مدد کے لیے آسمان کے دریچے کھولیں
بلکہ آئیں خُداوند یِسُوع مِسیح پر اپنے اِیمان کا عملی مُظاہرہ کریں!
کیا ہی نِرالی اور شان دار نِشست رہی ہے! عزیز لاڈی اور عنزو، شُکریہ۔ آپ نے کلیسیا کے بےمثال نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کی بہت بہترین نمایندگی فرمائی ہے۔
میرے عزیز بھائیو اور بہنو، ہم نے کلیسیا کی بحالی کے بارے میں آج کافی سُنا ہے—وہی کلیسیا جس کو ہمارے نجات دہندہ، یِسُوع مسِیح نے اپنی فانی خدمت کے دوران میں قائم کیا تھا۔ اُسی کی بحالی ۲۰۰ برس پہلے اِسی موسمِ بہار میں شروع ہُوئی جب خُدا باپ اور اُس کا بیٹا، یِسُوع مسِیح، نوجوان جوزف سمتھ پر ظاہر ہوئے۔
اِس اِلہٰی ظہور کے دس برسوں بعد، نبی جوزف سمتھ اور پانچ دیگر خُداوند کی بحال شُدہ کلیسیا کے بانی اَرکان کی حیثیت سے بُلائے گئے۔
۶ اپریل، ۱۸۳۰ کو اُس چھوٹے سے گروہ کی جماعت سے ایک کروڑ چھے لاکھ سے زائد اَرکان کی عالم گیر تنظیم قائم ہوگئی ہے۔ یہ کلیسا پُوری دُنیا میں دُکھی اِنسانوں کے بوجھ کو کم کر کے بھلا کام کرتی ہے اور بنی نوع اِنسان کے لیے ترقی کے مواقع فراہم کرنے کی وجہ سے وسیع پیمانے پر جانی جاتی ہے البتہ اِس کا بُنیادی مقصد مردوں عورتوں، اور بچّوں کی مدد کرنا ہے کہ خُداوند یِسُوع مسِیح کی تقلید کریں، اُس کے حُکموں کو مانیں، اور سب سے زیادہ افضل رحمتوں میں سے اُس کے لائق ٹھہریں—جو کہ خُدا اور اپنے عزیزوں کے ساتھ ابدی زندگی ہے۔
جہاں ہم اُس واقعہ کی یاد مناتے ہیں جس کا ۱۸۲۰ میں آغاز ہُوا تھا، یہ یاد رکھنا بہت ضروری ہے کہ ہم جوزف سمتھ کی عزت و تکریم خُدا کے نبی کی حیثیت سے کرتے ہیں، لیکن یہ جوزف سمتھ کی کلیسیا نہیں ہے، نہ یہ مورمن کی کلیسیا ہے۔ یہ کلیسیا یِسُوع مسِیح کی کلیسیا ہے۔ اُس کی کلیسیا کس نام سے کہلائے گی اُس نے ٹھیک ٹھیک حُکم فرمایا، ”پس آخری ایّام میں میری کلیسیا اِس نام سے کہلائی جائے گی، یعنی کلیسیائے یِسُوع مِسیح برائے مقُدسینِ آخری ایّام۔“
میں پہلے اِس کے مُتعلق کلام کر چُکا ہُوں کہ جس طریقے سے ہم کلیسیا کے نام کو اِستعمال کرتے ہیں اُس روِش کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔ تب سے، اِس کو درست کرنے کے لیے بہت کچھ کیا گیا ہے۔ میں صدر ایم رسَل بیلرڈ اور بارہ رُسولوں کی ساری جماعت کا شُکرگُزار ہُوں، جِنھوں نے اِن کاوِشوں کو آگے بڑھانے کے لیے بہت کچھ کیا ہے اِس کے ساتھ ساتھ دُوسرے مُتعلقہ اقدام کے لیے بھی جس کا اعلان مَیں آج شام کو کروں گا۔
کلیسیائی راہ نما اور شعبے، مُتعلقہ اِدارے، اور لاکھوں اَرکان—اور دیگر—اب کلیسیا کا دُرست نام اِستعمال کرتے ہیں۔ کلیسیا کے دفتری طرزِ اسلوب میں بھی تبدیلیاں کی گئیں ہیں۔ کلیسیا کی مرکزی ویب سائٹ اب ChurchofJesusChrist.orgہے۔ ای میل، ڈومین کے نام، اور سوشل مِیڈیا کے ایڈرس از سرِ نو تیار کیے گئے ہیں۔ ہماری ہردِل عزیز کوائر اب ”دی ٹیبرنیکل کوائر اَیٹ ٹمپل سکوائر“ ہے۔
ہم اِن غیر معمولی کوششوں میں بڑے آگے گئے ہیں کیوں کہ جب ہم خُداوند کا نام اُس کی کلیسیا سے ہٹا دیتے ہیں، تو ہم بےخبری میں اُسے اپنی عبادت اور اپنی زندگیوں میں بطور مرکزی توجہ سے پرے کر دیتے ہیں۔ جب ہم بپتسما کے وقت نجات دہندہ کا نام اپنے تئیں اپناتے ہیں، تو ہم اپنے اعمال اور خیالات کے ذریعے سے گواہ ہونے کا اِقرار کرتے ہیں، کہ یِسُوع المِسیح ہے۔
پہلے سے، مَیں نے وعدہ کیا تھا کہ اگر ہم ”خُداوند کی کلیسیا کے درست نام کو بحال کرنے کے لیے اپنی پوری کوشش کریں گے،“ تو وہ ”اپنی قدرت اور رحمتوں کو آخری ایام کے مقدسین کے سروں پر اُنڈیلے گا،ایسی جو ہم نے پہلے کبھی نہ دیکھیں ہوں گی۔“ مَیں آج اُس وعدے کی تجدیدِ نو کرتا ہُوں۔
اُس کو یاد رکھنے کے لیے اور کلیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مقدسینِ آخری ایّام کو خُداوند کی کلیسیا، کی حیثیت سے پہچان کرانے کے فروغ کے لیے، ہم بڑی خُوشی سے ایک علامت متعارف کراتے ہیں جو اُس کی کلیسیا میں یِسُوع مسِیح کے مرکزی مقام کی نشاندہی کرے گی۔
یہ علامت کونے کے پتھر کے اندر کلیسیا کے نام پر مُشتمل ہے۔ یِسُوع مسِیح کونے کے سِرے کا پتّھر ہے۔
اِس علامت کے وسط میں تھوروالڈسن کے مجسمہِ سنگِ مرمر مسِیحاکی شبیہ ہے۔ یہ جی اُٹھے، زندہ خُداوند کی عکاسی کرتا ہے جو ہر کسی کو گلے لگانے کے لیے آگے بڑھ رہا ہے جو اُس کے پاس آئے گا۔
علامتی طور پر، یِسُوع مسِیح محراب کے نیچے کھڑا ہے۔ محراب ہمیں جی اُٹھے نجات دہندہ کو اپنی مصلوبیت کے بعد تِیسرے دِن قبر سے باہر آنے کی یاد دِلاتا ہے۔
اِس عِلامت سے بہت سارے واقف ہیں، کیوں کہ ہم نے طویل عرصے سے بحال شُدہ اِنجیل کی پہچان زندہ، جی اُٹھے مسِیح کے ساتھ کرائی ہے۔
اب یہ عِلامت کلیسیا کے سرکاری ادب، خبر، اور تقریبات کے لیے بصری پہچان کے طور پر اِستعمال کیا جائے گا۔ یہ سب کو یاد دلائے گا کہ یہ نجات دہندہ کی کلیسیا ہے اور اُس کی کلیسیا کے اَرکان کی حیثیت سے ہم جو کچھ کرتے ہیں، وہ یِسُوع مسِیح اور اِس کی اِنجیل پر مرکوز ہے۔
اب، پیارے بھائیو اور بہنو، کل کھجُوروں کا اِتوار ہے، جیسا کہ بُزرگ گانگ نے اِنتہائی فصاحت سے سِکھایا ہے۔ پھر ہم پاک ہفتے میں داخل ہوتے ہیں جو اِیسٹر کے ساتھ تکمیل کو پہنچتا ہے۔ چوں کہ یِسُوع مسِیح کے پیروکار، ایسے وقت میں رہ رہے ہیں جب COVID-19 وبائی بیماری نے ساری دُنیا کو افراتفری کا شِکار بنا دیا ہے، آئیں ہم نہ صرف مسِیح کی بات کریں یا مسِیح کی منادی کریں یا مسِیح کی نمایندہ علامت کا اِطلاق کریں۔
بلکہ آئیں خُداوند یِسُوع مِسیح پر اپنے اِیمان کا عملی مُظاہرہ کریں!
جیسا کہ آپ جانتے ہیں، کلیسیا کے اَرکان ہر ماہ ایک دِن روزہ رکھنے کے قانون پر عمل کرتے ہیں۔
روزہ رکھنے کا عقیدہ بہت قدیم ہیں۔ کِتابِ مُقّدس کے بہادر لوگ اِس پر اِبتدا سے عمل پیرا ہیں۔ موسیٰ، داؤد، عزرا، نحمیاہ، آستر، یسعیاہ، دانی ایل، یُوایل، اور بہت ساروں نے روزے رکھے اور روزہ کی مُنادی کی۔ یسعیاہ کے صحائف کے وسیلے سے خُداوند نے فرمایا: ”کیا وہ روزہ جو مَیں چاہتا ہُوں یہ نہیں کہ ظُلم کی زنجِیریں توڑیں اور جُوئے کے بندھن کھولیں اور مظلُوموں کو آزاد کریں؟“
پولوس رُسول نے کُرنتھیوں کے مُقّدسین کو تنبیہ کی ”تاکہ تُمھیں روزے اور دُعا کے واسطے فُرصت مِلے۔“ نجات دہندہ نے خود اعلان کیا کہ یہ قِسم ”دُعا اور روزے کے سِوا اَور کِسی طرح نہیں نِکل سکتی۔“
مَیں نے حال ہی میں سوشل میڈیا ویڈیو میں کہا تھا کہ ”معالج اور سرجن کی حیثیت سے، مَیں طبی پیشہ ور افراد، سائنس دانوں اور سب افراد کو بڑا سراہتا ہوں جو COVID-19 کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں۔“
کلیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقّدسینِ آخِری ایّام کے صدر اور یِسُوع مسِیح کے رُسول کی حیثیت سے، مَیں جانتا ہُوں کہ خُدا کے پاس ”ساری قُدرت، ساری دانائی اور ساری حِکمت اُسی کی ہے، اُس کو سب باتوں کا اِدراک ہے، اور وہ ذاتِ رحیم ہے، حتیٰ کہ نجات کے واسطے، جو توبہ کرتے اوراُس کے نام پر اِیمان لاتے ہیں۔“
لہٰذا، شدید مُصیبت کے عالم میں، جب بیماری وبائی مرض کی حد تک پہنچ جاتی ہے، ہمارے لیے سب سے زیادہ فطری بات یہ ہے کہ ہم اپنے آسمانی باپ اور اُس کے بیٹے—آقائے شِفا—کو پُکاریں کہ وہ دُنیا کے لوگوں کو برکت دینے کے لیے اپنی ارفع قُدرت کو آشکار کریں۔
اپنے ویڈیو کے پیغام میں، ۲۹ مارچ، ۲۰۲۰، بروز اِتوار کو روزہ رکھنے کے لیے مَیں نے سب کو دعوت دی تھی۔ آپ میں سے اکثر نے وہ ویڈیو دیکھی اور روزے میں شامل ہُوئے۔ بعض کو موقع نہ مِلا ہو۔ ہمیں اب بھی آسمان سے مدد کی ضرورت ہے۔
چُناں چہ آج شام، میرے پیارے بھائیو اور بہنو، مضایاہ کے بیٹوں کی مانند، جو اپنے آپ کو دُعا اور روزے میں بڑا مشغول رکھتے تھے، اور ہماری اپریل ۲۰۲۰ کی مجلسِ عامہ کے جُز کے طور پر، مَیں عالمی سطح پر ایک اور روزہ رکھنے کا تقاضا کر رہا ہُوں۔ لہٰذا جن کی صحت اِجازت دیتی ہے، آئیں روزہ رکھیں، دُعا کریں، اور اپنے اِیمان کو ایک بار پھر یکجا کریں۔ آئیں سنجیدگی سے اِس عالمی وبائی مرض سے نجات کی اِلتجا کریں۔
۱۰ اپریل پاک جمعہ کے روز مَیں سب کو، بشمول اُنھیں جو ہمارے دین کے نہیں، روزہ رکھنے اور دُعا کرنے کی دعوت دیتا ہُوں، کہ موجودہ عالمی وبا پر قابو پایا جائے، نگہداشت کرنے والے محفوظ رہیں، معیشت مُستحکم ہو، اور زندگی معمول پر آجائے۔
ہم روزہ کیسے رکھتے ہیں؟ دو وقت کا کھانا یا ۲۴ گھنٹوں کی مُدت کا رواج ہے۔ لیکن آپ کو فیصلہ کرنا ہے کہ آپ کے نزدیک قُربانی سے کیا مُراد ہوگی، جیسا کہ آپ اُس اعلیٰ و ارفع قربانی کو یاد کرتے ہیں جو نجات دہندہ نے آپ کے لیے دی تھی۔ آئیں ہم پُوری دُنیا میں شِفا کے لیے فریاد کرنے کے واسطے اِکٹھے ہوں۔
پاک جمعہ نہایت بہترین دِن ہوگا کہ ہمارا آسمانی باپ اور اُس کا پیارا بیٹا ہماری سُنیں!
پیارے بھائیو اور بہنو، آپ کے لیے مَیں اپنی گہری محبت کا اِظہار کرتا ہُوں، اِس کے ساتھ ساتھ اِس کام کی اَلوہیت کی گواہی دیتا ہُوں جس میں ہم مشغول ہیں۔ یہ ہے کلیسیائے یسوع مسیح برائے مقدسین آخِری ایّام۔ وہ اِس کا سردار ہے اور سب کاموں میں ہماری راہ نمائی کرتا ہے۔ مَیں جانتا ہُوں کہ وہ اپنی اُمت کی اِلتجاؤں کا جواب دے گا۔ میں یِسُوع مِسیح کے نام پر گواہی دیتا ہوں، آمین۔