتی قدرت کو استعمال کرنے کے بارے میں سیکھنے کی برکت دیتا ہوں۔ میں آپ کواپنی بیوی اور بچوں اور اپنے سب جاننے والوں تک نجات دہندہ کی محبت کااظہار کرنے کی برکت دیتا ہوں۔ میں آپ کو بہتر کرنے اور بہتر بننے کی برکت دیتا ہوں۔ اور میں اِن تمام کوششوں کی تکمیل کے لیے آپ کو برکت دیتا ہوں کہ، آپ اپنی زندگی میں معجزات کا تجربہ حاصل کریں۔
ہم قادرِ مطلق خُدا کے کام میں مصروف ہیں۔ یِسُوع المِسیح ہے۔ ہم اِن کے خادم ہیں۔ میں اِس کی گواہی یِسُوع مِسیح کے نام پر دیتا ہوں، آمین۔