مجلسِ عامہ
آنے والے وقت کے مقابل اچھی بنیاد
مجلسِ عامہ اپریل ۲۰۲۰


16:22

آنے والے وقت کے مقابل اچھی بنیاد

میری دُعا ہے کہ آنے والے سالوں میں ہم سالٹ لیک ہَیکل میں کی گئی اصلاحات کو اجازت دیں کہ وہ ہمیں تحریک و اِلہام بخشیں۔

سالٹ لیک ہَیکل کی تاریخ

آئیں ہم ماضی کا سفر کرتے ہوئے ۲۴ جولائی، ۱۸۴۷ کی دوپہر ۲:۰۰ بجے تک چلیں۔ مغرب کی جانب سفر کرنے والے پہلے گروہ میں کلیسیا کے ۱۴۸ ارکان کے ساتھ ۱۱۱ دن کے کٹھن سفر کے بعد، بریگھم ینگ، جو اُس وقت بارہ رسولوں کی جماعت کے صدر تھے، پہاڑی بخار میں مبتلا کمزور حالت میں، سالٹ لیک وادی میں داخل ہوئے۔

دو دن بعد، اپنی بیماری سے صحت یابی کے دوران، بریگھم ینگ نے بارہ رسولوں کی جماعت کے متعدد ارکان اور دیگر کی ایک تحقیقاتی سفر میں رہنمائی کی۔ ولیم کلے ٹن لکھتے ہیں، ”خیمہ گاہ سے تقریباً تین چوتھائی میل دور شمال کی جانب، ہم ہموار زمین تک پہنچے جس کی ڈھلوان بڑی خوب صورتی سے مغرب کی جانب جاتی تھی۔“۱

بریگھم ینگ مقامِ ہَیکل پر
بریگھم ینگ ہَیکل کے لیے جگہ پر نشان لگاتے ہوئے
ہَیکل کے لیے جگہ پر نشان لگاتے ہوئے

گروہ کے ساتھ اُس جگہ کا جائزہ لیتے ہوئے، بریگھم ینگ اچانک رُک گئے اور یہ کہتے ہوئے اپنی چھڑی زمِین میں گاڑھی، ”یہاں ہمارے خُدا کی ہَیکل کھڑی ہو گی۔“ اُن کے ساتھیوں میں سے ایک، بزرگ ولفرڈ وڈرف نے، جو کہتے ہیں کہ ”یہ جملہ [اُن] کے جسم میں بجلی کی طرح دوڑ گیا“ اور نشانی کے طور پر صدر ینگ کی چھڑی کے نشان پر ایک شاخ زمین میں پیوست کر دی۔ ہَیکل کے لیے چالیس ایکڑ (۱۶ ہیکٹر) چنے گئے اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ شہر کی تعمیر ”عین شمالاً & جنوباً، شرقاً & غرباً“ ہو گئی اور شہر کا مرکزی نقطہ ہَیکل ہو گی۔۲

اپریل ۱۸۵۱ کی مجلسِ عامہ میں، کلیسیا کے ارکان نے کُلی اتفاق سے ”خُداوند کے نام پر“ ہیکل تعمیر کرنے کی عرضی کی تائید کی۔۳ دو سال بعد، ۱۴ فروری، ۱۸۵۳، کوہیبر سی کِمبل نے اُس جگہ کی تقدیس ایک عوامی تقریب میں کی جس میں کئی ہزار مُقدّسین نے شرکت کی، اور سالٹ لیک ہَیکل کی بنیاد ڈالی گئی۔ چند ماہ بعد، ۶ اپریل کو، ہَیکل کے کونوں کے جسیم پتھر نصب کیے گئے اور انتہائی شاندار تقریبات میں اُن کی تقدیس کی گئی، جس میں علم بردار، ڈھول تاشے اور کلیسیائی رہنماؤں کی قیادت میں پرانے خیمہِ اجتماع سے مقامِ ہیکل تک کا جلوس شامل تھا، یہاں چاروں پتھروں کے پاس خیالات کا اظہار اور دعائیں ادا کی گئیں۔۴

سالٹ لیک ہَیکل کی بنیاد
بریگھم ینگ

زمین کی کھدائی کی تقریب میں، صدر ینگ نے یہ کہتےہوئے، یاد کیا کہ جب وہ وادی کا تحقیقی جائزہ لے رہے تھے تو جیسے ہی اُنہوں نے اُس زمین پر قدم رکھا اُنہیں رویا ملی، ”میں [تب ہی] جان گیا، ویسے ہی جیسے میں اب جانتا ہوں کہ یہی وہ جگہ تھی جہاں ہَیکل کی تعمیر کرنا تھی—یہ سب میرے سامنے واضح تھا۔“۵

دس سال بعد، اکتوبر ۱۸۶۳ کی مجلسِ عامہ میں بریگھم ینگ نے درج ذیل پیغمبرانہ بصیرت بیان کی: ”میں چاہتا ہوں [کہ] ہیکل کی تعمیر اِس طرز پر ہو کہ یہ ہزار سالہ بادشاہت میں بھی قائم رہے۔ یہ ہماری تعمیر کردہ واحد ہَیکل نہیں ہو گی، ایسی سینکڑوں تعمیر اور خُداوند کے لیے مخصوص کی جائیں گی۔ یہ ہَیکل، پہاڑوں میں ایامِ آخِر کے مُقدّسین کی بنائی پہلی ہَیکل کے طور پر جانی جائے گی۔ … میں چاہتا ہوں کہ یہ ہیکل …پہاڑوں میں خُدا کے مُقدّسین کے اِیمان، استقلال اور صنت کاری کی قابلِ فخر نشانی کے طور پر قائم ہو۔“۶

سالٹ لیک ہَیکل زیرِ تعمیر
سالٹ لیک ہَیکل زیرِ تعمیر

اِس مختصر تاریخ کا جائزہ، مجھے بریگھم ینگ کی رویا بینی پر فرطِ حیرت میں ڈال دیتا ہے—اوّل، اُن کا یہ بات یقینی بنانا کہ اُس وقت اور جگہ پر دستیاب تعمیر کے طریقوں کو حتیٰ الوسعیٰ استعمال کرتے ہوئے سالٹ لیک ہَیکل کا طرزِ تعمیر ایسا بنانا کہ وہ ہزار سالہ بادشاہی تک قائم رہے اور دوّم، عالم گیر طور پر مستقبل میں ہَیکلوں کی تعداد، حتیٰ کہ سینکڑوں کی تعدادتک کا اضافہ۔

سالٹ لیک ہَیکل کی تزئین و آرائش

بریگھم ینگ کی طرح، ہمارے آج کے انبیا سالٹ لیک اور دیگر ہَیکلوں کی سرپرستی بڑے دھیان سے کرتے ہیں۔ گزشتہ سالوں میں، صدارتِ اوّل نے، وقتاً فوقتاً، صدارتی اُسقفی مجلس کو مشورت دی ہے کہ وہ سالٹ لیک ہَیکل کی بنیادوں کی مضبوطی کی یقین دہانی کریں۔ جب میں صدارتی مجلسِ اُسقف میں خدمت کر رہا تھا، تو صدارتِ اوّل کی درخواست پر، ہم نے سالٹ لیک ہَیکل کا مکمل عمارتی جائزہ لیا، جس میں زلزالی مساحت اور تعمیراتی تکنیکوں کے حالیہ ترقیاتی امور شامل تھے۔

اُس وقت صدارتِ اوّل کو پیش کیے جانے والے تجزیے کے کچھ حصے درج ذیل ہیں: ”سالٹ لیک ہَیکل کے نقشے اور تعمیر میں اُس وقت کی دستیاب بہترین انجینئرنگ، ماہر مزدور، تعمیراتی سامان، سامانِ آرائش اور دیگر وسائل کا استعمال کیا گیا تھا۔ ۱۸۹۳ میں اِس کے تقدیس کے وقت سے ہی، یہ ہَیکل اِیمان [اور] اُمید اور لوگوں کے لیے مینارِ نُور کے طور پر قائم ہے۔ ہَیکل کو چلانے، صاف کرنے اور اچھی حالت میں رکھنے پر بہت توجہ دی جا رہی ہے۔ سنگِ خارا کے اندرونی اور بیرونی فرشی ٹکڑے اور بوجھ سہنے والے شہتیر اچھی حالت میں ہیں۔ حالیہ تحقیقات تصدیق کرتی ہیں کہ ہَیکل کے لیے بریگھم ینگ کی چنی ہوئی زمین اچھی مٹی پر ہے اور بہت اچھی تراکمی خصوصیات کی حامل ہے۔“۷

جائزے کا نتیجہ یہ تھا کہ ہَیکل کی تجدید اور اُس میں جدت لانے کے لیے عام مرمت اور اصلاح کی ضرورت تھی؛ جس میں بیرونی فرش اور سطحی جگہیں ؛ یوٹیلیٹی کے ناپید نظام اور بپتسمہ کے حوض کی جگہ شامل تھے۔ تاہم، ہَیکل کی بنیاد سے لے کر اُوپر تک زلزالی مساحت میں جامع طور پر بہتری لانے کے لیے سفارشات بھی پیش کی گئی تھیں۔

ہَیکل کی بنیاد

شاید آپ کو یاد ہو، کہ صدر بریگھم ینگ ہَیکل کی اصل بنیاد کی تعمیر میں از خود بڑی حد تک شامل تھے، اِس کی تکمیل سے اب تک ۱۲۷ سالوں میں یہ ہَیکل کے لیے بہت نافع رہی ہیں۔ ہَیکل کی زلزالی مساحت میں بہتری کا نیا پیکج بنیاد کی مفارقت کی ٹیکنالوجی کا استعمال کرے گا، جس کا تصور اُس کی تعمیر کے وقت موجود نہیں تھا۔ زلزلوں سے حفاظت کے لیے، یہ جدید اور تازہ ترین انجینئرنگ سمجھی جاتی ہے۔

ہَیکلی تزئین و آرائش کا منصوبہ
ہَیکلی تزئین و آرائش کا منصوبہ

یہ تکنیک، جس کا ارتقا حال ہی میں ہوا ہے، ہَیکل کی بنیاد سے آغاز کرتے ہوئے، زلزلوں کے خلاف بہترین دفاع فراہم کرتی ہے۔ قصہ مختصر، یہ ہَیکل کی ساخت کو مضبوطی بخشتی ہے تاکہ زلزلوں میں زمین اور ماحول کی لرزش کے باوجود مضبوطی سے قائم رہے۔

ہَیکل کی تزئین و آرائش، جس میں یہ ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی، اُس کا اعلان پچھلے سال صدارتِ اوّل نے کیا تھا۔ اُسقفی صدارت کے زیرِ ہدایت، تعمیر کچھ ماہ پہلے، جنوری ۲۰۲۰ میں شروع ہوئی۔ اندازہ ہے کہ اِس کی تکمیل میں تقریباً چار سال لگیں گے۔

ذاتی بنیاد کی مضبوطی کی یقین دہانی کرنا

جب میں اِس خوبصورت، اعلیٰ، ممتاز، اور پُر وقار سالٹ لیک ہَیکل کے اگلے چار سالوں کے بارے میں سوچتا ہوں، تو میں اِس وقت کو بندش کی بجائے تجدید کے معنوں میں دیکھتا ہوں! اِسی طرح، ہم اپنے آپ سے سوال کر سکتے ہیں، ”سالٹ لیک ہَیکل کی اِس طویل تجدید سے تحریک پاتے ہوئے میں اپنی روحانی تجدید، تعمیرِ نو، پیدائشِ نو، حیاتِ نو اور بحالی کیسے کر سکتا ہوں؟“

مشاہدہِ نفس ظاہر کر سکتا ہے کہ کچھ مرمت اور تجدید، حتیٰ کہ زلزالی مساحت اور تعمیر ہمارے اور ہمارے خاندان کے مفاد میں ہے! ہم ایسے عمل کو یہ سوال پوچھ کر شروع کر سکتے ہیں:

”میری بنیاد کس حالت میں ہے؟“

”میری ذاتی بنیاد کی موٹی دیواروں والے، مستحکم، مضبوط کونے کے سرے کے پتھر کون سے ہیں، جن پر میری گواہی قائم ہے؟“

”میرے روحانی اور جذباتی کردار کے بنیادی عناصر کون سے ہیں جو مجھے اور میرے خاندان کو اس قابل بنائیں گے کہ ہم ثابت قدم اور غیر متزلزل ہوں، حتیٰ کہ لرزا دینے والے ہنگامہ آرا واقعات کو بھی برداشت کر سکیں جو یقیناً ہماری زندگی میں آئیں گے۔“

زلزلوں کی طرح، کے ایسے واقعات، کی پیشن گوئی اکثر مشکل ہوتی ہے اور یہ شدت کے متفرق درجات میں وقوع پذیر ہوتے ہیں—سوالوں یا شک سے نبرد آزما ہونا، پریشانی یا مشکلات کا سامنا کرنا، کلیسیائی رہنماؤں، اَرکان، تعلیم یا پالیسی کے ساتھ ذاتی رنجشیں۔ اِن اغلاط کے خلاف ہمارا بہترین دفاع ہماری رُوحانی بنیاد میں ہے۔

ہماری ذاتی اور خاندانی زندگی کے کونے کے سرے کے روحانی پتھر کیا ہو سکتے ہیں؟ یہ اِنجیلی زِندگی کے سادہ، واضع اور قیمتی اُصول ہو سکتے ہیں—بطور خاندان دُعا کرنا، مُطالعہِ صحائف، ہَیکل میں جانا، مورمن کی کتاب اور آ، میرے پیچھے ہولے کے ذریعے اِنجیل سیکھنا، اور خاندانی شام کا انعقاد کرنا۔ آپ کی روحانی زندگی کی مضبوطی کے لیے دیگر وسائل میں ایمان کے ارکان، خاندانی اعلامیہ اور ”زندہ مسِیح“ شامل ہیں۔

میرے لیے، رُوحانی بنیاد کی مضبوط نیو، ہیکلی اجازت نامہ پانے کے لیے پوچھے گئے سوالات میں شامل اُصول ہیں—خاص طور پر پہلے چار سوال۔ میں اِنہیں رُوحانی کونے کے پتھر کے طور پر دیکھتا ہوں۔

ہم، در حقیقت، سب اِن سوالات سے شناسا ہیں، کیونکہ صدر رسل ایم نیلسن نے پچھلی مجلسِ عامہ میں ہمیں ایک ایک کر کے پڑھ کر سنائے تھے۔

  1. کیا آپ خُدا، ابدی باپ، اُس کے بیٹے یِسُوع مسِیح، اور رُوحُ اُلقُدس پر اِیمان رکھتے اور اُن کی گواہی کے حامل ہیں؟

    خُدائی اَرکان
  2. کیا آپ یِسُوع مسِیح کے کفّارے اور نِجات دہندہ اور مُخلصی دینے والے کی حیثیت سے اُس کے کِردار کی گواہی کے حامل ہیں؟

    یِسُوع مسِیح کا کفّارہ
  3. کیا یِسُوع مسِیح کی بحال شُدہ اِنجیل کی آپ گواہی رکھتے ہیں؟

    بحالی
  4. کیا کلیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسینِ آخِری ایّام کے صدر کی بحیثیت نبی، رویا بین، اور مُکاشفہ بین، آپ تائید کرتے ہیں، کہ زمین پر وہ واحد شخص ہے جس کے پاس تمام کہانتی کُنجیوں کو اِستعمال کرنے کا اِختیار ہے؟۸

    انبیاء

کیا آپ دیکھ سکتے ہیں کہ آپ اِن سوالوں پر اپنی ذاتی بنیاد اور اُس کی تعمیر و تقویت کے قیمتی عناصر کے طور پر کیسے غور کر سکتے ہیں؟ پولس افسیوں کو ایسی کلیسیا کی تعلیم دیتا ہے جو ”رَسُولوں اور نبِیوں کی نیو پر جِس کے کونے کے سِرے کا پتھّر خُود مسِیح یِسُوع ہے تعمِیر کِئے گئے ہو؛ اُسی میں ہر ایک عِمارت مِل مِلا کر خُداوند میں ایک پاک مَقدِس بنتا جاتا ہے۔“۹

مضبوط بنیاد والی ہَیکل

میری عظیم ترین خوشیوں میں سے ایک یہ ہے کہ میں پوری دنیا میں کلیسیا کے ارکان سے مِلوں جو یِسُوع مسِیح اور اُس کی اِنجیل پر اِیمان کی زندہ مثالیں ہیں اور اُن سے تحریک پاؤں۔ اُنہوں نے مضبوط ذاتی بنیادیں قائم کی ہیں جو اُنہیں اِس قابل بناتی ہے کہ اپنے دکھ اور تکلیف کے باوجود لرزہ خیز واقعات کا سامنا گہری سمجھ کے ساتھ کریں۔

اِس کا مزید ذاتی سطح پر اظہار کرنے کے لیے، حال ہی میں نے ایک خوبصورت اور خوش رہنے والی نوجوان بیوی اور ماں کے جنازے پر خطاب کیا (وہ ہمارے جاننے والوں میں سے تھی)۔ وہ ڈویژن ۱ فٹ بال کی مقابلہ پسند کھلاڑی تھی جب اُس کی ملاقات اُس کے شوہر سے ہوئی جو ڈینٹل کالج میں پڑھ رہا تھا۔ اُنہیں ایک خوبصورت اور انمول بیٹی کی برکت ملی۔ وہ مشکل بھرے چھ سالوں تک کینسر کی متفرق اقسام سے لڑتی رہی۔ مسلسل موجود جسمانی اور جذباتی پریشانیوں کے باوجود جن کا اُس نے تجربہ کیا، اُس نے اپنے آسمانی باپ پر بھروسا رکھا اور سوشل میڈیا پر اُس کے فالوورز اکثر اُس کی کہی بات دہراتے تھے کہ ”خُدا، زِندگی کی باریکیوں میں افشا ہے۔“

اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں سے ایک میں، اُس نے لکھا کہ کسی نے اُس سے پوچھا کہ ”وہ اپنے گرد اتنے کرب کے باوجود اتنی پُر ایمان کیسے ہے؟“ اُس نے اِن اِلفاظ کے ساتھ مضبوطی سے جواب دیا: ”کیونکہ اِیمان ہی مجھے اِن تاریک وقتوں سے گزار لے جاتا ہے۔ اِیمان ہونے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ کچھ بُرا نہیں ہو گا۔ اِیمان مجھے یہ یقین رکھنے کے قابل بناتا ہے کہ پھر سے روشنی لوٹ آئے گی۔ اور وہ روشنی پہلے سے زیادہ روشن ہو گی کیونکہ میں اندھیرے سے گزر چکی ہوں۔ میں نے گزشتہ سالوں میں جتنی بھی تاریکی دیکھی ہے، میں نے اُس سے کہیں زیادہ روشنی کا مشاہدہ کیا ہے۔ میں نے معجزے دیکھے ہیں۔ میں نے فرشتوں کو محسوس کیا ہے۔ میں نے جانا ہے کہ میرا آسمانی باپ مجھے اٹھائے ہوئے تھا۔ اگر زندگی آسان ہوتی تو اِن میں سے کوئی بھی تجربہ نہ مل پاتا۔ اِس زندگی کا مستقبل نامعلوم ہو سکتا ہے، لیکن میرا ایمان نامعلوم نہیں ہے۔ اگر میرا انتخاب اِیمان نہ ہو، تو میرا انتخاب صرف اندھیرے میں چلنا ہو گا۔ کیونکہ اِیمان کے بغیر، صرف تاریکی ہی بچتی ہے۔“۱۰

اپنے قول و فعل میں—خُداوند یِسُوع مسِیح پر اُس کی غیر متزلزل گواہی—دُوسروں کو تحریک بخشتی تھی۔ گو کہ اُس کا جسم کمزور تھا، اُس نے دُوسروں کو ابھارا کہ وہ مضبوط تر ہوں۔

میں اَن گنت دیگر ارکانِ کلیسیا کے بارے میں سوچتا ہوں، جو اِس بہن کی طرح سورما ہیں، جو ہمارے نِجات دہندہ، یِسُوع مسِیح کے سچے اور بے باک شاگرد بننے کی کوشش کرتےہوئے، ہر روز اِیمان میں چلتے ہیں۔ وہ مسِیح سے سیکھتے ہیں۔ وہ مسِیح کی منادی کرتے ہیں۔ وہ اُس کی تقلید کرتے ہیں۔ چاہے اُن کی زِندگی کے ایّام مستحکم یا لرزتی زمین پر قائم ہوں، اُن کی بنیاد مضبوط اور غیر متزلزل ہے۔

یہ وہ وفا شعار رُوحیں ہیں جو ”اے خُداوند کے مُقدّسین، تمہاری پختہ بنیاد“ اور ”جو پناہ کے لیے نجات دہندہ کے پاس جانے“ کے معنی جانتے ہیں۔۱۱ میں بے حد شکر گزار ہوں کہ میں اُن لوگوں میں رہتا ہوں جنہوں نے اپنی رُوحانی بنیاد یوں تیار کی کہ مُقدّسین کہلانے کے حقدار ہیں اور جو اِس قدر مضبوط و مستحکم ہیں کہ زِندگی کے کثیر ہنگاموں کو برداشت کر سکتے ہیں۔

میں نہیں سمجھتا کہ ہم اپنی ذاتی زِندگیوں میں ایسی بنیاد کی اہمیت کے بارے میں مبالغہ آرائی کر سکتے ہیں۔ کم سنی ہی میں، ہمارے پرائمری کے بچوں کو یہ سچائی سِکھائی جاتی ہے، جب وہ یہ گاتے ہیں:

عقل مند نے بنایا چٹان پہ اپنا گھر،

اور زور کی بارش آئی۔ …

زور کی بارش آئی، اور طوفان بھی اُٹھا،

اور چٹان پر بنا گھر قائم رہا۔۱۲

صحائف اِس اساسی تعلیم کو مزید تقویت بخشتے ہیں۔ نِجات دہندہ نے براعظم امریکہ کے لوگوں کو سِکھایا:

”اور اگر تم ہمیشہ یہ باتیں کرو گے تو تم مبارک ہو، کیونکہ تم میری چٹان پر تعمیر ہو۔

”لیکن تم میں سے کوئی اِس سے زیادہ یا کم کرتا ہے تو وہ میری چٹان پر تعمیر نہیں ہے، بلکہ ریتیلی بنیاد پر قائم ہے، اور جب بارش آتی ہے اور طوفان اٹھتے ہیں اور آندھی چلتی اور اُس سے ٹکراتی ہے تو وہ ضرور گریں گے۔“۱۳

کلیسیائی رہنماؤں کی سنجیدہ اُمید یہ ہے کہ سالٹ لیک ہَیکل کی یہ اہم تزئین و آرائش بریگھم ینگ کی اُس خواہش کو پورا کرنے کا حصہ ہو گی کہ ”ہَیکل کی تعمیر یوں کی جائے کہ وہ ہزار سالہ بادشاہی تک قائم رہے۔“ میری دُعا ہے، کہ آنے والے سالوں میں، سالٹ لیک ہَیکل میں لائی جانے والی یہ اصلاحات، بطور افراد اور خاندان، ہمارے لیے محرک و تحریک کا کردار ادا کریں، تاکہ ہم بھی—استعاراً—”یوں تعمیر کیے جائیں کہ ہزار سالہ بادشاہی تک قائم رہیں۔“

ہم بھی پولس رسول کی طرف سے سونپی گئی ذمہ داری کو پورا کر کے ایسا کر سکتے ہیں کہ ”آئندہ کے لیے [اپنے واسطے] ایک اچھی بنیاد قائم کر رکھیں تا کہ ابدی زندگی پر قبضہ کریں۔“۱۴ یہ میری دِلی دُعا ہے کہ ہماری رُوحانی بنیاد مضبوط اور مستقل ہو، کہ یِسُوع مسِیح کے کفّارہ اور بطور نِجات دہندہ اُس کے کردار کی گواہی ہمارے لیے کونے کے سرے کے پتھر کی حیثیت اختیار کرے، جس کی مَیں اُس کے نام پر گواہی دیتا ہوں، حتیٰ کہ یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔

حوالہ جات

  1. ولیم کلے ٹن کا روزنامچہ، ۲۶ جولائی، ۱۸۴۷، کلیسیائی تاریخ کی لائبریری، سالٹ لیک سٹی۔

  2. دیکھیں “At the Tabernacle, Presidents Woodruff and Smith Address the Saints Yesterday Afternoon,” Deseret Evening News, Aug. 30, 1897, 5; “Pioneers’ Day,” Deseret Evening News, July 26, 1880, 2; Wilford Woodruff journal, July 28, 1847, Church History Library, Salt Lake City.

  3. “Minutes of the General Conference of the Church of Jesus Christ of Latter-day Saints, held at Great Salt Lake City, State of Deseret, April 6, 1851,” Deseret News, Apr. 19, 1851, 241.

  4. See “The Temple,” Deseret News, Feb. 19, 1853, 130; “Minutes of the General Conference,” Deseret News, Apr. 16, 1853, 146; “Minutes of the General Conference,” Deseret News, Apr. 30, 1853, 150.

  5. ”صدر بریگھم ینگ کا خطاب “ Millennial Star اپریل ۲۲، ۱۸۵۴، ۲۴۱۔

  6. ”صدر بریگھم ینگ کی باتیں“ Deseret News، اکتوبر. ۱۴، ۱۸۶۳، ۹۷۔

  7. صدارتی مجلسِ اُسقف کی سالٹ لیک ہیکل کے بارے میں صدارتِ اوّل کو پرزنٹیشن، اکتوبر ۲۰۱۵۔

  8. دیکھیں رِسل ایم نیلسن، ”اختتامی کلمات،“، لیحونا، نومبر ۲۰۱۹، ۱۲۱۔

  9. افسیوں ۲: ۲۰–۲۱۔

  10. کِم اولسن وائٹ کی سوشل میڈیا پوسٹ۔

  11. ”How Firm a Foundation“، گیت، نمبر ۸۵۔

  12. ”The Wise Man and the Foolish Man،“ بچّوں کے گیت ۲۸۱؛ یہاں اصل متن کی تاکید حذف کی گئی ہے۔

  13. ۳ نیفی ۱۸: ۱۲–۱۳؛ تاکید کا اضافہ کیا گیا۔

  14. ۱ تِیمُتھیُس ۶: ۱۹؛ تاکید اضافی ہے۔